Regional Urdu Text Bulletin, Chatrapati Sambhajinagar
Date: 18 March-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۸۱/ مارچ ۵۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ طلبہ کے سالانہ تعلیمی اسکالر شپ میں اضافہ کرنے کی پارلیمانی کمیٹی کی سفارش۔
٭ پرانے ریلوے کوچ کو بدل کر جدید کوچ جوڑے جائیں گے: ریلوے وزیر اشونی ویشنو کی اطلاع۔
٭ ریاست کی مالی حالت بہتر ہے‘ حکومت سماجی بہبود کی اسکیموں کو نہیں روکے گی: اسمبلی میں اجیت پوار کا بیان۔
اور۔۔۔٭ چھترپتی شیواجی مہاراج کاتاریخ کے مطابق یومِ پیدائش ہر طرف جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
پارلیمانی کمیٹی نے کہا ہے کہ طلبہ کو دی جانے والی اسکالر شپ مہنگائی کی وجہ ان کے باقاعدہ اخراجات پورے کرنے کیلئے کافی نہیں ہے۔ یہ رپورٹ کل پارلیمنٹ میں پیش کی گئی۔ اس ضمن میں سماجی انصاف محکمے‘ وزارتِ تعلیم و دیگر متعلقہ اداروں کو مختلف کورسیز کے طلبہ کی سالانہ اسکالرشپ کی رقم کا جائزہ لینے کی ہدایات بھی دی گئیں۔
***** ***** *****
ملک بھر میں تمام ریلوے کوچز کو جدید ایل ایچ بی کوچز سے تبدیل کیا جائے گا۔ وزیرِ ریلوے اشونی ویشنو نے کل راجیہ سبھا میں یہ اطلاع دی۔ ویشنو نے بتایا کہ اب تک 41ہزار ایل ایچ بی کوچز تیار کیے جاچکے ہیں۔ انھوں نے کہا:
BYTE: ASHVINI VAISHNAV
***** ***** *****
وزیرِ خزانہ اجیت پوار نے واضح طور پر کہا ہے کہ ریاست کی مالی حالت کے بارے میں بے بنیاد الزامات لگاکر جھوٹی تصویر نہ بنائیں کہ ریاست کی مالی حالت خراب ہوگئی ہے۔ وہ کل اسمبلی میں بجٹ پر بحث کا جواب دے رہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ پچھلے پندرہ سالوں میں ریاست کا قرض جی ڈی پی کا تناسب 16 سے 19 فیصد رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ مہاراشٹر سمیت ملک کی صرف تین ریاستوں میں قرض کا تناسب 20 فیصد سے کم ہے۔ پوار نے نشاندہی کی ہے کہ محصول خسارہ اور مالیاتی خسارے بھی محدود ہیں۔ پوار نے واضح کیا کہ حکومت ریاستی اور سماجی بہبود کی اسکیموں کو بند نہیں کرے گی‘ لیکن غیر ضروری اسکیموں کو یقینا بند کرے گی۔ پوار نے کہا کہ لاڈلی بہن اسکیم میں تبدیلی کی جائے گی۔ اسی طرح بیڑ ضلع میں ایک اچھی طرح سے سہولیات سے لیس ہوائی اڈہ کے قیام کے کاموں میں تیزی لائی جائے گی۔
***** ***** *****
خواتین اور بچوں کی بہبود کی وزیر آدیتی تٹکرے نے کل قانون ساز کونسل میں کہا کہ تمام نجی اداروں میں وِشاکھا کمیٹی قائم کرنا لازمی قرار دیا جائے گا۔ تٹکرے نے کہا کہ خواتین و اطفال ترقی کمشنریٹ کو ریاستی کوآرڈینیٹنگ آفیسر کے طور پر ذمہ داری دی گئی ہے اور خواتین ”SHE BOX“ آن لائن پورٹل کے ذریعے بھی شکایات درج کرواسکتی ہیں۔
***** ***** *****
قانون ساز کونسل میں اپوزیشن لیڈر امباداس دانوے نے ایوان میں چھترپتی سمبھاجی نگر کے پانی فراہمی کا مسئلہ اٹھایا۔ پانی کا مناسب انتظام اگر کیا جائے تو چھترپتی سمبھاجی نگر کو کم از کم دو دِن میں پانی ملے گا۔
بیڑ ضلع کے کیج کے معلم دھننجئے ناگرگوجے کی خودکشی کے معاملے میں متعلقہ ڈائریکٹر کے خلاف مقدمہ درج کیا جانا چاہیے۔ دانوے نے تجویز پیش کی کہ ڈائریکٹر کیلئے غیر امدادی اسکولوں میں اساتذہ کو تنخواہ دینا لازمی قرار دیا جائے۔ وزیرِ مملکت برائے داخلہ پنکج بھوئیر نے کہا کہ معاملے کی مکمل جانچ کی جائے گی اور کارروائی کی جائے گی۔
***** ***** *****
وزیرِ زراعت مانک راؤ کوکاٹے نے قانون ساز کونسل میں اطلاع دی کہ پربھنی کی وسنت راؤ نائیک مراٹھواڑہ زرعی یونیورسٹی کے تحت جالنہ ضلعے کے بدناپور میں زرعی تحقیقی مرکز کو مضبوط بنانے کیلئے دو کروڑ 85 لاکھ روپئے اور بنیادی ڈھانچے کیلئے 14 کروڑ 35 لاکھ روپئے منظور کیے جائیں گے۔
***** ***** *****
محصول وزیر چندر شیکھر باون کڑے نے بتایا کہ ریاستی حکومت ریت کی نکاسی پر قابو پانے کیلئے ایک جامع ریت پالیسی تیار کرے گی۔ کل قانون ساز کونسل میں خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ گوداوری کی وادی میں ریت کی نکاسی کے سلسلے میں سات دِنوں کے اندر اندر جانچ کرکے قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائیگی۔
دریں اثناء‘ باون کڑے 18 تاریخ کو صبح دس بجے ناگپور آرہے ہیں۔ وہ محل علاقے کا دورہ کریں گے اور سینئر افسران سے تبادلہئ خیال کریں گے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
قانون ساز کونسل کی پانچ خالی نشستوں کے ضمنی انتخابات کیلئے درخواستیں داخل کرنے کے آخری دن کل چھ امیدواروں نے اپنی درخواستیں داخل کیں۔ راشٹروادی کانگریس کی جانب سے سنجے کھوڑکے، بی جے پی سے سنجئے کینیکر، دادا راؤ کیچے، اور سندیپ جوشی، جبکہ شیوسینا سے چندر کانت رگھوونشی اور آزاد امیدوار اُمیش مہیترے نے درخواست داخل کیں۔ اس انتخاب میں ضرورت پڑنے پر 27 مارچ کو رائے دہی اور رائے شماری کی جائے گی۔
***** ***** *****
ناگپور کے محل علاقے میں کل شام دو گروہوں کے درمیان کشیدگی پیدا ہوگئی۔ یہ واقعہ مذہبی شبیہ کی مبینہ توڑ پھوڑ‘ پتھراؤ اور کچھ کاروں کو جلانے کی وجہ سے پیش آیا۔ پولس کو علاقے میں ہجوم کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس اور لاٹھیوں کا استعمال کرنا پڑا۔ ناگپور کے پولس کمشنر رویندر سنگھل نے امن و امان برقرار رکھنے کیلئے محل علاقے میں دفعہ 144 نافذ کردیا ہے۔
مرکزی وزیر نتن گڈکری اور وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے شہریوں سے افواہوں پر یقین نہ کرنے اور امن و امان برقرار رکھنے کی اپیل کی ہے۔
***** ***** *****
چھترپتی شیواجی مہاراج کا تاریخ کے حساب سے یومِ پیدائش کل ریاست کے مختلف مقامات پر منایا گیا۔ اس موقع پر شیوعقیدت مندوں کی جانب سے شیونیری سمیت مختلف قلعوں پر کئی پروگرام منعقد کیے گئے۔ چھترپتی شیواجی مہاراج کے 45 فٹ کے مجسّمے کی تھانے میں نائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے نقاب کشائی کی، جبکہ تھانے ضلع کے بھیونڈی میں چھترپتی شیواجی مہاراج مندر کا افتتاح وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کیا اور اعلان کیا کہ مندر کو مقام زیارت کا درجہ دیا جائے گا اور مندر کی ترقی کیلئے حکومت کی طرف سے ہر طرح کا تعاون کیا جائے گا۔
دریں اثناء پھڑنویس نے کہا کہ اورنگ زیب کے نظریات کی توقیر کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائیگی۔ انھوں نے کہا کہ ASI نے پچاس سال پہلے اسے محفوظ یادگار قرار دیا ہے اور اس کی حفاظت ہمیں کرنی پڑتی ہے۔ اس طرح اورنگ زیب کی تعریف کوئی کرے گا تو اسے قبول نہیں کیا جائے گا۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر ضلعے کے خلدآباد میں اورنگ زیب کی قبر کو ہٹانے کے مطالبے کے چلتے وشوہندو پریشد اور بجرنگ دَل کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ ان تنظیموں نے کل ریاست بھر کے مختلف مقامات پر احتجاج کیا۔
***** ***** *****
لاتور میں شیوسینا شہر شاخ نے چھترپتی شیواجی کے مجسّمے کو پھول چڑھاکر خراجِ عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر شیوچھترپتی لائبریری کو چھترپتی شیواجی مہاراج اور چھترپتی سمبھاجی مہاراج کی زندگی پر مبنی کتابیں دی گئیں۔
***** ***** *****
ناندیڑ ضلع پریشد کے سال 2025-26 کے 22 کروڑ 26 لاکھ روپئے کے بجٹ کو کل ایڈمنسٹریٹر و سی ای او مینل کرنوال نے منظوری دی۔ اس موقع پر 2024-25 کے نظرِ ثانی شدہ بجٹ کو بھی منظوری دی گئی۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر ضلعے کے ایلورہ غاروں میں کل شہد کی مکھیوں نے سیاحوں پر حملہ کردیا۔ غاروں کے علاقے میں پیش آئے اس حادثے میں چھ سیاح زخمی ہوگئے جبکہ ایک غیر ملکی سیاح شہد کی مکھیوں کے بہت زیادہ ڈسنے سے بیہوش ہوگیا۔ محکمہئ آثارِ قدیمہ کے سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر شیوکمار بھگت نے بتایا کہ ان تمام کو چھترپتی سمبھاجی نگر کے سرکاری اسپتال میں داخل کرایاگیا ہے۔
***** ***** *****
سماجی کارکن ترپتی دیسائی کو پولس کی طرف سے جاری کردہ نوٹس کے جواب میں، دیسائی نے کل بیڑ کے پولس سپرنٹنڈنٹ نونیت کانوت سے ملاقات کی۔ انہوں نے پولس فورس میں شامل 26 پولس افسران ملازمین کی شکایات کے ثبوت پیش کرکے ملازمین کی حمایت کرنے والے افسران کا فوری تبادلہ کرنے کا مطالبہ کیا۔
***** ***** *****
پربھنی میں شیوسینا ادھو بالا صاحب ٹھاکرے پارٹی کے کارکنان نے کل جائیکواڑی دفتر کے سامنے احتجاج کیا۔ مشتعل کارکنوں نے پانی کی عدم فراہمی کی شکایت کرتے ہوئے دفتر کو قفل لگا دیا۔ چیف انجینئر جینت گولی کی پانی فراہم کرنے کی یقین دہانی کے بعد احتجاج ختم کر دیا گیا۔
***** ***** *****
جالنہ ضلعے کے عنبڑ میں سب ڈویژنل آبی تحفظ افسر45 ہزار روپے رشوت قبول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا۔ سیمنٹ کے نالے کے تعمیری کام کے بل کو منظور کرنے کیلئے اُس نے یہ رشوت قبول کی تھی۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ طلبہ کے سالانہ تعلیمی اسکالر شپ میں اضافہ کرنے کی پارلیمانی کمیٹی کی سفارش۔
٭ پرانے ریلوے کوچ کو بدل کر جدید کوچ جوڑے جائیں گے: ریلوے وزیر اشونی ویشنو کی اطلاع۔
٭ ریاست کی مالی حالت بہتر ہے‘ حکومت سماجی بہبود کی اسکیموں کو نہیں روکے گی: اسمبلی میں اجیت پوار کا بیان۔
اور۔۔۔٭ چھترپتی شیواجی مہاراج کا تاریخ کے مطابق یومِ پیدائش ہر طرف جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment