Sunday, 29 June 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 29 جون 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chatrapati Sambhajinagar

Date: 29 June-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۹۲/ جون ۵۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ کیپٹن شبھانشو شکلا کا خلائی مشن ایک نئے دور کا آغاز ہے: وزیرِ اعظم کی جانب سے فخر کا اظہار۔
٭ چیف جسٹس بھوشن گوائی کی موجودگی میں ناگپور کے Constitution Preamble Park کا افتتاح۔
٭ بیڑ ضلع کے طلبہ اب سیکھیں گے جاپانی زبان۔
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر کے جالنہ روڈ پر کم و بیش 500 قبضہ جات مہندم کیے گئے۔
اور۔۔۔٭ خواتین کے T-20 کرکٹ میچ میں بھارت نے انگلینڈ کو دی 97 رنوں سے شکست۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
وزیرِ اعظم نریندرمودی نے کہا ہے کہ کیپٹن شبھانشو شکلا کا خلائی مشن ایک نئے دور کا آغاز ہے۔ وزیرِ اعظم نے اس خیال کا اظہار کل کیپٹن شکلا کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کیا اور انھیں تہنیت پیش کی۔ مودی نے کہا کہ اگرچہ شبھانشو شکلا فی الحال ملک سے دور ہے تاہم وہ ملک کے ہر شہری کے دل کے قریب ہے۔ وزیرِاعظم نے شکلا کے ذریعے اس مشن میں ملک کی نمائندگی کرنے پر خوشی کا اظہار کیا۔ وزیرِ اعظم اور کیپٹن شکلا کے درمیان ہونے والی یہ بات چیت:
Byte: Prime Minister Narendra Modi And Captain Shubhanshu Shukla
وزیرِ اعظم آج آکاشوانی کے پروگرام ’من کی بات‘ کے ذریعے ہم وطنوں سے خطاب کریں گے۔ یہ پروگرام صبح گیارہ بجے آکاشوانی اور دوردرشن کے سبھی چینلز سے براہِ راست نشر کیا جائے گا۔
***** ***** *****
موبائل ایپ کے ذریعے رائے دہی کے عمل کو نافذ کرنے والی‘ بہار ملک کی پہلی ریاست بن گئی ہے۔ بہارمیں کل چھ نگرپنچایتوں سمیت 36 میونسپل کاؤنسلز کے انتخابات ہوئے۔ اس چناؤ کے دوران انتخابی مرکز پر ووٹ ڈالنے اور ووٹنگ مشین کے استعمال کے علاوہ رائے دہندگان کو اپنے موبائل فون پر E - Voting App ڈاؤن لوڈ کرکے گھر بیٹھے ووٹ ڈالنے کی سہولت فراہم کی گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ کم و بیش 50ہزار رائے دہندگان نے اس سہولت کیلئے اندراج کرواکر ووٹ ڈالے۔ بہار کے ریاستی انتخابی کمشنر نے کہا ہے کہ یہ دن بہار کیلئے تاریخی بن گیا ہے۔
***** ***** *****
ملک کے چیف جسٹس بھوشن گوائی نے کہا ہے کہ Constitution Preamble Park ‘ بھارت رَتن ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کی یاد میں ایک اہم قدم ہے۔ چیف جسٹس کل ناگپور میں راشٹر سنت تکڑوجی مہاراج یونیورسٹی کے احاطے میں Constitution Preamble Park‘ کے افتتاح اور ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کے مکمل مجسّمے کی نقاب کشائی کے بعد بول رہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ ملک کے وسطی علاقے میں Constitution Park بنانے سے اس بات کی نشان دہی ہوتی ہے کہ دستور بھارت کے شہریان کے دلوں میں ہے۔ چیف جسٹس گوائی نے مزید کہا کہ ناگپور جہاں پہلا Constitution Preamble Park تعمیر کیا گیا ہے کا محلِ وقوع بھارت کے وسط میں ہے جہاں شمال‘ جنوب‘ مشرق اور مغرب کی سمتیں آکر ملتی ہیں۔
اس موقع پر وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس‘ مرکزی وزیر نتن گڈکری اور دیگر معززین موجود تھے۔ اپنے خطاب کے دوران وزیرِ اعلیٰ پھڑنویس نے کہا کہ دستور کی تمہید دستور کا بنیادی حصہ ہے۔ انھوں نے ملک کے شہریان سے اس تمہید میں کہی گئی باتوں پر عمل کرنے کی اپیل کی۔
***** ***** *****
اسی بیچ کل ناگپور میں وزیرِ اعلیٰ کے ہاتھوں عالمی بینک کے تعاون سے چلائے جانے والے Mahastroid پروجیکٹ کا افتتاح عمل میں آیا۔ اس موقع پر وزیرِ اعلیٰ نے ضلع ترقیاتی منصوبے پر منعقدہ ورکشاپ میں تمام ضلع کلکٹرس کی رہنمائی کی۔ انھوں نے تمام ضلع کلکٹرس کو ہدایت دی کہ وہ ضلع میں آنے والے خانگی سرمایہ کاروں کو کوئی پریشانی نہ ہونے دیں۔ وزیرِ اعلیٰ نے ضلع کلکٹرس سے کہا کہ وہ اپنے روز مرہ کے کاموں کے علاوہ ایک ایسا Eco System ضلع میں تیار کریں کہ جس سے خانگی سرمایہ کاروں کو یہ احساس ہو کہ انتظامیہ ان کی راہ میں مشکلات کھڑی کرنے والی نہیں بلکہ مدد کرنے والی ہے۔
اس موقع پر نائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے موجود تھے۔ انھوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ ترقی یافتہ بھارت کے خواب کی تعبیر کیلئے مہاراشٹر کو اہم کردار ادا کرنا ہے۔ انھوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ ’متر‘ تنظیم مہاراشٹر کی تعمیر میں بہت مددگار ثابت ہوگی۔
***** ***** *****
India Against Corruption نامی تنظیم کے قومی صدر اور او بی ستی لیڈر ہیمنت پاٹل نے سیاسی جماعتوں سے اپیل کی ہے کہ وہ تعلیم جیسے حساس مسائل پر سیاست کیے بغیر مثبت انداز اپنائیں۔ انھوں نے بتایا کہ اس معاملے میں ریاستی حکومت نے کسی بھی زبان کی سختی نہیں کی ہے بلکہ طلبہ کی ہمہ جہت ترقی کی خاطر مختلف متبادل فراہم کررہی ہے۔ یہ کہتے ہوئے پاٹل نے مخالف جماعتوں کے مؤقف پر تنقید کی۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
ہم اسکولوں میں طلبہ کو مراٹھی‘ ہندی یا انگریزی میں ایک دوسرے سے بات کرتے ہوئے دیکھتے ہیں۔ تاہم‘ اب بیڑ ضلع کے طلبہ جاپانی زبان میں بھی بات کرسکیں گے۔ بیڑ ضلع کے ہمارے نامہ نگار نے اس بارے میں مزید بتایا کہ سوامی ویویکانند ودیالیہ میں یہ سہولت Cosmo India نامی کمپنی کی مدد سے دستیاب کرائی گئی ہے۔ اس کیلئے ایک خصوصی کلاس روم کا افتتاح کل کیا گیا۔ اس کلاس روم میں ایک Interactive Board لگایا گیا ہے جس کے ذریعے جاپان کے اساتذہ بیڑ میں طلبہ کو جاپانی زبان سکھائیں گے۔
***** ***** *****
امریکی سینیٹ نے بیرونِ ملک پیسوں کی منتقلی پر ٹیکس ساڑھے تین فیصد سے کم کرکے ایک فیصد کردیا ہے۔ اس سے امریکہ میں بسنے والے بھارتیوں کو کم شرح پر اپنے خاندانوں کو پیسے بھیجنے کا موقع ملے گا۔ نقد رقم‘ منی آرڈر اورکیشئر چیک وغیرہ کے ذریعے رقم بھیجنے پر یہ فیس وصول کی جائے گی۔ آئندہ یکم جنوری سے یہ نئی شرحیں نافذ ہوں گی۔ بینک کھاتوں اور امریکی ڈیبٹ یا کریڈٹ کارڈس کے ذریعے لین دین پر کوئی فیس نہیں ہوگی۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر کے جالنہ روڈ پر ٹریفک میں خلل ڈالنے والے تقریباً 500 قبضہ جات کو کل منہدم کردیا گیا۔ میونسپل کارپوریشن کے 350 افسران و ملازمین کے دستے نے پولس کی سخت حفاظت میں یہ کارروائی کی۔ یہ کارروائی آج بھی جاری رہے گی۔ میونسپل کمشنر اور ایڈمنسٹریٹر جی شریکانت نے واضح کردیا ہے کہ قبضہ جات ختم کرنے کے دوران کسی کو بھی کوئی رعایت نہیں دی جائیگی۔
***** ***** *****
پربھنی ضلع میں خریف کی تخم ریزی شروع کردی گئی ہے۔ کپاس اور ہلدی جیسی نقد فصلوں کی کاشت مکمل ہونے کے قریب ہے۔ خریف ہنگام کے پیشِ نظر ضلع میں 15 دنوں تک ترقی یافتہ زرعی عہد مہم چلائی گئی۔ کرشی وِگیان کیندر کے سربراہ ڈاکٹر پرشانت بھوسلے نے اس یقین کا اظہار کیا ہے کہ اس مہم کے دوران کی گئی رہنمائی کی وجہ سے اس برس ضلع کی زرعی پیداوار میں اضافہ ہوگا۔
***** ***** *****
پونے ضلع کے بیل واڑی میں کل جگدگرو سنت تکارام مہاراج کی آشاڑھی واری پالکھی کی پہلی ”گول رِنگن“ تقریب منائی گئی۔ اسی طرح دھاراشیو ضلع کے بھوم میں سنت مکتا بائی پالکھی کی ”بھیڑوں کی رِنگن“ نامی تقریب کا انعقاد عمل میں آیا۔ اس کے بعد یہ پالکھی کنتھل گری کے راستے پنڈھرپور کیلئے روانہ ہوئی۔
وہیں ریاستی خواتین کمیشن کی جانب سے ’آروگیہ واری‘ پروگرام چلایا جارہا ہے۔ اس کے تحت وارکری خواتین کو سینیٹری نیپکنس‘ دودھ پلانے والی ماؤں کیلئے ہیرکنی کمرے‘ دامنی دستے‘ بیت الخلاء‘ ابتدائی طبّی امداد اور ایمبولنس وغیرہ کی سہولت فراہم کی جارہی ہے۔
***** ***** *****
بھارت اور انگلینڈ کے درمیان جاری خواتین کرکٹ T-20 سیریز کا پہلا میچ بھارت نے 97 رنوں سے جیت لیا ہے۔ بلّے بازی کرتے ہوئے بھارت کی جانب سے دئیے گئے 211 رنوں کے ہدف کو میزبان انگلینڈ کی ٹیم 15 ویں اوور میں 113 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی۔ 112 رنز بنانے والی بھارتی بلّے باز اسمرتی مندھانا کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ پانچ میچوں کی سیریزکا آئندہ مقابلہ یکم جولائی کو ہوگا۔
***** ***** *****
گذشتہ نو دِنوں کے دوران مختلف آبی منصوبوں سے پانی کی آمد کے سبب جائیکواڑی ڈیم میں پانی کا ذخیرہ تقریباً 42 فیصد تک پہنچ گیا ہے۔ اس وقت جائیکواڑی آبی منصوبے میں ساڑھے 13 ہزار کیوبک فٹ فی سیکنڈ کی رفتار سے پانی داخل ہورہا ہے۔
***** ***** *****
بھارت کی نوجوان بیڈمنٹن کھلاڑی تنوی شرما یو ایس اوپن بیڈمنٹن ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچ گئی ہے۔ تنوی کا مقابلہ آج رات فائنل میں چین کی بیون ژانگ سے ہوگا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ کیپٹن شبھانشو شکلا کا خلائی مشن ایک نئے دور کا آغاز ہے: وزیرِ اعظم کی جانب سے فخر کا اظہار۔
٭ چیف جسٹس بھوشن گوائی کی موجودگی میں ناگپور کے Constitution Preamble Park کا افتتاح۔
٭ بیڑ ضلع کے طلبہ اب سیکھیں گے جاپانی زبان۔
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر کے جالنہ روڈ پر کم و بیش 500 قبضہ جات مہندم کیے گئے۔
اور۔۔۔٭ خواتین کے T-20 کرکٹ میچ میں بھارت نے انگلینڈ کو دی 97 رنوں سے شکست۔
***** ***** *****

No comments: