Regional Urdu Text Bulletin, Chatrapati Sambhajinagar
Date: 01 February-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: یکم/فروری ۵۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ مرکزی وزیرِ مالیات نرملا سیتا رَمن آج پیش کریں گی مسلسل آٹھویں بار مرکزی بجٹ۔
٭ مرکزی حکومت کی گذشتہ ایک دہائی کے دوران ترقی یافتہ بھارت کی تحریک کو نئی توانائی ملی ہے: صدرِ جمہوریہ کا بیان۔
٭ اقتصادی سروے رپورٹ پیش؛ اقتصادی ترقی کی شرح 6.8 فیصد رہنے کا امکان۔
٭ تیسری عالمی مراٹھی ادبی کانفرنس کا وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کے ہاتھوں افتتاح۔
اور۔۔۔٭ انگلینڈ کے خلاف T-20 کرکٹ سیریز میں بھارت کو سبقت۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
مرکزی وزیرِ مالیات نرملا سیتا رمن آج صبح گیارہ بجے آئندہ برس کا بجٹ پیش کریں گی۔ یہ اُن کا مسلسل آٹھواں بجٹ ہوگا۔ وزیرِ اعظم نریندر مودی کی تیسری معیاد میں یہ پہلا مکمل بجٹ ہوگا۔ گذشتہ برس چناؤ کی وجہ سے عبوری بجٹ پیش کیا گیا تھا۔ بجٹ کو آکاشوانی اور دُوردرشن کے تمام چینلز پر براہِ راست نشر کیا جائے گا۔
اسی دوران کل پارلیمنٹ میں اقتصادی سروے رپورٹ پیش کی گئی۔ اقتصادی سروے کا تخمینہ ہے کہ بھارت GDP کی مالی سال 2025 میں 6.4 فیصد جبکہ 2026میں 6.3 فیصد سے 6.8 فیصد تک بڑھے گی۔ سروے میں مالی سال 2025 کی آخری سہ ماہی میں کھانے پینے کی چیزوں میں کمی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ بے روزگاری کی شرح جو 2017-18 کے دوران چھ فیصد تھی وہ مالی سال 2023-24 میں 3.2 فیصد پر آگئی ہے۔
***** ***** *****
صدرِ جمہوریہ دروپدی مُرمو نے کہا ہے کہ مرکزی حکومت کے تحت گذشتہ ایک دہائی میں ترقی یافتہ بھارت کی تحریک کو نئی توانائی دی گئی ہے۔ کل صدرِ جمہوریہ کی تقریر سے پارلیمنٹ کے بجٹ اجلاس کا آغاز ہوا۔ اس موقع پر صدر مُرمو نے کہا کہ ترقی یافتہ بھارت کے نظریے میں عوام کی حصے داری بہت اہمیت رکھتی ہے۔ انھوں نے کہا:
”میری سرکار کے ایک دَشک کے کاریہ کال نے وِکست بھارت کی یاترا کو نئی اُورجا دی ہے۔ وِکست بھارت کے ویژن میں جن بھاگیداری کا ساموہِک سامرتھیے ہے‘ دیش کی آرتھک اُنّتی کا روڈ میپ ہے‘ ڈیجیٹل کرانتی کے روپ میں ٹکنالوجی کی طاقت ہے اور آدُھونِک انفراسٹرکچر کا آدھار ہے۔ میری سرکار کے پریاس کے بل پر بھارت دنیاکی تیسری بڑی اَرتھ ویوستھا بننے جارہی ہے۔ سرکار نے سیوا‘ سُشاسن‘ سمردّھی‘ اور سوابھیمان‘ ان پرمکھ سدّھانتوں کو گورننس کے کیندر میں رکھا ہے۔ سرکار Reform, Perform اور Transform کے اپنے سنکلپ کو تیز گتی سے آگے بڑھا رہی ہے۔“
اِسرو کا 100 واں سیٹیلائٹ لانچ‘ مصنوعی ذہانت کے شعبے میں پیش رفت کرنے والا انڈیا AI پروگرام‘ مواصلات اور دیگر بنیادی سہولیات‘ مراٹھی سمیت مختلف زبانوں کو اشرافیہ کا درجہ دینا‘ اسٹارٹ اپ پروجیکٹس اور مرکزی حکومت کی دیگر اسکیمات کی جانب صدرِ جمہوریہ نے سب کی توجہ مبذول کرائی۔ انھوں نے کہا کہ ملک کی ترقی کا فائدہ جب سماج کے آخری طبقے تک پہنچتا ہے تبھی وہ فائدہ مند ٹھہرتا ہے۔ انھوں نے کہا:
”جب دیش کے وِکاس کا لابھ اَنتم پائیدان پر کھڑے ویکتی کو بھی ملنے لگتا ہے تبھی وکاس سارتھک ہوتا ہے۔ غریب کو گریماپورن جیون ملنے سے اُس میں جو سشکتی کرن کا بھاؤ پیدا ہوتا ہے وہ غریبی سے لڑنے میں اس کی مدد کرتا ہے۔ اَنیک یوجناؤں نے غریب کو یہ بھروسہ دیا ہے کہ وہ سمّان کے ساتھ جی سکتے ہیں۔ ایسے ہی پریاسوں کی وجہ سے دیش کے 25 کروڑ لوگ غریبی کو پراست کرکے آج اپنے جیون میں آگے بڑھ رہے ہیں۔ انھوں نے نیو مڈل کلاس کا ایک ایسا سموہ تیار کیا ہے جو بھارت کی گروتھ کو نئی اُورجا سے بھررہا ہے۔“
اسی دوران وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کہا کہ صدرِ جمہوریہ کے خطاب سے ملک کی ترقی میں سب کی شمولیت کی تصویر واضح ہوتی ہے۔ وزیرِ اعظم نے سماجی رابطے کی سائٹ پر کہا کہ صدرِ جمہوریہ کے خطاب میں نوجوانوں کی ہمہ گیر ترقی سے متعلق بھارت کا نظریہ دکھائی دیتا ہے۔
صدرِ جمہوریہ کے افتتاحی خطاب کے بعد دونوں ایوانوں میں کام کاج کی شروعات ہوگئی۔ لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے سابق وزیرِ اعظم من موہن سنگھ‘ اوم پرکاش چوٹالہ اور تین سابق اراکینِ پارلیمان کو خراجِ عقیدت پیش کیا، جس کے بعد وزیرِ مالیات نرملا سیتا رمن نے 2024-25 کی اقتصادی سروے رپورٹ پیش کی، بعد میں ایوان کی کارروائی دن بھر کیلئے ملتوی کردی گئی۔
راجیہ سبھا میں بھی آنجہانی اراکین کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا
***** ***** *****
سپریم کورٹ نے تبصرہ کیا ہے کہ ملک کے مندروں میں VIP درشن یعنی اہم شخصیات کیلئے دیودرشن کی علیحدہ سہولت من مانی ہے۔ تاہم سپریم کورٹ نے اس طرح کے نظام کو چیلنج کرنے والی درخواست کو مسترد کردیا۔ اگرچہ عدالت نے درخواست میں اٹھائے گئے مسائل سے اتفاق کیا لیکن وہ اس معاملے میں کوئی فیصلہ یا ہدایت نہیں دے سکی۔ چیف جسٹس سنجیو کھنہ کی سربراہی والی بینچ نے کہا کہ سرکاری ایجنسیوں نے اس معاملے کو دیکھنا چاہیے۔
***** ***** *****
تیسری عالمی مراٹھی ادبی کانفرنس کل پونے میں شروع ہوئی۔ اس کانفرنس کا افتتاح وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ اپنے خطاب میں وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ اس کانفرنس کے ذریعے وہ مراٹھی زبان کی روایت کے تحفظ پر زور دے رہے ہیں‘ جسے چھترپتی شیواجی مہاراج نے شاہی پہچان دینے کی ابتداء کی۔ اس تقریب کے دوران فروغِ ہنرمندی اور انٹرپرینرشپ کی وزارت کی ”سِدّھ“ نامی ویب سائٹ کا افتتاح بھی کیا گیا۔ اس موقع پر نائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے کہا کہ اس ادبی کانفرنس میں کتابوں اور کتاب شائع کرنے والوں کا مہا کمبھ میلہ منعقد ہوا ہے۔ اس موقع پر نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار نے بھی امید ظاہر کی کہ عالمی مراٹھی ادبی کانفرنس اب بیرونِ ملک میں بھی ہونی چاہیے۔
***** ***** *****
مارکیٹنگ کے ریاستی وزیر جئے کمار راول نے بتایاکہ ریاست میں حکومت کی جانب سے سویابین کی خریداری کی آخری تاریخ 6 فروری تک بڑھا دی گئی ہے۔ریاست کے سویابین کاشت کاروں کا بڑا مطالبہ تھا کہ خریداری 31 جنوری کے بعد بھی جاری رہنی چاہیے۔ اس مناسبت سے ریاستی حکومت نے مرکز کو سویا بین کی خریداری کیلئے مزید چند دنوں کی توسیع کی خاطر تجویز روانہ کی ہے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
مہاراشٹر کے کھلاڑی پارتھ مانے نے کل 38 ویں قومی کھیل مقابلوں میں مردوں کے 10 میٹر ایئر پستول ایونٹ میں طلائی تمغہ‘ رُدراکش پاٹل نے چاندی کا تمغہ جیتا۔ ریاست ان مقابلوں میں پانچ سونے‘ 12 چاندی اور آٹھ کانسے کے تمغے جیت کر درجہ بندی میں چوتھے مقام حاصل کیا ہے۔
***** ***** *****
بھارت نے پونے میں کھیلے گئے کرکٹ میچ میں انگلینڈ کو شکست دیکر پانچ میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کا چوتھا میچ جیت لیا ہے۔ اس جیت کے ساتھ بھارت نے سیریز میں 3-1 کی برتری حاصل کرلی۔ بھارت نے پہلے بلّے بازی کرتے ہوئے انگلینڈ کو 182 رنو ں کا ہدف دیا۔ جوابی کھیل کے دوران انگلینڈ کی ٹیم 166 رنوں پر آل آؤٹ ہوگئی۔ ہاردک پانڈیا اور شیوم دوبے نے فی کس 53 رنز بنائے، جبکہ روی بشنوئی اور ہرشیت رانا نے تین۔ تین اور ورون چکرروتی نے دو وِکٹیں لیں۔ سیریز کا پانچواں اور آخری میچ کل ممبئی میں ہوگا۔
***** ***** *****
انڈر19- خواتین ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ کرکٹ مقابلے میں کل بھارت نے انگلینڈ کو نو وکٹوں سے شکست دے دی۔ بھارتی ٹیم نے انگلینڈ کی جانب سے دیا گیا 114 رنو ں کا ہدف 15 ویں اوور میں حاصل کرلیا۔ پاونیکا سسودیا نے 21 رنوں کے بدلے تین وکٹیں حاصل کیں۔ اس میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ اس جیت کے ساتھ بھارتی خواتین ٹیم فائنل میں داخل ہوچکی ہے۔ کل 2 فروری کو فائنل مقابلہ کوالالمپور میں بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان ہوگا۔
***** ***** *****
شاہراہوں کے تحفظ کی ٹیم کی سپرنٹنڈنٹ آف پولس روپالی دریکر نے کہا ہے کہ راستوں کے تحفظ کی مہم کے سبب گذشتہ برس حادثات کی تعداد میں کمی آئی ہے۔ آکاشوانی سے بات کرتے ہوئے انھوں نے مزید بتایا کہ روڈ سیفٹی مہم کے تحت طلباء میں ڈرائیونگ کے قوانین کے حوالے سے تصویر کشی اور مضمون نویسی کے مقابلے منعقد کیے گئے۔ 14 شاہراہوں کے پولس مراکز کے حدود میں ڈرائیورس اور شہریان کیلئے صحت اور آنکھوں کی جانچ کے کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ انھوں نے بتایا کہ چھترپتی سمبھاجی نگر علاقے کی شاہراہوں پر 2023 کے مقابلے 2024 کے دوران حادثات میں 10.3 فیصد کی کمی آئی ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ مرکزی وزیرِ مالیات نرملا سیتا رَمن آج پیش کریں گی مسلسل آٹھویں بار مرکزی بجٹ۔
٭ مرکزی حکومت کی گذشتہ ایک دہائی کے دوران ترقی یافتہ بھارت کی تحریک کو نئی توانائی ملی ہے: صدرِ جمہوریہ کا بیان۔
٭ اقتصادی سروے رپورٹ پیش؛ اقتصادی ترقی کی شرح 6.8 فیصد رہنے کا امکان۔
٭ تیسری عالمی مراٹھی ادبی کانفرنس کا وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کے ہاتھوں افتتاح۔
اور۔۔۔٭ انگلینڈ کے خلاف T-20 کرکٹ سیریز میں بھارت کو سبقت۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment