Monday, 30 June 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 30 جون 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 30 June-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۰۳/ جون ۵۲۰۲ء؁
وقت: ۰۰:۹-۰۱:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ عوامی شراکت کی طاقت سے بڑے بڑے بحرانوں کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے‘ یہ ایمرجنسی کے دور نے دکھادیا ہے: وزیرِ اعظم کا اظہار۔
چھترپتی سمبھاجی نگر ضلعے کے پاٹودہ گرام پنچایت کی ’من کی بات‘ میں کی گئی تعریف۔
٭ اسمبلی کا مانسون اجلاس آج سے؛ سہ لسانی فارمولہ منسوخ۔
٭ بیڑ میں طالبہ کو جنسی طورپر ہراساں کرنے کے معاملے میں فرار دو اساتذہ گرفتار۔
٭ امریکی اوپن بیڈمنٹن ٹورنامنٹ میں بھارت کے آیوش شیٹی ناقابلِ شکست‘ جبکہ تنوی شرما رَنراَپ۔
اور۔۔۔٭ مراٹھواڑہ میں اگلے تین دِنوں کیلئے محکمہئ موسمیات کی جانب سے یلو الرٹ۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
وزیرِ اعظم نریندرمودی نے کہا ہے کہ ایمرجنسی کے دور نے دکھایا ہے کہ عوامی شراکت کی طاقت سے بڑے بڑے بحرانوں کا مقابلہ کیا جاسکتاہے۔ وہ کل آکاشوانی کے پروگرام من کی بات کی 123 ویں قسط میں اظہارِ خیال کررہے تھے۔ ایمرجنسی کی یادوں کے ساتھ ساتھ وزیرِ اعظم نے بین الاقوامی یوگا دِن‘ آنکھوں کی بیماری ٹیکوما کے خاتمے‘ طویل عرصے کے بعد شروع ہونے والی کیلاش مانسروور یاترا‘ جولائی میں شروع ہونے والی امرناتھ یاترا‘ آنے والے شراون مہینے‘ جگن ناتھ یاترا اور بین الاقوامی خلائی اسٹیشن تک پہنچنے والے پہلے بھارتی گروپ کیپٹن شکلا کا بھی ذکر کیا۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ بھگوان بدھ کے مقدس آثار کو مختلف مملک میں عوام کو دیکھنے کیلئے بھیجا گیا ہے اور ویتنام‘ تھائی لینڈ اور منگولیا کے شہریوں نے اس کیلئے شکریہ کے پیغامات بھیجے ہیں۔ انھوں نے سب سے اپیل کی کہ وہ اپنی اپنی ریاستوں میں بدھ مت کے مقامات کا دورہ کریں۔ وزیرِاعظم نے حاضرین کو پونے ضلعے کے جُنّر تعلقے کے باشندے رمیش کھرمالے کے ذریعے جنگلات کے تحفظ کیلئے کیے جارہے کاموں کے بارے میں آگاہ کیا۔ چھترپتی سمبھاجی نگر ضلعے کے پاٹودہ کے مثالی گاؤں کا وزیرِ اعظم نے فخر کے ساتھ ذکر کیا۔ اس موقعے پر انھوں نے کہا:
Byte: Prime Minister Narendra Modi
من کی بات پروگرام میں پاٹودہ گرام پنچایت کی تعریف کیے جانے پر گاؤں کی سرپنچ جئے شری کشور دیویکر نے ان کا شکریہ ادا کیا۔ انھوں نے کہا:
Byte: Jayshree Kishor Divekar (Sarpanch)
***** ***** *****
چیف جسٹس اور یونیورسٹی کے چانسلر بھوشن گوائی نے کہا کہ ناگپور میں مہاراشٹر نیشنل لاء یونیورسٹی کو جدید سہولیات فراہم کی گئی ہیں اور یہ یونیورسٹی کی ذمہ داری ہے کہ وہ قانونی شعبے کیلئے باصلاحیت طلبہ پیدا کریں۔ وہ کل یونیورسٹی کی نئی انتظامی عمارت کے افتتاح کے موقع پر مخاطب تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا کہ چھترپتی سمبھاجی نگر میں نیشنل لاء یونیورسٹی کے قیام کیلئے فنڈ مہیا کیا گیا ہے اور ممبئی یونیورسٹی کی تعمیر کیلئے جگہ کا تعین کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
ریاستی اسمبلی کا مانسون اجلاس آج سے ممبئی میں شروع ہورہا ہے۔ آئندہ 18 جولائی تک یہ اجلاس جاری رہے گا۔ اس اجلاس میں تقریباً 12 بل پیش کیے جائیں گے‘ جبکہ چھ آرڈیننس پیش کیے جائیں گے۔
دریں اثناء‘ وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے نریندر جادھو کی قیادت میں ایک کمیٹی تشکیل دینے کا اعلان کیا، جو اسکولی تعلیم میں تیسری زبان کے حوالے سے سفارشات پیش کرے گی۔ وہ اجلاس کے پیشِ نظر چائے پارٹی کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ پھڑنویس نے کہا کہ اس کمیٹی کی رپورٹ آنے تک تیسری زبان سے متعلق دونوں حکومتی فیصلوں کو منسوخ کیا جارہا ہے۔ پھڑنویس نے کہا کہ اُس وقت کے وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے نے ہندی اور انگریزی زبان کو پہلی جماعت سے لاگو کرنے کی رپورٹ کو قبول کیا تھا اور اُسے نافذ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ تاہم‘ وزیرِ اعلیٰ نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ان کی حکومت نے مراٹھی کو لازمی قرار دیا ہے اور ہندی کو اختیاری زبان کے طور پر رکھا ہے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
اسمبلی اجلاس کی مناسبت سے منعقدہ چائے پارٹی کا مہاوِکاس آگھاڑی نے بائیکاٹ کیا ہے۔ مہاوِکاس آگھاڑی کے قائدین نے ریاستی حکومت پر بدعنوانی‘ مراٹھی کے خلاف ناانصافی‘ ہندی کو نافذ کرنے‘ شکتی پیٹھ ہائی وے کی مخالفت وغیرہ جیسے مسائل پر مکمل طورپر ناکام ہونے کی تنقید کی ہے۔
دریں اثناء‘ شیوسینا اُدّھو باڑا صاحب ٹھاکرے پارٹی کے کارکنوں نے ہندی کے معاملے پر حکومت کے حکم کے خلاف کل کئی مقامات پر احتجاج کیا۔ بیڑ اور ہنگولی میں حکومت کے فیصلے کے خلاف مظاہرے کرتے ہوئے احتجاج کیا گیا۔
***** ***** *****
بیڑ میں طالبہ کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کے معاملے میں پولس نے دومفرور اساتذہ کو گرفتار کرلیا ہے۔ دونوں ملزمان کو مانجر سمبا سے گرفتار کیا گیا ہے۔ دونوں اساتذہ 26 جون کو مقدمہ درج ہونے کے بعد سے فرار تھے۔
دریں اثناء‘ رکنِ اسمبلی دھننجئے منڈے نے کہا کہ وہ مانسون اجلاس میں اس معاملے کی خصوصی تحقیقاتی ٹیم (SIT) کے ذریعے تحقیقات کا مطالبہ کریں گے۔ وہ کل بیڑ میں صحافیوں سے بات کررہے تھے۔
***** ***** *****
مراٹھا ریزرویشن تحریک کے لیڈر منوج جرانگے پاٹل نے کل جالنہ ضلعے کے انتروالی سراٹی میں مراٹھا برادری کے ارکان کی ریاست گیر میٹنگ لی۔ اس میٹنگ میں جرانگے پاٹل نے مراٹھا ریزرویشن کیلئے 29 اگست کو ممبئی منترالیہ پر مارچ نکالنے کا اعلان کیا ہے۔
***** ***** *****
اہلیانگر پولیس نے جعلی نوٹ تیار کرنے والے ایک گروہ کو گرفتار کیا ہے۔ 200 اور 500 روپے کے جعلی نوٹ لے کر آنے والے تینوں ملزمان کو پولس کے دستے نے جال پھیلا کر گرفتار کیا اور ان کے قبضے سے دو لاکھ روپے کے جعلی نوٹ ضبط کرلیے۔ تفتیش کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ ملزمان ٹیمبھورنی میں جعلی نوٹ بنا رہے تھے جس کے بعد پولس نے ٹیمبھورنی میں چھاپہ مار کر 66 لاکھ روپے کے جعلی نوٹ اور دیگر سامان تحویل میں لے لیا۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر میں میونسپل کارپوریشن کی تجاوزات ہٹانے کی مہم کل بھی جاری رہی۔ اس مہم میں گزشتہ روز جالنہ روڈ پر ساڑھے چھ سو کے قریب تجاوزات منہدم کردی گئیں۔
***** ***** *****
رکنِ اسمبلی ڈاکٹر رتناکر گٹے نے کل پربھنی ضلعے کے گنگا کھیڑ میں تعلقہ عدالت کی زیرِ تعمیر عمارت کا معائنہ کیا۔ اس موقعے پر انھوں نے تعمیری کاموں کو معیاری طریقے سے اور مقررہ معیاد کے اندر مکمل کرنے کی ہدایات دیں۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر آکاشوانی کے افسران اور یومیہ اناؤنسروں کی ایک خیر سگالی تقریب منعقد ہوئی۔ ستارا علاقے کے آدّیشوری اپاسنا گھر میں منعقدہ اس تقریب میں تمام حاضرین بشمول سبکدوش افسران نے آکاشوانی سے جڑی اپنی یادیں تازہ کیں۔
***** ***** *****
بھارتی بیڈمنٹن کھلاڑی آیوش شیٹی نے یو ایس اوپن بیڈمنٹن چمپئن شپ جیت لی ہے۔ کل کھیلے گئے ٹورنامنٹ کے فائنل مقابلے میں آیوش نے کینیڈا کے برائن یانگ کو دو سیدھے سیٹوں میں 21-13, 21-18 سے شکست دے کر تاریخ رقم کی۔ تاہم،خواتین کے سنگلز میں، بھارت کی تنوی شرما کو کل منعقدہ فائنل میں چین کی بیوین ژانگ کے ہاتھوں 11-21, 21-16, 10-21 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ میں محکمہ موسمیات نے چھترپتی سمبھاجی نگر اور جالنہ اضلاع کیلئے آج‘ جبکہ ناندیڑ، ہنگولی اور پربھنی اضلاع کیلئے آئندہ تین دنوں کیلئے یلو الرٹ جاری کیا ہے۔ 3 جولائی تک لاتور اور دھاراشیو اضلاع کے مختلف مقامات پر ہلکی تا اوسط درجے کی بارش کا امکان ہے۔
***** ***** *****
کل چھترپتی سمبھاجی نگر کے جامعہ اسلامیہ کاشف العلوم جامع مسجد کے احاطے میں واقع انعام ہال میں بڈی لین سوشل گروپ کی جانب سے عطیہئ خون کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ اس کیمپ میں تقریباً 700 افراد کے خون عطیہ کرنے کی اطلاع ہے۔ اس موقع پر گورنمنٹ میڈیکل کالج اور اسپتال کے ڈاکٹروں کی ٹیم نے خون کا عطیہ کرنے والوں کا تعاون کیا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ عوامی شراکت کی طاقت سے بڑے بڑے بحرانوں کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے‘ یہ ایمرجنسی کے دور نے دکھادیا ہے: وزیرِ اعظم کا اظہار۔
چھترپتی سمبھاجی نگر ضلعے کے پاٹودہ گرام پنچایت کی ’من کی بات‘ میں کی گئی تعریف۔
٭ اسمبلی کا مانسون اجلاس آج سے؛ سہ لسانی فارمولہ منسوخ۔
٭ بیڑ میں طالبہ کو جنسی طورپر ہراساں کرنے کے معاملے میں فرار دو اساتذہ گرفتار۔
٭ امریکی اوپن بیڈمنٹن میں بھارت کے آیوش شیٹی ناقابلِ شکست‘ جبکہ تنوی شرما رَنراَپ۔
اور۔۔۔٭ مراٹھواڑہ میں اگلے تین دِنوں کیلئے محکمہئ موسمیات کی جانب سے یلو الرٹ۔
***** ***** *****

No comments: