Regional Urdu Text Bulletin, Chatrapati Sambhajinagar
Date: 28 June-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۸۲/ جون ۵۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ کسانوں کیلئے Hedging Desk شروع کرنے کا ریاستی حکومت کا فیصلہ؛ وزیرِ اعلیٰ نے اسے زرعی ترقی کیلئے اہم قرار دیا۔
٭ ریاستی حکومت صنعتوں کو ہنرمند افرادی قوت فراہم کرنے کیلئے پُرعزم ہے: ہنرمندی اور روزگار کے وزیر منگل پربھات لوڈھا کا تیقن۔
٭ ریاست میں پانچ ہزار CM Shree آدرش اسکول تیار کیے جائیں گے: تعلیم کے ریاستی وزیر دادا بھُسے کا اعلان۔
اور۔۔۔٭ چھترپتی سمبھاجی نگر اور بیڑ میں فٹ بال اسپورٹس کمپلیکس بنانے کا وقف بورڈ کا فیصلہ۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
کسانوں کو اُن کی زرعی پیداوار کا مناسب بازاری قیمت دلانے کی خاطر پونے میں کپاس‘ ہلدی اور مکئی کی فصلوں کیلئے بالا صاحب ٹھاکرے ایگری بزنس اینڈ رُورَل ٹرانسفارمیشن پروجیکٹ (SMART) کے تحت ایک Hedging Desk شروع کیا گیا ہے۔ اس پہل کو مرحلہ وار دیگر فصلوں کیلئے بھی نافذ کیا جائے گا۔ اس پہل کے سبب کسان مستقبل میں زرعی پیداوار کی قیمتوں میں اُتار چڑھاؤ سے ہونے والے نقصانات سے بچ سکیں گے۔
ہیج یہ قیمتوں کو بیرونی خطروں سے بچانے کا ایک آلہ ہے۔ Hedging Desk کا بنیادی مقصد زرعی پیداوار کی قیمتوں میں ممکنہ کمی سے پیدا ہونے والے خطرے کو کم کرنا ہے۔ عالمی بینک کے مشورے اور پروجیکٹ پر عمل درآمد کے منصوبے کے مطابق کسانوں اور ایگرو پروسیسنگ کمپنیوں کو زرعی پیداوار کی قیمتوں کے خطرے کو کم کرنے کیلئے Future Market میں حصہ لینا چاہیے اور اس حوالے سے رہنمائی اور تربیت فراہم کرنے کیلئے Hedging Desk شروع کیا گیا ہے۔ اس Hedging Desk کے تحت کسانوں کو حفاظتی تدابیر اور پالیسیوں کے بارے میں تربیت دی جائے گی۔ ساتھ ہی فصل کی موجودہ صورتحال‘ مستقبل کی پیشن گوئیاں اور پالیسیز پر مبنی حل تجویز کیے جائیں گے۔ وزیرِ اعلیٰ پھڑنویس نے کہا ہے کہ زرعی شعبے میں ترقی کی جانب یہ پہل ایک اہم قدم ہے۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے پلاسٹک آف پیرس سے بنی گنیش کی بڑی مورتیوں کے وِسرجن سے متعلق رسم و ررواج کا احترام کرتے ہوئے ایک پالیسی تیار کرنے کی ہدایت دی ہے، جس میں طویل مدتی ماحولیاتی اقدامات شامل ہوں۔ وزیرِ اعلیٰ کل ماحول دوست تہوار منانے سے متعلق منعقدہ میٹنگ سے خطاب کررہے تھے۔ عدالت کی ہدایت کے مطابق ریاستی حکومت نے راجیو گاندھی سائنس اینڈ ٹکنالوجی کمیشن سے رپورٹ طلب کی تھی۔ وزیرِ اعلیٰ نے اس رپورٹ کا مطالعہ کرکے عدالت کے روبرو حکومت کا مؤقف رکھنے کی ہدایت دی ہے۔
***** ***** *****
ریاست کے ہنرمندی‘ روزگار اور انٹرپرینیور شپ کے وزری منگل پربھات لوڈھا نے تیقن دیا ہے کہ حکومت صنعتکاروں کو درکار افرادی قوت اور دستیاب تربیت یافتہ افراد کے درمیان فرق کو ختم کرکے ہنرمند افرادی قوت فراہم کرنے کیلئے پُرعزم ہے۔ وزیرِ موصوف کل چھترپتی سمبھاجی نگر میں ’ڈائیلاگ وِتھ انٹرپرینیورس“ نامی پروگرام کے دوران خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے بتایا کہ 427 سرکاری اور 550 خانگی صنعتی تربیتی اداروں میں صنعتوں کی ضروریات کے مطابق تربیتی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔
اسی بیچ کل چھترپتی سمبھاجی نگر میں وزیر منگل پربھات لوڈھا کی موجودگی میں پنڈت دین دَیال اُپادھیائے روزگار میلے کا افتتاح کیا گیا۔ اس موقع پر وزیرِ موصوف نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی صلاحیتوں اور تربیت کے مطابق دستیاب روزگار کے مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔ لوڈھا نے ایک صحافتی کانفرنس کے دوران کہا کہ حکومت ریاست میں چھوٹے روزگار میلوں کے انعقاد کی طرف توجہ دے گی۔
***** ***** *****
ثقافتی اُمور کے ریاستی وزیر آشیش شیلار نے کل 61 ویں ریاستی مراٹھی فلموں کے ٹیکنیکل اور چائلڈ آرٹسٹ زمرے کے ایوارڈس کا اعلان کیا۔ بہترین چائلڈ آرٹسٹ کے طور پر کبیر کھندارے اور تریشا ٹھوسر کا انتخاب عمل میں آیا۔ اسی بیچ ان ایوارڈس کیلئے ابتدائی دور کی نامزدگیوں کا اعلان کردیا گیاہے۔ آتم پامپلیٹ‘ جپسی‘ نال 2‘ روندل‘ تیرواں‘ جگو آنی جولیٹ‘ بھیرا‘ آشا‘ جھمّا 2‘ علی بابا آنی چاڑیشیتلے چور‘ ان دس فلموں کو مختلف زمروں میں نامزدگیاں ملی ہیں۔
***** ***** *****
اسی بیچ ثقافتی اُمور کے ریاستی وزیر آشیش شیلار نے کہا ہے کہ ریاست کی تعلیمی پالیسی میں صرف مراٹھی زبان لازمی ہے، جبکہ ہندی اختیاری اور متبادل زبان ہے۔ صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انھوں نے یہ وضاحت کی کہ بھارتیہ جنتا پارٹی مراٹھی زبان کی حامی ہے اور وزیرِ اعظم نریندر مودی کی قیادت میں مراٹھی کو اشرافیہ کی زبان کا درجہ دیا گیا ہے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
ریاست میں مرکزی حکومت کی PM Shree اسکول اسکیم کی طرح CM Shree آدرش اسکول اسکیم کو نافذ کرکے پانچ ہزار اسکولوں کو تیار کیا جائے گا۔ اسکولی تعلیم کے ریاستی وزیر دادا بھُوسے نے یہ اعلان کیا۔ وزیرِ موصوف کل چھترپتی سمبھاجی نگر میں اسکولی تعلیم اور کھیل محکمے کی ریاستی سطح کی ورکشاپ سے خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے بتایا کہ کم و بیش 10 ہزار اساتذہ کے تقررات کا عمل جاری ہے۔
***** ***** *****
وزیرِ اعظم نریندر مودی کل 29 جون کو آکاشوانی کے پروگرام ’من کی بات‘ کے ذریعے ہم وطنوں سے خطاب کریں گے۔ اگر شہریان وزیرِاعظم کو کوئی نظریہ پیش کرنا یا مشورہ دینا چاہتے ہوں توہ آج شام تک ٹول فری نمبر 1800117800 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔ ’من کی بات‘ پروگرام آکاشوانی اور دوردرشن کے تمام چینلز پر نشر کیا جاتا ہے۔
***** ***** *****
اوڈیشہ کے جگناتھ پوری میں مشہور رتھ یاترا کا کل سے آغاز ہوگیا۔ اس یاترامیں شریک ہونے کیلئے لاکھوں عقیدت مند ’پوری‘ نامی شہر میں پہنچ چکے ہیں۔ صدرِ جمہوریہ دروپدی مُرمو‘ وزیرِ اعظم نریندر مودی اور وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے اس یاترا کے موقع پر سبھی کو مبارکباد دی ہے۔ اسی بیچ ملک بھر میں مختلف مقامات پر رتھ یاترائیں نکالی گئیں۔ چھترپتی سمبھاجی نگر شہر میں نکالی گئی رتھ یاترا میں عقیدت مندوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
***** ***** *****
آشاڑھی واری کیلئے پنڈھرپور کی جانب گامزن سنت شری گیانیشور ماؤلی کی پالکھی کل ستارا ضلع کے ترڈ گاؤں میں ٹھہرنے کے بعد پھلٹن کی جانب روانہ ہوگئی۔ اسی طرح سنت ایکناتھ مہاراج کی آشاڑھی واری آج شولاپور ضلع میں داخل ہونے جارہی ہے۔ اس پالکھی کی تقریب کا آج تیسرا رِنگن منعقد ہوگا۔
***** ***** *****
ہاکی انڈیا ماسٹرز کپ مقابلے میں تملناڈو کی ٹیم مردوں کے زمرے میں چمپئن بن کر اُبھری ہے۔ کل چنئی میں منعقدہ ٹورنامنٹ کے فائنل میچ میں تملناڈو نے مہاراشٹر کو پانچ صفر سے شکست دی۔ تملناڈو کی ٹیم شروع ہی سے میچ پر حاوی رہی، جس کے سبب مہاراشٹر کو رَنراَپ کے مقام پر اکتفاء کرنا پڑا۔ اس ٹورنامنٹ کے خواتین زمرے کے فائنل میچ میں اوڈیشہ نے پنجاب کو ایک صفر سے شکست دیکر خطاب اپنے نام کیا۔
***** ***** *****
مہاراشٹر اسٹیٹ وقف بورڈ نے چھترپتی سمبھاجی نگر اور بیڑ میں فٹ بال اسپورٹس کامپلیکس کی تعمیر کا فیصلہ کیا ہے۔ بورڈ کے سربراہ سمیر غلام نبی قاضی نے کل ایک صحافتی کانفرنس میں یہ اعلان کیا۔ انھوں نے بتایا کہ اس کام کیلئے مرکزی اور ریاستی حکومت کی اقلیتی اُمور کی وزارتوں کی جانب سے 400 کروڑ روپؤں کا مشترکہ فنڈ فراہم کیا گیا ہے۔ قاضی نے بتایا کہ چھترپتی سمبھاجی نگر کے عام خاص میدان پر فٹ بال کھیل کامپلیکس کے ساتھ ساتھ ایک انڈور اسٹیڈیم بھی بنایا جائے گا۔ انھوں نے مزید بتایا کہ وقف بورڈ ریاست میں 143 وقف سوسائٹیز کو تحویل میں لیکر ترقی دے گا۔
***** ***** *****
بھارتیہ جنتا پارٹی کے رکنِ اسمبلی پرشانت بمب نے الزام عائد کیا ہے کہ چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع کے گنگاپور اسمبلی حلقے کے ترقیاتی کاموں میں کروڑوں کی بدعنوانی کی گئی ہے۔ وہ کل چھترپتی سمبھاجی نگر میں ایک صحافتی کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ رکنِ اسمبلی بمب نے توجہ اس جانب مبذول کرائی کہ کروڑوں کے کام کاغذات پر مکمل ہوتے ہوئے دکھائے گئے ہیں لیکن درحقیقت کئی مقامات پر کام شروع بھی نہیں کیا گیا۔
اسی بیچ قانون ساز کاؤنسل میں حزبِ اختلاف کے قائد امباداس دانوے نے الزام عائد کیا کہ چھترپتی سمبھاجی نگر شہر او رضلع میں بجلی خدمات فراہم کرنے والی ایجنسیاں صرف بلوں کی خاطر کام کررہے ہیں۔ وہ کل چھترپتی سمبھاجی نگر میں ایک صحافتی کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔
اسی دوران بجلی کمپنی مہاوترن نے کہا ہے کہ ٹرانسفارمرز کی مرمت اور متعلقہ باربرداری کے اخراجات کی ذمہ داری ان ایجنسیوں اور مہاوترن پر ہے۔ اس لیے کمپنی نے کسانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ خراب یا مرمت کیے گئے ٹرانسفارمرز کی باربرداری کیلئے ٹھیکیداروں یا کسی اور سے کوئی مالی لین دین نہ کریں۔
***** ***** *****
بیڑ میں دو اساتذہ کی جانب سے طالبہ کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کا معاملہ درج کیا گیا ہے۔ سماجی کارکنان اس معاملے میں ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کررہے ہیں۔ بیڑ کے اُوما کِرن تعلیمی کامپلیکس میں ملزمان نے طالبہ کے ساتھ بدتمیزی کی اور اس کی فحش تصاویر کھینچی۔ اس واقعے کے پس منظر میں تعلیمی ادارے کے علاقے میں پولس تعینات کردی گئی ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ کسانوں کیلئے Hedging Desk شروع کرنے کا ریاستی حکومت کا فیصلہ؛ وزیرِ اعلیٰ نے اسے زرعی ترقی کیلئے اہم قرار دیا۔
٭ ریاستی حکومت صنعتوں کو ہنرمند افرادی قوت فراہم کرنے کیلئے پُرعزم ہے: ہنرمندی اور روزگار کے وزیر منگل پربھات لوڈھا کا تیقن۔
٭ ریاست میں پانچ ہزار CM Shree آدرش اسکول تیار کیے جائیں گے: تعلیم کے ریاستی وزیر دادا بھُسے کا اعلان۔
اور۔۔۔٭ چھترپتی سمبھاجی نگر اور بیڑ میں فٹ بال اسپورٹس کمپلیکس بنانے کا وقف بورڈ کا فیصلہ۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment