Sunday, 7 December 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 07 دسمبر 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 07 December-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۷/دسمبر ۵۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ بھارت رَتن ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کو اُن کے ’مہا پری نِروان‘ دن کے موقع پر ملک بھر میں پیش کیا گیا خراجِ عقیدت؛ مراٹھواڑہ میں مختلف پروگرامس کے ذریعے اس عظیم شخصیت کو پیش کی گئی تہنیت۔
٭ کوئی ٹیکنالوجی عدالتی فیصلہ سازی کے عمل کی جگہ نہیں لے سکتی: سپریم کورٹ کا فیصلہ۔
٭ فضائی کمپنیIndigo کو بغیر کسی تاخیر کے سفری خدمات منسوخ کیے جانے کے معاملے میں سفر کے کرایے واپس کرنے کی دی گئی ہدایت۔
اور۔۔۔٭ بھارت نے جنوبی افریقہ کے خلاف تیسرا یک روزہ میچ جیت کر سیریز 2-1 سے اپنے نام کرلی۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
بھارت رَتن ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کو کل اُن کی 70 ویں برسی اور مہاپری نروان دِن کے موقع پر ریاست اورملک بھر میں خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ صدرِ جمہوریہ دروپدی مُرمو‘ نائب صدر جمہوریہ سی پی رادھا کرشنن اوروزیرِ اعظم نریندرمودی نے بھی بابا صاحب کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ وہیں لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا اور اراکینِ پارلیمنٹ نے پارلیمنٹ ہاؤس میں بابا صاحب کی تصویر پر پھول چڑھائے۔
ناگپور میں مختلف سماجی‘ ثقافتی اور مذہبی تنظیموں نے مختلف پروگرامس کے ذریعے ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کو خراجِ عقیدت کا اظہار کیا۔ ہزاروں عقیدت مندوں نے شہر کے مختلف بدھ ویہاروں سمیت دِکشا بھومی‘ سنویدھان چوک‘ شانتی وَن چچولی میں ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کو تہنیت پیش کی۔
اسی طرح ممبئی کے دادر میں واقع چیتیہ بھومی پر گورنر آچاریہ دیو وَرَت‘ وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس‘ نائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے برسی کے موقع پر بابا صاحب امبیڈکر کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ اِندومل کے مقام پر ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کی یادگار کا کام جاری ہے۔ اس موقع پر وزیرِ اعلیٰ نے تیقن دیا کہ آئندہ برس 6 دسمبر تک یہ کام مکمل کرلیا جائے گا۔ پھڑنویس نے بتایا کہ بابا صاحب کی دُور اندیشی کے سبب بھارت آج دنیا کی چوتھی سب سے بڑی معیشت بن گیا ہے اور جلد ہی تیسرے مقام پر بھی پہنچ جائے گا۔ ونچت بہوجن آگھاڑی کے رہنماء پرکاش امبیڈکر‘ سابق وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے‘ رکنِ پارلیمنٹ سپریہ سُلے اور آنندراج امبیڈکر نے بھی چیتیہ بھومی پر جاکر بابا صاحب کو تہنیت پیش کی۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ بھر میں مختلف پروگرامس کا انعقاد کرکے عظیم شخصیت بابا صاحب امبیڈکر کوتہنیت پیش کی گئی۔ اس مناسبت سے ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی میں رویندر کیسکر کا خصوصی لیکچر منعقد کیا گیا۔ انھوں نے ”بابا صاحب کی زندگی کے دو سنہری صفحات- ماتا رَمائی اور مائی صاحب“ اس موضوع پر رہنمائی کی۔ چھترپتی سمبھاجی نگر میونسپل کارپوریشن میں بابا صاحب کے مجسّمے پر پھول چڑھائے گئے۔ مختلف جماعتوں اور تنظیموں نے بھی مجسّمے پر پھول چڑھا کر عقیدت کا اظہار کیا۔
وہیں لاتور ضلع کے پان گاؤں میں سیکڑوں عقیدت مند بابا صاحب کی ”راکھ“ کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کیلئے پہنچے۔ بابا صاحب کی آخری رسومات کے بعد چند نوجوانوں نے اُن کی ’راکھ‘ پان گاؤں لائی تھی۔ مہاراشٹر سمیت کرناٹک‘ تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے ہزاروں پیروکاروں نے بابا صاحب کی راکھ کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
مہا پری نروان دن کے اس موقع پر دھاراشیو میں سماجک سمرستا منچ‘ کیسریا فاؤنڈیشن اور آر ایس ایس کی جانب سے خون کے عطیہ کیلئے کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔
بہوجن وِدّیارتھی سماجک سنگھٹنا کی جانب سے ’ایک بیاض ایک قلم‘ نامی مہم چلائی گئی۔ بابا صاحب کے پیروکاروں کی جانب سے اس مہم کو خوب پذیرائی ملی۔ اسی طرح ناندیڑ میں ضلع کلکٹر راہل کرڈیلے اورمیونسپل کمشنر ڈاکٹر مہیش کمار ڈوئی پھوڑے نے بابا صاحب امبیڈکر کے مجسّمے پر پھول چڑھاکر اپنی عقیدت کا اظہار کیا۔ وہیں بیڑ‘ جالنہ‘ پربھنی اور ہنگولی اضلاع میں بھی مختلف پروگرامس منعقد کیے گئے اور بابا صاحب کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
***** ***** *****
سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ کوئی بھی ٹکنالوجی عدالتی فیصلہ سازی کے عمل کی جگہ نہیں لے سکتی۔ چیف جسٹس سوریہ کانت اور جسٹس جوائے مالا باگچی کی بینچ نے عدالتی عمل میں ”AI اور مشین لرننگ“ کو شامل کرنے کی درخواست پر یہ رائے درج کی۔ چیف جسٹس نے یہ بھی کہا کہ مصنوعی ذہانت AI کو عدالتی فیصلہ سازی عمل کو کنٹرول کرنے کی اجازت نہیں دی جائیگی۔ انھوں نے وضاحت کی کہ بھارتی عدلیہ میں ججوں کی آزادی اور انسانی ضمیر کا مقام برقرار رہے گا۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
شہری ہوابازی کی وزارت نے فضائی کمپنی ’انڈیگو‘ کو ہدایت دی ہے کہ وہ تمام مسافروں کے ٹکٹ کی باقی رقم بغیر کسی تاخیر کے واپس کرے۔ وزارت نے یہ بھی حکم دیا ہے کہ تمام منسوخ اور منقطع پروازوں کیلئے رقم کی واپسی کا عمل آج رات آٹھ بجے تک مکمل کرلیا جائے۔ ساتھ ہی انڈیگو کویہ بھی کہا گیا کہ وہ ان مسافروں سے کوئی Re Schedulling Fess نے لے جن کا سفر پرواز کی منسوخی کے سبب متاثر ہوا ہے۔ وزارت نے اس ہوائی کمپنی کو انتباہ دیا ہے کہ ٹکٹ کی رقم واپسی کے عمل میں کسی بھی طرح تاخیر یا عدم تعمیل کی صورت میں کمپنی پر کارروائی کی جائیگی۔ ساتھ ہی انڈیگو کو یہ بھی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ پرواز کی منسوخی یا تاخیر کے سبب مسافروں کے گمشدہ سامان کا پتہ لگاکر آئندہ 48 گھنٹوں میں مسافروں کے گھروں تک پہنچائے۔
***** ***** *****
گوا کے ’ارپورا‘ میں ایک نائٹ کلب میں آگ لگنے سے 23 افراد ہلاک ہوگئے، جن میں چار سیاح اور ہوٹل کے باورچی خانے کا عملہ شامل ہے۔ گوا کے وزیرِ اعلیٰ پرمود ساونت نے صبح سویرے جائے حادثے کا دورہ کیا۔ اس بارے میں موصولہ خبروں میں بتایا گیا ہے کہ آگ پر مکمل قابو پالیا گیا ہے۔
***** ***** *****
بھارت نے جنوبی افریقہ کے خلاف تیسرا یک روزہ میچ جیت کر تین میچوں کی سیریز 2-1 سے اپنے نام کرلی۔ وشاکھا پٹنم میں کل کھیلے گئے فائنل میچ میں بھارت نے جنوبی افریقہ کو نو وکٹوں سے شکست دے دی۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم نے پہلے بلّے بازی کرتے ہوئے بھارت کو 271 رنوں کا ہدف دیا۔ جوابی کھیل کے دوران بھارتی ٹیم نے 40 ویں اوور میں ایک وکٹ کے نقصان پر یہ ہدف حاصل کرلیا۔ یشسوی جیسوال نے 116‘ جبکہ وراٹ کوہلی نے 65 رنز بنائے۔ یشسوی جیسوال کو مین آف دی میچ جبکہ وراٹ کوہلی کو مین آف دی سیریز کے انعام سے نوازا گیا۔
***** ***** *****
معذور خواتین کی بھارتی کرکٹ ٹیم کی نائب کپتان گنگا کدم کا کل ہنگولی ضلعے میں ان کے آبائی وطن ”پھٹانہ“میں عوامی استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر ضلع کے رابطہ وزیر نرہری جھرواڑ‘ رکنِ پارلیمان ناگیش پاٹل آشٹیکر کی موجودگی میں گنگا کدم کو مبارکباد دینے کیلئے جلوس نکالا۔
***** ***** *****
سینئر سماجی کارکن بابا آڑھاؤ کی طبعیت خراب ہونے پر انھیں پونے کے سسون اسپتال میں شریک کیا گیا ہے۔ ان کی طبّی حالت نازک لیکن مستحکم ہے۔ انھیں انتہائی نگہداشت یونٹ (ICU) میں رکھا گیا ہے۔ سینئر لیڈر شرد پوار نے کل اسپتال جاکر ان سے ملاقات کی۔
***** ***** *****
ناسک میونسپل کارپوریشن کی جانب سے کمبھ میلے کے انعقاد کیلئے شہر کے تپون علاقے میں 54 ایکڑ قطعہئ اراضی پرموجود درختوں کو کانٹنے کی تجویز کو ملتوی کردی گیاہے۔ کمبھ میلے کے وزیر گریش مہاجن نے یہ اطلاع دی۔ گذشتہ 15 دنوں سے ماحولیات کے ماہرین اور سماج کے مختلف طبقات کی جانب سے مخالفت کی جارہی تھی۔
***** ***** *****
ستارا میں منعقد کی جانے والی 99 ویں کُل ہند مراٹھی ادبی کانفرنس کا افتتاح سینئر مصنفہ ڈاکٹر مردُلہ گرکر کریں گی۔ یہ کانفرنس یکم تا 4 جنوری 2026 کے دوران ہوگی۔ کل پونے میں منعقدہ صحافتی کانفرنس میں یہ اطلاع دی گئی۔
***** ***** *****
پربھنی ضلع کو خون کی کمی کا سامنا ہے۔ اس کیلئے ضلع پریشد کی CEO نتیشا ماتھر کی پہل پر ضلع پریشد میں کل خون کے عطیے کیلئے کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر 29 افراد نے خون دیا۔
***** ***** *****
دھاراشیو کے رکنِ پارلیمان اوم راجے نمبالکر نے مطالبہ کیا ہے کہ ریاست کے میونسپل اور نگر پنچایت علاقوں میں رہنے والے کسانوں کو مہاتما گاندھی دیہی قومی روزگار ضمانت اسکیم کے مساوی فوائد ملنے چاہیے۔ انھوں نے لوک سبھا میں وقفہئ صفر کے دوران یہ مسئلہ اٹھایا۔ انھوں نے ایوان کی توجہ اس جانب مبذول کروائی کہ میونسپل حدود میں رہنے والے ہزاروں کسان خاندانوں کو کئی اسکیمات سے صرف اس لیے باہر رکھا جاتا ہے کہ وہ میونسپل علاقوں میں رہتے ہیں۔
***** ***** *****
لاتور ضلع کے اوسا تعلقے کے کلّاری میں واقع نیل کنٹھیشور امدادِ باہمی شکر کارخانہ کل سے شروع ہوچکا ہے۔ اس موقع پر بی جے پی رکنِ اسمبلی ابھیمنیو پوار کے تعاون کو سراہا گیا۔
***** ***** *****
ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولس‘ ٹرانسپورٹ محکمے کے دفتر نے وضاحت کی ہے کہ آئندہ 13 دسمبر کو ریاست بھر میں منعقد ہونے والی لوک عدالتوں میں Challan-E معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
***** ***** *****
جنوب وسطی ریلوے نے تروپتی اور سائی نگر شرڈی کے درمیان ایک نئی ہفتہ وار ریل گاڑی شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ ریل گاڑی تروپتی سے ہر اتوار کو صبح چار بجے اور شرڈی سے ہر پیر کی صبح ساڑھے سات بجے روانہ ہوگی۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ بھارت رَتن ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کو اُن کے ’مہا پری نِروان‘ دن کے موقع پر ملک بھر میں پیش کیا گیا خراجِ عقیدت؛ مراٹھواڑہ میں مختلف پروگرامس کے ذریعے اس عظیم شخصیت کو پیش کی گئی تہنیت۔
٭ کوئی ٹیکنالوجی عدالتی فیصلہ سازی کے عمل کی جگہ نہیں لے سکتی: سپریم کورٹ کا فیصلہ۔
٭ فضائی کمپنیIndigo کو بغیر کسی تاخیر کے سفری خدمات منسوخ کیے جانے کے معاملے میں سفر کے کرایے واپس کرنے کی دی گئی ہدایت۔
اور۔۔۔٭ بھارت نے جنوبی افریقہ کے خلاف تیسرا یک روزہ میچ جیت کر سیریز 2-1 سے اپنے نام کرلی۔
***** ***** *****

No comments: