Regional Urdu Text Bulletin, Chatrapati Sambhajinagar
Date: 27 January-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۷۲/ جنوری ۵۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ ملک بھر میں 76 واں یومِ جمہوریہ جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا؛ نئی دہلی میں کرتویہ پتھ پر فوج کے دستوں کی شاندار مظاہرہ۔
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر ضلعے کو ریاست میں ترقی پذیر بنانے کیلئے کوششیں کریں: رابطہ وزیر سنجے شرساٹ کا پرچم کشائی کے بعد بیان۔
٭ لاڈلی بہن اسکیم کا فائدہ زبردستی واپس لینے کی خبریں غلط ہیں: حکومت کی وضاحت۔
٭ ناندیڑ ضلع کے لوہا تعلقہ کے کیوڑا علاقے کی مرغیوں میں برڈ فلو کے اثرات۔
اور۔۔۔٭ 19 سال سے کم عمر خواتین کے عالمی کپ ٹورنامنٹ میں بھارتی ٹیم سیمی فائنل میں داخل۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
ملک بھر میں 76 واں یومِ جمہوریہ جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔ صدرِ جمہوریہ دروپدی مُرمو کے ہاتھوں نئی دہلی کے کرتویہ پتھ پر پرچم کشائی عمل میں آئی۔ ملک کی تہذیبی و ثقافتی روایات پر مبنی پریڈ کا صدرِ جمہوریہ نے مشاہدہ کیا۔ ”سنہرے بھارت“ ترقی اور وراثت اس مرتبہ کے مظاہرہ کا عنوان تھا۔ ملک کی تینوں افواج‘ سرحدی حفاظتی دستے اور بحری بیڑے‘ مسلح پولس دستے‘ قومی طلبہ تنظیم‘ قومی خدمات اسکیم‘ ہوم گارڈ اور دیگر دستے اس ریلی میں شامل ہوئے۔ انڈونیشیاء کے صدر پربوو سبیانتو اس تقریب کے مہمانِ خصوصی کے طور پر موجود تھے۔ انڈونیشیاء کی فوج کے 352 افراد بھی اس میں شامل ہوئے۔
***** ***** *****
یومِ جمہوریہ کی ریاستی مرکزی تقریب ممبئی کے شیواجی پارک میں منعقد ہوئی۔ گورنر سی پی رادھا کرشنن کے ہاتھوں پرچم کشائی عمل میں آئی۔ انھوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ ریاست کی ہمہ گیر ترقی اور عوامی بہبود کیلئے حکومت کام کررہی ہے۔ مصنوعی ذہانت کا استعمال کرتے ہوئے سرکاری کام کاج میں تیزی آئے گی۔
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے سرکاری رہائش گاہ ورشا ر پرچم کشائی کی۔ نائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے تھانے‘ جبکہ نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار نے پونہ میں پرچم کشائی کی۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ میں یومِ جمہوریہ مختلف تقاریب کے ساتھ منایا گیا۔ ریاست کے وزیر برائے سماجی انصاف اور ضلع کے سرپرست وزیر سنجے شرساٹ نے چھترپتی سمبھاجی نگر میں پولس کمشنریٹ کے دیوگیری میدان پر پرچم کشائی کی۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں شرساٹ نے تمام سے اپیل کی کہ وہ اپنے ضلع کو ریاست میں ترقی پذیر بنانے کیلئے مل کر کام کریں۔
ہماری آزادی قربانیوں سے حاصل ہوئی ہے۔ ہم اس ملک کے شہری ہونے کے ناطے جمہوری قدر کو محفوظ رکھنا‘ آئین کی حفاظت کرنا ہماری ذمہ داری ہے‘ ہم ذمہ داری شہری ہونے کے ناطے اپنا فرض ادا کررہے ہیں۔ ہم جمہوریت کو مضبوط کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ اس آئین کی اہمیت کو ہر گھر تک پہنچانے کیلئے سب اپنا اپنا کرادار ادا کریں۔
اس موقع پر صدرِ جمہوریہ تمغہ حاصل کرنے والے اسپیشل انسپکٹر جنرل آف پولس وریندر مشرا‘ اسسٹنٹ کانسٹیبل ایکناتھ گائیکواڑ‘ تکارام آوہاڑے‘ اسی طرح جیون رَکشا تمغہ حاصل کرنے والے ڈپٹی انسپکٹر آف پولس نذیر ناصر شیخ اور حوالدار دادا صاحب پوار کا رابطہ وزیر کے ہاتھوں استقبال کیا گیا۔
جالنہ میں پولس مشقی میدان پر رابطہ وزیر پنکجا منڈے کے ہاتھوں‘ بیڑ میں پولس ہیڈکوارٹر پر میدان وزیر دتاترے بھرنے کے ہاتھوں‘ دھاراشیو میں پولس ہیڈکوارٹر میدان پر رابطہ وزیر پرتاپ سرنائیک کے ہاتھوں‘ جبکہ ہنگولی میں سنت نامدیو پولس مشقی میدان پر رابطہ وزیر نرہری جھرواڑ کے ہاتھوں مرکزی سرکاری پرچم کشائی عمل میں آئی۔
پربھنی میں پریہ درشنی اندراگاندھی اسپورٹس کمپلیکس میں رابطہ وزیر و ریاستی وزیر میگھنا بورڈیکر کے ہاتھوں پرچم کشائی عمل میں آئی۔ اس موقع پر نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ سرکاری اسکیمیں سماج کے آخری طبقے تک پہنچانے کیلئے کام کریں گے۔ بطورِ سرپرست وزیر مجھے جو ذمہ داری سونپی گئی ہے میں نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ضلع کے باشندوں کی امیدوں پر پورا اُتروں گی۔ ضلع میں اچھے کام ہوں گے اور ہم سب مل کر ان منصوبوں کے فائدے پہنچانے کی مخلصانہ کوشش کریں گے۔
لاتور میں ریاستی وزیر براے تعمیراتِ عامہ و رابطہ ومیر شیویندر راجے بھوسلے کے ہاتھوں پرچم کشائی کی گئی۔ انھوں نے اس موقع پر اپیل کی کہ آئین کے رہنماء خطوط پر چل کر ایک بہتر بھارت بنائیں۔ ہم سب کو اپنے ضلعے اور ملک کی ترقی کیلئے مل کر کام کرنا چاہیے۔ آئین کی تعلیمات‘ جدوجہد ِ آزادی کی طاقت اور جمہوریت کی طاقت کی بنیاد پر ہم ایک بہتر بھارت کی تعمیر کرسکتے ہیں۔ آئیے‘ رہنماء اُصولوں کا احترام کریں‘ آئین کی پاسداری کریں اور بھارت کو دنیا کا بہترین ملک بنائیں۔
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
ناندیڑ میں رابطہ وزیر اتل ساوے کے ہاتھوں پولس مشقی میدان پر پرچم کشائی ہوئی۔ صدرِ جمہوریہ تمغہ حاصل ہونے پر پولس سب انسپکٹر سنجے جوشی اور پولس حوالدار دلیپ راٹھوڑ کا ساوے کے ہاتھوں استقبال کیا گیا۔
بمبئی ہائیکورٹ کی اورنگ آباد بینچ میں سینئر جج منگیش پاٹل نے پرچم کشائی کی۔ ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر وجئے پھلاری‘ سوامی رامانند تیرتھ یونیورسٹی میں وائس چانسلر ڈاکٹر منوہر چاسکر کے ہاتھوں‘ جبکہ پربھنی کی وسنت راؤ نائیک مراٹھواڑہ زرعی یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر اِندرمنی کے ہاتھوں پرچم کشائی کی گئی۔
یومِ جمہوریہ مختلف ثقافتی پروگراموں کے ساتھ منایا گیا‘ جس میں پولس اور دیگر محکموں کی جانب سے مارچ‘ مختلف تعلیمی اداروں اور سماجی تنظیموں کی جانب سے ترنگا ریلی اور حب الوطنی کے گیت گائے گئے۔
***** ***** *****
محکمہئ خواتین اور بچوں کی ترقی کے سیکریٹری اَنوپ کمار یادو نے وضاحت کی ہے کہ وزیرِ اعلیٰ میری لاڈلی بہن اسکیم کا فائدہ جبری واپس لینے کی خبریں غلط ہیں۔ اس اسکیم سے فائدہ اٹھانے والی کچھ خواتین رضاکارانہ طور پر فائدہ کی رقم واپس کررہی ہیں‘ کیونکہ وہ اہلیت کے معیار پر پوری نہیں اترتی ہیں۔ یادو نے یہ بھی کہا کہ ان خواتین کو فوائد نہیں دئیے جاتے ہیں جن کو اگلی مدت میں فوائد حاصل کرنے کی اطلاع دی جاتی ہے۔
***** ***** *****
ناندیڑ ضلع کے لوہا تعلقے کے کیوڑا میں مرغیوں میں برڈ فلو کے انفیکشن کا پتہ چلا ہے۔ 20جنوری کو جتنی مرغیاں مردہ پائی گئیں محکمہ مویشی پروری نے مردہ مرغیوں کے نمونے پونے کی ریاستی سطح کی ویٹرنری ریسرچ لیباریٹری اور بھوپال کی نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہائی سیکوریٹی انیمل ڈیزیز‘ ایگریکلچرل اینڈ ریسرچ کو بھیجی‘ ان نمونوں کی جانچ میں یہ واضح ہوا ہے کہ یہ مرغیاں برڈ فلو سے متاثر ہیں۔ دریں اثناء‘ برڈ فلو کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے لوہا تعلقہ کے کیوڑا کے ارد گرد دس کلو میٹر کے علاقے کو ممنوع قرار دے دیا گیا ہے۔
***** ***** *****
اس سال کے پدم ایوارڈز میں بزرگ و تجربہ کار فلم اداکار اشوک صراف کو پدم شری ایوارڈ کیلئے منتخب کیا گیا ہے۔ اس انتخاب پر اشوک صراف نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے قبل مجھے مہاراشٹر بھوشن ایوارڈ سے نوازا گیا اور اب اس سے بڑے اعزاز پدم شری کیلئے منتخب کیا گیا ہے۔ ایک قدم اور اوپر چڑھ کر میری خوشی میں اضافہ ہوا ہے اور یہ کامیابی مجھے فلم شائقین کی وجہ سے حاصل ہوئی ہے۔
***** ***** *****
19سال سے کم عمر خواتین کے ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں کل کوالالمپور میں کھیلے گئے ایک میچ میں بھارت نے بنگلہ دیش کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے کرسیمی فائنل میں داخلہ حاصل کر لیا۔ بنگلہ دیش کی ٹیم نے پہلے بلّے بازی کرتے ہوئے صرف 64 رنز اسکور کیے۔ بھارت نے اس ہدف کو آٹھویں اوور میں دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
***** ***** *****
ناسک میں منعقدہ رنجی میچ میں کل مہاراشٹر نے بڑودہ کو 429 رنز کے بڑے فرق سے شکست دی۔ اپنی پہلی اننگ میں حاصل کردہ برتری کے بل بوتے پر مہاراشٹر نے بڑودہ کو جیت کیلئے 616 رنز کا ہدف دیا تھا۔ تاہم بڑودہ کی ٹیم 187 رنز ہی بنا سکی۔ پہلی اننگ میں نصف سنچری اور دوسری اننگز میں سنچری بنانے والے سوربھ نولے کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر ضلعے کے رابطہ وزیر سنجے شرساٹ نے کل ضلع میں مختلف محکمہ جات کی معرفت کیے جارہے ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ مفادِ عامہ کو ترجیح ہی ترقیات کا معیار ہونا چاہیے اور اس کے مطابق ترقیاتی کام کیے جائیں۔ ضلع منصوبہ بندی کمیٹی کی معرفت فراہم کردہ فنڈز سے ہونے والے کاموں کا بھی شرساٹ نے جائزہ لیا۔
***** ***** *****
دھاراشیو میں ضلع منصوبہ بندی اور ترقیاتی کمیٹی کا ایک اجلاس کل‘ رابطہ وزیر پرتاپ سرنائیک کی سرپرستی میں منعقد ہوا۔ اس اجلاس میں سال 2025-26 کیلئے 435 کروڑ 61 لاکھ روپے کا مجوزہ ترقیاتی خاکہ پیش کیا گیا۔ دریں اثناء، مہا آواس یوجنا کی تشہیر کیلئے تیار کردہ اشتہاری بورڈ کا اجراء بھی کل سرنائیک کے ہاتھوں عمل میں آیا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ ملک بھر میں 76 واں یومِ جمہوریہ جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا؛ نئی دہلی میں کرتویہ پتھ پر فوج کے دستوں کی شاندار مظاہرہ۔
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر ضلعے کو ریاست میں ترقی پذیر بنانے کیلئے کوششیں کریں: رابطہ وزیر سنجے شرساٹ کا پرچم کشائی کے بعد بیان۔
٭ لاڈلی بہن اسکیم کا فائدہ زبردستی واپس لینے کی خبریں غلط ہیں: حکومت کی وضاحت۔
٭ ناندیڑ ضلع کے لوہا تعلقہ کے کیوڑا علاقے کی مرغیوں میں برڈ فلو کے اثرات۔
اور۔۔۔٭ 19 سال سے کم عمر خواتین کے عالمی کپ ٹورنامنٹ میں بھارتی ٹیم سیمی فائنل میں داخل۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment