Regional Urdu Text Bulletin, Chatrapati Sambhajinagar
Date: 28 April-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۸۲/ مارچ ۵۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ دہشت پسندی کے خلاف لڑائی میں 140 کروڑ بھارتیوں کا اتحاد ہی ملک کی سب سے بڑی طاقت ہے۔ ”من کی بات“ میں وزیرِ اعظم کا اظہارِ خیال۔
٭ کینسرکی تشخیص اور علاج حکومت کی ترجیح: مرکزی وزیرِ صحت کا عندیہ۔ چھترپتی سمبھاجی نگر کے سرکاری کینسر اسپتال میں ”ٹُرو بیم یونٹ“ کا افتتاح۔
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر میں کنونشن سینٹر اور ”الیکٹرک وہیکل کلسٹر“ کیلئے ضروری اراضی دستیاب ہوگی: وزیرِ اعلیٰ کا تیقن۔
٭ ریاستی حکومت کی جانب سے آج حقِ خدمات دِن کا انعقاد؛ تمام سطحوں پر مختلف محکموں کی سال بھر کی کارکردگی کا جائزہ۔
اور۔۔۔٭ ناندیڑ ضلع کا درجہئ حرارت 43 ڈگری سے تجاوز؛ پربھنی اور ہنگولی کیلئے آج گرمی سے متعلق یلو الرٹ۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ دہشت پسندی کے خلاف لڑائی میں ملک کی عوام کا اتحاد ہی سب سے بڑی طاقت ہے۔ وہ کل‘ آکاشوانی کے ”من کی بات“ پروگرام میں گفتگو کررہے تھے۔ اس سلسلے کا 121 واں پروگرام کل نشر کیا گیا۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ پہلگام حملے میں انتہاء پسندوں کی حمایت کرنے والوں کی بوکھلاہٹ اور بزدلی کا اظہار ہوتا ہے۔
BYTE: PM NARENDRA MODI
اِسرو کے سابق سربراہ ڈاکٹر کے کستوری رنگن کے انتقال پر صدمے کا اظہار کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ سائنس‘ تعلیم اور ہندوستانی خلائی پروگرام کو نئی بلندیوں پر پہنچانے میں ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
اسی ماہ آریہ بھٹ سیٹیلائٹ کو داغے جانے کے 50 برس مکمل ہونے کا تذکرہ کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ آج بھارت خلائی شعبے میں عالمی سطح پر اپنی منفرد شناخت بناچکا ہے۔ میانمار میں آئے زلزلے کے بعد کیے گئے راحتی آپریشن برہما‘ بھارت کی جانب سے دیگر ممالک کو دی جانے والی طبّی امداد‘ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھاریٹی کے تیار کردہ ”سچیت اَیپ“، ایک پیڑ ماں کے نام اور دیگر موضوعات پر نریندرمودی نے اظہارِ خیال کیا۔
***** ***** *****
مرکزی وزیرِ صحت جے پی نڈا نے کہا ہے کہ ملک میں بڑے پیمانے پر علاج و معالجے کی سہولت فراہم کرنے پر زور دیا جارہا ہے اور اس برس کینسر کے علاج پراضافی توجہ مرکوز کی جارہی ہے۔ چھترپتی سمبھاجی نگر کے سرکاری کینسراسپتال میں سرطان کے علاج کیلئے جدید ترین مشینری ”ٹرو بیم یونٹ“ اور کینسر انسٹیٹیوٹ کے توسیع شدہ حصے کا افتتاح کل نڈا اور وزیرِ اعلیٰ دیویندرپھڑنویس کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ ”ٹروبیم لینیر ایکسلریٹر“ ایک عالمی معیار کی جدید ترین ٹیکنالوجی ہے‘ جو درست اختراعی اور جدید تابکاری کے طرزِ علاج میں معاون ہوتی ہے۔ اس کے ذریعے بالخصوص مراٹھواڑہ‘ ودربھ، خاندیش اور مغربی مہاراشٹر کے کم و بیش 14 اضلاع کے ضرورتمند مریضوں کا علاج ممکن ہوسکے گا۔ نڈا نے مزید کہا کہ مرکزی حکومت کینسر کے علاج کے مسئلے کو سنجیدگی سے لے رہی ہے اور عام لوگوں کی سہولت کیلئے کئی فیصلے کیے گئے ہیں۔
BYTE: HEALTH MINSTER J.P. NADDA
وزیرِ اعلیٰ دیویندرپھڑنویس نے اس موقع پر کہا کہ محکمہئ صحت ِ عامہ اور طبّی تعلیم کے محکمے کے اشتراک سے آئندہ تین تا چار برسوں میں تین سطحی نظام قائم کیا جائے گا‘ جس کے ذریعے ہر شخص کو معیاری طبّی خدمات اس کی رہائش گاہ سے تین تا پانچ کلو میٹر کے علاقے میں ہی فراہم کرنے کیلئے نیا ماڈل تیار کیا جارہا ہے۔ وزیرِ محصول چندر شیکھر باون کڑے‘ طبّی تعلیم کے وزیر حسن مشرف‘ دیگر پسماندہ طبقات کی بہبود کے وزیر اتل ساوے‘ قانون ساز کونسل میں قائد ِ حزبِ اختلاف امباداس دانوے‘ راجیہ سبھا کے رُکن ڈاکٹر بھاگوت کراڑ اور دیگر اہم شخصیات اس موقع پر موجود تھیں۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر کے ایم آئی ٹی کالج میں وزیرِ اعلیٰ کے ہاتھوں سی ایم آئی اے صنعتی ایوارڈز کی تقسیم عمل میں آئی۔ اس موقع پر انھوں نے اعلان کیا کہ صنعتی ترقی کیلئے چھترپتی سمبھاجی نگر میں مکمل سہولیات سے لیس اور وسیع ومعقول اراضی پر صنعتی نمائش اور سہولیاتی مرکز تعمیر کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ شیندرا اور بڑکن کو باہم جوڑنے والا رِنگ روڈ تعمیر کیا جائے گا اور الیکٹرک گاڑیوں کے کلسٹر کیلئے پانچ ایکڑ زمین دینے کا بھی پھڑنویس نے اعلان کیا۔ مراٹھواڑہ کو خشک سالی سے نجات دلانے کیلئے مغربی سمت بہنے والی ندیوں کا سمندر میں بہہ جانے والا پانی گوداوری ندی میں شامل کرنے کا منصوبہ بھی حکومت مکمل کرے گی اور اس منصوبے کے ذریعے مراٹھواڑہ کا قحط کا مسئلہ مستقل طورپر حل ہوجائے گا۔
اسی دوران پونا میں کل اخبارنویسوں سے گفتگوکرتے ہوئے وزیرِاعلیٰ نے بتایا کہ مہاراشٹر میں مقیم پاکستانی شہریوں میں سے کوئی بھی لاپتہ نہیں ہے اور ان تمام کو ملک بدر کرنے کی کارروائی جاری ہے۔محکمہئ داخلہ کے اعداد و شمار کے مطابق ریاست کے کُل 48 شہروں میں پانچ ہزار 23 پاکستانی شہری رہائش پذیر ہیں۔ ان تمام کو بہت جلد ملک سے باہر نکال دیا جائے گا۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
ہندوستانی خلائی تحقیقاتی ادارے ”اِسرو“ کے سابق سربراہ کے کستوری رنگن کی آخری رسومات کل بنگلورو میں پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کردی گئیں۔ کے کستوری رنگن 25 اپریل کو چل بسے تھے۔ وہ 84 برس کے تھے۔
***** ***** *****
ریاستی حکومت کی جانب سے آج ”حقِ خدمات دن“ منایا جارہا ہے۔ اس سلسلے میں تمام اضلاع کے صدر دفاتر پر ضلع کلکٹر‘ رابطہ وزراء‘ ارکانِ پارلیمان‘ رکانِ اسمبلی اور مختلف محکموں کے افسران کو مدعو کرکے گذشتہ برس کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔ مہاراشٹر لوک سیوا حق قانون 2015 پر عمل درآمد کی ایک دہائی مکمل ہونے اور پہلے حقِ خدمات دن کے سلسلے میں ریاستی سطح کا سرکاری پروگرام آج ممبئی میں وزیرِاعلیٰ کی موجودگی میں منعقد ہوگا۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ ساہتیہ پریشد کی مجلس ِ عاملہ نے کہا ہے کہ اسکولی تعلیم کے جماعت ِ اوّل سے ہندی زبان کو لازمی قرار دینے کے فیصلے کو ریاستی حکومت نے معطل کردیا ہے۔ تاہم‘ مراٹھی زبان کے وجود کو خطرے میں ڈالنے والے اس فیصلے کو مکمل طورپر منسوخ کرنے اور اس میں کوئی بھی سیاسی چالاکی نہ کرنے کا مطالبہ ساہتیہ پریشد نے کیا۔ ریاستی حکومت کے اس فیصلے پر غور و خوض کیلئے مراٹھواڑہ ساہتیہ پریشد کی ایکزیکٹیو کمیٹی کا ایک اجلاس کل چھترپتی سمبھاجی نگر میں منعقد کیا گیا۔ جس میں فیصلہ کیا گیا کہ ریاستی حکومت کا یہ فیصلہ مکمل طور پر ردّ کرنے کیلئے ساہتیہ پریشد قیادت کرے گی۔
***** ***** *****
دھاراشیو تحصیل دفتر کے کیوآرکوڈ‘ ای لائبریری اور ویب سائٹ کا افتتاح حال ہی میں ڈپٹی کلکٹر شوبھا جادھو کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ اس سلسلے میں شوبھا جادھو نے کہا ہے کہ ای گورننس کے نکتہئ نظر سے وزیرِ اعلیٰ سو روزہ ایکشن پلان کے تحت اٹھایا گیا یہ ایک نہایت اہم قدم ہے۔
***** ***** *****
ناندیڑ ضلع میں درجہئ حرارت 43 ڈگری سے تجاوز کرگیا ہے اور پانی کی سطح تیزی سے کم ہورہی ہے۔ اس لیے پانی کا استعمال کفایت شعاری سے کرنے کی اپیل ضلع کلکٹر راہل کرڈیلے نے کی ہے۔
اس دوران کل ریاست میں سب سے زیادہ درجہئ حرارت 44 اعشاریہ دو ڈگری سیلسیئس پربھنی میں ریکارڈ کیا گیا۔ ناندیڑ میں اوسطاً43‘ اور چھترپتی سمبھاجی نگر میں درجہئ حرارت 38 اعشاریہ دو ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہئ موسمیات نے آج پربھنی اور ہنگولی اضلاع میں گرمی کی شدت کیلئے یلو الرٹ جاری کیا ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ دہشت پسندی کے خلاف لڑائی میں 140 کروڑ بھارتیوں کا اتحاد ہی ملک کی سب سے بڑی طاقت ہے۔ ”من کی بات“ میں وزیرِ اعظم کا اظہارِ خیال۔
٭ کینسرکی تشخیص اور علاج حکومت کی ترجیح: مرکزی وزیرِ صحت کا عندیہ۔ چھترپتی سمبھاجی نگر کے سرکاری کینسر اسپتال میں ”ٹُرو بیم یونٹ“ کا افتتاح۔
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر میں کنونشن سینٹر اور ”الیکٹرک وہیکل کلسٹر“ کیلئے ضروری اراضی دستیاب ہوگی: وزیرِ اعلیٰ کا تیقن۔
٭ ریاستی حکومت کی جانب سے آج حقِ خدمات دِن کا انعقاد؛ تمام سطحوں پر مختلف محکموں کی سال بھر کی کارکردگی کا جائزہ۔
اور۔۔۔٭ ناندیڑ ضلع کا درجہئ حرارت 43 ڈگری سے تجاوز؛ پربھنی اور ہنگولی کیلئے آج گرمی سے متعلق یلو الرٹ۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment