Friday, 24 October 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 24 اکتوبر 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 24 October-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۴۲/اکتوبر ۵۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ وزیرِ اعظم آج 17 ویں روزگار میلے میں تقرری خطوط تقسیم کریں گے۔
٭ ریلوے وزیر اشونی ویشنو نے دیوالی اور چھٹ پوجا کے دوران چلائی جانے والی خصوصی ٹرینوں کا لیا جائزہ۔
٭ دفاعی حصول کونسل نے تینوں خدمات کیلئے 79 ہزار کروڑ روپئے کی مختلف خریداری تجاویز کو دی منظوری۔
٭ معروف وکیل برجس دیسائی کی کتاب ”مودیز مشن“ کی آج گورنر کے ہاتھوں ممبئی میں نقاب کشائی۔
اور۔۔۔٭ خواتین کرکٹ عالمی کپ میں بھارت نے نیوزی لینڈکو 53 رنز سے شکست دیکر بنائی سیمی فائنل میں جگہ۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
ملک بھر میں آج 17 واں روزگار میلہ منعقد کیا جارہا ہے۔ اس میں وزیرِ اعظم نریندر مودی کی جانب سے 51 ہزار سے زائد نوجوانوں کو ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے تقرری خطوط تقسیم کیے جائیں گے۔
ممبئی میں مرکزی وزیرِ تجارت پیوش گوئل کی موجودگی میں امیدواروں کو تقرری خطوط تقسیم کیے جائیں گے‘ جبکہ پونے میں مرکزی وزیرِ مملکت مرلی دھر موہوڑ کی موجودگی میں تقرری خطوط تقسیم کیے جائیں گے۔
***** ***** *****
دفاعی حصول کونسل نے تینوں خدمات کیلئے 79 ہزار کروڑ روپئے کی مختلف خریداری تجاویز کو منظوری دی ہے۔ یہ منظوری کل نئی دہلی میں مرکزی وزیرِ دفاع راجناتھ سنگھ کی زیرِ صدارت کونسل کی میٹنگ میں دی گئی۔ اس میں بھارتی فوج کیلئے ناگ میزائل سسٹم مارک دو بھی شامل ہے۔ بحریہ کیلئے بحری جہاز اور جنگی جہاز، بندوقیں‘ فضائیہ کیلئے طویل فاصلے تک کے ہدف کے حصول کا نظام اور دیگر تجاویز شامل ہیں۔
***** ***** *****
مرکزی وزیرِ ریلوے اشونی ویشنو نے کل نئی دہلی کے ایک خصوصی وار روم سے دیوالی اور آنے والی چھٹ پوجا کے دوران چلائی جانے والی خصوصی ٹرینوں کا جائزہ لیا۔ ویشنو نے بتایا کہ یہ خصوصی روم ان خصوصی ٹرینوں کی نگرانی اور کنٹرول کرنے اور تہوار کے دوران ریلوے اسٹیشنوں پر بھیڑ کو کنٹرول کرنے کی خصوصی منصوبہ بندی کیلئے قائم کیا گیا ہے۔ اس موقع پر انھوں نے کہا:
Byte: Railway Minister Ashwini Vaishnav
ویشنو نے کہا کہ عام ٹرینوں کے ساتھ ساتھ ملک میں دیوالی کے دوران ڈیڑھ ہزار خصوصی ٹرینیں چلائی جارہی ہیں اور ہر روز 300 خصوصی ٹرینیں چلائی جارہی ہیں۔ انھوں نے یہ بھی بتایا کہ اس مہینے کی پہلی تاریخ سے اگلے مہینے کی 30 تاریخ تک بارہ ہزار سے زائد خصوصی ٹرینوں کا منصوبہ ہے۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا ہے کہ ناگپور دفاع اور ایرو اسپیس مینوفیکچرنگ کے ایک بڑے مرکز کے طور پر اُبھر رہا ہے۔ سولر ڈیفنس اینڈ ایرو اسپیس بھارت کی مینوفیکچرنگ کمپنی ناگپور کے میہان اقتصادی زون میں جدید ترین دفاعی اور ایرو اسپیس مینوفیکچرنگ میں ایک پروجیکٹ قائم کرے گی۔ وزیرِ اعلیٰ کل اس منصوبے کیلئے میہان کی جانب سے 233 ایکڑ کے پلاٹ کی تقسیم کے موقعے پر مخاطب تھے۔ یہ کمپنی بھارت میں تقریباً بارہ ہزار 80 کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری کررہی ہے، جس میں سے 680 کروڑ روپئے ناگپور کے میہان میں لگائے جائیں گے۔ اس منصوبے سے 400 براہِ راست اور ایک ہزار بالواسطہ ملازمتیں پیدا ہونے کی اُمید ہے۔ خبر رساں ایجنسی نے کہا ہے کہ یہ منصوبہ میک ان انڈیا اور خود انحصار بھارت کے اقدامات کو مضبوط کرے گا اور مہاراشٹر کے صنعتی نقشے پر ناگپور کی جگہ کو مزید مضبوط بنائے گا۔
***** ***** *****
اپوزیشن جماعتوں کے عظیم اتحاد نے بہار اسمبلی انتخابات کیلئے راشٹریہ جنتا دَل کے رہنماء تیجسوی پرساد یادو کو وزیرِ اعلیٰ کے عہدے کا امیدوار بنانے کا اعلان کیا ہے۔ کل پٹنہ میں عظیم اتحاد کی ساتوں اتحادی جماعتوں کی مشترکہ پریس کانفرنس ہوئی۔ اس وقت کانگریس رہنماء اور انتخابی مبصر اشوک گہلوت نے یہ اعلان کیا۔ انھوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ اگر عظیم اتحاد اقتدار میں آتا ہے تو وکاس شیل انسان پارٹی کے سربراہ مکیش ساہنی نائب وزیرِ اعلیٰ ہوں گے۔
***** ***** *****
بہن بھائیوں کے رشتے کو مضبوط کرنے والا بھاؤ بیج تہوار کل ملک بھر میں جوش و خروش سے منایا گیا۔ روایت کے مطابق اُتراکھنڈ یمنوتری اور کیدار ناتھ دھام کے دروازے باضابطہ طور پر بند کردئیے گئے۔ اس سیزن میں تقریباً 17 لاکھ 68ہزار 795 عقیدت مندوں نے کیدار ناتھ کی زیارت کی۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
مرکزی وزارتِ خزانہ نے کہا ہے کہ یکم نومبر سے بینک کھاتوں کیلئے ورثاء کے اندراج کا عمل آسان ہوجائے گا اور چار افراد وارث کے طور پر درج ہوسکتے ہیں۔ اس سے ڈیپازیٹرز اور ان کے ورثاء کے دعوؤں کو حل کرنا آسان ہوجائے گا۔ بینکنگ ایکٹ میں اس سلسلے میں ترامیم کا نفاذ اگلے مہینے سے شروع ہوگا۔
***** ***** *****
بھارتی خلائی تنظیم اِسرو کے چیئرمین ڈاکٹر وی نارائن نے کل بینگلورو میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ بھارت کے غیر انسانی خلائی جہاز کا کام نوے فیصد مکمل ہوچکا ہے اور دسمبر کے پہلے ہفتے میں اس کو مشقی پرواز سے گزرنا ہوگا۔ خلائی جہاز اس پرواز میں ویومتر روبوٹ کو لیکر جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ گگن یان 2027 میں مکمل طور پر کام کرے گا۔ اس دوران تین بھارتی خلاء باز اس کے ذریعے سفر کریں گے اور زمین پر واپس آئیں گے۔
***** ***** *****
معروف وکیل برجس دیسائی کی تحریر کردہ کتاب ”مودیز مشن“ کی آج ممبئی کے راج بھون میں گورنر آچاریہ دیو وَرت اور وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کے ہاتھوں نقاب کشائی کی جائے گی۔ اس کتاب میں وزیرِ اعظم نریندر مودی کے ترغیبی سفر کی تفصیل ہے کہ کس طرح وہ وڈنگر کے ایک عام خاندان سے ملک کے اعلیٰ رہنماء تک پہنچے۔ مصنف دیسائی نے کہا کہ یہ صرف ایک سوانح عمری نہیں بلکہ ایسی کہانی ہے جو قومی احیاء اور خود انحصاری کا تصور پیش کرتی ہے۔
***** ***** *****
بھارت خواتین کرکٹ عالمی کپ کے سیمی فائنل میں داخل ہو گیا ہے۔ کل‘ نئی ممبئی میں کھیلے گئے لیگ میچ میں بھارت نے نیوزی لینڈ کو 53 رنز سے شکست دی۔ بھارتی ٹیم نے پہلے بلّے بازی کرتے ہوئے پرتیکا راول اور اسمرتی مندھانا کی سنچریوں کی مدد سے 49 اوور میں تین وکٹوں پر 340 رنز بنائے۔ پرتیکا نے 122 اور اسمرتی نے 109 رنز بنائے۔ ان دونوں نے خواتین کے عالمی کپ میں بھارت کی جانب سے پہلی وکٹ کیلئے 122 رنز کی ریکارڈ ساز شراکت کی۔ میچ کے دوران بارش کی وجہ سے بھارت صرف 49 اوورز تک ہی بلّے بازی کر سکا۔ اس کے بعد، نیوزی لینڈ کی ٹیم کو ڈک ورتھ لوئس ضابطے کے تحت 44 اوورز میں 325 رنز کا ہدف دیا گیا، تاہم‘ نیوزی لینڈ کی ٹیم 271 رنز ہی بنا سکی۔ سیمی فائنل میں بھارت سمیت آسٹریلیا، انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کی ٹیموں نے رسائی حاصل کی ہے۔
***** ***** *****
ایڈیلیڈ میں بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کا دوسرا میچ آسٹریلیا نے دو وکٹوں سے جیت کر سیریز میں دو صفر کی ناقابلِ شکست برتری حاصل کر لی ہے۔ بھارت نے پہلے بلّے بازی کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 264 رنز بنائے۔جبکہ آسٹریلیا نے یہ ہدف 47ویں اوور میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
***** ***** *****
پربھنی ضلعے کے پالم تعلقے کے چٹوری میں ملک کی فوج میں خدمات انجام دینے والے فوجیوں کے خاندانوں کے ساتھ دیوالی کا تہوار منایا گیا۔ فوجیوں سے اظہارِ تشکر کے طور پر گزشتہ پانچ سالوں سے مختلف دیہاتوں میں فوجیوں کے اہلِ خانہ کے ساتھ دیوالی منائی جا رہی ہے۔ اس موقع پر معززین کی جانب سے فوجیوں اور ان کے اہل خانہ کو توصیف نامے، شال، ہار اور گلدستے پیش کرکے اعزاز سے نوازا گیا۔
***** ***** *****
راجستھان کے گورنر ہری بھاؤ باگڑے نے کل چھترپتی سمبھاجی نگر ضلعے کے لاڑگاؤں کا دورہ کرکے بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنماؤں، کارکنوں اور شہریوں سے بات چیت کی۔ لاڑگاؤں کے سرپنچ گجانن باگل اور وجے باگل کی جانب سے منعقدہ دیوالی ملن پروگرام میں باگڑے موجود تھے۔
***** ***** *****
بیڑ ضلعے کے کیج اسمبلی حلقے کی رکنِ اسمبلی نمیتا مندڑا کے ہاتھوں تیرتھ شیتر وکاس یوجنا کے تحت نیکنور کے شری گرو بنکٹ سوامی دیوستھان علاقے میں تین کروڑ روپے کے مختلف ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیاد رکھا گیا۔ اس پہل کے تحت پرساد تقسیم کرنے کی جگہ کی تعمیر، عقیدت مندوں کیلئے رہائش، حفاظتی دیوار اور بیت الخلاء جیسی اہم سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
***** ***** *****
ملک کے پہلے وزیر داخلہ سردار ولبھ بھائی پٹیل کی 150ویں یوم پیدائش کے موقعے پر سردار سمان یاترا کل نندوربار ضلعے کے شہادہ قصبے سے شروع ہوئی۔ سردار سمان یاترا کا آغاز کُکڑیل میں واقع سردار پٹیل کے مجسّمے پر گلہائے عقیدت نچھاور کرکے ہوا۔ 28 اکتوبر تک نندوربار ضلعے کے 120 سے زیادہ دیہاتوں میں گشت کرکے یہ یاترا اتحاد، عزت نفس اور قومی خدمت کا پیغام دے گی۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ وزیرِ اعظم آج 17 ویں روزگار میلے میں تقرری خطوط تقسیم کریں گے۔
٭ ریلوے وزیر اشونی ویشنو نے دیوالی اور چھٹ پوجا کے دوران چلائی جانے والی خصوصی ٹرینوں کا لیا جائزہ۔
٭ دفاعی حصول کونسل نے تینوں خدمات کیلئے 79 ہزار کروڑ روپئے کی مختلف خریداری تجاویز کو دی منظوری۔
٭ معروف وکیل برجس دیسائی کی کتاب ”مودیز مشن“ کی آج گورنر کے ہاتھوں ممبئی میں نقاب کشائی۔
اور۔۔۔٭ خواتین کرکٹ عالمی کپ میں بھارت نے نیوزی لینڈکو 53 رنز سے شکست دیکر بنائی سیمی فائنل میں جگہ۔
***** ***** *****

No comments: