Thursday, 27 February 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 27 فروری 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chatrapati Sambhajinagar

Date: 27 February-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۷۲/فروری ۵۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ خواتین کی کامیابی میں ہی ملک اور معاشرے کی کامیابی مضمرہے: صدرِ جمہوریہ کا عندیہ۔
٭ مراٹھی زبان گورَو دِن کے موقع پر ریاست بھر میں مختلف تقریبات؛ ریاستی ادب و ثقافت کونسل کی جانب سے 51 کتابوں کا اجراء۔
٭ ناسک میں ہونے والے کمبھ میلے کیلئے علیحدہ کمبھ میلہ اتھاریٹی قائم کرنے کی وزیرِ اعلیٰ کی ہدایت۔
٭ آیوش وزارت کی ”دیش کا پراکرتی پریکشن مہم“ گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں درج۔
٭ مسا جوگ قتل کے مقدمے میں ماہرِ قانون اُجول نکم خصوصی سرکاری وکیل نامزد۔
اور۔۔۔٭ آئی سی سی چمپئنز ٹرافی کے سنسنی خیز میچ میں انگلینڈ کے خلاف افغانستان کی فتح۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
صدرِ جمہوریہ درَوپدی مُرمو نے کہا ہے کہ خواتین کامیاب ہوتی ہیں تب ہی ملک اور معاشرہ کامیاب ہوسکتا ہے۔ وہ کل مدھیہ پردیش کے چھترپور میں اجتماعی شادیوں کے ایک پروگرام سے مخاطب تھیں۔ انھوں نے کہا کہ حکومت کا عزم ترقی یافتہ بھارت ہے اور اس کیلئے سماج کے تمام طبقات کی ترقی ضروری ہے۔ اس موقع پر دروپدی مُرمو نے نوبیاہتا جوڑوں میں تحائف بھی تقسیم کیے۔
***** ***** *****
آج مراٹھی زبان گورو دِن منایا جارہا ہے۔ معروف مراٹھی شاعر کسماگرج کی مراٹھی ادب میں دی گئی خدمات کے اعتراف میں ان کی یومِ پیدائش 27 فروری کومراٹھی گورو دِن کے طور پر منایا جاتا ہے۔ اس موقع پر ریاست میں مختلف تقاریب کا انعقاد کیا گیا ہے۔ مراٹھی زبان کے وقار اور فروغ میں مصروف معزز شخصیات کے اعزاز میں آج ممبئی کے گیٹ وے آف انڈیا پر شام میں ایک تقسیم ِ اعزاز تقریب منعقد کی گئی ہے۔ جس میں مراٹھی ادب سے متعلق مختلف ایوارڈز تفویض کیے جائیں گے۔ ریاستی ادب اور ثقافتی کونسل یعنی راجیہ ساہتیہ سانسکرتی منڈل کے تحت 51 کتابوں کا اجراء بھی اس پروگرام میں عمل میں آئے گا۔
چھترپتی سمبھاجی نگر میں مراٹھواڑہ ساہتیہ پریشد کی جانب سے نانداپورکر ہال میں اور ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی کے شعبہئ مراٹھی کی جانب سے مراٹھی زبان گورو دِن کی مناسبت سے کوی سمّیلن منعقد کیے گئے ہیں۔
***** ***** *****
ریاست میں معذور نوجوانوں کو تربیت دیکر انھیں معاشرے کے مرکزی دھارے میں شامل کرنے اور ان کی اقتصادی خود انحصاری کو یقینی بنانے اور روزگار کی فراہمی کیلئے ”یوتھ فار جابس“ نامی تنظیم اور ریاستی حکومت جلد ہی ایک مفاہمتی معاہدہ کریں گے۔ ابتدائی مرحلے میں یہ تنظیم ودربھ اور شمالی مہاراشٹر میں حکومت کے ساتھ تعاون کرے گی اور بعد ازاں اس کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔ وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے یقین دلایا ہے کہ اس اقدام سے معذور نوجوانوں کو روزگار کے مواقع ملیں گے۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے 2027 میں ناسک اور ترمبکیشور میں منعقد ہونے والے سنہستھ کمبھ میلے کیلئے ایک علیحدہ کمبھ میلہ اتھاریٹی قائم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ کل اس کمبھ میلے کی تیاری کے سلسلے میں منعقدہ ایک جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے یہ ہدایت کی۔ وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ اس بار کمبھ میلہ ڈیجیٹل ٹکنالوجی کمبھ کے طور پر جانا‘ جانا چاہیے اور اس کیلئے مناسب منصوبہ بندی کے احکامات بھی انھوں نے دئیے۔
***** ***** *****
اقلیتی فرقے سے تعلق رکھنے والے طلبہ کی اسکالر شپ میں مرکزی حکومت کی جانب سے کٹوتی کیے جانے کے کانگریس کے الزام کو اقلیتی اُمور کے وزیر کرین رِجیجو نے مسترد کردیا ہے۔ کانگریس سربراہ ملک ارجن کھرگے نے الزام عائد کیا تھا کہ اقلیتی فرقے‘ پسماندہ طبقات اور دیگر مختلف اسکالر شپس میں مرکزی حکومت کی جانب سے کٹوتی کی گئی ہے۔ سماجی رابطے پر اپنے پیغام میں کرین رِجیجو نے اس الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس کے برخلاف نریندر مودی کی زیرِ قیادت مرکزی حکومت نے اقلیتوں کے استحکام کیلئے فقیدالمثال کام کیا ہے اور اسکالر شپ مواقع اور شفافیت میں اضافہ کیا ہے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
اُترپردیش کے پریاگ راج میں منعقدہ مہا کمبھ میلہ کل اختتام پذیر ہوا۔ مکرسنکرانتی سے شروع ہونے والے اس مہاکمبھ میلے میں تقریباً 65کروڑ سے زیادہ عقیدت مندوں نے مقدس سنگم میں اسنان کیا۔
***** ***** *****
پرسار بھارتی کے چیئرمین نونیت سہگل نے کہا ہے کہ مہاکمبھ میلے کے دوران ملک کے ثقافتی روابط کو مستحکم کرنے میں پرسار بھارتی نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ اس دوران 48 دنوں تک چلنے والے کمبھ وانی پروگرام کے ذریعے آکاشوانی نے کروڑوں لوگوں سے رابطہ قائم کیا۔ انھوں نے کہا:
”اس وِشیش چینل کمبھ وانی نے 48 دنوں کی ایک چھوٹی سے یاترا کے دوران بہت لوگوں کو چھوا ہے۔ آکاشوانی سبھی سے جڑا رہا‘عام آدمی سے لیکر ہمارے جو وہاں مہاتما گن تھے‘ ہمارے جو وہاں اکھاڑے آئے ہیں‘ ہمارے جو وہاں سنت گن آئے ہیں‘ آکاشوانی جڑا رہا۔ بھارتیہ سنسکرتی کو جن جن تک پہنچانے میں آکاشوانی کی مہتوپورن بھومیکا رہی ہے۔“
پرسار بھارتی کے چیف ایکزیکٹیو آفیسر گورَو دِویدی نے کہا ہے کہ آکاشوانی نے بطورِ قومی نشریاتی ادارہ اس کمبھ میلے کے دوران بخوبی اپنی ذمہ داری نبھائی ہے۔آکاشوانی کے کمبھ وانی پروگرام کے ذریعے کم سے کم وقت میں زیادہ سے زیادہ لوگوں تک رسائی کے حوالے سے آکاشوانی کی کارکردگی کی پرسار بھارتی کی ڈائریکٹر پردنیا پالیوال نے بھی ستائش کی۔
***** ***** *****
گذشتہ روز مہاشیوراتری کا تہوار پورے عقیدت و احترام سے منایا گیا۔ پونے کے قریب بھیماشنکر‘ ناسک کے قریب ترمبکیشور‘ ایلورہ کے گھرشنیشور‘ ہنگولی ضلع کے ناگناتھ اور بیڑ ضلع کے پرلی میں واقع ویجناتھ ان پانچ جیوترلنگ مندروں میں عقیدت مندوں کی بڑی بھیڑ جمع ہوئی تھی۔ چھترپتی سمبھاجی نگر کے ایلورہ گھرشنیشور مندر میں عقیدت مند نصف شب سے ہی پہنچنا شروع ہوگئے تھے۔
***** ***** *****
آیوش وزارت کی ”دیش کا پراکرتی پریکشن مہم“کو گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔ مرکزی وزیرِ صحت پرتاپ راؤ جادھو نے گذشتہ روز بلڈانہ میں ایک اخباری کانفرنس میں یہ اطلاع دی۔ انھوں نے بتایا کہ اس مہم کے تحت ریاست نے پانچ ورلڈ ریکارڈ قائم کیے گئے ہیں۔
***** ***** *****
پونا کے سوار گیٹ بس اسٹینڈ پر شیوشاہی بس میں ایک دوشیزہ کے ساتھ جنسی زیادتی کے معاملے میں وزیرِ حمل و نقل پرتاپ سرنائیک نے واردات کے وقت ڈیوٹی پر موجود ملازمین کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ یہ واقعہ کل صبح پیش آیا۔ خبررساں ادارے کے مطابق پولس نے ملزم کی تلاش شروع کردی ہے۔
اسی دوران نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار نے کہا کہ اس جرم کا ارتکاب کرنے والے شخص کو پھانسی کے سوا کوئی دوسری سزا نہیں دی جاسکتی۔ انھوں نے بتایا کہ وہ پولس کمشنر کے ساتھ راست رابطے میں ہیں اور تحقیقات کی نگرانی کررہے ہیں۔ انھوں نے ملزم کی فوری گرفتاری کے احکامات بھی دئیے۔
ریاستی کانگریس کے صدر ہرش وردھن سپکاڑ نے اس واقعے پر ریاستی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ انھوں نے کہا کہ خواتین کے تحفظ کا مسئلہ ایک بار پھر سنگین ہوچکا ہے۔ انھوں نے حکومت پر دیگر موضوعات پر بھی شدید نکتہ چینی کی۔
***** ***** *****
بیڑ ضلع کے مسّا جوگ کے سرپنچ سنتوش دیشمکھ کے قتل کیس میں ریاستی حکومت نے سینئر وکیل اُجول نکم کو خصوصی سرکاری وکیل کے طور پر نامزدکیا ہے، جبکہ بالا صاحب کولہے کو معاون خصوصی سرکاری وکیل کے طور پر مقرر کیا گیا ہے۔ اُجول نکم کی نامزدگی کی درخواست منظور ہونے پر سنتوش دیشمکھ کے اہلِ خانہ اور مسّا جوگ کے ساکنان نے اپنی دو روز سے جاری بھوک ہڑتال ختم کردی۔ رُکن پارلیمان بجرنگ سونونے اور رکنِ اسمبلی سریش دھس نے دیشمکھ کے اہلِ خانہ کو پانی پلاکر بھوک ہڑتال ختم کروائی اور یقین دہانی کروائی ک ان کے دیگر مطالبات بھی جلد پورے کیے جائیں گے۔
***** ***** *****
آئی سی سی چمپئن ٹرافی کے ایک انتہائی سنسنی خیز میچ میں کل افغانستان کی ٹیم نے انگلینڈ کو آٹھ رنوں سے شکست دے دی۔ پاکستان کے شہر لاہور میں کھیلے گئے اس میچ میں افغانستان نے پہلے بلّے بازی کرتے ہوئے مقررہ 50 اوور میں سات وِکٹ کے نقصان پر 325 رن بنائے۔ افغانستان کی جانب سے افتتاحی بلّے باز ابراہیم زادران نے 177 رن بنائے‘ جواب میں 325 رنوں کے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی پوری ٹیم آخری اوور میں 317 رن بناکر آؤٹ ہوگئی۔ عظمت اللہ عمر زئی نے افغانستان کی جانب سے پانچ وِکٹ حاصل کیے۔ ابراہیم زادران کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ خواتین کی کامیابی میں ہی ملک اور معاشرے کی کامیابی مضمرہے: صدرِ جمہوریہ کا عندیہ۔
٭ مراٹھی زبان گورَو دِن کے موقع پر ریاست بھر میں مختلف تقریبات؛ ریاستی ادب و ثقافت کونسل کی جانب سے 51 کتابوں کا اجراء۔
٭ ناسک میں ہونے والے کمبھ میلے کیلئے علیحدہ کمبھ میلہ اتھاریٹی قائم کرنے کی وزیرِ اعلیٰ کی ہدایت۔
٭ آیوش وزارت کی ”دیش کا پراکرتی پریکشن مہم“ گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں درج۔
٭ مسا جوگ قتل کے مقدمے میں ماہرِ قانون اُجول نکم خصوصی سرکاری وکیل نامزد۔
اور۔۔۔٭ آئی سی سی چمپئنز ٹرافی کے سنسنی خیز میچ میں انگلینڈ کے خلاف افغانستان کی فتح۔
***** ***** *****

No comments: