Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 16 August-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۶۱/ اگست ۵۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ پردھان منتری وِکسِت بھارت روزگار اسکیم کا وزیرِ اعظم کی جانب سے اعلان؛ملک بھر میں 79ویں یوم آزادی کی تقاریب کا انعقاد۔
٭ جی ایس ٹی میں 12اور 28فی صد کا درجہ ختم کرنے کی وزارتِ خزانہ کی تجویز۔
٭ طلباء کی تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ دینے کیلئے مختلف اقدامات نصاب میں شامل کیے جائیں گے: اسکولی تعلیم کے وزیر دادا بھوسے کا اعلان۔
اور۔۔۔٭ مراٹھواڑہ بھر میں بارشوں کا سلسلہ جاری؛ لاتور ضلع میں مانجرا۔نِمن تیرنااور تاوَرجا۔ منصوبوں کے ذخیرہئ آب میں اضافہ۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
وزیر اعظم نریندر مودی نے ملک کی 79ویں یوم آزادی کے موقع پر ”پردھان منتری وِکست بھارت روزگار یوجنا“شروع کرنے کا اہم اعلان کیا ہے۔کل نئی دہلی میں لال قلعے کی فصیل پر ان کے ہاتھوں پرچم کشائی کی تقریب عمل میں آئی۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں نریندر مودی نے کہا کہ تقریباً ایک لاکھ کروڑ روپئے پر مشتمل یہ اسکیم ملک بھر میں آج سے لاگو ہوگی۔ اس اسکیم کے تحت خانگی شعبے میں پہلی بار ملازمت حاصل کرنے والوں کو حکومت کی جانب سے 15ہزار روپئے دیئے جائیں گے۔انہوں نے کہا
Byte: Prime Minister Narendra Modi
اپنے خطاب میں وزیر اعظم نے کہاکہ اشیاء و خدمات ٹیکس جی ایس ٹی نظام میں آئندہ دیوالی پر اصلاحات کی جائیں گی۔اس کے علاوہ انہوں نے آپریشن سندور سمیت مختلف موضوعات کا بھی ذکر کیا۔ملک کی حفاظت کو مزید مستحکم بنانے کیلئے ”سدرشن چکر“ نظام متعارف کرنے کا بھی انہوں نے اعلان کیا۔
***** ***** *****
ممبئی میں یوم آزادی کی تقریب میں وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے قومی پرچم لہرایا۔ اس موقع پر انہوں نے وزیر اعظم کی جانب سے دیسی مصنوعات کو ترجیح دینے کی تلقین کی سمت توجہ مبذول کروائی۔ انھوں نے کہا کہ وِکست بھارت کے عزم میں ترقی یافتہ مہاراشٹر کی حیثیت سے ریاست اپنا بھرپور حصہ ادا کررہی ہے۔پھڑنویس نے کہا کہ ملک میں جو راست غیرملکی سرمایہ کاری آرہی ہے اس میں سے تقریباً 40فی صد سرمایہ کاری تنہا مہا راشٹر میں ہو رہی ہے۔جس کے باعث بڑے پیمانے پر روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔مصنوعات کی پیداوار،اشیاء کی برآمدات اور اسٹارٹ اپ کے معاملے میں مہاراشٹرملک میں سر فہرست ہے۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ کے تمام اضلاع میں متعلقہ رابطہ وزراء کے ہاتھوں مرکزی تقاریب میں پرچم کشائی عمل میں آئی۔بیڑ میں رابطہ وزیر اور نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے ترنگا لہرایا۔اس موقع پر اپنے خطاب میں انہوں نے بیڑ کو ترقی یا فتہ بنانے کے عزم کرنے کی ترغیب دی۔انہوں نے کہا کہ عوام کے تعاون سے وہ بیڑ ضلع کا چہرہ تبدیل کرنے جارہے ہیں۔بیڑ میں مختلف ترقیاتی کاموں کا آغاز کیا گیا ہے۔ ضلع کے نوجوانوں کیلئے فنی صلاحیتوں میں فروغ کی غرض سے بھی پروجیکٹ شروع کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ بیڑ۔پرلی ریلوے کی راہ میں موجود روکاوٹیں دو ماہ میں دور کرلی جائیں گی اور عنقریب اس راستے پر ریل گاڑیاں چلیں گی۔
***** ***** *****
جالنہ میں رابطہ وزیر پنکجہ منڈے کے ہاتھوں، پربھنی میں رابطہ وزیر ساکورے بورڈیکر کے ہاتھوں اور ہنگولی میں رابطہ وزیر نرہری جھرواڑ کے ہاتھوں پرچم کشائی عمل میں آئی۔ناندیڑ میں رابطہ وزیر اتول ساوے،دھاراشیو میں رابطہ وزیر پر تا پ سر نائیک اور لاتور میں رابطہ وزیر شیوندر راجے بھوسلے نے یوم آزادی کی مرکزی تقریب میں قومی پر چم لہرایا۔
چھتر پتی سمبھاجی نگر میں رابطہ وزیر اور سماجی انصاف کے وزیر سنجے شرساٹھ کے ہاتھوں پرچم کشائی کی گئی۔ اس موقع پر وزیر موصوف نے کہا کہ ضلع میں مختلف بڑی کمپنیوں کے پروجیکٹ لگائے جا رہے ہیں۔جس میں جے ایس ڈبلیو،ٹویو ٹا۔ کرلوسکراور دیگر کمپنیاں دو ہزار 25ہیکٹر رقبے پر اپنی کمپنیاں بنارہی ہیں۔ ضلع کا دیرینہ پانی کامسئلہ حل کرنے کیلئے میونسپل کارپوریشن اور ایم جے پی کے ذریعے مشترکہ طور پر ایک پروجیکٹ شروع کیا جارہا ہے اور اسی ماہ کی 19 تاریخ کو وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کے ہاتھوں تقریباً 26 ایم ایل ڈی پانی کا منصوبہ فعال ہوجائے گا‘ جس سے ضلع میں پانی کی جو قلّت تھی وہ یقینا دور ہوجائے گی۔
تمام ضلعی ہیڈکوارٹرس پر منعقدہ تقاریب ِ پرچم کشائی کے بعد سروسیز میڈلز اور تمغہئ صدارت تقسیم کیے گئے اور باصلاحیت طلبہ کا استقبال کیا گیا۔
***** ***** *****
ممبئی عدالت ِ عالیہ کی اورنگ آباد بینچ میں انتظامی جج منیش پتڑے کے ہاتھوں پرچم کشائی عمل میں آئی۔ ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی میں وائس چانسلر ڈاکٹر وجئے پھلاری کے ہاتھوں‘ سوامی رامانند تیرتھ مراٹھواڑہ یونیورسٹی میں وائس چانسلر ڈاکٹر منوہر چاسکر اور پربھنی کی وسنت راؤ نائیک مراٹھواڑہ زرعی یونیورسٹی میں وائس چانسلر ڈاکٹر اِندر منی مشرا کے ہاتھوں پرچم کشائی کی گئی۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
اشیاء و خدمات ٹیکس (جی ایس ٹی) کے دائرے میں آنے والی تمام اشیاء پر صرف پانچ فیصد اور 18 فیصد کی دو شرحیں مقرر کرنے کی تجویز وزارتِ خزانہ نے جی ایس ٹی کونسل کو ارسال کی ہے۔ نئی تجویز کے مطابق زرعی اشیاء‘ صحت سے متعلق اشیاء‘دستکاری مصنوعات اور انشورنس پر پانچ فیصد جی ایس ٹی عائدہوگا‘ جبکہ دیگر اشیاء 18 فیصدکے زمرے میں آئیں گی۔ تاہم سگریٹ و تمباکو، میٹھے مشروبات اور پان مصالحہ جیسی مضرِ صحت اشیاء پر پہلے کی طرح زیادہ جی ایس ٹی ہی لاگورہے گا۔
***** ***** *****
شری کرشن نجم آشٹمی کل مذہبی عقیدت کے ساتھ منائی گئی۔ مختلف مقامات پر واقع کرشن مندروں اور گھروں میں شب بارہ بجے کرشن جنم اُتسو منایا گیا۔ آج دہی ہنڈی کا تہوار منایا جائے گا۔
چھترپتی سمبھاجی نگر شہر میں اس سلسلے میں ٹریفک نظام میں ردّ و بدل کیا گیا ہے۔ شہر میں گلمنڈی کرانتی چوک‘ کیناٹ پیلس‘ کوکن واڑی اور گجانن مندر کے راستوں پر دوپہر کے بعد ٹریفک بند رکھا جائے گا۔
***** ***** *****
تلجابھوانی مندر کے ترقیاتی منصوبے کے دوران بے گھر ہونے والے پجاریوں کیلئے جگہ مختص کرنے کے سلسلے میں دھاراشیو ضلع کے رابطہ وزیر پرتاپ سرنائیک نے کل ایک جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ انھوں نے یقین دہانی کروائی کہ اس منصوبے سے کسی کے ساتھ بھی ناانصافی نہیں کی جائیگی بلکہ اس سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور سیاحت و تجارت میں اضافہ ہوگا‘ نیز سہولیات کا معیار بلند ہوگا۔
***** ***** *****
اسکولی تعلیم کے ریاستی وزیر دادا بھوسے نے کہا ہے کہ اسکولی تعلیم میں نئے منصوبے شامل کیے جارہے ہیں، جن سے طلبہ کی تخلیقی صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا۔ دادا بھوسے نے کل چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع کلکٹر دفتر کا اچانک دورہ کیا اور ضلع انتظامیہ کی جانب سے نافذ کیے جانے والے دس نکاتی پروگرام کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ انھو ں نے اپنے اس یقین کا اظہار کیا کہ اسکولوں کی جدید کاری ایک عوامی تحریک ہوگی جو اسکولوں کی تصویر بدل دے گی۔
***** ***** *****
سو روزہ دفتری اصلاحات پروگرام کے تحت ضلع کے سبھی تعلقہ جات میں بہترین کارکردگی پر چھترپتی سمبھاجی نگر پنچایت سمیتی کو دوسرا انعام دیا گیا ہے۔ بلاک ڈیولپمنٹ افسر مینا راؤتاڑے اور بلاک ڈیولپمنٹ افسر شیواجی سالونکے کو وزیرِ اعلیٰ کے دستخط شدہ توصیف نامے رابطہ وزیر سنجئے شرساٹ کے ہاتھوں پیش کیے گئے۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ کے مختلف مقامات پر بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ چھترپتی سمبھاجی نگر شہر سمیت ضلعے کل زوردار بارش ہوئی۔ ضلعے کے پلسی‘ آڑ گاؤں‘ اَنجن روڈ اور لِندھاری دیہاتوں میں بادل پھٹنے جیسی بارش کے باعث زرعی فصلوں کو نقصان پہنچا ہے۔ حکومت سے فی الفور نقصانات کے پنچنامے کرکے نقصان بھرپائی دینے کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔ ضلعے کے شیونا ٹاکلی پشتے میں پانی کی سطح 89 فیصد سے تجاوز کرگئی ہے۔
جالنہ شہر سمیت ضلع بھر میں بارش کا سلسلہ جاری ہے اور ندی نالوں میں سیلابی کیفیت پیدا ہونے کی خبر ہمارے نمائندے نے دی ہے۔
لاتور ضلعے میں جاری مسلسل بارشوں کے سبب آبی پشتوں میں پانی کی آمد میں اضافہ ہوگیا ہے۔ مانجرا پشتے میں آبی ذخیرہ 79فیصد‘ نمن تیرنا پشتے میں 88 فیصد، جبکہ اوسا تعلقے کے تاورجا پشتے میں 73 فیصد پانی کا ذخیرہ ہوچکا ہے اور ان آبی ذخائر سے پانی کے اخراج کے پیشِ نظر ندی کے کنارے آباد بستیوں اور دیہاتوں کے ساکنان کو خبردار رہنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
گذشتہ روز ہوئی موسلادھار بارش کے سبب کھیتوں میں پانی دَرآیا۔ رکنِ اسمبلی امیت دیشمکھ نے متاثرہ مقامات کا دورہ کرکے انتظامیہ کو اس سلسلے میں مناسب اقدامات کرنے کی ہدایات دی ہیں۔
ناندیڑ ضلعے کے 27 محصول ڈویژنوں میں بھی بھاری بارش درج کی گئی ہے۔ وشنوپوری آبی پشتے کے کیچمنٹ علاقوں میں مسلسل بارش کے بعد اس منصوبے کے دو دروازے کھول کر پانی چھوڑا جارہا ہے۔
***** ***** *****
محکمہئ موسمیات کے مطابق رواں ہفتے کوکن کے بیشتر مقامات پر بارش کا سلسلہ جاری رہے گا‘ جبکہ چند مقامات پر موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔ ساحلی مقامات پر زوردار ہوائیں چلنے کی پیش گوئی بھی محکمہئ موسمیات نے کی ہے۔ اسی دوران وسطی مہاراشٹر‘ مراٹھواڑہ اور ودربھ کے کچھ حصوں میں بھی بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ پردھان منتری وِکسِت بھارت روزگار اسکیم کا وزیرِ اعظم کی جانب سے اعلان؛ملک بھر میں 79ویں یوم آزادی کی تقاریب کا انعقاد۔
٭ جی ایس ٹی میں 12اور 28فی صد کا درجہ ختم کرنے کی وزارتِ خزانہ کی تجویز۔
٭ طلباء کی تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ دینے کیلئے مختلف اقدامات نصاب میں شامل کیے جائیں گے: اسکولی تعلیم کے وزیر دادا بھوسے کا اعلان۔
اور۔۔۔٭ مراٹھواڑہ بھر میں بارشوں کا سلسلہ جاری؛ لاتور ضلع میں مانجرا۔نِمن تیرنااور تاوَرجا۔ منصوبوں کے ذخیرہئ آب میں اضافہ۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment