Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 30 September-2024
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۳۰؍ ستمبر ۲۰۲۴ء
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ بڑکن صنعتی علاقے سمیت ریاست میں 11 ہزار 200 کروڑ روپئے کے صرفے سے مختلف منصوبوں کا وزیر اعظم کے ذریعے سنگ بنیاد، افتتاح اور نقاب کشا ئی۔
٭ ’’میک ان انڈیا مہم‘‘ کے سبب بھارت دنیا میں ایک اہم پیداواری مرکز بن گیا ہے:’’ من کی بات ‘‘ پروگرام میں وزیر اعظم مودی کا دعویٰ۔
٭ صنعتی تربیتی اداروں میں لڑکیوں کی حفاظت کیلئے آج سے مفت خود حفاظتی تربیت کا آغاز۔
اور۔۔۔٭ مراٹھواڑہ کے بیڑ، لاتور اور دھاراشیو اضلاع کیلئے آج بارش کا یلو الرٹ جاری۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ چھترپتی سمبھاجی نگر کے قریب آرِک-بڑکن صنعتی سرمایہ کاری پروجیکٹ مراٹھواڑہ کے نوجوانوں کیلئے بڑے پیمانے پر روزگار پیدا کرے گا۔ گزشتہ روز وزیراعظم نے ٹیلی کانفرنسنگ نظام کے ذریعے بڑکن صنعتی سرمایہ کاری پروجیکٹ کا افتتاح کیا، اس موقع پر وزیرِ اعظم مود ی خطاب کررہے تھے۔ مرکزی حکومت کے قومی صنعتی کوریڈور ترقیاتی پروگرام کے تحت یہ صنعتی علاقہ سات ہزار 855 ایکڑ رقبے پر پھیلا ہوا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ بڑکن صنعتی علاقے میں مراٹھواڑہ کو ایک بڑا صنعتی مرکز بنانے کی صلاحیت موجود ہے۔ انھوں نے کہا :
’’چھترپتی سمبھاجی نگر میں لگ بھگ آٹھ ہزار ایکڑ میں بڑکن انڈسٹرئیل ایئریا کا وِستار ہوگا‘ بڑے بڑے اُدّیوگوں کیلئے یہاں زمین الاٹ ہوگئی ہے۔ جس سے یہاں ہزاروں کروڑ کو نِویش آئے گا‘ اس سے ہزارو ں یو ائوںکو روزگار ملے گا۔ ‘‘
وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے، نائب وزرائے اعلیٰ دیویندر پھڑنویس اور اجیت پوار بھی پونہ سے ٹیلی کانفرنسنگ نظام کے ذریعے اس پروگرام میں شریک ہوئے۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ شندے نے کہا کہ پونے کی طرح اب سمبھاجی نگر میں بھی بہت سی صنعتیں آ رہی ہیں، جس سے مقامی سطح پر روزگار کے مواقع دستیاب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں مہایوتی حکومت صنعتوں کو درپیش مسائل کو فوری طور پر حل کررہی ہے۔
بڑکن صنعتی علاقے کے پرو جیکٹ مینیجر ارون دُوبے نے بھی آرِک منصوبے کی معرفت بڑے پیمانےپر روزگار فراہم ہونے کا دعو یٰ کیا۔
بڑکن میں منعقدہ اس پرو گرام میں ریاست کے وزیر برا ئے ہائوسنگ اتل ساوے‘ رکنِ پا رلیمان ڈاکٹر بھاگوت کراڑ بھی موجود تھے۔
***** ***** *****
دریں اثنا‘ پونے میں ریاست کے 11 ہزار 200 کروڑ رو پئے سے زیادہ صرفے کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اور نقاب کشا ئی بھی وزیرِ اعظم کے ہاتھوں عمل میں آئی۔ پونے کے بھڑے واڑہ میں کر انتی جیوتی سا وتری بائی پھلے کی یادگار کا سنگ ِ بنیاد‘ شیو اجی نگر سے سوار گیٹ تک زیرِ زمین راستے کی نقاب کشائی ‘ اور کاترج کے زیرِ زمین راستے کا سنگ ِ بنیاد سمیت شولا پور طیران گاہ کا افتتاح بھی اس موقعے پر وزیرِ اعظم نے کیا۔
***** ***** *****
وزیرِ اعظم نریندر مود ی نے کہا ہے کہ مرکزی حکومت کی ’’میک اِن انڈیا‘‘ مہم کی وجہ سے بھارت پیداوار کا مرکز بن چکا ہے اور ہر شعبہ میں برآمدات میں اضافہ ہواہے۔ مودی کل آکاشوانی پر ’’من کی بات‘‘ پروگرام کے ذریعے اہلِ وطن سے خطاب کررہے تھے۔بھنڈارا ضلعے کے رو ایتی ریشم صنعت کا بھی اس موقعے پر انھوں نے خصوصی ذکر کیا۔ ساتھ ہی انھوں نے ’’صفائی ہی خدمت‘‘ ، ایک پیڑ ماں کے نام‘ کیچ دَ رین‘ جیسی سرگرمیوں کو ملک بھر میں زبردست عو امی پذیر ائی حاصل ہونے کی بات بھی کہی۔ وزیرِ اعظم مود ی نے ملک کی عو ام کو آئندہ تہواروں کی مبارکباد دیتے ہوئے صرف ملک میں تیار کردہ اشیا ہی خریدنے کے سابقہ عزم کو دہرانے کی اپیل بھی کی۔
’’من کی بات‘‘ پر وگرام کو دس سال مکمل ہونے پر وزیرِ اعظم نے دوردرشن‘ پرسار بھارتی اور آکاشو انی سے وابستہ عملے کی ستائش بھی کی۔
***** ***** *****
وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے کل ستارا ضلعے کے پاٹن تعلقے کے کاڑولی میں عوامی رہنما بالاصاحب دیسائی ہمہ مقصد ی زرعی کمپلیکس و تعلقہ تخم سازی مرکز کے پہلے مرحلے کا افتتاح کیا۔ انہوں نے مٹی کی جانچ کیلئے لیبارٹری، اجناس کے درجہ بندی مرکز، دال پروسیسنگ مرکز، تیل سازی مرکز اور چاول پروسیسنگ مرکز کا معائنہ بھی کیا۔ پاٹن میں مرکزی حکومت کے ماتحت امرت نل آبرسانی منصوبے کا سنگ بنیاد اور ملہار پیٹھ میں عوامی رہنما بالاصاحب دیسائی دیہی سکریٹریٹ کی نئی عمارت کی نقاب کشائی بھی وزیر اعلیٰ کے ہاتھوں عمل میں آئی۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
سرکاری صنعتی اداروں میں خواتین کو خود حفاظت کی تربیت دینے کیلئے ’’ہر گھر دُرگا‘‘ مہم کا آغاز آج لوک سبھا اسپیکر اوم برلا کریں گے۔ وزیر بر ائے فر وغِ ہنر منگل پربھات لوڈھا نے اس کی اطلاع دی۔ ممبئی کے کُرلا میں واقع سرکاری صنعتی ادارے میں منعقدہ اس تقریب میں وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے‘ نائب وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس او ر اجیت پوار بھی خصوصی طور پر موجود رہیں گے۔
***** ***** *****
سابق وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ ای ڈی اور سی بی آئی کے ذریعے مخالف جماعتوں کے رہنمائوں کو پھنسانا ہی بی جے پی کی پالیسی ہے۔ ناگپور ضلعے کے کڑمیشور سے قریب جھیل کے کنارے نصب چھترپتی شیواجی مہاراج کے گھوڑ سوار مجسّمے کی نقاب کشا ئی تقریب سے کل ٹھاکرے مخاطب تھے۔ قبل ازیں‘ ٹھاکرے نے ناگپور میں پارٹی عہدیداران کے ساتھ ایک میٹنگ بھی کی۔
***** ***** *****
قانون ساز اسمبلی میں حزبِ اختلاف کے قائد وجئے وڑیٹیوار نے دعویٰ کیا ہے کہ آئندہ اسمبلی انتخابات کے بعد ریاست میں مہاوکاس آگھاڑی برسرِ اقتدار آئے گی۔ وہ کل گڈچرولی ضلع کے اہیری میں منعقدہ کانگریس پارٹی کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقعے پر انہوں نے حکومت کی ’’لاڈلی بہن‘‘ اسکیم پر تنقید بھی کی۔
***** ***** *****
’’ماجھی وسندھرا مہم‘‘ کے چوتھے مرحلے میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر چھترپتی سمبھاجی نگر میونسپل کارپوریشن کو ’’بہتر ین میونسپل کارپوریشن ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔ میونسپل کارپوریشن کی جانب سے کچرے کی صفائی، شجرکاری، شہر میں فضائی آلودگی کی رو ک تھام کیلئے کیے گئے کاموں کے اعتراف میں یہ ایوارڈ سمیت ڈیڑھ کروڑ روپئے کے انعامات بھی کارپوریشن کو دئیے گئے ہیں۔
***** ***** *****
وَنچِت بہوجن آگھاڑی کی قومی رہنما‘ انجلی امبیڈکر نے کہا ہے کہ صرف آئین ہاتھ میں لیکر گھومنا ہی آئین بچا نا نہیں ہے۔ وہ کل چھترپتی سمبھاجی نگر میں پھلے۔ امبیڈکر تحریک کے زیرِ اہتمام منعقدہ آئین بیداری اجلاس کے افتتاح کے موقع پر خطاب کررہی تھیں۔ انھوں نے کہا کہ کانگریس اور بی جے پی ایک ہی سکّے کے دو رُخ ہیں، جبکہ ہمیں آئین کو بدلنے والے اور آئین کو بچانے والے کون ہیں اس پر سنجیدگی سے غور و فکر کرنے کی ضرورت ہے۔ پروگرام سے قبل کر انتی چوک علاقے سے ’’فخرِ آئین‘‘ ریلی نکالی گئی۔
***** ***** *****
ناندیڑ ضلعے کے نیرلی میں آلودہ پانی کی وجہ سے پید ا شدہ صورتحال اب قابو میں آچکی ہے۔ ضلع پریشد سی ای او مینل کرنوال نے متعلقہ مقام کا دو رہ کرکے حالات کا معائنہ کیا اور ضروری ہدایات جاری کیں۔ محکمہ صحت کی جانب سے گائوں کا سروے کیا جارہا ہے۔ عوام سے پانی کو اُبال کر پینے‘ متلی ‘ قئے او ر دست کی شکایت ہونے پر فوراً طبّی مرکز سے رجوع کرنے کی اپیل صحت افسرڈاکٹر سنگیتا د یشمکھ نے کی ہے۔
***** ***** *****
ہنگولی ضلعے کے کلمنور ی تعلقے کے پارڈی موڑ میں کل مہا ستھویر چندر مَنی دھیان مرکز کا سنگ ِ بنیاد رکھا گیا۔ بھدنت کھیمو دھمّا‘ بھدنت اُپگپت مہاتھیرو‘ ڈاکٹر ستیہ پال‘ کلمنوری کے رکنِ اسمبلی سنتوش بانگر اس موقعے پر موجود تھے۔ اس موقعے پر مہاتھیرو نے کہا کہ دنیا میں امن قائم کرنے کیلئے خدا سے لَو لگانا یعنی دھیان جیسی عبادت کارگر ثابت ہوتی ہے۔
***** ***** *****
صفائی ہی خدمت مہم کے تحت پربھنی میں سارنگ سوامی کالج کے طلبہ نے کل صفائی مہم چلائی اور علاقے میں بیداری ریلی نکال کر عو ام کو صفائی کا پیغام دیا۔ اس کے ساتھ ہی کھانا کھانے سے قبل ہاتھ دھونے کا عملی مظاہرہ کرکےاور پودے لگاکر عوام کو شجر کا ری کرنے کی ترغیب بھی دی۔
***** ***** *****
مراٹھو اڑہ کے بیڑ‘ لاتو ر اور دھاراشیو اضلا ع میں آج بارش کا یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ اور ان اضلاع میں طوفانی ہو ائوں کے ساتھ بارش ہونے کا امکان محکمہ موسمیات نے ظاہر کیا ہے۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر ضلعے کے پیٹھن کے جائیکواڑی آبی پشتے سے پانی کے اخراج کو بڑھا د یا گیا ہے۔ ڈیم کے 18 دروازوں سے فی الحال 24 ہزار 104 مکعب فی سیکنڈ کی رفتار سے پانی خارج کیا جارہا ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ بڑکن صنعتی علاقے سمیت ریاست میں 11 ہزار 200 کروڑ روپئے کے صرفے سے مختلف منصوبوں کا وزیر اعظم کے ذریعے سنگ بنیاد، افتتاح اور نقاب کشا ئی۔
٭ ’’میک ان انڈیا مہم‘‘ کے سبب بھارت دنیا میں ایک اہم پیداواری مرکز بن گیا ہے:’’ من کی بات ‘‘ پرو گرام میں وزیر اعظم مودی کا دعویٰ۔
٭ صنعتی تربیتی اداروں میں لڑکیوں کی حفاظت کیلئے آج سے مفت خود حفاظتی تربیت کا آغاز۔
اور۔۔۔٭ مراٹھواڑہ کے بیڑ، لاتور اور دھاراشیو اضلاع کیلئے آج بارش کا یلو الرٹ جاری۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment