Tuesday, 12 August 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 12 اگست 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 12 August-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۲۱/ اگست ۵۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ ”ہر گھر ترنگا“ مہم کے تحت ملک بھر میں امرت جھیلوں کے کنارے منایا جائے گا ترنگا تہوار۔
٭ ٹرانسپورٹ کے ریاستی محکمے نے اسکول کے طلبہ کی نقل و حمل کی خاطر اسکول وین لائسنس جاری کرنے کا کیا فیصلہ۔
٭ ریاستی حکومت نے اپنے ملازمین کے مہنگائی بھتے میں دو فیصد کا کیا اضافہ۔
٭ مخالف جماعتوں کے اتحاد ”انڈیا الائنس“ کا الیکشن کمیشن کے خلاف مورچہ؛ شیوسینا اُدّھو بالا صاحب ٹھاکرے پارٹی نے بھی کیا ریاست بھر میں احتجاج۔
٭ لاتور ریلوے کوچ کارخانے میں دس ہزار افرادکو ملے گا روزگار: وزیرِ اعلیٰ کا بیان۔ آنجہانی گوپی ناتھ منڈے کے مجسّمے کی وزیرِ اعلیٰ نے کی نقاب کشائی۔
اور۔۔۔٭ آئندہ دو دِنوں میں ریاست کے بیشتر حصوں میں بارش کا امکان؛ ناندیڑ، لاتور اور دھاراشیو اضلاع کیلئے یلو الرٹ جاری۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
ثقافتی اُمور کے مرکزی وزیر گجیندر سنگھ شیخاوت نے اس یقین کا اظہار کیا ہے کہ ”ہر گھر ترنگا“ مہم بھارت کے عزم کو مزید طاقتور کرے گی۔ وزیرِ موصوف کل دہلی میں ایک صحافتی کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے بتایا کہ رواں برس ترنگا تہوار ملک بھر کے ایک ہزار امرت جھیلوں کے کنارے بھی منایا جائے گا۔ انھوں نے کہا:
Byte: Gajendra Singh Shekhawat, Minister of Culture of India
شیخاوت نے کہا کہ 14 اگست یعنی ملک کی تقسیم کے دن ایک خاموش جلوس‘ فلموں کی نمائش‘ نکڑ ڈرامے اور سیمینار کا انعقاد کیا جائے گا۔ آئندہ جمعہ کو 79 واں یومِ آزادی منایا جائے گا۔ ریاست میں اہم سرکاری تقاریب ممبئی کے منترالئے میں منعقد ہوگی‘ جہاں وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس پرچم کشائی کریں گے۔ گورنر سی پی رادھا کرشنن پونے میں پرچم کشائی کریں گے۔
مراٹھواڑہ کے چھترپتی سمبھاجی نگر میں رابطہ وزیر سنجئے شرساٹھ کی صدارت میں یومِ آزادی کی تقریب ہوگی، جبکہ بیڑ میں نائب وزیرِ اعلیٰ اور ضلع کے سرپرست وزیر اجیت پوار کے ہاتھوں پرچم کشائی ہوگی‘ وہیں جالنہ میں وزیر پنکجا منڈے‘ پربھنی میں میگھنا بورڈیکر‘ ہنگولی میں نرہری جھرواڑ، ناندیڑ میں اتل ساوے جبکہ لاتور میں شیویندر راجے بھوسلے اور دھاراشیو میں رابطہ وزیر پرتاپ سرنائیک کے ہاتھوں پرچم لہرایا جائے گا۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر کے ڈویژنل کمشنر جتندر پاپلکر نے کل یومِ آزادی کی تقاریب کے انعقاد کی تیاریوں کا جائزہ لیا اور اس کیلئے تمام حکومتی محکموں کو تال میل کے ساتھ کام کرنے کی ہدایت دی۔
***** ***** *****
ہرگھر ترنگامہم کے تحت کل ہنگولی میونسپل کاؤنسل کی جانب سے ترنگا ریلی نکالی گئی۔ ساتھ ہی اونڈھا ناگناتھ مندر کے احاطے میں سرکاری اسکیمات کی معلومات دینے کیلئے ملٹی میڈیا نمائش کا انعقاد کیا گیا۔
***** ***** *****
ٹرانسپورٹ کا ریاستی محکمہ اسکولی طلبہ کی نقل و حمل کی خاطر اسکول وین لائسنس جاری کرے گا۔ نقل و حمل کے ریاستی وزیر پرتاپ سرنائیک نے یہ اطلاع دی۔ وزیرِ موصوف نے بتایا کہ ان گاڑیوں میں ہنگامی خارجی دروازے‘ طلبہ کے بستوں کیلئے علیحدہ جگہ، فائر الارم اور GPS سسٹم موجود ہوں گے۔ انھوں نے بتایا کہ اس طرح مہاراشٹر جدید حفاظتی انتظامات کے ساتھ اسکولی طلبہ کو نقل و حمل کی خدمات فراہم کرنے والی پہلی ریاست بن جائے گی۔
***** ***** *****
ریاستی حکومت نے اپنے ملازمین کے مہنگائی بھتے میں دو فیصد کا اضافہ کیا ہے۔ ریاست کے تمام افسران وملازمین کے ساتھ ساتھ وظیفہ یاب ملازمین کو بھی اب 53 کی بجائے 55 فیصد مہنگائی الاؤنس ملے گا۔ یکم جنوری سے اس مہنگائی بھتے کے بقایہ جات بھی اگست مہینے کی تنخواہوں کے ساتھ ادا کیے جائیں گے۔ اس سلسلے میں حکمنامہ کل جاری کیا گیا۔
***** ***** *****
لوک سبھا میں کل صوتی ووٹوں سے نیا انکم ٹیکس بل منظور کیا گیا۔ مرکزی وزیرِ مالیات نرملا سیتا رامن نے یہ بل ایوان میں پیش کیا۔ اس بل میں بی جے پی کے رکنِ پارلیمان بیجینت پانڈا کی سربراہی والی پارلیمانی کمیٹی کی 285 سفارشات کو شامل کیا گیا ہے۔ ترمیم کیے گئے اس بل میں پیچیدہ زبان کو ہٹاکر سادہ زبان میں انکم ٹیکس کی رعایتوں سے متعلق تفصیلات دی گئی ہیں۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
انتخابی کمیشن پر جانبداری کا الزام عائد کرتے ہوئے انڈیا الائنس کے اراکینِ پارلیمان نے کل دہلی میں کمیشن کے دفتر کے روبرو مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے بہار میں انتخابی فہرستوں کی نظرِ ثانی کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا۔ لوک سبھا میں حزبِ اختلاف کے رہنماء راہل گاندھی سمیت کئی ممبرانِ پارلیمنٹ کو پولس نے حراست میں لیا۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے آنجہانی گوپی ناتھ منڈے کی طرح آج کے سیاسی رہنماؤں کے ذریعے ہر معاشرے میں پسماندہ افراد کی ترقی کے جذبے کو پروان چڑھانے کی ضرورت کا اظہار کیا ہے۔ وزیرِ اعلیٰ کل لاتور میں گوپی ناتھ منڈے کے مکمل مجسّمے کی نقاب کشائی کے بعد بول رہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ گوپی ناتھ منڈے نے ہمیں اقتدار کے ساتھ سمجھوتہ کرنا نہیں بلکہ جدوجہد کرنا سکھایا ہے اور ہم اب بھی اس تعلیم پر عمل پیرا ہیں۔ اس موقع پر ماحولیات کی وزیر پنکجا منڈے‘ لاتور کے رابطہ وزیر شیویندر سنگھ بھوسلے سمیت دیگر معزز شخصیات موجود تھیں۔ وزیرِ اعلیٰ اور دیگر رہنماؤں نے ممبئی میں غنڈہ گردی کے خاتمے، مراٹھواڑہ یونیورسٹی کے نام میں اضافے کی تحریک، سماجی ہم آہنگی اور اسمبلی کے کام کاج کے حوالے سے گوپی ناتھ منڈے کے کاموں پر روشنی ڈالی۔
وزیرِ اعلیٰ پھڑنویس نے کہا ہے کہ آئندہ برس لاتور کے ریلوے کوچ کارخانے میں دس ہزار افراد کو روزگار ملے گا۔ وزیرِ اعلیٰ نے کارخانے میں صرف مقامی افراد کو روزگار کا موقع دینے سمیت ضروری افرادی قوت کا انتظام کرنے کی ہدایت دی ہے۔ انھوں نے مزید بتایا کہ لاتور آبرسانی اسکیم اور جنرل اسپتال کے قیام کو بھی منظوری دی گئی ہے۔ اسی بیچ اور جنرل اسپتال کے قیام کو بھی منظوری دی گئی ہے۔ اسی بیچ وزیرِ اعلیٰ نے کل جلکوٹ کے گٹی میں شمسی توانائی منصوبے کا افتتاح کیا۔ شمسی توانائی کا یہ پروجیکٹ دن کے وقت 722 زرعی پمپوں کو بجلی فراہم کرے گا۔
***** ***** *****
شیوسینا اُدّھو بالا صاحب ٹھاکرے پارٹی کی جانب سے ریاست بھر میں مختلف مقامات پر احتجاجی مظاہرے کیے گئے جن میں بدعنوان اور متنازعہ وزراء کے استعفوں کا مطالبہ کیا گیا۔ چھترپتی سمبھاجی نگر میں کل قانون ساز کونسل کے اپوزیشن لیڈر امباداس دانوے نے اس احتجاج کے مقصد کی وضاحت کی۔ انھوں نے بتایا کہ یہ احتجاج ریاست کے 36مقامات پر کیا جارہا ہے جو آگے بھی جاری رہے گا۔
اس مناسبت سے کل جالنہ شہر کے مہاتما گاندھی چمن علاقے میں‘ اسی طرح ہنگولی، شولاپور اور دھولیہ میں شیوسینا اُدّھو بالا صاحب ٹھاکرے پارٹی کی جانب سے جن آکروش آندولن کیا گیا۔
***** ***** *****
پونے ضلع کے کھیڑ میں جیپ کے گہری کھائی میں گرنے سے آٹھ خواتین کی موقع پر ہی موت ہوگئی، جبکہ دیگر 29 زخمی ہوگئے۔ یہ تمام خواتین کُنڈیشور مندر کے درشن کیلئے جارہی تھیں۔ وزیرِ اعظم نریندر مودی اور وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے اس حادثے پر غم کا اظہار کیا ہے۔ ریاستی حکومت کی جانب سے حادثے میں ہلاک ہونے والوں کے اہلِ خانہ کو چار لاکھ روپئے اور زخمیوں کو فی کس 50 ہزار روپئے معاوضہ دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
آبی وسائل کے ریاستی وزیر رادھا کرشن وکھے پاٹل نے کل شولاپور ضلع میں کرشنا -مراٹھواڑہ آبپاشی اسکیم کے پڈسالی میں واقع پمپ ہاؤس کا افتتاح کیا۔وزیرِ موصوف نے وہاں کیے جارہے کاموں کا معائنہ بھی کیا۔ اس موقع پر رکنِ اسمبلی رانا جگجیت سنگھ پاٹل اور دیگر معززین موجود تھے۔ اپنے خطاب میں پاٹل نے کہا کہ خشک سالی سے پاک مہاراشٹر‘ وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کا عزم ہے اور مراٹھواڑہ کو اس کے جائز حق کا بقیہ 16 ٹی ایم سی پانی ملے گا۔
***** ***** *****
ہنگولی میں منعقدہ ریاستی سطح کے جونیئر تلوار بازی مقابلے میں چھترپتی سمبھاجی نگر کے کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ انفرادی زمرے میں ویدانت کالے نے اور لڑکیوں کے زمرے میں شریا مورام نے پہلا مقام حاصل کیا۔
***** ***** *****
اب موسم کا حال:
آئندہ دو دنو ں میں کوکن اور ودربھ کے زیادہ تر مقامات پر، جبکہ وسطی مہاراشٹر اور ودربھ کے چند علاقوں میں بارش ہونے کا امکان ہے۔ وہیں مراٹھواڑہ کے ناندیڑ، لاتور اور دھاراشیو اضلاع میں آج اور کل کیلئے یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ ”ہر گھر ترنگا“ مہم کے تحت ملک بھر میں ایک ہزار امرت جھیلوں کے کنارے منایا جائے گا ترنگا تہوار۔
٭ ٹرانسپورٹ کے ریاستی محکمے نے اسکول کے طلبہ کی نقل و حمل کی خاطر اسکول وین لائسنس جاری کرنے کا کیا فیصلہ۔
٭ ریاستی حکومت نے اپنے ملازمین کے مہنگائی بھتے میں دو فیصد کا کیا اضافہ۔
٭ مخالف جماعتوں کے اتحاد ”انڈیا الائنس“ کا الیکشن کمیشن کے خلاف مورچہ؛ شیوسینا اُدّھو بالا صاحب ٹھاکرے پارٹی نے بھی کیا ریاست بھر میں احتجاج۔
٭ لاتور ریلوے کوچ کارخانے میں دس ہزار افرادکو ملے گا روزگار: وزیرِ اعلیٰ کا بیان۔ آنجہانی گوپی ناتھ منڈے کے مجسّمے کی وزیرِ اعلیٰ نے کی نقاب کشائی۔
اور۔۔۔٭ آئندہ دو دِنوں میں ریاست کے بیشتر حصوں میں بارش کا امکان؛ ناندیڑ، لاتور اور دھاراشیو اضلاع کیلئے یلو الرٹ جاری۔
***** ***** *****

No comments: