Regional Urdu Text Bulletin, Chatrapati Sambhajinagar
Date: 31 December-2024
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۱۳/دسمبر ۴۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ خلائی تحقیقاتی ادارے ”اِسرو“ کے اسپیڈیکس مشن کا پہلا مرحلہ مکمل؛ دونوں سیٹیلائٹ مجوزہ مدار میں داخل۔
٭ سی بی ڈی ٹی کی جانب سے ”وِیواد سے وِشواس“ اسکیم میں 31 جنوری 2025 تک توسیع۔
٭ مسّاجوگ اور پربھنی کے متاثرہ خاندانوں سے مرکزی مملکتی وزیر رام داس آٹھولے کا اظہارِ تعزیت۔
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر کو نئی متوازی پائپ لائن سے ماہِ مارچ تک آبرسانی ممکن بنانے کی منصوبہ بندی کرنے کیلئے وزیر اتل ساوے کی ہدایت۔
اور۔۔۔٭ اہلیا نگر- پرلی ریلوے لائن پر وِگھن واڑی تا راجوری کے درمیان ٹریک کی جانچ کامیاب۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
ہندوستانی خلائی تحقیقاتی ادارے ”اِسرو“ نے اپنے اسپیڈیکس مشن کا پہلا مرحلہ کامیابی کے ساتھ مکمل کرلیا ہے۔ شری ہری کوٹہ کے ستیش دھون خلائی مرکز سے کل شب پی ایس ایل وی سی 16- راکٹ کے ذریعے ایس ڈی ایکس زیرو وَن اور ایس ڈی ایکس زیرو ٹو ان دو سیارچوں کو داغا گیا۔ یہ دونوں سیٹلائٹ اپنے مجوزہ مدار میں کامیابی کے ساتھ داخل ہوگئے ہیں۔ اس برس کا اِسرو کا یہ آخری خلائی مشن کامیاب رہا۔ اب آئندہ 10 ایام میں ڈاکنگ یعنی ان دونوں سیارچوں کو خلاء میں ہی باہم جوڑنے کا دوسرا مرحلہ شروع ہوگا۔ اس تجربے کی مکمل کامیابی کے بعد بھارت خلائی میدان میں اس طرح کی ٹکنالوجی رکھنے والے امریکہ، رشیاء اور چین کے بعد چوتھا ملک بن جائے گا۔ چاند پر خلائی پروازوں اور خلاء میں سٹیلائٹ اسٹیشن قائم کرنے کے پروجیکٹس کیلئے یہ ٹکنالوجی نہایت اہم ہے اور اس شعبے میں بھارت کی حیثیت مزید مستحکم ہوگی۔
***** ***** *****
مرکزی راست ٹیکس بورڈ- سی بی ڈی ٹی نے اپنی ”وِیواد سے وِشواس“ نامی اسکیم کی مدت میں 31 جنوری تک توسیع کردی ہے۔ اسکیم کی مدت آج ختم ہورہی تھی۔ اس اسکیم کے ذریعے ٹیکس دہندگان کو اپنی انکم ٹیکس کی واجب الادا رقم کا تخمینہ لگانے‘ نیز ٹیکس کی ادائیگی کیلئے مزید وقت ملے گا۔
***** ***** *****
سال 2025-26 کے آئندہ مالی بجٹ کے پس منظر میں مرکزی وزیرِ خزانہ نرملا سیتا رَمن کی زیرِ صدارت کل نئی دہلی میں پری بجٹ اجلاس منعقد ہوا۔ مختلف محکموں کے سیکریٹری اس اجلاس میں شریک تھے۔ 2025-26 کا عام مالی بجٹ آئندہ یکم فروری کو پیش ہونے کا امکان ہے۔ مرکزی وزیرِ مالیات کی حیثیت سے نرملا سیتا رَمن اپنا آٹھواں عام بجٹ پیش کریں گی۔
***** ***** *****
نیشنل کیڈیٹس کور یعنی این سی سی کا یومِ جمہوریہ پریڈ کیمپ کل نئی دہلی کے کری اپّا میدان پر شروع ہوا۔ کیمپ کا آغاز تمام مذاہب کی دُعائیہ تقریب سے ہوا۔ ایک ماہ چلنے والے اس کیمپ میں 28 ریاستو ں اور آٹھ مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں سے دو ہزار 361 کیڈیٹس شرکت کررہے ہیں۔ جن میں 917 طالبات بھی شامل ہیں۔ یوتھ ایکسچینج پروگرام کے تحت 14 دوست ممالک کے کیڈیٹس بھی اس کیمپ میں شریک ہیں۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کل ریاستی حکومت کے مختلف محکموں کا جائزہ لیا۔ پارچہ بافی‘ زمینی مواصلات‘ ثقافتی اُمور‘ دیہی ترقیات‘ پنچایت راج اور دیگر محکمہ جات کے آئندہ 100 دِنوں کے اہداف بھی وزیرِ اعلیٰ کی موجودگی میں طئے کیے گئے۔
***** ***** *****
مرکزی وزیرِ مملکت برائے سماجی انصاف رام داس آٹھولے نے مطالبہ کیا ہے کہ مسّاجوگ کے سرپنچ سنتوش دیشمکھ کے قتل اور تاوان وصول کرنے کے واقعات کے تمام ملزمان کو فی الفور گرفتار کیا جائے۔ مسّاجوگ میں کل سنتوش دیشمکھ کے اہلِ خانہ سے ملاقات کے بعد وہ صحافیوں سے بات چیت کررہے تھے۔ انھوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں وہ مرکزی وزیرِ داخلہ امیت شاہ اور وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس سے ملاقات کریں گے اور خاطیوں کو قرار واقعی سزا دئیے جانے کا مطالبہ کریں گے۔ آٹھولے نے کہا کہ مراٹھواڑہ میں دو بڑے واقعات ہوئے ہیں جو افسوسناک ہیں۔ اس ضمن میں انھوں نے ضلع کلکٹر کو اور پولس کو ہدایات جاری کی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ سنتوش دیشمکھ کے خاندان کے کسی بھی شخص کا ابھی تک بیان قلمبند نہیں کیا جاسکا ہے، چونکہ یہ معاملہ سی آئی ڈی کی زیرِ تفتیش ہے اس لیے وزیرِ موصوف نے سی آئی ڈی کو بھی جلد از جلد اس خصوص میں جواب دینے کی ہدایت کی ہے۔
دریں اثناء آٹھولے نے کل پربھنی میں سومناتھ سوریہ ونشی اور امبیڈکری تحریک کے رہنماء وجئے واکوڑے کے اہلِ خانہ سے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر سومناتھ سوریہ ونشی کے لواحقین کو پارٹی کی جانب سے پانچ لاکھ روپئے امداد دی گئی، جبکہ واکوڑے کے اہلِ خانہ کو مالی امداد اور خاندان کے ایک شخص کو سرکاری ملازمت دئیے جانے کا مطالبہ آٹھولے نے وزیرِ اعلیٰ سے کیا۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
بیڑ ضلع کے سپرنٹنڈنٹ آف پولس نونیت کاوت نے کہا ہے کہ ضلع میں اسلحہ لائسنس کی کاجانچ کا عمل شروع کردیا گیا ہے اور جن افراد کو ضرورت نہیں ہے ان کے اسلحہ کے لائسنس منسوخ کیے جائیں گے۔ رکنِ اسمبلی سریش دھس نے کل ضلع کلکٹر اویناش پاٹھک سے ملاقات کرکے مطالبہ کیا تھا کہ اسلحہ کے لائسنس کی جانچ کی جائے۔ بعد ازاں صحیفہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے دھس نے کہا تھا کہ اُن کا مطالبہ ہے کہ وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس ایک خصوصی باب کے طور پر بیڑ ضلع کی رابطہ وزارت قبول کریں۔ دریں اثناء‘ سریش دھس نے اداکارہ پراجکتا مالی سے متعلق دئیے گئے اپنے متنازعہ بیان کیلئے معذرت بھی کرلی ہے۔
***** ***** *****
سماجی کارکن انجلی دمانیہ نے توقع ظاہر کی ہے کہ مسّاجوگ کے سرپنچ سنتوش دیشمکھ کے قتل کے معاملے میں آئندہ ایک ماہ میں بڑی کارروائی کی جائیگی۔ کل ضلع کلکٹر اویناش پاٹھک سے ملاقات کے بعد وہ اخبار نویسوں سے گفتگو کررہی تھیں۔
***** ***** *****
بہوجن فلاح و بہبود اور دیگر پسماندہ طبقات کے اُمور کے وزیر اتل ساوے نے چھترپتی سمبھاجی نگر کو نئی متوازی پائپ لائن کے ذریعے مارچ کے مہینے میں پہلے مرحلے میں آبرسانی کی منصوبہ بندی کے احکامات دئیے ہیں۔ کل وہ شہر کی آبرسانی سے متعلق اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ اس اجلاس میں وزیر اتل ساوے کے علاوہ رُکنِ پارلیمان سندیپان بھومرے‘ جالنہ کے رُکنِ پارلیمان کلیان کاڑے اور دیگر اہم شخصیات شریک تھیں۔ وزیرِ موصوف نے کہا کہ آئندہ ماہِ جون تک پائپ لائن کا کام مکمل کرکے آبرسانی شروع کردی جائیگی۔ اتل ساوے نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ جیک ویل کا پہلا مرحلہ مارچ تک شروع کردیا جائے۔ پائپ لائن کا تقریباً 88 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے۔ سات ٹنکیاں پہلے ہی کمیشن کی جاچکی ہیں اور توقع ظاہر کی کہ 22 ٹنکیاں مارچ تک مکمل ہوجائیں گی اور جون تک پورا کام مکمل کرکے شہر کو پانی فراہم کیا جاسکے گا۔
***** ***** *****
اہلیانگر- بیڑ- پرلی ریلوے لائن پر شرور تعلقے کے وِگھن واڑی تا بیڑ کے راجوری تک ریلوے ٹریک کامیاب جانچ کرلی گئی ہے۔ بیڑ میں ہوئی اس جانچ کے وقت رُکنِ پارلیمان بجرنگ سونونے موجود تھے۔ اس موقع پر انھوں نے اعلان کیا کہ مارچ 2026 تک یہ ریلوے ٹریک پرلی تک مکمل کرلیا جائے گا۔
***** ***** *****
بارڈر- گاوسکر کرکٹ ٹیسٹ سیریز کے میلبورن میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں کل میچ کے پانچویں اور آخری دِن آسٹریلیاء نے بھارت کو 184 رنوں سے شکست دے دی۔ اس فتح کے ساتھ آسٹریلیاء نے سیریز میں دو۔ ایک کی ناقابلِ شکست برتری حاصل کرلی ہے۔ سیریز کا آخری میچ تین جنوری سے سڈنی میں کھیلا جائے گا۔
***** ***** *****
ممبئی میں منعقد ہوئے ریاستی سطح کے سینئر جوڈو مقابلوں میں دھاراشیو کے اوم پرساد نمبالکر نے 90 کلو وزنی زمرے میں طلائی تمغہ حاصل کیا ہے۔ اس طرح اب نمبالکر کی قومی جوڈو مقابلوں میں شرکت یقینی ہے۔
ساتارا میں منعقد ہوئے 11 برس سے کم عمر کے کھلاڑیوں کی رول بال چمپئن شپ میں دھاراشیو ضلع رول بال کے کھلاڑی پرنو ملدوڑے نے بھی طلائی تمغہ حاصل کیا ہے۔
***** ***** *****
تملناڈو کے کنیاکماری میں ملک کے پہلے شیشے کے پل کا افتتاح کردیا گیا ہے۔ ویویکانند میمورئیل- سنت تیرو ویلّور مجسّمے کو جوڑنے والے اس پُل کا افتتاح تملناڈو کے وزیر اعلیٰ ایم کے اسٹالن نے کیا۔ 133 فٹ اونچے اور 77 میٹر طویل اس پُل سے سمندر کا نظارہ کیا جاسکتا ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ خلائی تحقیقاتی ادارے ”اِسرو“ کے اسپیڈیکس مشن کا پہلا مرحلہ مکمل؛ دونوں سیٹیلائٹ مجوزہ مدار میں داخل۔
٭ سی بی ڈی ٹی کی جانب سے ”وِیواد سے وِشواس“ اسکیم میں 31 جنوری 2025 تک توسیع۔
٭ مسّاجوگ اور پربھنی کے متاثرہ خاندانوں سے مرکزی مملکتی وزیر رام داس آٹھولے کا اظہارِ تعزیت۔
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر کو نئی متوازی پائپ لائن سے ماہِ مارچ تک آبرسانی ممکن بنانے کی منصوبہ بندی کرنے کی وزیر اتل ساوے کی ہدایت۔
اور۔۔۔٭ اہلیا نگر- پرلی ریلوے لائن پر وِگھن واڑی تا راجوری کے درمیان ٹریک کی جانچ کامیاب۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment