Friday, 21 March 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 21 مارچ 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chatrapati Sambhajinagar

Date: 21 March-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۲۱؍ مارچ ۲۰۲۵ء؁
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ ریاستی حکومت کی ڈیجیٹل گورننس کیلئے مائیکروسافٹ اور گیٹس فاؤنڈیشن کریں گے تعاون۔
٭ چاول کی کاشت کرنے والے کسا نوں کو دو ہیکٹر کی حد تک20 ہزار روپے فی ہیکٹر امداد دینے کا نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کا اعلان۔
٭ 2024 کے مہاراشٹر بھوشن ایوارڈکیلئے بزرگ مجسمہ ساز پدم بھوشن رام سُتار کا انتخاب۔
٭ مہاڑ علاقے میں بھیم سُرشٹی قائم کرنے کا سماجی انصاف کے وزیر سنجے شرساٹ کااعلان۔
٭ پیٹھن میںبھانوداس ایکناتھ کے نعروں کے درمیان ناتھ ششٹھی منا ئی گئی۔
اور۔۔۔٭ دہلی میں کھیلو انڈیا پیراکھیل مقابلوں کا آغاز‘ بارہ سو سے زیادہ کھلاڑیوں کی شرکت۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
ریاست میں سرکاری کاموں میں مصنوعی ذہانت کا استعمال شروع کردیا گیا ہے۔ مہاراشٹر کو ڈیجیٹل گورننس اور رائٹ ٹو سروس میں ملک میں ایک مثالی ریاست بنا نے میں مائیکروسافٹ اور گیٹس فاؤنڈیشن تعاون کریں گے۔ وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس اور مائیکروسافٹ کے شریک بانی اور گیٹس فاؤنڈیشن کے بل گیٹس کے درمیان کل ہوئی بات چیت کے بعد یہ معلومات دی گئی۔ اس ملاقات کے دو ران صحت، زراعت اور بنیادی سہولیات میں مصنوعی ذہانت کے استعمال پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ گیٹس فاؤنڈیشن نے بھی25لا کھ لکھ پتی دیدی کے ہدف کو حاصل کرنے کیلئے اس اقدام میں شراکت کیلئے آمادگی ظاہر کی ہے۔
***** ***** *****
حکومت نے ریاست میں چاول کے کاشتکاروں کو 20 ہزار روپئے فی ہیکٹرامداد دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ زیادہ سے زیادہ دو ہیکٹر کیلئے یہ امداد فراہم کی جائے گی۔ کل اسمبلی میں بجٹ میں امداد کے مطالبات کا جواب دیتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے یہ بات کہی۔ بجٹ پر بحث کے دوران بعض ارکان نے گنجائش کے مقابلے بہت کم اخراجات ہونے کا الزام عائد کیا‘ جسے پوار نے مسترد کر دیا۔
***** ***** *****
قانون ساز کونسل میں قائد ِ حزبِ اختلاف امباداس دانوے نے الزام لگایا ہے کہ اسمبلی اسپیکر اور قانون ساز کونسل کے چیئرمین کے کام کرنے کا طریقہ جانبدارانہ ہے۔ حزبِ اختلاف کے قائدین نے کل وِدھان بھون میں گورنر سی۔ پی۔ رادھا کرشنن سے ملاقات کی اور انھیں اس معاملے میں ایک محضر پیش کیا۔ دانوے نے گورنر سے مطالبہ کیا کہ وہ اس معاملے پر خصوصی توجہ دیکر حزبِ مخالف جماعتوں کو انصاف دلانے کیلئے مناسب فیصلہ لیں۔
***** ***** *****
آنجہانی اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی مینیجر دِشا سالیان کی موت کے معاملے میں عدالت کے حکم کے مطابق کارروائی کرنے کا تیقن مملکتی وزیرِ داخلہ یوگیش کدم نے کل اسمبلی کو دیا۔ قانون ساز کونسل میں بی جے پی گروپ رہنما پروین دریکر نے یہ معاملہ اٹھاتے ہوئے اس معاملے کی ازسرِ نو تحقیقات کا مطالبہ کیا۔
دریں اثنا، حزبِ اختلاف کے قائد امباداس دانوے نے حکمراں پارٹی پر اس معاملے میں ایوان کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کرنے کا الزام لگایا‘ جبکہ شیوسینا اُدّھو باڑا صاحب ٹھاکرے پارٹی کے سربراہ ادھو ٹھاکرے نے دِشا سالیان معاملے میں لگائے جا رہے الزامات میں کوئی سچائی نہ ہونے کی بات کہی۔
***** ***** *****
سال 2024 کے مہاراشٹر بھوشن ایوارڈ کیلئے بزرگ مجسمہ ساز پدم بھوشن رام سُتار کا انتخاب کیا گیا ہے۔ یہ ایوارڈ 25 لاکھ روپے نقد، سپا سنا مہ اور ایک یادگاری مومنٹو پر مشتمل ہے۔ وزیر اعلی دیویندر پھڑنویس نے کل اسمبلی میں یہ اعلان کیا۔وزیرِ اعلیٰ نے ایوان کو بتایا کہ چیتیہ بھومی پر زیرِ تعمیر ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کی یادگار میں رکھی جانے والی مورتی بھی رام سُتار ہی تیار کررہے ہیں۔
***** ***** *****
وزیرِ محصول چندر شیکھر باونکولے نے کل اسمبلی کو بتایا کہ ریاست میں نئی ریت پالیسی کے جلد نفاذ کیلئے سفارشات طلب کی گئی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریت کی غیر قانونی نکاسی پر جرمانہ وصولی کی جائے گی اور ریت کریشرز کیلئے ایک کھڑکی اسکیم شروع کی جائے گی اور تین دن کے اندر اجازت دی جائے گی۔ باونکولے نے ریاست کے کئی اضلاع میں غیر قانونی ریت نکاسی کی رو ک تھام کیلئے ڈرون کے ذریعے سروے کرنے کا اعلان بھی کیا۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
قومی تعلیمی پالیسی کے مطابق ریاست میں جماعت ِ سوم سے بارہو یں جماعت تک کے اسکولوں کیلئے سنٹرل بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن - سی بی ایس ای کے نصاب کے خاکے کو متعلقہ کمیٹی نےمنظوری دے دی ہے۔ اسکولی تعلیم کے وزیر دادا بھوسے نے کل قانون ساز کونسل میں ایک تحریری جواب میں یہ جانکاری دی۔ بھوسے نے بتایا کہ اس منصوبے پر عمل درآمد کے حوالے سے غور و خوض جاری ہے۔
***** ***** *****
دھاراشیو میں خانگی ڈویلپرز کی معرفت’’تعمیر‘ استعمال اور منتقل کرو‘‘ کے اصول پر ایک بس پورٹ بنایا جائے گا۔ وزیر حمل و نقل اور دھاراشیو کے رابطہ وزیر پرتاپ سرنائیک نے اس سلسلے میں ودھان بھون میں منعقدہ اجلاس میں یہ جانکاری دی۔ سرنائیک نے ییرماڑا اور عمرگہ کے بس اسٹینڈز کی تجدید کاری کرنے کا اعلان بھی کیا۔
***** ***** *****
سماجی انصاف محکمے کے وزیر سنجے شرساٹ نے مہاڑ علاقے میں بھیم سُرشٹی قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ وہ کل مہاڑ میں چودار ستیہ گرہ کی 98ویں سالگرہ کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔
دریں اثنا، کل صبح ہزاروں بھیم عقیدت مندوں کی موجودگی میں اس پر وگرام کا آغازہوا۔ رائے گڑھ پولس انتظامیہ نےڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کی یادگارکو خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقعے پر ڈاکٹر امبیڈکر کی یادگار پر ہیلی کاپٹر سے پھولوں کی پتیاں برسائی گئیں۔
***** ***** *****
چھتیس گڑھ میں کل حفاظتی دستوں اور نکسلیوں کے درمیان تصادم میں 30 نکسلی مارے گئے اور ایک فوجی جوان کی موت ہوگئی۔ دنتے واڑہ-بیجاپور سرحد اور کانکیر ضلعے میں ہونے والی اس کارروائی میں بڑی تعداد میں جدید اسلحہ جات اور دھماکہ خیز مواد بھی ضبط کیا گیا۔
***** ***** *****
پیٹھن میںسنت ایکناتھ مہاراج کی ناتھ ششٹھی کی تقریبات کل سے شروع ہوگئیں۔ ضلع کلکٹر دلیپ سوامی نے اپنی اہلیہ کے ساتھ ناتھ سمادھی کی رسمی پوجاکی۔ اس موقع پر رکن اسمبلی ولاس بھومرے، ضلع پریشد کے سی ای او انکت اور کئی دیگر معززین موجود تھے۔ اس سال 627 پیدل دِنڈیاں اس یاترا کے لیے پیٹھن پہنچی ہیں اور ہزاروں کی تعداد میں وارکری یہاں مقام کیے ہوئے ہیں۔ پیٹھن نگر پریشد کی جانب سے یاتریوں کیلئے تمام سہولیات فراہم کی گئی ہیں‘ ساتھ ہی پولس کا حفاظتی بندوبست بھی تعینات کیا گیا ہے۔ اس مناسبت سے کل صبح پیٹھن شہر میں ایک صفائی ریلی نکالی گئی۔ وارکریوں نے گوداوری ندی میں غسل کے بعد بھانوداس ایکناتھ کے نعروں کے ساتھ سمادھی کے درشن کیے۔ اس موقع پر ناتھ سمادھی مندر میں عالمی امن دعائیہ کمیٹی کے کنوینر پروفیسر چندرکانت بھراٹ کی سرپرستی میں عالمی امن دعائیہ تقریب میں ہزاروں عقیدت مندوں نے شرکت کی۔
دریں اثنا، چھترپتی سمبھاجی نگر شہر کے اورنگ پورہ میں واقع ناتھ مندر میں بھی ناتھ ششٹھی تہوار منایا جا رہا ہے۔ گزشتہ روز صبح ناتھ کی پالکی مندر علاقے سے نکالی گئی ‘ اس دو ر ان سینکڑوں عقیدت مندوں نے پھول نچھاور کرتے ہوئے پالکی کا دیدار کیا۔
***** ***** *****
جالنہ میں جین برادری کے پانچ روزہ پنچ کلیان تہوار کا کل ایک جلوس کے ساتھ آغاز ہوا۔ اس تہوار کے تحت دیو مورتی گرو مندر میں بھگوان وِمل ناتھ، بھگوان دھرم ناتھ اور بھگوان اننت ناتھ کی مورتیوں کی تنصیب کیلئے مختلف مذہبی اجتماعات منعقد کیے گئے ہیں۔
***** ***** ****
کھیلو انڈیا پیرا کھیل مقابلوں کے دوسرے مرحلے کا کل دہلی میں مرکزی وزیرِ کھیل من سکھ مانڈویہ کےہاتھوں افتتاح عمل میں آیا۔ ان مقابلوں میں تیر اندازی، ایتھلیٹکس‘ بیڈمنٹن، پاور لفٹنگ، نشانہ بازی اور ٹیبل ٹینس جیسے کھیلوں میں بارہ سو سے زائد کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔ یہ مقابلے آئندہ 27 تاریخ تک جاری رہیں گے۔
***** ***** *****
چڑیوں کا عالمی دن کل منایا گیا۔ سانگلی ضلعے کے اسلام پور میں واقع سدگرو آشرم اسکول میں اشفاق عطار نے اسکولی طلباء کے ساتھ مل کرچڑیوں کے گھونسلے بنانے کی پہل کا آغاز کیا۔ اس دو ران اسکولی طلبہ نے مختلف اشیا سے پرندوں کے گھونسلے بناکر پرندوں کی حفاظت کا پیغام دیا۔
***** ***** *****
دو روزہ لاتور کتاب میلے کا کل سے آغاز ہوا۔ بزرگ مفکر اور سابق وائس چانسلر ڈاکٹرجناردھن واگھمارے کی موجودگی میں کتاب میلے کا افتتاح ضلع کلکٹر ورشا ٹھاکرکے ہاتھوں عمل میں آیا۔ قبل ازیں ضلع اسپورٹس کمپلیکس کے احاطے سے کتاب ریلی نکالی گئی۔ اس ریلی میں روایتی ملبوسات میں ملبوس طلباء، اور لیجھم دستوں نے شہریوں کی توجہ حاصل کی۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ کے چند علاقوں میں کل غیر موسمی بارش ہوئی۔ امباجوگائی شہر علاقے میں کل شام بجلی کی گرج اور چمک کے ساتھ بارش ہوئی‘ جس سے ماحول میں ٹھنڈک آنے سے شہریوں کو گرمی سے راحت ملی۔ کل لاتور کے اوسا، چاکور اور جل کوٹ شہروں کے ساتھ ساتھ دھاراشیو ضلعے کے کلمب تعلقے میں بھی بارش ہوئی۔
ؕ***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ ریاستی حکومت کی ڈیجیٹل گورننس کیلئے مائیکروسافٹ اور گیٹس فاؤنڈیشن کریں گے تعاون۔
٭ چاول کی کاشت کرنے والے کسا نوں کو دو ہیکٹر کی حد تک20 ہزار روپے فی ہیکٹر امداد دینے کا نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کا اعلان۔
٭ 2024 کے مہاراشٹر بھوشن ایوارڈکیلئے بزرگ مجسمہ ساز پدم بھوشن رام سُتار کا انتخاب۔
٭ مہاڑ علاقے میں بھیم سُرشٹی قائم کرنے کا سماجی انصاف کے وزیر سنجے شرساٹ کااعلان۔
٭ پیٹھن میںبھانوداس ایکناتھ کے نعروں کے درمیان ناتھ ششٹھی منا ئی گئی۔
اور۔۔۔٭ دہلی میں کھیلو انڈیا پیراکھیل مقابلوں کا آغاز‘ بارہ سو سے زیادہ کھلاڑیوں کی شرکت۔
***** ***** *****

No comments:

Text - आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर – दिनांक 12.04.2026 रोजीचे सकाळी 07.10 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date – 12 April 2026 Time 7.10 AM to 7.20 AM Language Marathi आकाशवाणी छ...