Monday, 24 February 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 24 فروری 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chatrapati Sambhajinagar

Date: 24 February-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۲۴؍فروری ۲۰۲۵ء؁
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ وزیر اعظم نریندر مودی آج پی ایم کسان اسکیم کی 19ویں قسط تقسیم کریں گے، ریاست کے 92 لاکھ 89 ہزار کسان خاندان ہوں گے مستفید۔
٭ بھارت مصنوعی ذہانت کے میدان میں تیزی سے اپنی منفرد شناخت بنا رہا ہے: ’’ من کی بات‘‘ پر وگرا م میں وزیر اعظم کا بیان۔
٭ 98ویں کُل ہند مراٹھی ادبی کانفرنس کا اختتام، 12 مختلف قراردادیں منظور۔
اور۔۔۔٭ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں بھارت کی پاکستان پر چھ وکٹوں سے فتح، ویراٹ کوہلی ایک روزہ میچوں میں تیز ترین 14 ہزار رنز مکمل کرنے والے کھلاڑی بنے۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
وزیرِ اعظم نریندر مودی آج ‘ بہار کے بھاگلپور میں پی ایم-کسان اسکیم کی 19ویں قسط تقسیم کریں گے۔ ملک بھر میں ساڑھے نو کروڑ سے زیادہ کسانوں کو 22ہزار کروڑ روپئے سے زیادہ کی رقم براہِ راست منتقل کی جائے گی۔
وزیرِ اعلی دیویندر پھڑنویس ناگپور سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے تقریب میں شریک ہوں گے، اور ریاست کے 92 لاکھ 89 ہزار کسان خاندانوں کوایک ہزار 967 کروڑ روپے سے زیادہ کی رقم تقسیم کی جائے گی۔ ریاست کے سبھی زرعی سائنسی مراکز سمیت ضلع، تعلقہ اور گرام پنچایت سطح پر بھی یہ تقریب منعقد کی جارہی ہے۔
***** ***** *****
دریں اثنا، کل آکاشوا نی کے ’’من کی بات پروگرام‘‘ میں بات کرتے ہوئے، وزیرِ اعظم مودی نے کہا کہ بھارت مصنوعی ذہانت - اے آئی کے میدان میں تیزی سے اپنی شناخت بنا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خلائی شعبے اور مصنوعی ذہانت میں بھارتی نوجوانوں کی سرگرم وفعال شرکت ایک نئے انقلاب کو جنم دے رہی ہے: انھوں نے کہا:
’’مجھے یہ دیکھ کر بھی بہت خوشی ہوتی ہے کہ آج اسپیس سیکٹر ہمارے یوائوں کیلئے بہت فیوریٹ بن گیا ہے۔ کچھ سا ل پہلے تک کس نے سوچا ہوگا کہ اس شیتر میں اسٹارٹ اَپ اور پرائیویٹ سیکٹر کی اسپیس کمپنیوں کی سنکھیا سینکڑو ں میں ہوجائےگی۔ ہمارے جو یوا‘ جیون میں تھریلنگ اور ایکسائٹنگ کرنا چاہتے ہیں ان کیلئے اسپیس سیکٹر ایک بہترین آپشن بن رہا ہے۔‘‘
وزیرِ اعظم نے کہا کہ ایک تندرست اور صحت مند ملک کی تعمیرکیلئے بھارت کو موٹاپے کے مسئلے کو بھی قابو کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ مسئلہ تشویشناک حد تک بڑھتا جا رہا ہے اور ہمیں اجتماعی طور پر چھوٹی چھوٹی کوششوں کے ذریعے اس کی روک تھام کرنے کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم نے آئندہ قومی یوم سائنس اور یوم خواتین کا بھی اپنی تقریر میں ذکر کیا۔ انہوں نے ملک کی منفرد حیاتیاتی تنوع اور مقامی ثقافت میں اس کے مقام کے بارے میں بھی معلومات فراہم کیں۔ وزیر اعظم نے حیاتیاتی تنوع کی حفاظت اور بقا کیلئے ملک بھر میں قبائلی برادریوں کی طرف سے کی جانے والی کوششوں کی بھی ستائش کی۔
***** ***** *****
نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے اعلان کیا ہے کہ نئی دہلی میں مراٹھی لوگوں کیلئے ایک الگ عظیم الشان عمارت تعمیر کی جائے گی۔ کل نئی دہلی میں 98ویں کُل ہند مراٹھی ادبی کانفرنس‘ پوار اور نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کی موجودگی میں اختتام پذیر ہوئی، اس موقعے پر پوار مخاطب تھے۔ انہوں نے ادیبوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت ثقافتی سرگرمیوں کیلئے فراخدلی سے تعاون کررہی ہے‘ لہٰذا ادیب اس تعاون کو ذہن میں رکھتے ہوئے عزتِ نفس کے ساتھ ادب تخلیق کریں۔ انھوں نے مزید کہا کہ صرف کلاسیکی زبان کا درجہ دیکرمراٹھی زبان کا فروغ نہیں ہوگا بلکہ اسے کثیر اللسان بنانا بھی ضروری ہے، انھوں نے مراٹھی زبان کو متوقع عظمت اور مرتبہ دلانے کیلئے ریاستی حکومت کی جانب سے ہر ممکن کوشش کرنے کا وعدہ بھی کیا۔ اجیت پوار نے کہا کہ مراٹھی کو تعلیمی زبان بنانے کی ضرورت ہے جس سے مراٹھی کی افادیت میں اضافہ ہوگا اور اس کیلئے ضروری ہے کہ جدید مضامین، سائنس اور ٹیکنالوجی کی تعلیم مراٹھی میں دی جائے۔
اسی طرح نائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے یقین دلایا کہ وہ مہاراشٹر کیلئے ہمیشہ کوشاں رہیں گے۔ تال کٹورہ اسٹیڈیم کی تاریخی وراثت کا ذکر کرتے ہوئے شندے نے کہا کہ مراٹھی ادب نے اپنے نظریات سے آج دہلی کو فتح کیا ہے۔
ادبی کانفرنس کی صدر تارا بھوالکر نے مراٹھی زبان کو پروان چڑھانے کیلئے گھروں میں بچوں کو مراٹھی سکھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انھوں نے کہا کہ اگر ثانوی تعلیم میں ہی مراٹھی زبان پر توجہ دی جائے تو مراٹھی زبان کا فروغ ہوسکتا ہے، انہوں نے مراٹھی زبان کے تحفظ کیلئے ضروری اقد امات کا بھی خصوصی طور پر ذکر کیا۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر میں کل‘ 19ویں کُل ہندباغی مراٹھی ادبی کانفرنس اختتام پذیر ہوئی۔ اس موقعے پر 27 مختلف قراردادیں پیش کی گئیں۔ کُل ہند مراٹھی ساہتیہ سمیلن کو دی جانے والی سرکاری امداد فوری طور پر بند کرنے اور خودکشی کرنے والے کسانوں کے متاثرہ خاندانوں اور گھنٹوں کی بنیاد پر مراٹھی اسکولوں اور کالجوں میں تدریسی خدمات انجام دینے والے تمام اساتذہ کی تنخواہوں پر یہ فنڈ استعمال کرنے، بین الذات اور بین المذاہب شادیوں شادی کرنے والے جوڑوں کو مذہبی شدت پسندوں سے تحفظ فراہم کرنے، اور مراٹھواڑہ اور شمالی مہاراشٹر کے درمیان تفریق کو فوری طور پر ختم کرکے پانی کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنانے کے اقد امات کرنے جیسی قراردادیں شامل ہیں۔
***** ***** *****
قانون ساز اسمبلی اور قانون ساز کونسل کے اُمور سے متعلق مشاورتی کمیٹی کا ایک اجلاس کل ممبئی کے ودھان بھون میں منعقد ہوا۔ اس موقعے پر اسمبلی کے بجٹ اجلاس کی کارروائی پر گفت و شنید کی گئی۔ خیال رہے کہ مقننہ کا بجٹ اجلاس آئندہ 3 مارچ سے شروع ہورہا ہے۔
***** ***** *****
چھترپتی شیواجی مہاراج کے 12 قلعوں کو یونیسکو کے عالمی ورثے کا درجہ دلانے کیلئے ریاست کے ثقافتی اُمور کے وزیر آشیش شیلار کی سرپرستی میں ایک وفد ورلڈ ہیرٹیج کمیٹی کے روبرو پیرس میں تکنیکی پرزنٹیشن کرے گا۔ ر یاستی حکومت نے ’’مراٹھی لشکری بھو پردیش‘‘ مہم کے تحت یہ تجویز پیش کی ہے۔ ان قلعہ جات میں رائے گڑھ‘ راج گڑھ، پرتاپ گڑھ، پَنہاڑا‘ شیونیری‘ لوہ گڑھ‘ سالہیر‘ سندھو دُرگ‘ سُورن دُرگ‘ وجئے دُرگ‘ کھاندیری قلعہ اور تملناڈو کا جِنجی قلعہ شامل ہے۔
***** ***** *****
آئی سی سی چمپئن ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ میں کل بھارت نے پاکستان کو چھ وکٹوں سے شکست د یکر اپنی فتوحات کا سلسلہ برقرار رکھا۔ دبئی میں کھیلے گئے اس مقابلے میں پاکستان نے پہلے بلّے بازی کرتے ہوئے بھارت کے سا منے 242 رنوں کا ہدف رکھا۔ کُلدیپ یادو نے تین‘ ہاردِک پانڈیہ نے دو ‘ جبکہ ہرشیت رانا‘ رویندر جڈیجہ اور اکشر پٹیل نے فی کس ایک وکٹ لیا۔ جواب میں بھارتی ٹیم نے وراٹ کوہلی کی سنچری کی بدولت 43 ویں اوور میں اس ہدف کو عبور کرلیا۔ کوہلی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار د یا گیا۔
دریں اثنا‘ ور اٹ کوہلی نے ا یک روزہ مقابلوں میں تیز رفتار 14 ہزار رنز مکمل کرلیے ہیں، جبکہ 158 کیچیز لیکر وہ بھارت کی جانب سے سب سے زیادہ کیچ لینے و الوں کھلاڑی بن گئے ہیں۔
***** ***** *****
ناندیڑ میں محصول ملازمین کے اسپورٹس مقابلے کل وزیرِ محصول چندر شیکھر باون کُڑے کی موجود گی میں اختتام پذیر ہوئے۔ ان مقابلوں میں کوکن ڈویژن نے فتح درج کی۔چھترپتی سمبھاجی نگر ڈویژن دوسرے ‘ جبکہ پونے ڈویژن تیسرے مقام پر رہا۔ ہر سال مقابلے منعقد کرنے اور اس کیلئے ایک کروڑ روپئے کا فنڈ مختص کرنے کا اعلان باون کُڑے نے اس موقعے پر کیا۔
***** ***** *****
سابق مرکزی مملکتی وزیرِ خزانہ ڈاکٹر بھاگوت کراڑ نے کہا ہے کہ مرکزی بجٹ میں غریب‘ نوجوان‘ خواتین اور کسانوں کی ترقی پر زو ر د یا گیا ہے۔ عام لوگوں کو مرکزی بجٹ سمجھانے کے نقطۂ نظر سے بی جے پی کی جانب سے کل بلڈانہ میں منعقدہ عوامی رابطہ پروگرام سے وہ مخاطب تھے۔ انھوں نے کہا کہ اس سال کے بجٹ میں کسانوں کیلئے بڑے اعلانات کیے گئے ہیں اور کسا ن کریڈٹ کارڈ کی حد بڑھائی گئی ہے۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر کی ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی کے قومی خدمت اسکیم شعبہ کی جانب سے ریاستی سطح کی بہترین یوتھ فیسٹیول ٹیم کا انتخاب کیا گیا ہے۔ ساوتری بائی پھلے پونے یونیورسٹی میں ہونے والے اس فیسٹیول کیلئے مراٹھو اڑہ کے 20 نوجو انوں کی ٹیم کل رو انہ ہوئی۔
***** ***** *****
بیڑ میں وزیرِ اعظم گھرکل آواس اسکیم کے 40 مستفیدین کو گھرکل منظوری کے لیٹر ضلع کلکٹر اویناش پاٹھک کے ہاتھوں تقسیم کیے گئے۔ اس موقعے پر ضلع کلکٹر نے اسکیم کیلئے ریاستی حکومت کی جانب سے موصول ہونے والی رقم خو اتین سے گھر کیلئے ہی استعمال کرنے کا مشورہ دیا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ وزیر اعظم نریندر مودی آج پی ایم کسان اسکیم کی 19ویں قسط تقسیم کریں گے، ریاست کے 92 لاکھ 89 ہزار کسان خاندان ہوں گے مستفید۔
٭ بھارت مصنوعی ذہانت کے میدان میں تیزی سے اپنی منفرد شناخت بنا رہا ہے: ’’ من کی بات‘‘ پر وگرا م میں وزیر اعظم کا بیان۔
٭ 98ویں کُل ہند مراٹھی ادبی کانفرنس کا اختتام، 12 مختلف قراردادیں منظور۔
اور۔۔۔٭ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں بھارت کی پاکستان پر چھ وکٹوں سے فتح، ویراٹ کوہلی ایک روزہ میچوں میں تیز ترین 14 ہزار رنز مکمل کرنے والے کھلاڑی بنے۔
***** ***** *****

No comments: