Regional Urdu Text Bulletin, Chatrapati Sambhajinagar
Date: 29 April-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۲۹؍ اپریل ۲۰۲۵ء
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ بھارت اور فرانس کے مابین دفاعی معاہدہ - دو جنگی جہازوں پر 26 رافیل طیارے تعینات کیے جائیں گے۔
٭ صدرِ مملکت دروپدی مُرمو کے ہاتھوں پہلے مرحلے کے پدم ایوارڈز تفویض، ریاست کی نو شخصیات کا اعزاز۔
٭ وزیر اعظم نریندر مودی آئندہ یکم مئی کو ممبئی میں کریں گے ویوز سمٹ کا افتتاح ۔
٭ 15 اگست تک تمام سرکاری خدمات آن لائن کرنے کے وزیرِ اعلیٰ دیو یندر پھڑنویس کے احکامات۔
اور۔۔۔٭ اکشئے ترتیہ کے موقعے پر کم عمر بچوں کی ممکنہ شادیوں کی روک تھام کیلئے انتظامیہ کو مستعد رہنے کا حکم۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
فرانس کے ساتھ 26 رافیل مرین جنگی طیاروں کی خریداری کے معاہدے پر کل دستخط کیے گئے۔ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ اور ان کے فرانسیسی ہم منصب سیبیسٹین لیکارنُو نے اس معاہدے پردستخط کیے۔ ان 26 طیاروں میں 22 ایک نشست اور چار دو نشستوں والے طیارے شامل ہیں۔بھارتی بحریہ کی ضروریات کے مطابق ان طیاروں کو ترتیب دیا جائے گا اور یہ طیارے بھارتی بحریے کے جنگی جہاز وکرانت اور وکرمادتیہ پر تعینات کیے جائیں گے۔
***** ***** *****
صدر ِ مملکت دروپدی مرموکے ہاتھوں پہلے مرحلے کے پدم ایوارڈز کل تفویض کیے گئے۔ اس سال سات پدم وِبھوشن، 19 پدم بھوشن اور 113 پدم شری ایوارڈز کا اعلان کیا گیا ہے۔ کل، پہلے مرحلے میں تین پدم وبھوشن، دس پدم بھوشن اور 58 شخصیات کو پدم شری ایوارڈ سے نوازا گیا۔ ان میں معروف ہدایت کار شیکھر کپور، پرسار بھارتی کے سابق چیئرمین اے سوریہ پرکاش، ہاکی کھلاڑی شر ی جیش، کرکٹ کھلاڑی روی چندرن اشون، بینک افسر اروندھتی بھٹاچاریہ، تاجر پون گوینکا،ماروتی چتمپلی، شالنی ہولکر، مشہور مصور واسو دیوکامت، گلوکارہ جسپندر نرولا، بانسری ساز پنڈت رونو مُجومدار، گوا تحریکِ آزادی کے 100 سالہ بزرگ مجاہدِ آزادی لیبیا لوبو سردیسائی، اور سماجی کارکن چیترام پوار شامل ہیں۔
***** ***** *****
وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا ہےکہ ریاست میں موجود تمام پاکستانی شہریوں سے انتظامیہ کا رابطہ ہوچکا ہے، اور مرکزی حکومت کی ہدایات کے مطابق ان سبھی شہریوں کو واپس بھیجا جا رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ان سبھی کے واپسی کے سفر پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے اور اس سے متعلق اعدادوشمار کا اعلان جلد کیا جائے گا۔ وزیرِ اعلیٰ کل ممبئی میں صحافیوں سے مخاطب تھے۔
دریں اثنا، ممبئی اور اُلہاس نگر میں عارضی ویزوں پر مقیم 17 پاکستانی شہری جبکہ نئی ممبئی پولس نے تین پاکستانی شہریوں کو واپس روانہ کردیا ہے۔ جبکہ نئی ممبئی میں 229 پاکستانی شہری طویل مدتی ویزا پر مقیم ہیں یا ویزا کی منظوری کے منتظر ہیں۔
چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع بھی میں 57 پاکستانی شہری مقیم ہیںاور یہ سبھی طویل مدتی ویزا پر ہیں۔ پولس ذرائع کے مطابق انتظامیہ ان تمام شہریوں سے مسلسل رابطے میں ہے۔
***** ***** *****
اسی دورا ن‘کُل ہند مجلس اتحادالمسلمین کے سربراہ اور رکن پارلیمان بیرسٹر اسد الدین اویسی نے پہلگام حملے کی مذمت کرتے ہوئے اس معاملے پر پارٹی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر اتحاد برقرار رکھنے کی اپیل کی ہے۔ وہ گزشتہ روز چھترپتی سمبھاجی نگر میں ایک صحافتی کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ انھوں نے کہا:
Byte: MP Asaduddin Owaisi
***** ***** *****
ریاستی حکومت نے سیاحتی شعبے کو فروغ دینے اور سیاحوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے ’’مہاراشٹر سیاح حفاظتی دستہ‘‘ تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیرِ سیاحت شمبھوراج دیسائی نے کل یہ اطلاع دی۔ انہوں نے بتایا کہ آئندہ یکم مئی سے چار مئی تک مہابلیشور میں منعقد ہونے والے میلے کے دوران اس دستے کوتجرباتی بنیادوں پر متعارف کیا جائے گا۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
ماہی پروری اور بقائے مویشیان کے مرکزی وزیر راجیو رنجن سنگھ نے ماہی پروری کی قدر میں اضافے اور بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کی ضرورت کا اظہار کیا ہے۔ وہ گزشتہ روز ممبئی میں کوسٹل اسٹیٹس میٹ 2025 کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ راجیو رنجن سنگھ نے کہا کہ ساحلی ریاستیں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقے ماہی پروری کی قدر میں اضافے کیلئے کام کریں تو نہ صرف ملک کی معیشت بلکہ ماہی گیروں کی زندگیوں میں بھی بدلائو ممکن ہوسکتا ہے۔
***** ***** *****
ممبئی میں یکم مئی سے چار مئی تک منعقد ہونے والے عالمی آڈیو ویژول انٹرٹینمنٹ سمٹ - WAVES - کا افتتاح وزیر اعظم نریندر مودی کے ہاتھوں عمل میں آئے گا۔ ریاستی وزیرِ صنعت اُدئے سامنت نے کل ممبئی میں ایک اطلاعی کانفرنس میں یہ جانکاری دی۔ جیو ورلڈ سینٹر میں منعقد ہونے والے اس سمٹ میں 33 ممالک کے وزراء، 120 بین الاقوامی کمپنیوں کے سی ای اوز اور فلم انڈسٹری کی کئی نامور شخصیات کی شرکت کرنے کی اطلاع سامنت نے دی۔
***** ***** *****
وزیر اعلی دیویندر پھڑنویس نے تمام سرکاری خدمات آئندہ 15 اگست تک آن لائن کرنے کی ہد ایت دی ہے۔ مہاراشٹر حقِ خدمات قانون 2015 کے نفاذ کی دسویں سالگرہ اور پہلے حقِ خدمات دن کے موقعے پر ممبئی میں منعقدہ ایک جلسے سے وزیرِ اعلیٰ مخاطب تھے۔ انھوں نے مہاراشٹر حقِ خدمات قانون کو زیادہ سے زیادہ عوام پر مبنی بنانے کیلئے اقد امات کرنے کی ترغیب بھی دی۔ انہوں نے بتایا کہ جن محکموں کی خدمات 15 اگست تک آن لائن نہیں ہوں گی ان محکمہ جات پر روزانہ ہر خدمت کے بدلے ایک ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ وزیرِ اعلیٰ نے خدمات کو آن لائن کرنے سے متعلق بیداری پیدا کرنے کیلئے رائٹ ٹو سروس ایکٹ کو اسکولی نصاب میں شامل کرنے کی تجویز کومناسب بتا تے ہوئے چیف سکریٹری کو اس سلسلے میں فیصلہ لینے کی ہدایت بھی دی۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر میونسپل کارپوریشن کے صدر دفتر میں بھی کل حقِ خدمات دِن منایا گیا۔ اس موقع پر خدمات کے فرائض کی انجام دہی کیلئے اجتماعی حلف بھی لیا گیا ۔ میونسپل کارپوریشن انتظامیہ کی جانب سے 81 مختلف خدمات آن لائن فراہم کی جائیں گی۔ اس حوالے سے بیداری پیدا کرنے کے مقصد سے ایک معلوماتی اسٹریٹ ڈرامہ بھی کیا گیا۔ اس کے علاوہ، مہاراشٹر حقِ خدمات قانون 2015 سے متعلق ایک معلوماتی بورڈ بھی میونسپل کارپوریشن دفتر پر آویزاں کیا گیا ہے۔
پربھنی ضلع کلکٹر دفتر میںرابطہ وزیر میگھنا ساکورے بورڈیکر نے حقِ خدمت دن کی مناسبت سے منعقدہ پروگرام سے خطاب کیا۔ اس موقع پر آن لائن خدمات فراہمی نظام پر بہتر طریقے سے عمل درآمد کرنے والے ملازمین کو اعزاز سے نوازا گیا۔
لاتور میں حق خدمت دن کے موقعے پر ضلع کلکٹر دفتر کے افسران اور ملازمین نے عوامی خدمت کا حلف لیا۔ اس موقع پر متعلقہ قانون کے تحت دستیاب مختلف خدمات سے استفادے کیلئے بنائے گئے کیو آر کوڈ بورڈ کی رونمائی بھی کی گئی۔
جالنہ میں حقِ خدمت دن کے موقعے پر ضلع کلکٹر ڈاکٹر شری کرشن پانچاڑ کی موجودگی میں ایک خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔ انہوں نے ضلعے میں اس قانون پر موثر طریقے سے عمل درآمد کرنے کی اپیل بھی کی۔
دھاراشیو میںیوم حقوقِ خدمت کی مناسبت سے منعقدہ ایک جلسے میں ضلع کلکٹر کیرتی کرن پجار نے افسران و ملازمین سے شہریوں کو خدمات کا زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچانے کی اپیل کی۔ فی الحال ضلعے کی گرام پنچایتوں میں سات طرح کی خدمات آن لائن دستیاب ہیں۔
***** ***** *****
ریاستی حقوقِ خدمات کمیشن کے علاقائی کمشنر ڈاکٹر کِرن جادھو نے کہا ہے کہ عوامی حقِ خدمت قانون کی دفعہ 20 کے مطابق، خدمات کی درخواستیں اطلاعاتی ذرائع کی معرفت قبول کی جارہی ہیں اور اسی کے ذریعے خدمات بھی فراہم کی جارہی ہیں، آکاشوانی کو دیئے گئے ا یک خصوصی انٹرویو میں انہوں نے یہ بات کہی۔ ڈاکٹر کِرن جادھو کا یہ معلوماتی انٹرویو کل، بدھ، کی صبح دس بجکر 45منٹ پر ہمارے مرکز سےنشر کیا جائے گا۔
***** ***** *****
حقوقِ اطفال کے تحفظ کیلئے چھترپتی سمبھاجی نگر ضلعے میں پانچ نکاتی پروگرام پر یکم مئی سے عمل آوری کا آغاز ہوگا۔ بچہ مزدوری، بچوں سے بھیک منگوانا، اسکول نہ جانے والے بچوں، صحتِ اطفال اور کم عمری کی شادی جیسے سماجی مسائل کے حل کیلئے، ضلع کلکٹر دلیپ سوامی نے پانچ نکاتی: تحفظ حقوق اطفال‘‘ پروگرام ترتیب کیا ہے، اور یہ مہم آئندہ 31 مئی تک جاری رہے گی۔
دریں اثنا ضلع کلکٹر دلیپ سوامی نے کل اکشے ترتیے کے موقعے پر ممکنہ کم عمر بچوں کی شادیوں کے پیش نظر ضلع، تعلقہ اور دیہی سطح پر سرکاری حکام کو محتاط رہنے کی ہدایت دی ہے۔ اس سلسلے میں ضلع کلکٹر کی سربراہی میں ایک خصوصی دستہ بھی تشکیل دیا گیا ہے۔
***** ***** ****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ بھارت اور فرانس کے مابین دفاعی معاہدہ - دو جنگی جہازوں پر 26 رافیل طیارے تعینات کیے جائیں گے۔
٭ صدرِ مملکت دروپدی مُرمو کے ہاتھوںپہلے مرحلے کے پدم ایوارڈز تفویض، ریاست کی نو شخصیات کا اعزاز۔
٭ وزیر اعظم نریندر مودی آئندہ یکم مئی کو ممبئی میں کریں گے ویوز سمٹ کا افتتاح ۔
٭ 15 اگست تک تمام سرکاری خدمات آن لائن کرنے کے وزیرِ اعلیٰ دیو یندر پھڑنویس کے احکامات۔
اور۔۔۔٭ اکشئے ترتیہ کے موقعے پر کم عمر بچوں کی ممکنہ شادیوں کی روک تھام کیلئے انتظامیہ کو مستعد رہنے کا حکم۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment