Regional Urdu Text Bulletin, Chatrapati Sambhajinagar
Date: 28 December-2024
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۸۲/دسمبر ۴۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ سابق وزیرِ اعظم ڈاکٹر من موہن سنگھ کی آخری رسومات آج دہلی میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی جائیں گی۔
٭ صدرِ جمہوریہ، وزیرِ اعظم، مختلف ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ سمیت ملک بھر سے ڈاکٹر سنگھ کو پیش کی گئی خراجِ عقیدت۔
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع ملک کی ہیلتھ اسکریننگ مہم میں ریاست میں دوسرے مقام۔
٭ سنتوش دیشمکھ کے قتل کیخلاف سکل مراٹھا سماج کا لاتور کے ریناپور میں احتجاجی مورچہ۔
اور۔۔۔٭ خواتین کے ایک روزہ کرکٹ مقابلوں کی سیریز کے ایک میچ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف بھارت کی شاندار فتح۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
سابق وزیرِ اعظم ڈاکٹر من موہن سنگھ کی آخری رسومات آج دہلی میں سرکاری اعزاز کے ساتھ اد کی جائیں گی۔ ان کا جسد ِ خاکی آج ان کی رہائش گاہ سے کانگریس ہیڈکوارٹر لایا جائے گا۔ جہاں انھیں کانگریس عہدیداران‘ کارکنان اور عام شہری خراجِ عقیدت پیش کریں گے۔ خبروں میں کہا گیا ہے کہ آج صبح ساڑھے نو بجے کانگریس ہیڈکوارٹر سے آنجہانی سابق وزیرِ اعظم کی ارتھی اُٹھائی جائے گی۔ آکاشوانی کے تمام چینلز پر آخری رسومات کی ادائیگی کی تفصیلات نشر کی جائیں گی۔
اسی دوران صدرِ جمہوریہ درَوپدی مُرمو‘ نائب صدرِ جمہوریہ جگدیپ دھنکڑ، وزیرِ اعظم نریندر مودی‘ لوک سبھا میں حزبِ اختلاف کے قائد راہل گاندھی‘ کانگریس کے قومی صدر ملک ارجن کھرگے‘ کانگریس کی سینئر قائد سونیا گاندھی‘ مرکزی وزیرِ داخلہ امیت شاہ‘ بی جے پی کے صدر اور مرکزی وزیر جے پی نڈا‘ مختلف ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ اور دیگر مرکزی وزراء نے کل ڈاکٹر من موہن سنگھ کی رہائش گاہ پر اُن کا آخری دیدار کیا اور ان کی اہلیہ گروشرن کور سے ملاقات کرکے انہیں تسلی دی۔
صدرِ جمہوریہ درَوپدی مُرمو نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ ڈاکٹر من موہن سنگھ کو ملک کی خدمت‘ بے داغ سیاسی زندگی اور انتہائی عاجزانہ انداز کیلئے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ مرکزی کابینہ کے اجلاس میں بھی ڈاکٹر سنگھ کے انتقال پر تعزیت کرتے ہوئے انھیں خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ وزیرِ اعظم نریندر مودی نے آنجہانی ڈاکٹر سنگھ کے کام پر روشنی ڈالی اور کہا کہ اُن کی موت سے ملک کوبڑا نقصان پہنچا ہے۔ اپنے پیغام میں وزیرِ اعظم مودی نے کہا کہ انتہائی نامساعد حالات میں اُن کا کام آنے والی نسلوں کیلئے مشعلِ راہ ہوگا۔ وزیرِ اعظم نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا:...
”ایک نیک انسان کے روپ میں‘ ایک وِدوان اَرتھ شاستری کے روپ میں‘ اور ریفارمس کے پرتی سمرپِت لیڈر کے روپ میں انھیں ہمیشہ یاد کیا جائے گا۔ ایک اَرتھ شاستری کے روپ میں انھوں نے الگ الگ اِستر پر بھارت سرکار میں اَنیک سیوائیں دی ہیں۔ ایک چنوتی پورن سمئے میں انھوں نے ریزرو بینک کے گورنر کی بھومیکا نبھائی۔ پورو پردھان منتری بھارت رَتن پی وی نرسمہا راؤ کی سرکار کے وِتّ منتری رہتے ہوئے انھوں نے وِتیے سنکٹ میں گھرے دیش کو ایک نئی اَرتھ ویوستھا کے مارگ پر پرشست کیا۔“
ملک کی تقسیم کے کڑوے حالات کو برداشت کرتے ہوئے پاکستان سے بھارت آئے ہوئے ایک عام خاندان کے کم عمر لڑکے نے اپنے عزم اور جانفشانی سے ملک کے سب سے بڑے اقتصادی ماہر کے طور پر اپنے آپ کو منوایا۔ ڈاکٹر من موہن سنگھ نے ملک کی معیشت کو ایک نئی توانائی دی۔ وہ ملک کے دس برس تک وزیرِ اعظم رہے۔ انتہائی نامساعد حالات میں ترقی کی راہ پر آگے بڑھنے والے اپنے ملک کے بارے میں راجیہ سبھا میں انھوں نے کہا تھا:
یونان‘ مصر و روما سب مٹ گئے جہاں سے
اب تک مگر ہے باقی نام و نشاں ہمارا
کچھ بات ہے کہ ہستی مٹتی نہیں ہماری
صدیوں رہا ہے دشمن دورِ جہاں ہمارا
آنجہانی ڈاکٹر من موہن سنگھ کے دوسرے دورِ حکومت میں مرکزی حکومت پر کئی الزامات لگے، تاہم انتہائی عاجزانہ زبان رکھنے والے ڈاکٹر سنگھ نے ان الزامات اور تنقید کا جواب اپنی خاموشی سے دیا۔ ایک بار لوک سبھا کے اجلاس میں زوردار بحث کے بعد نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا تھا:
ہزاروں جوابوں سے اچھی ہے میری خاموشی
جو کئی سوالوں کی آبرو ڈھک لیتی ہے
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے ڈاکٹر سنگھ کی خدمات کو یاد کرتے ہوئے ان الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا:
”دیش میں من موہن سنگھ جی کی ایک اپنی چھبی رہی ہے‘ ایک اَرتھ شاستری کے روپ میں‘ اس کے بعد ایک ریزرو بینک کے گورنر کے روپ میں‘ پردھان منتری کے روپ میں‘ انھوں نے اپنے کرتویو ں کا بہت اچھی طرح سے نِروہن کرنے کا پریاس کیا ہے۔ میں ان کو وِنمر شردّھانجلی اَرپن کرتا ہوں اور ان کا جو پریوار ہے اُس پریوار کے دُکھ میں ہم سبھی لوگ شامل ہیں۔“
***** ***** *****
سابق وزیرِ زراعت ڈاکٹر پنجاب راؤ دیشمکھ کے یومِ پیدائش کے موقع پر گورنر سی پی رادھا کرشنن نے کل ممبئی کے راج بھون میں ان کی تصویر پر گلہائے عقیدت پیش کیے۔ اسی طرح ماحولیات اور مویشیوں کی افزائش کی ریاستی وزیر پنکجا منڈے نے بھی منترالیہ میں ان کی تصویر پر پھول چڑھا کر خراجِ عقیدت پیش کیا۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
وزیرِ اعظم نریندرمودی کل صبح گیارہ بجے آکاشوانی کے پروگرام ”من کی بات“ کے ذریعے قوم سے خطاب کریں گے۔ اس پروگرام کی یہ 117 ویں قسط ہوگی۔
***** ***** *****
شمسی توانائی زرعی پمپ اسکیم پر عمل درآمد کرنے کے معاملے میں مہاراشٹر ملک بھر میں پہلے مقام پر ہے۔ رواں مہینے دسمبر میں روزانہ کم و بیش 844 پمپس ریاست میں نصب کیے گئے ہیں۔ بجلی کمپنی مہاوترن کے چیئرمین اور مینیجنگ ڈائریکٹر لوکیش چندر نے یہ اطلاع دی۔ انھوں نے بتایا کہ یہ اب تک کی کسی بھی مہینے میں سب سے زیادہ کی گئی پمپوں کی تنصیب ہے۔
***** ***** *****
مرکزی حکومت کی وزارتِ آیوش کی جانب سے چلائی گئی ہیلتھ اسکریننگ مہم میں چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع نے ریاست میں دوسرا مقام حاصل کیا ہے۔ ضلع میں اب تک 20 ہزار سے زائد ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔ ضلع صحت افسر ڈاکٹر ابھئے دھانورکر نے 641 افراد کی صحت کا معائنہ کرنے والے ڈاکٹر سونم ڈھولے اور 533 افراد کا ٹیسٹ کرنے والے ڈاکٹر پرمیشور پھالکے کو مبارکباد دی ہے۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کوآرڈنیشن اینڈ کنٹرول کمیٹی یعنی DISHA کے چیئرمین اور رکنِ پارلیمان سندیپان بھومرے نے جل جیون مشن کے تحت ضلع میں ہورہے کاموں کی پیش رفت کا جائزہ لینے کی خاطر ایک آزاد کمیٹی تشکیل کرنے کی ہدایت دی ہے۔ بھومرے کل ”دِشا“ کمیٹی کے جائزاتی اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔
اسی دوران انھوں نے کل ڈسٹرکٹ الیکٹری سٹی ایڈوائزری کمیٹی کے اجلاس میں بھی رہنمائی کی۔ انھوں نے ہدایت دی کہ ضلع میں خاص طورپر زراعت کیلئے بجلی کی تقسیم کو رفتار دی جائے۔
***** ***** *****
لاتور ضلع کے رینا پور میں کل سکل مراٹھا سماج کی جانب سے مسّا جوگ کے سرپنچ سنتوش دیشمکھ کے قتل کے خلاف ایک احتجاجی مورچے کا انعقاد کیا گیا۔ مقتول کی بیٹی ویبھوی اور بیٹے ویراج نے اس مورچے میں شرکت کی۔ اسی معاملے کو لیکر آج بیڑ کے کلکٹر دفتر پر ایک خاموش مورچہ نکالا جائے گا۔ جس کے پیشِ نظر سخت پولس بندوبست تعینات کیا گیاہے۔ اسی بیچ CID کے دستے نے کل بھتہ خوری کے معاملے میں والمک کراڑ کی بیوی‘ دو محافظوں اور این سی پی کے اُس وقت کے ضلع صدر راجیشور چوہان سے تفتیش کی ہے۔
***** ***** *****
بھارت اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تین میچوں پر مبنی خواتین کرکٹ کی آئی سی سی چمپئن شپ سیریز بھارت نے تین صفر سے جیت لی ہے۔ وڈودرا میں کل تیسرے اور آخری ایک روزہ میچ میں ویسٹ انڈیز کی جانب سے دئیے گئے 163 رنوں کے ہدف کو بھارت نے 29 ویں اوور میں پانچ وِکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ دِپتی شرما کو پلیئر آف دیا میچ اور رینوکا ٹھاکر سنگھ کو سیریز کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
***** ***** *****
بارڈر- گاوسکر سیریز کے میلبرن کرکٹ ٹیسٹ مقابلو ں میں بھارتی بلّے بازی بے اثر ثابت ہورہی ہے۔ یشسوی جیسوال اور نتیش کمار ریڈی کے علاوہ کوئی بھی بلّے باز بڑا اسکور نہیں بناسکا۔ بھارتی ٹیم نے کل کے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 164 رنوں کے اسکور سے آج کھیل کا آغاز کیا۔ آسٹریلیاء میں دوپہر کے کھانے کے وقفے تک بھارتی ٹیم نے سات وکٹوں کے نقصان پر 298 رنز بنالیے ہیں۔ فی الحال سیریز میں دونوں ٹیمیں ایک ایک میچ جیت کر برابری پر ہیں۔
***** ***** *****
نابینا لڑکے اور لڑکیوں کا چوتھا گول بال ٹورنامنٹ کل گوندیا میں شروع ہوا۔ اس مقابلے میں ملک کی 15 ریاستوں سے 300 سے زائد کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔ اس ٹورنامنٹ کے فائنل میچز آج کھیلے جائیں گے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ سابق وزیرِ اعظم ڈاکٹر من موہن سنگھ کی آخری رسومات آج دہلی میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی جائیں گی۔
٭ صدرِ جمہوریہ، وزیرِ اعظم، مختلف ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ سمیت ملک بھر سے ڈاکٹر سنگھ کو پیش کی گئی خراجِ عقیدت۔
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع ملک کی ہیلتھ اسکریننگ مہم میں ریاست میں دوسرے مقام پر۔
٭ سنتوش دیشمکھ کے قتل کیخلاف سکل مراٹھا سماج کا لاتور کے ریناپور میں احتجاجی مورچہ۔
اور۔۔۔٭ خواتین کے ایک روزہ کرکٹ مقابلوں کی سیریز کے ایک میچ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف بھارت کی شاندار فتح۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment