Wednesday, 29 January 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 29 جنوری 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chatrapati Sambhajinagar

Date: 29 January-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۹۲/ جنوری ۵۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ گوئلین بَیرے سینڈروم سے متاثرہ مریضوں کے علاج کیلئے خصوصی انتظامات کرنے کی وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کی ہدایت۔
٭ شولاپور ضلعے میں GBS کے پانچ مشتبہ مریض - لاتور میں بھی مریضوں کی موجودگی کی تصدیق- محکمہئ صحت کی ہدایات پر عمل کرنے کی انتظامیہ کی اپیل۔
٭ وراثتی حقوق کی بنیاد پرصفائی کامگاروں کے تقررات کرنے کے سماجی انصاف کے ریاستی وزیر سنجے شرساٹ کے احکامات۔
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر ضلعے میں سماجی و تعلیمی ترقی کے کاموں میں ٹویاٹو کمپنی کرے گی تعاون۔
اور۔۔۔٭ اہلیانگر میں آج سے مہاراشٹر کیسری کُشتی مقابلوں کا آغاز۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے گوئلین بیرے سینڈروم جی بی ایس کے مریضوں کے علاج کیلئے سرکاری اسپتالوں میں خصوصی انتظامات کرنے کی ہدایات دی ہیں۔ کل ممبئی میں ریاستی کابینہ کی میٹنگ میں اس بیماری کا جائزہ لیا گیا۔ وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ یہ بیماری متعدی نہیں ہے‘ یہ بیماری قوتِ مدافعت میں کمی اور آلودہ پانی اور بغیر پکے ہوئے کھانے یا کچے گوشت کے استعمال سے ہوتی ہے۔ اس لیے لوگوں کو مشورہ دیا جائے کہ وہ ایسے کھانوں سے پرہیز کریں اور پانی کو اُبال کر پئیں۔ اس بیماری کا علاج مہاتما جیوتی با پھلے جیون آروگیہ اسکیم میں شامل کیا گیا ہے۔
وزیر برائے طبّی تعلیم حسن مشرف نے شہریوں نے اپیل کی ہے کہ وہ فوری طور پر سرکاری اسپتالو ں میں جائیں اور ان میں اس بیماری کی علامات نظر آئیں تو احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
***** ***** *****
شولاپور ضلعے میں جی ایس بی بیماری کے پانچ مشتبہ مریض پائے گئے ہیں۔ ان میں چار مریض زیرِ علاج ہیں اور ایک کی موت ہوگئی ہے۔ زیرِ علاج زیادہ تر مریضو کا تعلق لاتور‘ نلنگہ اور اَندور سے ہے۔ ضلع کلکٹر کمار آشیرواد نے کل صحافتی کانفرنس سے کہا کہ لوگ نہ گھبرائیں بلکہ محکمہئ صحت کی طرف سے دی گئی ہدایت پر عمل کریں اورمناسب احتیاط کریں۔
کولہاپور ضلع میں بھی جی بی ایس کے دو مریض پائے گئے ہیں‘ ان میں ایک بارہ سالہ لڑکی اور ساٹھ سالہ بزرگ شامل ہیں۔ دونوں مریضوں کو ضلع اسپتال میں علاج کیلئے داخل کیے جانے کی اطلاع کالج کے بانی ڈاکٹر ایس ایس مورے نے دی ہے۔
***** ***** *****
سماجی انصاف کے وزیر سنجئے شرساٹ نے ریاست کے تمام متعلقہ حکام کو ہدایت دی ہے کہ وہ وراثتی حق سے صفائی کرنے والوں کی تقرری کرنے کے حکم پر عمل درآمد کریں۔ بامبے ہائیکورٹ کی اورنگ آباد بینچ نے گذشتہ 8 جنوری کو اس تقرری پر سے روک ہٹادی تھی۔ قبل ازیں بینچ نے والمیکی‘ مہتر‘ بھنگی‘ درجِ فہرست ذات اور نوبودھ برادری کے افراد کے علاوہ صفائی کرنے والوں کی موروثی تقرری پر روک لگا دی تھی، جسے اب ہٹادیاگیا ہے۔
***** ***** *****
ریاست میں سویابین کی خریداری کیلئے مزید سات دِن کی توسیع حاصل کرنے کیلئے مرکزی حکومت کی وزارتِ زراعت کو ایک تجویز بھیجی گئی ہے۔ وزیرِ خزانہ جئے کمار راول نے یہ اطلاع دی۔ اس دوران لاتور ضلع کیلئے 20ہزار ٹن کے اضافی ہدف کو منظوری دے دی گئی ہے۔ سویا بین خریدی مراکز کی معیاد پرسوں 31 جنوری کو ختم ہورہی ہے۔
***** ***** *****
ٹویاٹو کمپنی چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع میں سماجی اور تعلیمی شعبے کے ترقیاتی کاموں میں تعاون کرے گی۔ بھارت میں کمپنی کے چیف ایکزیکٹیو نائب صدر سُدیپ گلاٹی نے ضلع کلکٹر دلیپ سوامی اور ضلع پریشد کے سی ای او وکاس مینا سے ملاقات کی۔ اس میٹنگ میں کمپنی کے سماجی ذمہ داری فنڈ کے ذریعے آنگن واڑی اور اسکولوں کے بنیادی ڈھانچے‘ شمسی توانائی‘ اور فضلے کے انتظامات کے شعبے میں کام کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
***** ***** *****
ناندیڑ کی سوامی رامانندتیرتھ مراٹھواڑہ یونیورسٹی کا 27واں جلسہئ تقسیمِ اسناد آج گورنر اور یونیورسٹی کے چانسلر سی پی رادھا کرشنن کی صدارت میں منعقد ہوگا۔ اس تقریب میں 21 ہزار 55 طلبہ کو ڈگری سرٹیفکیٹ سے نوازا جائے گا۔
***** ***** *****
مہاراشٹر پبلک سروس کمیشن کے ذریعے منعقدہ مہاراشٹر سول سروسیز مین امتحان 2023 کا نتیجہ کمیشن کی ویب سائٹ پر شائع کیا گیا ہے۔ ریاست کے ایک ہزار 560 طلبہ نے انٹرویو کیلئے کوالیفائی کیا ہے، جبکہ چھترپتی سمبھاجی نگر ڈویژن کے 156طلبہ اہلیت کی فہرست میں شامل ہیں۔
***** ***** *****
اُترپردیش کے پریاگ راج میں جاری مہاکمبھ میلے میں سادھو مہنتوں کے مختلف اکھاڑوں نے آج کا شاہی غسل منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ڈی ڈی نیوز کی طرف سے دی گئی معلومات کے مطابق آدھی رات کو کمبھ میلے میں بھگدڑ کے بعد اکھاڑوں نے عقیدت مندوں کی سہولت کیلئے یہ فیصلہ لیا۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ کمبھ میلے کی تمام صورتحال قابو میں ہے۔ انتظامیہ نے عقیدت مندوں سے کسی مخصوص گھاٹ پر اصرار کرنے کی بجائے دستیاب گھاٹوں پر نہانے کی اپیل کی ہے۔
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے اُتر پردیش کے وزیرِ اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ سے صورتحال پر گفتگو کی اور فوری مدد کی ہدایات دیں۔
دریں اثناء‘ مونی اماوس کے موقع پر محکمہئ ریلوے کی جانب سے اضافی 60 خصوصی ٹرینیں چلائی جارہی ہیں۔ ریلوے بورڈ کے چیئرمین اور سی ای او ستیش کمار نے یہ اطلاع دی۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
بھارتی خلائی تحقیقی مرکز اِسرو نے آج اپنا 100 واں کامیاب لانچ کیا۔ شری ہری کوٹہ کے ستیش دھون خلائی مرکز سے آج صبح چھ بجکر 23منٹ پر GSLV پندرہ اس میزائل کے ذریعے NVS-02 اس سٹیلائٹ کو خلاء میں بھیجا گیا۔ نظامِ مواصلات اور موسم کی معلومات کیلئے اس سٹیلائٹ کی خدمات حاصل ہوگی۔
***** ***** *****
وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ قومی کھیل مقابلوں سے ”ایک بھارت شریشٹھ بھارت“ کا ایک خوبصورت منظر دیکھنے کو مل رہا ہے۔ گزشتہ روز اتراکھنڈ کے دہرہ دون کے مہارانا پرتاپ میدان میں 38ویں قومی کھیلوں کی افتتاحی تقریب سے مودی خطاب کر رہے تھے۔ یہ مقابلے 14 فروری تک جاری رہیں گے۔ مقابلوں کے باقاعدہ افتتاح سے پہلے26 جنوری کو ادھم سنگھ نگر میں منعقدہ ٹرائیتھلون مقابلے میں منی پور اور مہاراشٹر نے تمغے اپنے نام کیے۔
***** ***** *****
کوالالمپور میں جاری خواتین کرکٹ کے آئی سی سی انڈر 19 ٹی 20 عالمی کپ میں بھارت نے اسکاٹ لینڈ کو 150 رنز سے شکست دے کر زبردست کامیابی حاصل کی۔ بھارت کی جانب سے مقررہ 209 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اسکاٹ لینڈ کی پوری ٹیم 14 اوورز میں صرف 58 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
***** ***** *****
مردوں کے کرکٹ میں بھارت اور انگلینڈ کے مابین کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی میچ میں انگلینڈ نے بھارت کو 26 رنز سے شکست دے دی، بھارت کو سیریز میں دو -ایک سے برتری حاصل ہے۔
***** ***** *****
اہلیا نگر میں آج سے مہاراشٹر کیسری کُشتی مقابلوں کا آغاز ہو رہا ہے۔ ضلع کُشتی سنگھ کے سکریٹری سنتوش بھجبل نے بتایا کہ آئندہ 2 فروری تک مقابلے روزانہ صبح سات بجے سے گیارہ بجے تک اور دوپہر چار بجے سے نو بجے تک کے درمیان ہوں گے۔ اس ٹورنامنٹ میں مٹی اور گادی دونوں زمروں کے مقابلے منعقد ہوں گے‘ جس میں ریاست بھر سے 860 پہلوان حصہ لیں گے۔
***** ***** *****
لاتور ضلعے کے اودگیر شہر کے رام نگر علاقے میں مرغیاں برڈ فلو سے متاثر ہوئی ہیں۔ ضلع کلکٹر ورشا ٹھاکر-گھوگے کے حکم پر برڈ فلو کے پھیلاؤ کی روک تھام کیلئے، رام نگر علاقے کے اندرونِ ایک کلومیٹر متاثرہ مرغیوں کو محفوظ طریقے سے ٹھکانے لگانے کا عمل شروع کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ چھ کلومیٹر تک کے علاقے کو ممنوعہ قرار دیا گیا ہے۔
***** ***** *****
بیڑ کی گیان رادھا ملٹی اسٹیٹ شاخ کے کھاتے داروں نے کل راستہ روکواحتجاج کیا۔ بینک کے کھاتے داروں کی درخواستیں آف لائن قبول کرنے اور جمع کنندگان کی جمع رقم فی الفور واپس کرنے کے مطالبات کو لیکر یہ احتجاج کیا گیا۔
***** ***** *****
ناندیڑ ضلعے میں بھوکر تعلقے کے ناگاپورمیں مختلف ترقیاتی کاموں کا افتتاح رُکنِ پارلیمان اشوک چوہان کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ اس موقع پر ”خوبصورت میرا آنگن“ مہم کے تحت نمایاں خاندانوں کو توصیفی اسنادات سے نوازا گیا۔
***** ***** *****
جالنہ شہر میں چھترپتی سمبھاجی نگر روڈ پر ایک تیز رفتار ٹرک نے دو پہیہ گاڑی کو ٹکر مار نے کے سبب پیش آئے حادثے میں دو مزدوروں کی جائے وقوعہ پر ہی موت ہو گئی۔ سن رائز ہوٹل ٹی پوائنٹ کے روبرو گذشتہ رات یہ حادثہ پیش آیا۔ متوفی مزدور بدناپور تعلقے کے کَوَڑگاؤں کے ساکن تھے۔
***** ***** *****
پربھنی کے ضلع کلکٹر رگھوناتھ گاؤڑے اور پولس سپرنٹنڈنٹ رویندر سنگھ پردیشی نے کل‘حضرت سیّد شاہ تراب الحق ؒکے عرس مبارک کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ یہ عرس 2 فروری سے شروع ہوگا۔
***** ***** *****
ناندیڑ ضلع میں سگروڑی زرعی سائنسی مرکز کے زیرِ اہتمام آج سے تین روزہ زرعی ٹیکنالوجی میلے کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ زرعی مرکز نے کسانوں سے زرعی شعبے کی جدید ترین ٹیکنالوجیز سے آگاہی کیلئے اس میلے میں شرکت کرنے کی اپیل کی ہے۔
***** ***** *****
کمبھ میلے میں شاہی اِسنان کی مناسبت سے پیٹھن کے گوداوری ندی کے دامن میں جائیکواڑی آبی پشتہ سے پانی چھوڑا جائے گا۔ اس کے پیشِ نظر محکمہ آبپاشی نے عوام سے احتیاط برتنے کی اپیل کی ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ گوئلین بَیرے سینڈروم سے متاثرہ مریضوں کے علاج کیلئے خصوصی انتظامات کرنے کی وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کی ہدایت۔
٭ شولاپور ضلعے میں GBS کے پانچ مشتبہ مریض - لاتور میں بھی مریضوں کی موجودگی کی تصدیق- محکمہئ صحت کی ہدایات پر عمل کرنے کی انتظامیہ کی اپیل۔
٭ وراثتی حقوق کی بنیاد پرصفائی کامگاروں کے تقررات کرنے کے سماجی انصاف کے ریاستی وزیر سنجے شرساٹ کے احکامات۔
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر ضلعے میں سماجی و تعلیمی ترقی کے کاموں میں ٹویاٹو کمپنی کرے گی تعاون۔
اور۔۔۔٭ اہلیانگر میں آج سے مہاراشٹر کیسری کُشتی مقابلوں کا آغاز۔
***** ***** *****

No comments:

Text-آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 14 اگست 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

  Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date: 14 August-2025 Time: 09:00-09:10 am آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر علاقائی خبری...