Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 14 August-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۴۱/ اگست ۵۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ کل کے یوم آزادی کی مناسبت سے صدر ِجمہوریہ دروپدی مُرمو کاآج قوم سے خطاب۔
٭ ریاست میں ہر گھر ترنگا مہم جوش و خروش سے جاری؛مختلف پروگراموں کا انعقاد۔
٭ یوم آزادی تقاریب میں شرکت کیلئے210پنچایتی نمائندوں کو دعوت نامے؛ ریاست کے 15 افرادبھی شامل۔
٭ آپریشن سندور اورسودیشی مصنوعات کے استعمال سے متعلق عوامی بیداری پیداکریں: وزیر اعلیٰ کی گنیش منڈلوں کو ہدایت۔
اور۔۔۔٭ ریاست کے بیشتر مقامات پرگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان؛مراٹھواڑہ کے تمام اضلاع کیلئے یلو الرٹ جاری۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
ہندوستان کی آزادی کی 78ویں سالگرہ منائی کل جارہی ہے۔اس سلسلے میں صدرِ جمہوریہ دروپدی مرمو آج قوم سے خطاب کریں گی۔شام سات بجے ان کا یہ خطاب آکاشوا نی اوردوردرشن کے تمام چینلز نشر کریں گے۔دریں اثناء‘ کل صبح مجوزہ پرچم کشائی کی تقریب کے پیشِ نظر ہمارے مرکز سے صبح سات بجکر 10منٹ پر نشر ہونے والا مراٹھی بلیٹن صبح چھ بجکر40منٹ پر نشر ہوگا۔
***** ***** *****
یوم آزادی کے حوالے سے ملک بھر میں ہر گھر ترنگا مہم جوش و خروش سے جاری ہے۔ اس مہم کے تحت کئی مرکزی وزراء اور سیاسی رہنماؤں نے اپنی رہائش گاہوں پر قومی پرچم لہرا کر اس مہم میں حصہ لیا۔
چھترپتی سمبھاجی نگر میں پسماندہ طبقات کی بہبود کے وزیر اتل ساوے کے ہاتھوں اس مہم کا افتتاح عمل میں آیا۔ انھوں نے سدھارتھ گارڈن میں موجود مراٹھواڑہ مکتی سنگرام کی یادگار پر خراج عقیدت پیش کرکے ترنگا لہرایا۔شہر کے مختلف کالجوں اور اسکولوں کے طلباء و طالبات نے ترنگا ریلی نکال کر اس مہم میں حصہ لیا۔
***** ***** *****
پر بھنی ضلع انتظامیہ۔اسکولی تعلیم۔اور محکمہئ کھیل کی جانب سے مشترکہ طور پر سائیکل ریلی نکالی گئی جس میں اسکولوں اور کالجوں کے طلباء شریک ہوئے۔ جالنہ ضلع کے بدناپور میں واکوڑنی کے چھتر پتی سمبھاجی اسکول و جونیئر کالج کی جانب سے ”ہر گھر ترنگامہم“ اور ”ایک پیڑ ماں کے نام“ مہم کے تحت شجرکاری کی گئی۔اس موقع پر مختلف پروگرام بھی منعقد کیے گئے۔
ناندیڑ میونسپل انتظامیہ کی جانب سے نکالی گئی ترنگا یاترا میں میونسپل کمشنر اور ایڈمنسٹریٹر ڈاکٹر مہیش کمار ڈوئی پھوڑے سمیت شہریوں نے بڑی تعداد میں حصہ لیا۔
***** ***** *****
تقسیم ہند کی ہو لناکیوں کا دن آج منایا جارہا ہے۔ آزادی کے موقع پر ملک کی تقسیم اور اس وقت ہونے والے بھیانک قتل عام کی یاد میں یہ دن منایا جاتا ہے۔اس سلسلے میں آج ملک بھر میں تقسیم ہند کی یادوں کو اجاگر کرنے والی تصویری نمائشوں کا انعقاد کیا گیا۔
1947میں ملک کی آزادی اوراس وقت کے حیدرآباد صوبے میں نظام حکومت کے تحت آنے والے مراٹھواڑہ میں یوم آزادی نہیں منایا گیا تھا۔اس سلسلے میں چھترپتی سمبھاجی نگر کے ماہر قانون اننت امریکر اور معروف مورخ ڈاکٹر پر بھاکر دیو نے اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔ان شخصیات سے خصوصی ملاقات ہمارے مرکز سے نشر ہونے والے وشیش پراسنگک میں پیش کی جائے گی۔آج صبح 10بجکر 45منٹ پر یہ پروگرام نشر ہوگا۔
***** ***** *****
اس بار نئی دہلی میں منعقد ہونے والی یوم آزادی تقاریب میں ملک بھر کے 210پنچایتی نمائندوں کو شرکت کا موقع ملے گا۔ان میں مہاراشٹر کے 15افراد بھی شامل ہیں۔پربھنی ضلع کے جنتور تعلقے کے کمبھاری دیہات کی سرپنچ پاروتی ہرکڑ اور لاتور ضلع کے اودگیر تعلقے کے پامنی گاؤں کی سرپنچ پربھاوتی براجدار بھی ان میں شامل ہیں۔ ان تمام پنچایتی نمائندوں کا آج ایک خصوصی پروگرام میں استقبال کیا جائے گا۔
***** ***** *****
وظیفہ یاب افراد کے حیاتی صداقت ناموں کے لیے چوتھی ملک گیر ڈیجیٹل مہم اس بار ماہ نومبر میں منعقد ہوگی۔ Face Authenticationیعنی چہرے کے ذریعے شناخت کیے جانے کی ٹیکنا لوجی کا اس مہم میں استعمال کیا جائیگا۔ اس سلسلے میں جاری خبروں میں بتایا گیا ہے کہ یہ اب تک کی سب سے بڑی مہم ہوگی۔
***** ***** *****
وزیر اعلیٰ دیویند ر پھڑنویس نے ہدایت کی ہے کہ آپریشن سندور کے ذریعے بھارت کی جانب سے طاقت کے مظاہرے اور سودیشی مصنوعات کے استعمال سے متعلق تمام عام گنیش منڈل عوامی بیداری پیدا کریں۔ آئندہ گنیش اتسو کے پیش نظر کل ممبئی میں منعقدہ ایک اجلاس سے وہ خطاب کررہے تھے۔عوامی گنیش منڈلوں کی طرز پر ہی مجسمہ سازوں کو بھی پانچ برس تک اجازت نامے دیئے جانے کی بھی وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی۔ چونکہ گنیش اتسو کے دوران ہی یوم رحمت اللعالمین آنے کے حوالے سے انہوں نے مذہبی بھائی چارے کے ساتھ یہ تہوار منانے کی تلقین بھی کی۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
وسئی ویرار میونسپل کارپوریشن کے سابق کمشنر انیل پوار کو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے کل گرفتار کر لیا۔ان کے ساتھ ہی شہر کے سابق منصوبہ ساز وائے ایس ریڈی اور دیگر دو افرادکو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔کچھ عرصہ قبل ہی ای ڈی نے چھاپے مار کر ان افراد کی تفتیش کی تھی۔ ان تمام پر غیر قانونی تعمیرات کے لیے رشوت وصول کرنے کے الزام ہیں۔
***** ***** *****
قبائلی ترقیات کے وزیر ڈاکٹر اشوک اُئی کے نے کل چھترپتی سمبھاجی نگر کمشنر دفتر میں ایک اجلاس طلب کرکے ڈویژن میں جاری اسکیموں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے متعلقہ ارباب مجاز کو ان اسکیموں پر مزید موثر اور شفاف طور پر عمل درآمد کی ہدایت بھی کی۔قبائلی ترقی کے منصوبے کے تحت وڈنیر اور سورڈی کے سرکاری آشرم اسکولوں کی نئی عمارتوں کا آن لائن افتتاح بھی کیا گیا۔
***** ***** *****
وزیرِ ٹرانسپورٹ پرتاپ سرنائیک کے ہاتھوں کل ایس ٹی کارپوریشن کے صدر دفترمیں 70 امیدواروں میں انوکمپا کی بنیاد پر سرکاری ملازمتوں کے تقرر نامے تقسیم کیے گئے۔ ڈویژنل سطح پر مزید 66 امیدواروں کو 31 اگست تک انوکمپا اسکیم کی بنیاد پر ملازمتوں میں شامل کیا جائے گا۔
***** ***** *****
وزیر برائے کھیل مانک راؤ کوکاٹے نے کہا ہے کہ روایتی کھلاڑیوں کو شیو چھترپتی ایوارڈ‘ سرکاری مراعات اور ملازمتوں کیلئے حکومتی سطح پر کوشش کی جائیگی۔ کل ممبئی کے کُرلا میں ”کھاشابا جادھو روایتی کھیل مہا کمبھ“ کا افتتاح کرنے کے بعد وہ خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر پنیہ شلوک اہلیا دیوی ہولکر میدان کا بھی افتتاح ہوا۔ کھیلوں کا یہ مہاکمبھ 22 اگست تک جاری رہے گا‘جس میں 18 مختلف کھیلوں میں 20 ہزار کھلاڑی شرکت کررہے ہیں۔
***** ***** *****
اُترپردیش کے نوئیڈا میں ہونے والے سب جونیئر نیشنل باکسنگ چمپئن شپ میں چھترپتی سمبھاجی نگر کی باکسر اُوی ادونت نے طلائی تمغہ حاصل کیا۔ سائی کی چھترپتی سمبھاجی نگر کے کوچ ورشا ترپاٹھی اور پنکج یادو نے اُوی کو مبارکباد پیش کی ہے۔
***** ***** *****
امریکہ کے نیبراسکا یونیورسٹی اور بھونیشور کے انڈین انسٹیٹیوٹ آف ٹکنالوجی کے سائنسدانوں نے کل اہلیا نگر ضلع کے ہیورے بازار واٹر شیڈ پروجیکٹ کا دورہ کرکے منصوبے کے طریقہئ کار کا مطالعہ کیا۔ مٹی اور پانی کے تحفظ کے شعبے کے سربراہ ڈاکٹر سچن کمار ناندگُڑے نے اس پروجیکٹ سے متعلق تفصیلات پیش کیں۔
***** ***** *****
جالنہ ضلع پریشد احاطے میں چیف ایگزیکٹیو افسر مِنّو پی ایم کی موجودگی میں کل صفائی مہم چلائی گئی۔ تحصیل سطح پر گروپ ڈیولپمنٹ آفیسر کی موجودگی میں تمام پنچایت سمیتی اور گاؤں کی سطح پر سرپنچ‘ گرام پنچایت عہدیداران‘ خواتین بچت گروپ‘ نوجوانوں اور طلبہ کے ذریعے پلاسٹک جمع کرنے‘ خشک اور تر کچرے کو علیحدہ علیحدہ کرنے کا کام کیا گیا۔
***** ***** *****
ہنگولی ضلع میں مال بردار گاڑی اور نامعلوم گاڑی کے مابین تصادم کے نتیجے میں دونوجوان ہلاک ہوگئے۔ یہ حادثہ کل صبح واشم- ہنگولی شاہراہ پر پیش آیا۔
***** ***** *****
ایوت محل ضلع میں جاری موسلادھار بارش کی وجہ سے عیسیٰ پور ڈیم سے پین گنگا دریا میں پانی کا اخراج جاری ہے۔ اس سلسلے میں پوسد‘ عمر کھیڑ‘ مہا گاؤں اور ناندیڑ ضلع میں پین گنگا ندی کے کنارے بسنے والے شہریوں کو خبردار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
***** ***** *****
ریاست کے بیشتر حصوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ ودربھ کے کچھ اضلاع کیلئے آرینج الرٹ جبکہ مراٹھواڑہ کے تمام آٹھ اضلاع کیلئے یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ کل کے یوم آزادی کی مناسبت سے صدر ِجمہوریہ دروپدی مُرمو کاآج قوم سے خطاب۔
٭ ریاست میں ہر گھر ترنگا مہم جوش و خروش سے جاری؛مختلف پروگراموں کا انعقاد۔
٭ یوم آزادی تقاریب میں شرکت کیلئے210پنچایتی نمائندوں کو دعوت نامے؛ ریاست کے 15 افرادبھی شامل۔
٭ آپریشن سندور اورسودیشی مصنوعات کے استعمال سے متعلق عوامی بیداری پیداکریں: وزیر اعلیٰ کی گنیش منڈلوں کو ہدایت۔
اور۔۔۔٭ ریاست کے بیشتر مقامات پرگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان؛مراٹھواڑہ کے تمام اضلاع کیلئے یلو الرٹ جاری۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment