Tuesday, 2 December 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 02 دسمبر 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 02 December-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۲/دسمبر ۵۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ ریاست کی 264 میونسپل کونسلوں اور نگر پنچایتوں کے عام انتخابات کیلئے آج رائے دہی۔
٭ پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس کا آغاز؛ فہرست ِ رائے دہندگان کے ازسرِ نو جائزے اور دیگر موضوعات پر پارلیمنٹ کی کارروائی متاثر۔
٭ ایڈز دن کے موقع پر ایڈز سے متعلق بیداری پیدا کرنے کیلئے مختلف پروگراموں کا انعقاد۔
اور۔۔۔٭ مراٹھواڑہ اور وسطی مہاراشٹر میں سرد لہر کا امکان۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
ریاست کی 264 میونسپل کونسلوں اور نگرپنچایتوں کے عام انتخابات کیلئے آج رائے دہی جاری ہے۔ صبح ساڑھے سات بجے تا شام ساڑھے پانچ بجے کے دوران رائے دہندگان اپنے حقِ رائے دہی کا استعمال کرسکتے ہیں۔ جن علاقوں میں ووٹنگ ہورہی ہے وہاں ملازمین و مزدوروں کو اپنے حقِ رائے دہی کا استعمال کرنے کی غرض سے بہ معہ اُجرت چھٹی دئیے جانے کی ہدایت حکومت نے کی ہے۔ جن ورکرز کو چھٹی دینا ممکن نہ ہو انھیں دو گھنٹوں کی سہولت دیئے جانے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔ ان انتخابات کیلئے سرکاری مشنری پوری طرح تیار ہے۔ کُل 12 ہزار 316 انتخابی مراکز کیلئے 62 ہزار 108 انتخابی افسران اور ملازمین کو تعینات کیا گیا ہے۔
دریں اثناء‘ عدالتو ں میں سماعت والے معاملوں میں 23نومبر یا اس کے بعد فیصل ہونے والے 24 بلدی صدور اور مختلف مقامات کے 145 ارکان کو عہدوں کیلئے ترمیم شدہ پروگرام جاری کردیا گیاہے۔ ان مقامات پر آئندہ 20 دسمبر کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔ ان میں مراٹھواڑہ کے پھلمبری‘ مکھیڑ، دھرم آباد‘ نلنگا، ریناپور اور بسمت کے صدورِ بلدیہ اور چند ایک ارکان کے انتخابات شامل ہیں۔
***** ***** *****
اسی دوران وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے انتخابات مؤخر کرنے کے انتخابی کمیشن کے فیصلے کو غلط قرار دیتے ہوئے سخت تنقید کی ہے۔ کل انتخابی تشہیر کے سلسلے میں چھترپتی سمبھاجی نگر کے دورے کے دوران وہ اخبار نویسوں سے گفتگو کررہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ اگرچہ انتخابی کمیشن آزاد اور خودمختار ہے لیکن یہ فیصلہ دیگر امیدواروں کے ساتھ ناانصافی کے مترادف ہے۔
نائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے بھی اس فیصلے کو غلط قرار دیتے ہوئے انتخابی کمیشن کے فیصلے پر نکتہ چینی کی۔
کانگریس کے ریاستی صدر ہرش وردھن سپکاڑ نے بھی اس فیصلے پر سخت تنقید کی۔ انھوں نے کہا کہ رائے دہی سے صرف ایک دِن قبل اس طرح کا فیصلہ حیران کُن اور انتخابی کمیشن کا ناقص عمل ہے۔
بی جے پی کے ریاستی صدر رویندر چوہان نے ریاستی انتخابی کمیشن کو ایک مکتوب ارسال کرکے یہ انتخابات ملتوی نہ کرنے کا مطالبہ کیا۔ اپنے خط میں انھوں نے اپیل کی کہ انتخابی کمیشن اپنے اس فیصلے پر از سرِ نو ہمدردانہ غور کرے۔
***** ***** *****
ناندیڑ ضلع میں آج 10 میونسپل کونسلوں اور ایک نگر پنچایت کیلئے رائے دہی جاری ہے۔ صدورِ بلدیہ کے عہدے کیلئے 71 اور میونسپل کونسلر کیلئے 873 امیدوار انتخابی میدان میں ہیں۔ رائے دہی کیلئے 291 انتخابی مراکز قائم کیے گئے ہیں۔
اسی دوران چھترپتی سمبھاجی نگر کے ضلع کلکٹر دلیپ سوامی نے کل ضلع میں رائے دہی کی تیاریوں کا بذریعہئ ویڈیو کالنگ جائزہ لیا۔ اس موقع پر انھوں نے کہا کہ رائے دہی کے عمل پر ضلع کلکٹر دفترکے کنٹرول روم سے مکمل طور پر نظر رکھی جائیگی۔
جالنہ کی ضلع کلکٹر آشیما متل اور پولس سپرنٹنڈنٹ اجئے کمار بنسل نے کل عنبڑ اور بھوکردن شہروں کی انتخابی تیاریوں کا معائنہ کیا اور رائے دہی کے عمل سے متعلق رہنمائی کی۔ جبکہ عنبڑ شہر میں پولس نے خصوصی گشت کیا۔ اس موقع پر پیغام دیا گیا کہ ووٹنگ کے دوران امن و انتظام کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے پولس انتظامیہ پوری طرح مستعد ہے۔
دھاراشیو ضلع میں ووٹنگ کے پیشِ نظر نگر پریشد علاقے کے ہفت روزہ بازار آج اور کل بند رہیں گے۔ ضلع کلکٹر کیرتی کرن پجار نے کل یہ احکامات جاری کیے۔
***** ***** *****
پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس کا گذشتہ روز آغاز ہوا۔ اجلاس کے پہلے ہی دن حزبِ اختلاف کی جانب سے فہرست رائے دہندگان کے ازسرِ نو جائزے اور دیگر مطالبات پر نعرے بازی سے کارروائی میں خلل پڑا۔ جس کے سبب لوک سبھا کی کارروائی ابتداء میں دو بار اور آخرکار دن بھر کیلئے ملتوی کردی گئی۔ اس سے قبل ایوان کی کارروائی کے آغاز میں ہی اسپیکر اوم برلا نے سابق اراکینِ ایوان آنجہانی دھرمیندر‘ کمار ملہوترا اور روی نائیک کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
اسی دوران وزیرِ خزانہ نرملا سیتا رمن نے منی پور اشیاء و خدمات ٹیکس ترمیمی بل‘ سینٹرل ایکسائز ترمیمی بل اور حفظانِ صحت و قومی سلامتی بل ایوان میں پیش کیا۔ منی پور جی ایس ٹی ترمیمی بل شور و غل کے دوران ہی ایوان میں صوتی رائے دہی سے منظور کرلیا گیا۔
***** ***** *****
راجیہ سبھا میں کل ایوان کے چیئرپرسن سی پی رادھا کرشنن کا وزیرِ اعظم نریندر مودی نے خیر مقدم کیا۔ انھوں نے کہا کہ رادھا کرشنن کا نائب صدرِ جمہوریہ کے عہدے پر فائز ہونا جمہوریت کی حقیقی طاقت کا مظہر ہے۔ ملک کے جمہوری استحکام کے حوالے سے وزیرِ اعظم نے کہا۔
Byte: Prime Minister Narendra Modi
راجیہ سبھا میں نئے اراکین کی حلف برداری عمل میں آئی‘ جس کے بعد حزبِ اختلاف کی جانب سے زوردار نعرے بازی کے باعث راجیہ سبھا کی کارروائی دوپہر دو بجے تک ملتوی کردی گئی۔ بعد ازاں وقفہئ سوالات کے بعد یہ کارروائی دن بھر کیلئے ملتوی کرنا پڑی۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
پی ایم وشوکرما اسکیم کے تحت اب تک دو کروڑ 72 لاکھ سے زائد کاریگروں کا رجسٹریشن عمل میں آیا ہے۔ مرکزی مملکتی وزیر شوبھاکرندلاجے نے کل راجیہ سبھا میں ایک سوالکے تحریری جواب میں یہ اطلاع دی۔ انھوں نے بتایا کہ اب تک 23 لاکھ کاریگروں کو ضروری تربیت اور سات لاکھ استفادہ کنندگان میں 23 کروڑ روپئے سے زیادہ ترغیبی فنڈ تقسیم کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
وقف ترمیمی بل 2025 کے تحت‘ وقف املاک رجسٹریشن کی آخری تاریخ میں چھ ماہ کی توسیع کرنے کا مطالبہ کرنے والی درخواستوں پر سماعت کرنے سے عدالت ِ عظمیٰ نے انکار کردیا ہے۔ تاہم‘ عدالت نے مشاہدہ کیا کہ وقف املاک کی رجسٹریشن میں درپیش دشواریوں کے پیشِ نظرآخری تاریخ میں توسیع کی درخواست وقف ٹریبونل سے بھی کی جاسکتی ہے۔
***** ***** *****
ملک کی تفریحی صنعت اور ذرائع ابلاغ کی عالمی سطح پر بھی کافی استعداد ہے اور ان صلاحیتوں کا معقول استعمال کیے جانے کی ضرورت پر مرکزی اطلاعات و نشریات محکمے کے سیکریٹری سنجئے جاجو نے زور دیا ہے۔ وہ کل ممبئی میں سی آئی آئی بگ پکچر سمٹ سے خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ اس شعبے میں بھارت کی شراکت صرف دو فیصد ہے اور اسے بڑھانے کیلئے اس موقع کا استعمال کرنے کی ترغیب انھوں نے دی۔
***** ***** *****
ایڈز سے متعلق بیداری پیدا کرنے کی غرض سے کل دنیا بھر میں ایڈز دن منایا گیا۔ اس سلسلے میں کل ملک بھر میں بھی مختلف پروگرام منعقد کیے گئے۔ صحت و خاندانی بہبود کے مرکزی وزیر جے پی نڈا نے دہلی کے وگیان بھون میں منعقدہ قومی سطح کے پروگرام کی صدارت کی۔
چھترپتی سمبھاجی نگر میں ڈسٹرکٹ اسپتال اور ڈسٹرکٹ ایڈز کنٹرول محکمے کی جانب سے ایک سائیکل ریلی نکالی گئی۔ چکل تھانہ ڈسٹرکٹ اسپتال سے شروع ہوکر یہ ریلی مختلف علاقوں سے گذرتی ہوئی آئی ایم اے ہال پر ختم ہوئی۔
لاتور میں بھی ضلع سیول سرجن دفتر کی جانب سے سائیکل ریلی نکالی گئی‘ جبکہ لاتور کے سدھیشور کالج کے طلبہ نے ایڈز سے متعلق بیداری پیدا کرنے کیلئے ایک ڈرامہ پیش کیا۔
***** ***** *****
ریاستی امتحانی کونسل کی جانب سے آئندہ 22 فروری کو ہونے والے جماعت ِ پنجم اور ہشتم کے طلبہ کے اسکالر شپ امتحانات کیلئے درخواست دہی کی تاریخ میں 8 دسمبر تک توسیع کردی گئی ہے۔ جبکہ تاخیر سے اضافی فیس کے ساتھ 31 دسمبر تک درخواست دی جاسکتی ہے۔ یہ اطلاع امتحانی کونسل کی کمشنر انورادھا اوک نے دی۔
***** ***** *****
دِتوا سائیکلون کی شدت کم ہوکراب یہ کم دباؤ کے پٹّے میں تبدیل ہوگیا ہے۔ جس کے باعث تملناڈو اور کرناٹک میں گھن گرج کے ساتھ تیز آندھیوں کا امکان ہے۔ آئندہ دو دنوں میں وسطی مہاراشٹر اورمراٹھواڑہ میں سرد لہر کے امکان کا اظہار محکمہئ موسمیات نے کیا ہے۔
دریں اثناء‘ ریاست میں کل سب سے کم درجہ حرارت9 اعشاریہ چار ڈگری سیلسیئس اہلیا نگر میں ریکارڈ کیا گیا۔ پونا اور ناسک میں میں 10‘ بیڑ میں 10 اعشاریہ 53‘ جلگاؤں میں 10 اعشاریہ آٹھ‘ چھترپتی سمبھاجی نگر میں میں ساڑھے 11 اعشاریہ چھ‘ اور دھاراشیو میں 13 اعشاریہ چھ درجہئ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ ریاست کی 264 میونسپل کونسلوں اور نگر پنچایتوں کے عام انتخابات کیلئے آج رائے دہی۔
٭ پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس کا آغاز؛ فہرست ِ رائے دہندگان کے ازسرِ نو جائزے اور دیگر موضوعات پر پارلیمنٹ کی کارروائی متاثر۔
٭ ایڈز دن کے موقع پر ایڈز سے متعلق بیداری پیدا کرنے کیلئے مختلف پروگراموں کا انعقاد۔
اور۔۔۔٭ مراٹھواڑہ اور وسطی مہاراشٹر میں سرد لہر کا امکان۔
***** ***** *****

No comments: