Regional Urdu Text Bulletin, Chatrapati Sambhajinagar
Date: 26 April-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۶۲/ مارچ ۵۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ پاکستانی شہریوں کو فی الفور واپس بھیجنے کا مرکزی وزیرِ داخلہ کا تمام وزرائے اعلیٰ کو حکم؛ حکومت ِ مہاراشٹر کی جانب سے واپسی کیلئے 48 گھنٹوں کا وقت؛ اس کے بعد سخت کارروائی کا انتباہ۔
٭ شہری حمل و نقل خدمات میں انقلابی تبدیلی کیلئے مربوط میٹرو پولیٹن ٹرانسپورٹ اتھاریٹی کے قیام کی وزیرِ اعلیٰ کی ہدایت۔
٭ سواتنترویر ساورکر کے خلاف اہانت آمیز بیان نہ دیں: عدالت ِ عظمیٰ کی راہل گاندھی کو تاکید۔
٭ اِسرو کے سابق سربراہ پدم وِبھوشن کے کستوری رَنگن چل بسے۔
اور۔۔۔٭ راشٹروادی کانگریس کی مہاراشٹر گورو رَتھ یاترا کا آغاز۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
تمام ریاستی حکومتوں کو اپنی ریاست میں موجود پاکستانی شہریوں کی شناخت کرکے انھیں فی الفور واپس بھیجنے کا انتظام کرنے کی ہدایت مرکزی وزیرِ داخلہ امت شاہ نے دی ہے۔ وہ کل تمام ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔
اسی دوران مہاراشٹر میں موجود تمام پاکستانی شہریوں کو 48 گھنٹوں میں اپنے وطن واپس جانے کا واضح حکم وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے دیا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ ریاست میں پاکستانی شہریوں کی فہرست حاصل کرلی گئی ہے اور مہاراشٹر کے ہر پولس اسٹیشن کو اس خصوص میں تفصیلات دی جاچکی ہیں۔ جو افراد اس مدت میں بھی پاکستان واپس نہیں جاتے ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائیگی۔ انھوں نے کہا:
BYTE: Chief Minister Devendra Fadnavis
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا ہے کہ شہریوں کے ”اِز آف لیونگ“ کے شہری حمل و نقل خدمات میں انقلابی تبدیلی کی ضرورت ہے۔ اس کیلئے ایک مربوط میٹرو پولیٹن ٹرانسپورٹ اتھاریٹی قائم کرنے کی ہدایت انھوں نے دی۔ کل ممبئی میں اس سلسلے میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اس ضمن میں حتمی فیصلے سے قبل عوام کی تجاویز اور اعتراض بھی طلب کیے جائیں۔ اس ادارے میں تمام میونسپل کارپوریشنز کے میئر اور کمشنرز کو بھی شامل کرنے کو کہا گیا ہے۔
***** ***** *****
آکاشوانی کی ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر پرگیا پالیوال گور نے کل ممبئی میں انڈیا آڈیو کانفرنس اور تقسیم ِ اعزاز تقریب سے خطاب کیا۔ اپنی تقریر میں انھوں نے کہا کہ عوام میں بیداری اور شعور پیدا کرنے کیلئے آکاشوانی پابند ہے۔
***** ***** *****
عدالت ِ عظمیٰ نے لوک سبھا میں قائد ِ حزبِ اختلاف راہل گاندھی کو تاکید کی ہے کہ سواتنتر ویر ساورکر سے متعلق ہتک آمیز بیانات نہ دیں۔ عدالت نے انتباہ دیا کہ مستقبل میں مجاہدین ِ آزادی کے تعلق سے اس طرح کے بیانات دئیے گئے تو عدالت از خود کاررائی کرے گی۔ راہل گاندھی کے وکیل ابھیشیک منو سنگھوی نے عدالت کو یقین دہانی کروائی کہ آئندہ اس طرح کے بیانات نہیں دیں گے، جس کے بعد عدالت نے راہل گاندھی کو جاری کیے گئے سمن معطل کردئیے۔
***** ***** *****
ملک بھر میں آج 47 مقامات پر 15 واں روزگار میلہ منعقد کیا جارہا ہے۔ اس میلے میں وزیرِ اعظم نریندر مودی کے ہاتھوں ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے 51 ہزار سے زائد نوجوانوں میں تقرر نامے تقسیم کیے جائیں گے۔ اسی دوران وزیرِ اعظم کل آکاشوانی پر من کی بات پروگرام کے ذریعے ملک کی عوام سے بات چیت کریں گے۔ یہ اس سلسلے کا 121 واں پروگرام ہوگا۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
ہندوستانی خلائی تحقیقاتی ادارے اِسرو کے سابق سربراہ پدم وِبھوشن کے کستوری رنگن کل بنگلورو میں چل بسے۔ وہ 84 برس کے تھے۔ جواہر لال نہرو یونیورسٹی کے وائس چانسلر‘ کرناٹک اطلاعاتی کمیشن کے چیئرمن اور بنگلور میں نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ایڈوانس اسٹڈیز کے ڈائریکٹر کی حیثیت سے وہ ذمہ داریاں نبھاچکے ہیں۔ 2003 تا 2009 کے وقفے میں وہ راجیہ بھا کے رُکن بھی رہے۔ کستوری رنگن کے انتقال پر وزیرِ اعظم نریندر مودی نے غم کا اظہار کیا ہے۔
***** ***** *****
پوپ فرانسس کی آخری رسومات آج اِٹلی کے شہر روم میں ادا کی جائیگی۔ اس حوالے سے ملک بھر میں سوگ منایا جارہا ہے۔ دریں اثناء‘ پوپ فرانسس کی آخری رسومات میں شرکت کیلئے صدرِ جمہوریہ دروپدی مُرمو کل دو روزہ دورے پر ویٹیکن سٹی پہنچ گئیں۔ پوپ فرانسس 21 اپریل کو ویٹی کن سٹی میں انتقال کرگئے تھے۔ وہ 88 برس کے تھے۔
***** ***** *****
راشٹروادی کانگریس پارٹی کی ”مہاراشٹر گورو یاترا“ کا کل سے آغاز ہوا۔ پارٹی کے ریاستی صدر سنیل تٹکرے کی موجودگی میں ممبئی سے یہ یاترا شروع ہوئی۔ متحدہ مہاراشٹر کو یکم مئی کو 65 سال مکمل ہورہے ہیں۔ اس سلسلے میں ممبئی میں ہونے والے ”مہاراشٹر مہوتسو“ کیلئے ریاست بھر سے شہیدوں کی یادگاروں‘ مقدس مقامات اور قلعوں کی مٹی اور ندیوں کا پانی لایا جائے گا۔ مراٹھواڑہ سے یہ یاترا 28 اپریل کو ہنگولی ضلع کے نرسی نامدیو سے شروع ہوکر 30 اپریل کو چھترپتی سمبھاجی نگر پہنچے گی۔ سنیل تٹکرے نے کل لاتور میں صحیفہ نگاروں کو یہ اطلاع دی۔
***** ***** *****
بھارتیہ جنتا پارٹی کی جانب سے چلائے جارہے ”بھارت رَتن ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر سنمان ابھیان“ کے تحت کل چھترپتی سمبھاجی نگر میں پربُدّھ شہری سمّیلن منعقد کیا گیا۔ بی جے پی کے قومی معاون تنظیمی وزیر شیوپرکاش‘ رکنِ پارلیمان ڈاکٹر بھاگوت کراڑ اور بزرگ ادیب رشی کیش کامبلے اس موقع پر موجود تھے۔ اس موقع پر رشی کیش کامبلے نے کہا کہ اگر ملک کو بچانا اور خوشحال بنانا ہے تو بابا صاحب کے افکار کے سوا کوئی متبادل نہیں ہے۔
***** ***** *****
پہلگام حملے کے پس منظر میں انڈین کرکٹ کنٹرول بورڈ بی سی سی آئی نے بین الاقوامی کرکٹ کونسل (ICC) سے مطالبہ کیا ہے کہ کسی بھی ٹورنامنٹ میں بھارت اور پاکستان کو ایک ہی گروپ میں نہ رکھا جائے۔ آئی سی سی کو لکھے گئے مکتوب میں کہا گیا کہ اگر دونوں ٹیمیں سیمی فائنل یا فائنل میں پہنچتی ہیں تو وہ الگ بات ہے۔
***** ***** *****
پہلگام حملے میں ہلاک ہونے والے افراد کے اہلِ خانہ کو انڈین اسٹاک مارکیٹ نے چار چار لاکھ روپئے‘ اس طرح مجموعی طور پر ایک کروڑ روپئے دینے کااعلان کیا ہے۔ اسٹاک ایکسچینج کے چیف ایکزیکٹیو افسر آشیش کمار چندن نے یہ اطلاع دی۔
***** ***** *****
پہلگام حملے کی مذمت میں کل ناندیڑ میں بند منایا گیا۔ اس حملے کی مذمت میں کل ضلع کلکٹر دفترکے روبرو مظاہرے بھی کیے گئے۔ لاتور میں بھی کل بند منایا گیا۔ سکل ہندو سماج کی جانب سے معلّنہ اس بند کا ملا جلا ردّ عمل رہا۔ اسی دوران آج ہنگولی بند کا اعلان کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
بیڑ میں مفت گرمیوں کا اسپورٹس ٹریننگ کیمپ جاری ہے۔ 30 تاریخ تک چلنے والے اس تربیتی کیمپ میں مختلف کھیلوں کے ساتھ یوگ آسن اور کراٹے کی بھی تربیت دی جارہی ہے۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر میں سرکاری میڈیکل کالج و اسپتال میں نئے آپریشن تھیٹر کی عمارت کی تعمیر کیلئے 710 کروڑ روپئے کا فنڈ منظور کیا گیا ہے۔ طبّی تعلیم کے محکمے نے کل اس خصوص میں سرکاری فیصلہ جاری کیا۔ رکنِ اسمبلی ستیش چوہان نے اس تعلق سے قانون ساز کونسل میں یہ مسئلہ اٹھاکر ایوان کی توجہ مبذول کروائی تھی۔
***** ***** *****
ریاست میں کل سب سے زیادہ درجہئ حرارت 45 اعشاریہ 9 ڈگری سیلسیئس برہم پوری میں ریکارڈ کیا گیا۔ مراٹھواڑہ کے چھترپتی سمبھاجی نگر میں 41 اعشاریہ چار‘ دھاراشیو 42‘ بیڑ 43 اور پربھنی میں درجہئ حرارت 43 اعشاریہ چار ڈگری سیلسیئس ریکارڈ کیا گیا۔ اسی دوران مراٹھواڑہ اور وسطی مہاراشٹر میں آج تپش میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ ناندیڑ ضلع کیلئے یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ ضلع میں چند ایک مقامات پر بارش کا بھی امکان ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ پاکستانی شہریوں کو فی الفور واپس بھیجنے کا مرکزی وزیرِ داخلہ کا تمام وزرائے اعلیٰ کو حکم؛ حکومت ِ مہاراشٹر کی جانب سے واپسی کیلئے 48 گھنٹوں کا وقت؛ اس کے بعد سخت کارروائی کا انتباہ۔
٭ شہری حمل و نقل خدمات میں انقلابی تبدیلی کیلئے مربوط میٹرو پولیٹن ٹرانسپورٹ اتھاریٹی کے قیام کی وزیرِ اعلیٰ کی ہدایت۔
٭ سواتنترویر ساورکر کے خلاف اہانت آمیز بیان نہ دیں: عدالت ِ عظمیٰ کی راہل گاندھی کو تاکید۔
٭ اِسرو کے سابق سربراہ پدم وِبھوشن کے کستوری رَنگن چل بسے۔
اور۔۔۔٭ راشٹروادی کانگریس کی مہاراشٹر گورو رَتھ یاترا کا آغاز۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment