Regional Urdu Text Bulletin, Chatrapati Sambhajinagar
Date: 25 February-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۵۲/فروری ۵۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ وزیرِ اعظم کسان سنمان ندھی اسکیم کے چھ سال مکمل؛ وزیرِ اعظم نریندر مودی کے ہاتھوں اسکیم کی 19 ویں قسط جاری۔
٭ نمو کسان سنمان ندھی یوجنا کے تحت کسانوں کو دی جانے والی رقم میں تین ہزار روپئے کا اضافہ کیا جائے گا۔ وزیرِ اعلیٰ کا اعلان۔
٭ مہاراشٹر جلد ہی ملک کے مصنوعی ذہانت AI انقلاب کی قیادت کرے گا: وزیرِ اعلیٰ کا اظہارِ اعتماد۔
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر کے ضلع کلکٹر دلیپ سوامی کو کمیشن برائے تحفظ ِ حقوقِ اطفال کا محب اطفال ایوارڈ۔
اور۔۔۔٭ آئی سی سی چمپئنز ٹرافی میں بھارت اور نیوزی لینڈ کا سیمی فائنل میں داخلہ یقینی۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
کسانوں کو احترام اورمالی امداد دینے والی کسان سنمان ندھی اسکیم کو کل چھ برس مکمل ہوگئے۔ اس حوالے سے وزیرِ اعظم نریندر مودی نے ملک بھر کے کسانوں کا خیر مقدم کیا ہے۔ اس اسکیم کے تحت اب تک ساڑھے تین لاکھ کروڑ روپئے کسانوں کے کھاتوں میں جمع ہو جانے پر وزیرِ اعظم نے سماجی رابطے پر اپنے پیغام میں اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
اسی اثناء‘ بہار کے شہر بھاگلپور میں اس اسکیم کی 19 ویں قسط وزیرِ اعظم کے ہاتھوں جاری کی گئی۔ اس موقع پر کسانوں کو مخاطب کرتے ہوئے نریندر مودی نے کہا:
”ساتھیو! بیتے وَرشوں میں سرکار کے پریاسوں سے بھارت کا کُرشی نِریات بہت اَدِھک بڑھا ہے‘ اس سے کسانوں کو اُن کی اُپج کی زیادہ قیمت ملنے لگی ہے۔ کئی کُرشی اُتپاد ایسے ہیں‘ جن کا پہلی بار نِریات شروع ہوا ہے‘ اب باری بہار کے مکھانہ کی ہے۔“
وزیرِ اعظم کے ہاتھوں 9 کروڑ 80 لاکھ کسانوں کے بینک کھاتوں میں 22 ہزار 700 کروڑ روپئے سے زیادہ رقم جمع کی گئی۔ جن میں مہاراشٹر کے 92 لاکھ 89 ہزار کسان بھی شامل ہیں۔
ریاستی حکومت کی جانب سے نمو کسان سنمان ندھی یوجنا کے تحت کسانوں کو دی جانے والی رقم میں تین ہزار روپئے کا اضافہ کرنے کا اعلان وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے ناگپور میں اس حوالے سے منعقدہ پروگرام میں کیا۔ اب کسانوں کو مرکزی حکومت کے چھ ہزار اور ریاستی حکومت کے 9 ہزار اس طرح مجموعی طور پر 15 ہزار روپئے کی مالی امداد دی جائے گی۔ وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ مرکز اور ریاست کی حکومتیں کسانوں کے تئیں مکمل طور پر وقف ہیں۔ ندی جوڑ منصوبے کے تحت ودربھ کے قحط سے متاثرہ ہونے والے علاقوں کی زمین کا بیشتر حصہ سیراب کیا جائے گا۔ انھوں نے مزید کہا کہ ودربھ کی تصویر مکمل طور پر تبدیل ہوجائیگی۔ فی الحال گوسی خورد آبی منصوبے کا جو پانی ضائع ہوجاتا تھا اُسے ندی جوڑ منصوبے کے ذریعے بلڈانہ کے نڑ گنگے تک لے جایا جائے گا۔ جس کا مطلب ہے کہ تقریباً ساڑھے پانچ سو کلو میٹر طویل ایک ندی تیار کی جائیگی۔ اس طرح کم و بیش 10لاکھ ایکڑ زمین زراعت کیلئے سیراب کی جاسکے گی۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے یقین ظاہر کیا ہے کہ ٹکنالوجی اور مصنوعی ذہانت AI کے ذریعے ریاستی حکومت انتظامیہ اور معیشت کو فروغ دے رہی ہے اور مہاراشٹر عنقریب ملک کے ٹکنالوجی و AIانقلاب کی قیادت کرے گا۔ وہ کل ممبئی میں نیسکام ٹکنالوجی اینڈ لیڈر شپ سمٹ سے خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ ملک کے 60 فیصد ڈیٹا سینٹرز مہاراشٹر میں ہیں اور نئی ممبئی میں ڈیٹا سینٹر پارک تعمیر کیا جارہا ہے۔ پھڑنویس نے بتایا کہ سن 2030 تک ریاست کی کُل بجلی کی پیداوار کا 50 فیصد حصہ سبز توانائی پر مشتمل ہوگا۔ انھوں نے مزید کہا کہ ڈرون شکتی پروگرام کے تحت ڈرون کی تربیت دیکر فصلوں پر چھڑکاؤ کے اخراجات کو کم کیا جائے گا۔
***** ***** *****
”پردھان منتری سوریہ گھرمفت شمسی بجلی اسکیم“ کے تحت اب تک ساڑھے نو لاکھ سے زائد سولار اینرجی پلانٹس نصب کیے جاچکے ہیں۔ یہ اطلاع مرکزی وزیر برائے قابلِ تجدید توانائی پرلہاد جوشی نے دی۔ کل ممبئی میں ایک اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے بتایا کہ قابلِ تجدید توانائی کی وزارت کی جانب سے منعقدہ ورکشاپ میں قابلِ تجدید توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کی چیلنجز پر توجہ مرکوز کی گئی۔
***** ***** *****
نئے تعلیمی سال سے اسکول بسوں کیلئے نئے ضوابط نافذ کیے جارہے ہیں۔ اس سلسلے میں سبکدوش ٹرانسپورٹ افسر جتندر پاٹل کی زیرِ صدارت یک رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ کل ممبئی میں وزیرِ حمل ونقل پرتاپ سرنائیک کی زیرِ صدارت منعقدہ اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا۔ وزیرِ موصوف نے کمیٹی کو ہدایت کی کہ وہ اندرونِ ایک ماہ اس ضمن میں اپنی رپورٹ پیش کرے۔ انھوں نے بتایا کہ اسکولی طلبہ کو ذہن میں رکھ کر بسوں کیلئے یہ رہنماء ضابطے نافذ کیے جائیں گے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
دھاراشیو ضلع میں گذشتہ برس زیادہ کے باعث ہوئے نقصان کے معاوضے کے طور پر ایک لاکھ سے زائد کاشتکاروں کے کھاتوں میں 137 کروڑ روپئے جمع ہوچکے ہیں۔ رُکنِ اسمبلی رانا جگجیت سنگھ پاٹل نے یہ اطلاع دی۔ انھوں نے بتایا کہ کسانوں کی جانب سے دستاویزات ای پورٹل پر اَپلوڈ نہ کرنے اور ای کے وائی سی نہ کروانے کے سبب جمع شدہ رقم میں سے 89 کروڑ 9 لاکھ روپئے تقسیم ہونا ابھی باقی ہے۔ انھوں نے کسانوں کو ترغیب دی کہ اپنے دستاویزات جلد از جلد جمع کروائیں۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر کے ضلع کلکٹر دلیپ سوامی کو ریاستی کمیشن برائے تحفظ ِ حقوقِ اطفال کی جانب سے محب اطفال ایوارڈ دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔ کمیشن کے سربراہ ماہرِ قانون سُشی بین شاہ کے جاری کردہ ایک مکتوب میں یہ اطلاع دی گئی۔ آئندہ 3 مارچ کو ممبئی میں ہونے والے ایک پروگرام میں انھیں یہ ایوارڈ دیا جائے گا۔ بچوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے چلائے گئے مختلف منصوبوں کی کامیابی کے سبب دلیپ سوامی کو اس ایوارڈ کیلئے منتخب کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
آئی سی سی چمپئنز ٹرافی میں نیوزی لینڈ اور بھارت کی ٹیموں کا سیمی فائل میں داخلہ یقینی ہے۔ ٹورنامنٹ میں کل کھیلے گئے میچ میں نیوزی نے بنگلہ دیش کی ٹیم کے خلاف پانچ وِکٹوں سے فتح حاصل کی۔ دُبئی میں کھیلے گئے اس میچ میں بنگلہ دیش نے پہلے بلّے بازی کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کو جیت کیلئے 237 رنوں کا ہدف دیا۔ جواب میں نیوزی لینڈ نے میچ کے 47 ویں اوور میں مطلوبہ ہدف حاصل کرلیا۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے رَچن رویندر نے 112 رن اسکور کیے۔
***** ***** *****
بیڑ ضلع کے مسّا جوگ کے سرپنچ سنتوش دیشمکھ کے قتل کو ڈھائی ماہ کا عرصہ بیت چکا ہے۔ اس قتل کے معاملے میں ماہرِ قانونی اُجول نکم کو سرکاری وکیل نامزد کرنے اور مفرور کرشنا آندھڑے کو فوری گرفتار کرنے کے مطالبے پر مسّاجوگ کے ساکنان آج سے بھوک ہڑتال کررہے ہیں۔ سنتوش دیشمکھ کے بھائی دھننجئے دیشمکھ نے یہ اطلاع دی۔ انھوں نے بتایا کہ مقامی باشندوں سے صلاح و مشورہ کرکے تحریک کی سمت متعین کی جائیگی اور مطالبات پورے ہونے تک یہ تحریک جاری رہے گی۔
دریں اثناء‘ 8 مارچ کو عالمی یومِ خواتین کی مناسبت سے کانگریس پارٹی کی جانب سے مسّا جوگ تا بیڑ سدبھاؤنا یاترا نکالی جائیگی۔ کانگریس کے ریاستی صدر ہرش وردھن سپکاڑ نے اخباری کانفرنس میں یہ اطلاع دی۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع پریشد کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر وکاس مینا کی کوشش سے انتظامیہ آپ کے موبائل پر اس جدید طرز کی مہم کا کل سے آغاز کردیا گیا ہے۔ پیر سے جمعہ تک گوگل میٹ کے ذریعے سرپنچ اور گرام سیوک سے بات چیت کرکے پنچایت‘ جل جیون مشن اور سوچھ بھارت مشن کے تحت ان کی شکایات پر گفت و شنید کی جاسکے گی۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ وزیرِ اعظم کسان سنمان ندھی اسکیم کے چھ سال مکمل؛ وزیرِ اعظم نریندر مودی کے ہاتھوں اسکیم کی 19 ویں قسط جاری۔
٭ نمو کسان سنمان ندھی یوجنا کے تحت کسانوں کو دی جانے والی رقم میں تین ہزار روپئے کا اضافہ کیا جائے گا۔ وزیرِ اعلیٰ کا اعلان۔
٭ مہاراشٹر جلد ہی ملک کے مصنوعی ذہانت AI انقلاب کی قیادت کرے گا: وزیرِ اعلیٰ کا اظہارِ اعتماد۔
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر کے ضلع کلکٹر دلیپ سوامی کو کمیشن برائے تحفظ ِ حقوقِ اطفال کا محب اطفال ایوارڈ۔
اور۔۔۔٭ آئی سی سی چمپئنز ٹرافی میں بھارت اور نیوزی لینڈ کا سیمی فائنل میں داخلہ یقینی۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment