Tuesday, 28 January 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 28 جنوری 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chatrapati Sambhajinagar

Date: 28 January-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۸۲/ جنوری ۵۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ این سی سی نے نوجوانوں کو ملک کی تعمیر کی ترغیب اور نظم و ضبط کی اہمیت سے رُوشناس کرایا ہے: وزیرِ اعظم نریندر مودی کا اظہارِ خیال۔
٭ ملک کی پہلی مو بائل فارینسک وین کا وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کے ہاتھوں افتتاح۔
٭ ایس ٹی کرایے میں اضافہ واپس لینے کے مطالبے پر شیوسینا اُدّھو باڑا صاحب ٹھاکرے پارٹی کا ایجی ٹیشن۔
٭ بیڑ ضلع کے آٹھولے گروہ کے چھ افراد کے خلاف مکوکا کے تحت کارروائی۔
٭ گُلین بیری سنڈروم کے پیشِ نظر مرکزی وزارت برائے صحت ِ عامہ کی ٹیم پونا پہنچی۔
اور۔۔۔٭ کرکٹ کھلاڑی جسپریت بمراہ‘ اَرشدیپ سنگھ اور سمرتی مندھانا کو آئی سی سی کے بہترین کھلاڑیوں کے ایوارڈز۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ این سی سی نے مستقل طور پر نوجوانوں کو ملک کی تعمیر کی ترغیب دی اور نظم و ضبط کی اہمیت سے روشناس کروایا ہے۔کل نئی دہلی میں نیشنل کیڈیٹس کور یعنی این سی سی کے سالانہ میلے سے وہ خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر انھوں نے گذشتہ چند برسوں میں این سی سی کیڈیٹس کی تعداد میں قابلِ غور اضافے کی سمت نشاندہی کی۔ انھوں نے کہا:
”این سی سی نے ہر سمئے نوجوانوں کو راشٹر نرمان کی پریرنا دی اور انھیں اَنوشاسن کا مہتو سمجھایا۔ 170 سے زیادہ بارڈر تعلقہ اور قریب قریب ہنڈریڈ پوسٹل تعلقہ میں این سی سی پہنچ چکی ہے۔ 2014 میں این سی سی کیڈیٹس کی سنکھیا قریب قریب 14 لاکھ تھی‘ آج یہ سنکھیا بیس لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔ میں تینوں سیناؤں کو بھی بدھائی دوں گا آپ نے ان ضلعوں کے یووا این سی سی کیڈیٹس کو وِشیش روپ سے ٹرینڈ کرنے کا ذمہ اُٹھایا۔“
اس فیسٹیول میں 300 سے زائد کیڈیٹس نے مختلف پروگرام پیش کیے۔ اس موقع پر بہترین کیڈیٹس کا وزیرِ اعظم کے ہاتھوں استقبال بھی کیا گیا۔ پروگرام میں 18 دوست ممالک کے 144 کیڈیٹس نے بھی حصہ لیا۔
***** ***** *****
اطلاعات و نشریات کے مرکزی وزیر اشونی ویشنو اور ثقافتی اُمور کے وزیر گجیندر سنگھ شیخاوت نے کل نئی دہلی میں ”ویو بازار“ ویوز ایوارڈز اور ”واہ استاد چیلنج“ کا آغاز کیا۔ ویوز 2025 پروگرام کے ایک حصے کے طور پر کرییٹ ان انڈیا چیلنج سیزن- وَن“ کیلئے عالمی شراکت کی دعوت کا بھی آغاز اس موقع پر کیا گیا۔
***** ***** *****
ملک کی پہلی موبائل فارینسک وین کا افتتاح کل وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ نئے قومی شواہد قانون کی شقوں کے مطابق ثبوت جمع کرنے کیلئے موبائل فارینسک وین کا آغاز کرنے والی مہاراشٹر ملک کی پہلی ریاست ہے۔ وزیرِ اعلیٰ نے بتایا کہ ہر مو بائل فارینسک وین میں مختلف نوعیت کے جدید آلات موجود رہیں گے۔ اس کے علاوہ وین میں مسلمہ سرکار سائنٹفک انیلسٹ اور کیمیکل انیلسٹ بھی موجود رہیں گے۔ انھوں نے مزید بتایا کہ یہ وین جائے وقوع پر پہنچ کر سب سے پہلے اُسے اپنے قبضے میں لے گی اور وہاں موجود شواہد کو اکھٹا کرے گی۔ جس کی وجہ سے نہایت مضبوط اور قابلِ اعتبار شواہد جمع کیے جاسکیں گے۔ ریاست میں مجموعی طور پر 256 موبائل فارینسک وینس تیار کی جارہی ہیں، جس میں سے 21 وینس کو کل قوم کے سپرد کیا گیا۔ دیویندر پھڑنویس نے مزید بتایا کہ ان وینس کے باعث جرائم ثابت کرنے کی شرح میں اضافہ اور حقیقی مجرموں کے بری ہوجانے کی شرح میں کمی آئیگی۔
***** ***** *****
دودھ میں ملاوٹ کو روکنے کی غرض سے قوانین پر سختی سے عمل درآمدکے احکامات وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے دئیے ہیں۔ آئندہ 100 دنوں کی منصوبہ بندی کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس سے وہ خطاب کررہے تھے۔ ندیوں کی آلودگی کم کرنے کیلئے ندی کے پانی کی وقفے وقفے سے جانچ اور رئیل ٹائم مانیٹرنگ کیلئے جدید نظام لگانے کی ہدایت بھی وزیرِ اعلیٰ نے دی۔ معذوروں کی فلاح و بہبود کے محکمے‘ کھیل اور نوجوانوں کی بہبود کے محکموں کا بھی پھڑنویس نے کل جائزہ لیا۔
***** ***** *****
اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (ایس ٹی) بسوں کے کرایے میں اضافے کو واپس لیے جانے کے مطالبے پر چھترپتی سمبھاجی نگر میں کل شیوسینا اُدّھو باڑا صاحب ٹھاکرے پارٹی کی جانب سے مظاہرہ کیا گیا۔ قانون ساز کونسل میں حزبِ اختلاف کے قائد امبا داس دانوے نے اس موقع پر بتایا کہ ایس ٹی‘ عام آدمی کیلئے سفر کرنے کا ذریعہ ہے اور اس کے سفری کرایے میں اضافہ ایک ناانصافی ہے۔ ماضی میں ایس ٹی کی جانب سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ محکمہ منافع میں ہے‘ اگر ایسا ہے تو پھر سوال پیدا ہوتا ہے کہ کرایے میں اضافہ کیوں کیا گیا۔ دانوے نے کہا کہ اس فیصلے کے خلاف شیوسینا نے ریاست گیر ایجی ٹیشن کا اعلان کیا ہے۔
***** ***** *****
ہنگولی ضلعے میں بھی پارٹی کارکنوں نے اسی مطالبے پر مختلف مقامات پر چکا جام آندولن کیا۔ تقریباً دو گھنٹے چلے اس احتجاج کے باعث پورے ضلعے میں گاڑیوں کی آمد و رفت متاثر رہی۔ ناندیڑ میں بھی سینٹرل بس اسٹینڈ پر مظاہرین نے بسوں کو روکے رکھا اور زوردار نعرے بازی کی۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
مرکزی ثانوی تعلیمی بورڈ (CBSE) کے دہم اور بارہویں کے امتحانات کا 15 فروری سے آغاز ہورہا ہے۔ ان امتحانات میں طلبہ کے پاس موبائل فون یا دیگر الیکٹرانک آلات پائے جاتے ہیں تو آئندہ دو برس کیلئے ان کے امتحان میں بیٹھنے پر پابند عائد کردی جائے گی۔ یہ اطلاع CBSE کی جانب سے دی گئی۔
***** ***** *****
بیڑ ضلعے کے آٹھولے گروہ کے چھ افراد کے خلاف پولس نے انسدادِ منظم جرائم قانون مکوکا کے تحت کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔ 13 دسمبر کو وشواس ڈونگرے پر کی گئی فائرنگ کے سلسلے میں یہ کارروائی کی جارہی ہے۔ پولس سپرنٹنڈنٹ نونیت کانوت نے انتباہ دیا ہے کہ منظم جرائم کا ارتکاب کرنے والے دیگر گروہوں کے خلاف بھی مکوکا کے تحت کارروائی کی جائیگی۔
***** ***** *****
شیروں کا شکار کرنے والے عادی بہیلیا گروہ سے تعلق رکھنے والے اجیت راج گونڈ کو کل چندر پور ضلع کے راجوری تعلقے سے گرفتار کرلیا گیا۔ مدھیہ پردیش سے تعلق رکھنے والے اس گروہ پر 2013 تا 2015 کے دوران ودربھ میں کم از کم 19 شیروں کے شکار کا شبہ ہے۔
***** ***** *****
گُلین بیری سینڈروم عارضے کے باعث پیداشدہ صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے مرکزی وزارت برائے صحت ِ عامہ کی ایک ٹیم کل پونا پہنچی۔ سات رُکنی اس ٹیم میں نیشنل انسٹیٹیوٹ آف انفیکشن ڈیزیز‘ انڈین انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل ریسرچ اور نیشنل انسٹیٹیوٹ آف وائرولاجی کے ماہرین شامل ہیں۔ دریں اثناء‘ پونا میں اس بیماری سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 101 ہوگئی ہے۔ اس معاملے میں میونسپل کارپوریشن نے 25 ہزار سے زائد مکانات کا معائنہ کیا ہے۔
***** ***** *****
بین الاقوامی کرکٹ کونسل (ICC) کے سال 2024 کے بہترین کھلاڑیوں کے ناموں کا کل اعلان کردیا گیا۔ ہندوستانی تیز گیندباز جسپریت بمراہ کو بہترین ٹسٹ گیندباز‘ خواتین کرکٹ میں سمرتی مندھانہ کو ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ کی بہترین کھلاڑی‘اور ٹی ٹوئنٹی میں اَرشدیپ سنگھ کو بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ہے۔ مردوں کے ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی کی بہترین ٹیم بھارتی ٹیم قرار پائی ہے۔
دریں اثناء‘ بھارت اور انگلینڈ کے مابین پانچ ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کا تیسرا میچ آج راجکوٹ میں کھیلا جائے گا۔ شام سات بجے اس میچ کا آغاز ہوگا۔ سیریز کے ابتدائی دونوں میچ جیت کر بھارت نے سیریز میں دو- صفر کی برتری حاصل کررکھی ہے۔
***** ***** *****
کسماگرج پرتشٹھان کا جن استھان ایوارڈ بزرگ ڈرامہ نگار ستیش آڑیکر کو دیا جائے گا۔ کل ناسک میں ایک اخباری کانفرنس میں یہ اعلان کیا گیا۔ ایک لاکھ روپئے نقد اور سپاسنامے پر مشتمل یہ ایوارڈ انھیں ناسک میں 10 مارچ کو تفویض کیا جائے گا۔
***** ***** *****
لتا منگیشکر میڈیکل فاؤنڈیشن کے دیناناتھ منگیشکر اسپتال کا پہلا لتامنگیشکر سنگیت سیوا ایوارڈز‘ معروف گلوکار راہل دیشپانڈے کو دیا جائے گا۔ آئندہ 6 فروری کو لتامنگیشکر کی تیسری برسی پر انھیں یہ ایوارڈ پونا میں دیا جائے گا۔
***** ***** *****
پربھنی میں پولس تحویل میں ہلاک ہونے والے سومناتھ سوریہ ونشی کو انصاف دینے کے مطالبے پر‘ پربھنی تا ممبئی پیدل مورچہ نکالا گیا ہے۔ کل یہ مورچہ چھترپتی سمبھاجی نگر میں اخل ہوا۔ ہزاروں افراد اس مورچے میں شامل ہیں۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ این سی سی نے نوجوانوں کو ملک کی تعمیر کی ترغیب اور نظم و ضبط کی اہمیت سے رُوشناس کرایا ہے: وزیرِ اعظم نریندر مودی کا اظہارِ خیال۔
٭ ملک کی پہلی مو بائل فارینسک وین کا وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کے ہاتھوں افتتاح۔
٭ ایس ٹی کرایے میں اضافہ واپس لینے کے مطالبے پر شیوسینا اُدّھو باڑا صاحب ٹھاکرے پارٹی کا ایجی ٹیشن۔
٭ بیڑ ضلع کے آٹھولے گروہ کے چھ افراد کے خلاف مکوکا کے تحت کارروائی۔
٭ گُلین بیری سنڈروم کے پیشِ نظر مرکزی وزارت برائے صحت ِ عامہ کی ٹیم پونا پہنچی۔
اور۔۔۔٭ کرکٹ کھلاڑی جسپریت بمراہ‘ اَرشدیپ سنگھ اور سمرتی مندھانا کو آئی سی سی کے بہترین کھلاڑیوں کے ایوارڈز۔
***** ***** *****

No comments: