Friday, 31 January 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 31 جنوری 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chatrapati Sambhajinagar

Date: 31 January-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۱۳/ جنوری ۵۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ پارلیمنٹ کے بجٹ اجلاس کا آج سے آغاز؛ اقتصادی سروے رپورٹ ہوگی پیش۔
٭ مہاراشٹر پبلک سروس کمیشن امتحانات کے سوالنامے پوری طرح محفوظ: کمیشن کی وضاحت۔
٭ بیڑ سمیت مختلف مقامات پر ضلع منصوبہ بندی کمیٹیوں کے اجلاس؛ بیڑ تا ممبئی ریلوے شروع کرنے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کا اعلان۔
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر میں GBS عارضے کے پانچ مشتبہ مریض؛ شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی انتظامیہ کی تلقین۔
اور۔۔۔٭ قومی کھیلوں میں اب تک 23 تمغوں کے ساتھ مہاراشٹر تیسرے نمبر پر۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
پارلیمنٹ کے بجٹ اجلاس کا آج سے آغاز ہورہا ہے۔ صدرِ جمہوریہ دروپدی مُرمو کے خطاب کے ساتھ اس اجلاس کا آغاز ہوگا۔ بعد ازاں اقتصادی سروے رپورٹ پارلیمنٹ کے ایوانوں میں پیش کی جائیگی۔ مرکزی وزیرِ خزانہ نرملا سیتا رَمن کل‘ آئندہ مالی سال کا معاشی بجٹ پیش کریں گی۔ صدرِ جمہوریہ کے خطبے کے شکریے کی تحریک پر پیر کو دونوں ایوانوں میں بحث ہوگی۔ پارلیمانی اجلاس کا پہلا مرحلہ 13 فروری تک اور دوسرا مرحلہ 10 مارچ تا 4 اپریل چلے گا۔
دریں اثناء‘ اس اجلاس کے پیشِ نظر مرکزی حکومت نے کل‘ کُل جماعتی اجلاس طلب کیا تھا۔ جس میں 36 سیاسی جماعتوں کے 52 ارکانِ پارلیمان نے شرکت کی۔ اس موقع پر حکومت کی جانب سے پارلیمنٹ کی کارروائی بہتر طور پر چلانے کیلئے تعاون کی اپیل کی گئی۔
***** ***** *****
وقف ترمیمی بل کے سلسلے میں تشکیل شدہ مشترکہ پارلیمانی کمیٹی نے اپنی رپورٹ لوک سبھا اسپیکر اوم برلا کو پیش کردی ہے۔ اس بل سے متعلق 14 ترامیم کمیٹی نے منظور کرلی ہیں۔
***** ***** *****
مہاراشٹر پبلک سروس کمیشن نے وضاحت کی ہے کہ کمیشن کے درجہئ دُوّم کے عہدوں کیلئے ہونے والے امتحانات کے سوالیہ پرچے پوری طرح محفوظ ہیں۔ کمیشن کی سیکریٹری ڈاکٹر سُورنا کھرات نے کل نئی ممبئی میں ایک اخباری کانفرنس میں امیدواروں کو ترغیب دی کہ وہ افواہوں پر توجہ نہ دیں۔ مہاراشٹر گروپ- بی نان گزیٹیڈ سروسیز پری اگزامنیشن 2024- آئندہ 2 فروری کو ہوگا۔ پونا کے اخبار میں اس امتحان کے سوالیہ پرچے فراہم کرنے کیلئے پیسے مانگے جانے کی خبر شائع ہوئی تھی۔ اس خبر کے پس منظر میں ڈاکٹر کھرات نے یہ وضاحت کی۔ انھوں نے کہا کہ ان امتحانات میں دو لاکھ 86 ہزار امیدوار حصہ لے رہے ہیں۔ تمام انتظامات نہایت سخت ہیں اور کوئی بھی سوالیہ پرچہ افشاء نہیں ہوا۔
دریں اثناء‘ اس سلسلے میں پولس کمشنر کے پاس شکایت درج کروائی گئی ہے۔
***** ***** *****
ریاستی ثانوی اور اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ نے انتباہ دیا ہے کہ فروری- مارچ میں مجوزہ جماعت دہم اور بارہویں کے امتحانات میں بے ضابطگیوں کے ارتکاب پر امتحانی مراکز کی منظوری منسوخ کردی جائیگی۔ علاوہ ازیں امتحانی مراکز پر جس اسکول کے طلبہ امتحان دے رہے ہیں‘ ان اسکولوں کے اساتذہ و ملازمین کو نامزد نہ کرنے کا فیصلہ ریاستی بورڈ نے کیا تھا۔ اس فیصلے کو اسکول انتظامیہ اور اساتذہ تنظیموں کی جانب سے کی گئی مخالفت پر فیصلہ تبدیل کردیا گیا ہے۔ تاہم بورڈ کی جانب سے کہا گیا کہ گذشتہ پانچ برسوں میں جن امتحانی مراکز پر بے ضابطگیاں اور بدعنوانیاں ہوئیں اُن مراکز کیلئے یہ فیصلہ نافذ رہے گا۔
***** ***** *****
نائب وزیرِ اعلیٰ اور بیڑ ضلع کے رابطہ وزیر اجیت پوار نے بیڑ تا ممبئی ریلوے شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ وہ کل بیڑ میں منصوبہ بندی کمیٹی کے اجلاس کے بعد پارٹی کارکنوں نے گفتگوکررہے تھے۔ انھوں نے وضاحت کی کہ ہر ایک کیلئے نظم و ضبط لازمی ہے اور غلط کام کیے جانے پر ضوابط کے مطابق کارروائی کی جائیگی اور متواتر غلطیوں کے ارتکاب پر ضرورت پڑنے پر مکوکا بھی لگایا جاسکتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ درست رویہ اختیار کرنے پر مجھے آپ کے ساتھ کھڑا پائیں گے۔ کارکنوں سے خطاب میں انھوں نے مزید کہا کہ آپ کے پاس وِنڈمل کی چند بہتر سائٹس ہیں اور شمسی توانائی کے بہتر منصوبے ہیں۔ نیز ممبئی اور پونا سے رابطے میں رہنے کیلئے بیڑ- ممبئی ریلوے شروع کرنے کے امکانات پر غور کیا جاسکتا ہے۔
دریں اثناء‘ منصوبہ بندی کمیٹی کے اجلاس میں ضلع میں مجموعی منصوبے میں سے 536 کروڑ 44 لاکھ روپئے کے کاموں کو انتظامی منظوری دے دی گئی۔ اس موقع پر اجیت پوار نے ہدایت کی کہ بلدیہ اور تعمیراتِ عامہ کا محکمہ شہر کی صفائی کی طرف توجہ دے اور تمام تعلقے ترقی کے حوالے سے مثبت باہمی مسابقت اختیار کریں۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع منصوبہ بندی اور ترقیاتی کمیٹی کا اجلاس کل رابطہ وزیر سنجے شرساٹ کی زیرِ صدارت منعقد ہوا۔ ضلع میں مجوزہ صنعتی سرمایہ کاری نتیجتاً روزگار کے مواقع‘ تجارتی مقاصد کیلئے آنے والے افراد کی تعداد اور ممکنہ توسیع کو ذہن میں رکھتے ہوئے منصوبہ بندی کرنے کے احکامات وزیرِ موصوف نے دئیے۔ اس موقع پر سال 2025-26 کیلئے تیار کیے گئے ایک ہزار 354 کروڑ روپئے کے منصوبے کو منظوری دی گئی۔
***** ***** *****
ناندیڑ ضلع سالانہ 703 کروڑ روپئے کے منصوبے کے مسودے کو ضلع منصوبہ بندی کمیٹی نے منظوری دے دی۔ رابطہ وزیر اتل ساوے کی زیرِ صدارت منعقدہ کمیٹی کے اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا۔ اس موقع پر ساوے نے تیقن دیا کہ اس منصوبے میں مزید توسیع کرنے کی سفارش ریاستی سطح کی میٹنگ میں کی جائیگی۔
***** ***** *****
لاتور میں بھی کل رابطہ وزیر شیویندر سنگھ بھونسلے کی موجودگی میں ضلع منصوبہ بندی کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اس اجلاس میں 490 کروڑ روپئے کے منصوبے کو منظوری دی گئی۔ وزیرِ موصوف نے وعدہ کیا کہ ضلع کی ہمہ گیر ترقی کیلئے وہ معیاری کاموں کو ترجیح دیں گے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
مراٹھا ریزرویشن رہنماء منوج جرانگے پاٹل نے کل چھٹے دِن اپنی بھوک ہڑتال ملتوی کردی۔ تاہم انتباہ دیا کہ مطالبات منظور نہ ہونے کی صورت میں پورا مراٹھا سماج ممبئی میں آدھمکے گا۔ جالنہ ضلع کے انتروالی سراٹی میں بیڑ ضلع کے رکنِ پارلیمان بجرنگ سونونے‘ رکنِ اسمبلی سریش دھس‘ رُکنِ اسمبلی پرکاش سولنکے اور جالنہ کے ضلع کلکٹر ڈاکٹر شری کرشن پانچاڑ نے ان سے ملاقات کرکے گفت و شنید کی۔ رکنِ اسمبلی دھس نے بتایا کہ ان کے مطالبات سے متعلق وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس سے بات چیت ہوئی ہے اور چند ایک مطالبات پر ریاستی حکومت مثبت رویہ رکھتی ہے۔ اس موقع پر جرانگے پاٹل نے اپنے تمام مطالبات کا اعادہ کیا اور انھیں پورا کرنے کیلئے ریاستی حکومت کو دو ماہ کی مدت دی۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر میں گوئلین بیرے سینڈروم جی بی ایس کے پانچ مشتبہ مریض پائے گئے ہیں۔ ان میں بلڈانہ اور جالنہ کے مریض شامل ہیں۔ ان پانچ مریضوں میں سے دو کو صحت بہتر ہونے پر اسپتال سے گھر جانے کی اجازت دے دی گئی ہے اور تین مریضوں کا علاج اب بھی جاری ہے۔ میونسپل کارپوریشن کے ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر پارس منڈلیچا نے اس عارضے سے بچنے کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس سلسلے میں تشویش میں مبتلاء نہ ہوں اور وقفے وقفے سے ہاتھ دھوئیں‘ آلودہ پانی نہ پئیں‘ کھانے پینے میں احتیاط برتیں‘ بخار اور چار پانچ دِن سے زائد پیچش رہنے پر ڈاکٹروں کی صلاح سے دوائی لیں۔
***** ***** *****
ناندیڑ کی سوامی رامانند تیرتھ مراٹھواڑہ یونیورسٹی کا جیون سادھنا گورو ایوارڈ کرشی بھوشن سوریہ کانت دیشمکھ کو کل تفویض کیا گیا۔ انسانی لباس‘ یونیورسٹی شیلڈ‘ سپاسنامہ اور 25ہزار روپئے پر مشتمل یہ ایوارڈ ریاست کے امدادِ باہمی کے وزیر بابا صاحب پاٹل کے ہاتھوں انھیں دیا گیا۔
***** ***** *****
اُتراکھنڈ میں جاری 38 ویں قومی کھیلوں میں تمغوں کی فہرست میں 23 تمغوں کے ساتھ مہاراشٹر نے تیسرا مقام حاصل کیا ہے۔ اس میں چار طلائی‘ 11نقرئی اور آٹھ کانسے کے تمغے شامل ہیں۔ ان مقابلوں میں ٹرائیتھلون میں مہاراشٹر نے چھ تمغے حاصل کیے۔ خواتین کے 400میٹر تیراکی کے مقابلے میں ریاست کی ثانوی دیشوال نے طلائی تمغہ حاصل کیا۔
***** ***** *****
بیڑ ضلع کے اَپر ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نے ضلعے میں امتناعی احکامات جاری کیے ہیں۔ آئندہ 2 فروری کی شب بارہ بجے تک یہ حکم ِ امتناع نافذ العمل رہے گا۔
***** ***** *****
چیف سیکریٹری اور ناندیڑ ضلع کی رابطہ سیکریٹری رادھیکا رستوگی نے ہدایت کی ہے کہ انتظامیہ، اپنا فرض سمجھ کر شہریوں کو شفاف طریقے سے خدمات فراہم کرے۔ 100 دِن کے ایکشن پلان‘ ضلع گڈگورننس انڈیکس اور مختلف محکموں کے جائزہ اجلاس سے وہ کل خطاب کررہی تھیں۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ پارلیمنٹ کے بجٹ اجلاس کا آج سے آغاز؛ اقتصادی سروے رپورٹ ہوگی پیش۔
٭ مہاراشٹر پبلک سروس کمیشن امتحانات کے سوالنامے پوری طرح محفوظ: کمیشن کی وضاحت۔
٭ بیڑ سمیت مختلف مقامات پر ضلع منصوبہ بندی کمیٹیوں کے اجلاس؛ بیڑ تا ممبئی ریلوے شروع کرنے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کا اعلان۔
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر میں GBS عارضے کے پانچ مشتبہ مریض؛ شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی انتظامیہ کی تلقین۔
اور۔۔۔٭ قومی کھیلوں میں اب تک 23 تمغوں کے ساتھ مہاراشٹر تیسرے نمبر پر۔
***** ***** *****

No comments: