Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 25 September-2024
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۲۵؍ ستمبر ۲۰۲۴ء
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ اسکولی طلبہ کی حفاظت سے متعلق مرکزی حکومت کے رہنما خطوط کوسبھی ریاستوں میں نافذ کرنے کی عد الت ِ عظمیٰ کی ہدایت۔
٭ مذہبی مقامات کی ترقی کیلئے 305 کروڑ 63 لاکھ روپئے کے منصوبوں کو ریاستی سطح کی کمیٹی کے اجلاس میں منظوری۔
٭ مرکزی وزیرِ داخلہ امت شاہ کا چھترپتی سمبھاجی نگر میں بی جے پی عہدیداران کے ہمر اہ جائزاتی اجلاس منعقد۔
اور۔۔۔٭ مراٹھواڑہ میں زوردار بارش، جائیکواڑی اور تیرنا آبی پشتوں سے پانی کا اخراج۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
عدالت ِ عظمیٰ نے تمام ریاستوں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں کو اسکولوں میں بچوں کی حفاظت سے متعلق مرکزی حکومت کے رہنما خطوط پر عمل درآمد کرنے کی ہدایت دی ہے۔ قومی حقوقِ اطفال تحفظ کمیشن کو اس سلسلے میں ریاستوں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں کے ساتھ ربط رکھ کر رہنما خطوط پر عمل درآمد کی نگرانی کرنے کی ہد ایت بھی عدالت ِ عظمیٰ نے دی ہے۔ ریاست کے بدلاپور سمیت چند اسکولوں میں بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے حالیہ واقعات کے تناظر میں ’’ 'بچپن بچاؤ آندولن‘‘ نامی این جی او نے عدالت ِ عظمیٰ میں ایک عرضی داخل کی تھی۔ اس عرضی پر سنوائی کے دوران جسٹس بی وی ناگرتنا اور جسٹس این کوٹِسور سنہہ کی بینچ نے یہ فیصلہ دیا۔ عدالت نے مرکزی حکومت کو اپنے رہنما خطوط کی نقولات تمام ریاستوں کے چیف سکریٹریوں کو بھیجنے کی ہدایت بھی کی ہے۔
***** ***** *****
ریاست کے مختلف مذہبی مقامات کی ترقی کیلئے تقریباً 305 کروڑ 63 لاکھ روپے کے منصوبوں کو ریاستی اعلیٰ سطحی کمیٹی کے اجلاس میںمنظوری دی گئی ہے۔ وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے کی سربراہی میں کل یہ اجلاس منعقد ہوا۔ اس منصوبے میں شریکشتیر پنڈھر پور میں عقیدت مندوں کیلئے لگائے جانے والے درشن پنڈال اور درشن کی قطار کیلئے 129 کروڑ 49 لاکھ روپے کے کام بھی شامل ہیں۔ ناسک ضلع کے بھگُور میں وِیر ساورکر کے کارناموں سے متعلق تھیم پارک، جلگاؤں ضلع کے املنیر میں منگل گرہ مذہبی مقام کا ترقیاتی منصوبہ، امراوتی ضلع کے دریا پور میں رُن موچن علاقے کا ترقیاتی منصوبہ، بیڑ ضلعے میں شریکشتیر گہینی ناتھ گڑھ کا ترقیاتی منصوبہ، نیز دہشت گرد اجمل قصاب کو زندہ پکڑنے والے شہید تکارام اومبلے کے ستارا ضلعے میں واقع آبائی گائوں کینڈبے میں ایک یادگار کی تعمیری کاموں کو بھی اس اجلاس میں منظوری دی گئی۔ اجلاس میں اِن تمام ترقیاتی کاموں کیلئے فنڈز کی فراہمی کو بھی منظوری دی گئی۔ اس اجلاس میں پونے میٹروپولیٹن ڈیولپمنٹ ادارہ کے تین ہزار 838 کروڑ 61 لاکھ روپے کے بجٹ کو بھی منظوری دی گئی۔
***** ***** *****
آئندہ اسمبلی انتخابات میں مراٹھواڑہ میں کم از کم 30 نشستیں جیتنے کا عزم مرکزی وزیر داخلہ اور بی جے پی رہنماامت شاہ نے ظاہر کیا ہے۔ کل چھترپتی سمبھاجی نگر میں پارٹی عہدیداران کے ہمراہ ایک رابطہ اجلاس سے وہ خطاب کررہے تھے۔ اس اجلاس میں علاقے کے پارٹی قائدین موجود تھے۔
دریں اثنا، کل چھترپتی سمبھاجی نگر میں امیت شاہ، وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے اور نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کے درمیان نشستوں کی تقسیم سے متعلق بھی بات چیت ہوئی۔بعد ازاں وزیر اعلیٰ شندے نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے اس سلسلے میں جلد ہی تفصیلات بتلانے کا اعلان کیا۔
***** ***** *****
اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی آمدنی میں اضافے کیلئے زیادہ سے زیادہ آمدنی دینے والے ڈرائیوروں اور کنڈکٹروں کو ایس ٹی کی جانب سے نقد ترغیبی بھتہ دے کر ان کا اعزاز کیا جائے گا۔ اس مقصد کیلئے، بس کے ہر رائونڈ کیلئے مقررہ ہدف سے زیادہ آمدنی کی 20 فیصد رقم متعلقہ ڈرائیوراور کنڈکٹر میں یکساں طریقے سے ترغیبی بھتے کے طور پر تقسیم کی جائے گی ۔ مذکورہ ترغیبی بھتہ ڈرائیور اور کنڈکٹر کے دفتر لوٹنے کےبعد اسی دن نقد رقم کی شکل میں دیا جائے گا۔
***** ***** *****
مراٹھا ریزرویشن تحریک کے رہنما‘ منوج جرانگے پاٹل جالنہ ضلعے کے آنتروالی سراٹی میں گزشتہ آٹھ دنوں سے بھوک ہڑتال کررہے ہیں۔ کل ان کی طبعیت خراب ہوجانے کی اطلاع کے بعد مراٹھا سماج کے افراد نے دھولیہ-شولاپور قومی شاہراہ پر احتجاجی مظاہرہ کیا۔
دریں اثنا، دیگر پسماندہ طبقات او بی سی کی جانب سے منگیش سسانے، بابا صاحب بٹُوڑے، سنتوش وِرکر، بالاصاحب دَکھنے، شرد راٹھوڑ، وٹھل تڑیکرنے بھی 18 ستمبر سے آنتروالی سراٹی میں بھوک ہڑتال شروع کررکھی ہے۔ اس دوران کل صحافیوں سے بات کرتے ہوئے سسانے ‘نے بزرگ قائد شرد پوار اور راج رَتن امبیڈکر سے جرانگے کے مطالبات پر اپنے مؤقف کی وضاحت کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ کے مختلف مقامات پر کل زوردار بارش ہوئی۔
پربھنی ضلعے میں کل بجلی کی کڑکڑاہٹ اور بادلوں کی گھن گرج کے ساتھ طوفانی بارش ہوئی۔ چھترپتی سمبھاجی نگر شہر میں بھی کل زوردار بارش ہوئی۔
جالنہ شہر سمیت ضلعے کے بیشتر علاقوں میں کل گھن گرج کے ساتھ بارش ہوئی۔ جعفرآباد تعلقے کے سون گِری میں کھیتوں میں سویابین کی کٹائی کا کام کررہی ایک خاتون گیتا بائی موڑونڈے پر بجلی گرنے سے اس کی موت واقع ہوگئی۔ اسی طرح عنبڑ تعلقہ کے کاٹ کھیڑہ میں بجلی گرنے سے ایک گائے فوت ہو گئی۔
دھاراشیو ضلعےکے، لوہارا تعلقے کے ماکنی کا نِمن۔ تیرنا آبی پشتہ پوری طرح بھر جانے کے بعداس پشتے کے چار دروازے کل کھول دئیے گئے ۔ فی الحال اس آبی منصوبے سے سےایک ہزار 530 مکعب فی سیکنڈ کی رفتار سے پانی کا اخراج جاری ہے۔ جس کے پیشِ نظر دھاراشیو اور لاتور اضلاع میں ندی کے کنارے آباد دیہاتوں کے ساکنان کو محصول انتظامیہ کی جانب سے گاؤں میں منادی کروا کر خبردار رہنے کی ہد ایت دی ہے۔
بیڑ ضلعے کا مانجرا آبی منصوبہ بھی 90 فیصد سے زائد بھر چکا ہے۔ آبپاشی انتظامیہ نے بتایا ہے کہ پانی کی آمد میں اضافے کی صورت میں کسی بھی وقت ڈیم سے پانی چھوڑا جاسکتا ہے۔ چھترپتی سمبھاجی نگر ضلعے کے پیٹھن کا جائیکواڑی آبی منصوبہ بھی ساڑھے 99 فیصد سے زیادہ بھرا ہوا ہے اور چھ ہزار 288مکعب فٹ فی سیکنڈ کی رفتار سے نہر کے ذریعے گوداوری ندی میںپانی چھوڑا جا رہا ہے۔
***** ***** *****
دریں اثنا‘ ـپربھنی، ناندیڑ، ہنگولی، بیڑ‘ ان چار اضلاع کیلئے آج یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ لہٰذا سویابین کی کٹائی کے دوران بارش کی وجہ سے فصلوں کو نقصان سے بچانے کا خیال رکھنے اور مویشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی اپیل وسنت راؤ نائیک مراٹھواڑہ زرعی یونیورسٹی کے محکمہ موسمیات نے کسانوں سے کی ہے۔
***** ***** *****
تُلجا پور میں تُلجابھوانی دیوی کی منچکی نِدرا کا کل سے آغاز ہوا۔ کل شام کی ابھیشیک پوجا کے بعد تُلجابھوانی دیوی کو شیج گرہ میں چاندی کے پلنگ پر بٹھایا گیا۔ نو دِنوں کی منچکی نِدرا ختم ہونے کے بعد تین اکتوبر کی صبح دیوی تُلجابھو انی کو تخت نشین کیا جائےگا۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگرمیونسپل کارپوریشن اور دیوگری کالج کے اشترا ک سے ’’صفائی ہی خدمت‘‘ پندھرواڑے کے موقع پر کل انسانی زنجیر بناکر طلبہ کو اتحاد و بھائی چارہ کا پیغام دیا گیا۔ 1300 طلبہ نے اس مہم میں حصہ لیا۔
***** ***** *****
پربھنی میں ریاستی سطح کے اسکول ٹیبل ٹینس مقابلوں کا کل سے آغاز ہوا۔ رُکنِ پارلیمان سنجئے جادھو‘ ضلع کلکٹر رگھوناتھ گائوڑے اس موقعے پر موجود تھے۔ کل 26ستمبر تک چلنے والے اس ٹورنامنٹ میں ریاست بھر کے 26 اضلاع کی 54 ٹیموں کے 470 کھلاڑی شرکت کررہے ہیں۔
***** ***** *****
گڑھ چرولی ضلعے کی سرحد سے منسلک چھتیس گڑھ ریاست کے نارائن پور ضلعے میں پولس کے ساتھ ہوئی مڈبھیڑ میں تین نکسلیوں کو مارگرایا گیا ہے۔ مہلوکین میں زونل کمیٹی کا رُکن رُپیش مڈاوی بھی شا مل ہے۔اس پر 25 لاکھ روپئے کا انعام تھا۔
***** ***** *****
عالمی یومِ سیاحت کی مناسبت سے پرسوں 27 ستمبر کو دھاراشیو ضلعے کے تیر میں ہیریٹیج واک کا اہتمام کیا گیا ہے۔ تیر کے تِری وِکرم مندر سے ہیرٹیج واک کا آغاز ہوگا۔ تیر علاقے کی تاریخی ورثوں سے سیاحوں کو واقف کروانے اور ضلعے میں سیاحت کو فروغ دینے کے مقصد سے جن جاگرتی سنستھا کی جانب سے اس و اک کا اہتمام کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
آئندہ 10 نومبر کو ہونے والے TET یعنی مہاراشٹر اساتذہ اہلیتی امتحان کی آن لائن درخواست دہی کی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔ اس کی آخر ی مہلت 30 ستمبر ہے۔ ریاست ِ مہاراشٹر امتحان کونسل کے نائب کمشنر سنجئے کمار راٹھوڑ نے یہ اطلاع دی ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ اسکولی طلبہ کی حفاظت سے متعلق مرکزی حکومت کے رہنما خطوط کوسبھی ریاستوں میں نافذ کرنے کی عد الت ِ عظمیٰ کی ہدایت۔
٭ مذہبی مقامات کی ترقی کیلئے 305 کروڑ 63 لاکھ روپئے کے منصوبوں کو ریاستی سطح کی کمیٹی کے اجلاس میں منظوری۔
٭ مرکزی وزیرِ داخلہ امت شاہ کا چھترپتی سمبھاجی نگر میں بی جے پی عہدیداران کے ہمر اہ جائزاتی اجلاس منعقد۔
اور۔۔۔٭ مراٹھواڑہ میں زوردار بارش، جائیکواڑی اور تیرنا آبی پشتوں سے پانی کا اخراج۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment