Monday, 30 December 2024

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 30 دسمبر 2024‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chatrapati Sambhajinagar

Date: 30 December-2024
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۰۳/دسمبر ۴۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ آئین ملک کی روشنی کا مینار ہے: ”من کی بات“ پروگرام میں وزیرِ اعظم کا اظہارِ خیال۔
٭ نئی ممبئی بین الاقوامی طیران گاہ پر پہلے تجارتی طیارے کی آمد۔
٭ ناندیڑ ضلع کی مالیگاؤں یاترا کا آغاز؛ آئندہ پانچ تاریخ تک مختلف پروگراموں کا انعقاد۔
٭ بارڈر- گاوسکر سیریز میں بھارت کو میلبورن ٹسٹ جیتنے کیلئے 253 رَن درکار۔
اور۔۔۔٭ عالمی شطرنج ریپڈ مقابلوں میں بھارت کی کونیرو ہمپی رَنراَپ۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ ملک کا آئین ہمارا مینار اور رہنماء ہے۔ وہ گذشتہ روز آکاشوانی کے ”من کی بات“ پروگرام کی 117 ویں قسط میں عوام سے مخاطب تھے۔ انھوں نے کہا کہ 26 جنوری کو ملک میں آئین کے نفاذ کے 75 سال مکمل ہوجائیں گے۔ انھوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ اس موقع پر شروع کی گئی ویب سائٹ Constitution Seventy Five.com پر جائیں اور آئین کی تمہید پڑھیں اور اس کی آڈیو ویب سائٹ پر اپلوڈ کریں۔ انھوں نے کہا:
”دیش کے ناگرکو ں کو سنویدھان کی وراثت سے جوڑنے کیلئے constitution75.com نام سے ایک خاص ویب سائٹ بھی بنائی گئی ہے۔ اس میں آپ سنویدھان کی پرستاؤنا پڑھ کر اپنا ویڈیو اپلوڈ کرسکتے ہیں‘ الگ الگ بھاشاؤں میں سنویدھان پڑھ سکتے ہیں‘ سنویدھان کے بارے میں پرشن بھی پوچھ سکتے ہیں۔ ”من کی بات“ کے شروتاؤں سے‘ اسکول میں پڑھنے والے بچوں سے‘ کالج میں جانے والے یواؤں سے‘ میرا آگرہ ہے‘ اس ویب سائٹ پر ضرور جاکر دیکھیں‘ اس کا حصہ بنیں۔“
وزیرِ اعظم نے من کی بات پروگرام میں ملک کے تفریحی شعبے کی شراکت کا ذکر کیا۔ انھوں نے کہا کہ ہماری اینیمیشن‘ فلمیں‘ ٹیلی ویژن سیریز پوری دنیا میں مقبول ہیں جو بھارت کی تخلیقی صنعت کی صلاحیت کو ظاہر کرتی ہے۔ انھوں نے راج کپور‘ محمد رفیع‘ اَکّی نینی‘ ناگیشور راؤ‘ تَپن سنہا کی کارکردگی کی ستائش کی۔
وزیرِ اعظم نے بھارتی ثقافت‘ پریاگ راج میں شروع ہونے والا کمبھ میلہ، بستر میں شروع ہونے والے اولمپک مقابلے وغیرہ پر تبصرہ کیا۔ عالمی ادارہئ صحت کی رپورٹ کے مطابق 2015 سے 2023 کے درمیان ملک میں ملیریا کے مریضوں اور ملیریا سے ہونے والی اموات میں 80 فیصد کمی آئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ یہ محکومی اسی وقت حاصل ہوئی جب اہلِ وطن نے عزم کے ساتھ چیلنج کا مقابلہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ آیوشمان بھارت اسکیم کینسر کے خلاف جنگ میں اہم کردار ادا کررہی ہے‘ جس کی وجہ سے 90 فیصد مریضوں کابروقت علاج ہورہا ہے۔ وزیرِ اعظم نے چھوٹی اجتماعی کوششوں کے ذریعے ملک بھر کے کسانوں کی طرف سے حاصل کی گئی کامیابیوں کی نشاندہی کی۔ انھوں نے کہا کہ چھوٹی شروعات سے بڑی تبدیلیاں ممکن ہیں اور اس کیلئے مضبوط عزم اور ٹیم جذبے کے ساتھ کام کرنے کی ضرورت ہے۔ نئے سال میں ”من کی بات“ کے ذریعے مزید متاثر کُن کوششوں کا اشتراک کرنے کا وعدہ کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے سب کو نئے سال کی مبارکباد دی۔
ریاست کے مختلف مقامات پر بڑے پیمانے پر ”من کی بات“ سننے کا اہتمام کیا گیا۔ لاتور شہر کے ریلائنس تری پورہ کالج میں ہونے والے پروگرام میں شہریوں اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر حاضرین نے اس تجربے کا اظہار کیا کہ پوری دنیا ہمارے ملک کی ثقافتی ترقی سے تحریک لے رہی ہے۔
رتناگری سمیت دھولیہ ضلع کے شِرپور شہر میں بھی ”من کی بات“ پروگرام سنا گیا۔ واشم ضلعے میں واقع بی جے پی کے دفتر میں پروگرام کا براہِ راست نشریہ سننے کا اہتمام کیا گیا۔
***** ***** *****
بی جے پی رکنِ اسمبلی سریش دھس کے کیے گئے تبصرے کے معاملے میں اداکارہ پراجکتا مالی نے کل ممبئی میں وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس سے ملاقات کرکے محضر پیش کیا۔ وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ مالی کی عزت میں رُکاوٹ بننے والی کسی بھی کوشش کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ اس موقع پر مالی نے اُن سے متعلق یوٹیوب پر نازیبا ویڈیو کی بھی شکایت کی۔
***** ***** *****
سماجی انصاف اور اختیارات کے مرکزی وزیرِ مملکت رام داس آٹھولے آج پربھنی کا دورہ کریں گے۔ وہ سومناتھ سوریہ ونشی اور وجئے واکوڑے کے اہلِ خانہ سے ملاقات کریں گے، جو پربھنی تشدد اور مارپیٹ کے معاملے میں ہلاک ہوگئے تھے۔ اس کے بعد محکمہ سماجی بہبود کے اہلکار کے ساتھ ایک میٹنگ ہونے کی اطلاع ہمارے نامہ نگار نے دی۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
پہلا تجارتی طیارہ کل رائے گڑھ ضلع میں بنائے گئے نوی ممبئی بین الاقوامی ہوائی اڈے کے رَن وے پر پہنچا۔ انڈیگو اے تھری ٹوئنٹی کی پرواز ممبئی ایئرپورٹ سے نوی ممبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اُتری۔ طیارے کو پانی کا چھڑکاؤ کرکے سلامی دی گئی۔
دریں اثناء‘ وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے ریاست کے ہر حصے کو ہوائی راستے سے جوڑنے کے ساتھ ساتھ موجودہ ہوائی اڈوں کو وسعت دینے کے کام کو تیز کرنے کا مشورہ دیا۔ وہ ممبئی میں مہاراشٹر ایئرپورٹ ڈیولپمنٹ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی میٹنگ سے خطاب کررہے تھے۔ وزیرِ اعلیٰ نے بڑے شہروں کے ایئرپورٹ پر بوجھ کم کرنے کیلئے جنگی بنیادوں پر کارروائی کرنے کی ہدایت دی۔
***** ***** *****
مرکزی وزارتِ ریلوے نے 125 کلو میٹر اہلیا نگر- پونے ریلوے لائن کے سروے کو منظوری دی۔ رکنِ پارلیمان نیلیش لنکے نے یہ اطلاع دی۔ اس سلسلے میں بتایا گیا ہے کہ لنکے نے پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس میں اہلیانگر -پونے انٹرسٹی ریلوے کے آغاز کے سلسلے میں حکومت کی توجہ مبذوئی کروائی تھی اور اس کا نوٹس لیتے ہوئے اس ریلوے لائن کے سروے کو منظوری دی گئی ہے۔
***** ***** *****
رکنِ اسمبلی رانا جگجیت سنگھ پاٹل نے کہا ہے کہ دھارا شیو ضلع میں سیاحت‘ صنعت اور پائیدار آبپاشی کے ذریعے بڑی تعداد میں ملازمتیں پیدا کرنے کیلئے ایک وقتی ایکشن پروگرام کا منصوبہ بنایا گیا ہے اور پہلے مرحلے میں دس ہزار ملازمتیں پیدا کرنے کا عزم ہے۔ وہ گذشتہ روز دھاراشیو میں خطاب کررہے تھے۔
ہر موضوع کیلئے 12 اسٹیئرنگ کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی‘ جن میں متعلقہ شعبوں کے افراد شامل ہوں گے۔ رکنِ اسمبلی پاٹل نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس ترقیاتی عمل میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں جس سے ضلع کی تصویر بدل جائے۔
***** ***** *****
ناندیڑ ضلع کی مالیگاؤں یاترا کل سے شروع ہوئی۔ کھنڈوبا کی یاترا روایتی انداز میں شروع ہونے کے بعد دیوسواری مرکزی راستے سے نکلی۔ اس موقع پر ریاستی تعاون کے وزیر بابا صاحب پاٹل کے ساتھ رُکنِ اسمبلی پرتاپ راؤ پاٹل چکھلیکر، رکنِ اسمبلی آنند راؤ پاٹل بونڈھارکر پالکی درشن کیلئے موجود تھے۔ یہ یاترا آئندہ پانچ تاریخ تک جاری رہے گی، جبکہ سرکاری پروگرام دو جنوری سے شروع ہوں گے۔
***** ***** *****
بارڈر-گاوسکر ٹسٹ سیریز میں بھارت کو جیتنے کیلئے 253 رنز درکار ہیں۔ آج میچ کے آخری دِن کھیل شروع ہونے کے بعد آسٹریلیاء کی دوسری انگز 234 رنز پر ختم ہوگئی۔ اس اننگ میں جسپریت بمراہ نے پانچ‘ محمد سراج نے تین اور رویندر جڈیجہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔ دریں اثناء‘ بمراہ نے کل اس مقابلے میں ریکارڈ ساز کارکردگی کرکے ٹسٹ میں دو سو وکٹس کا ہندسہ عبور کرلیا۔
آخری خبر ملنے تک بھارت نے 283 رنز بنائے ہیں اور اب بھی جیت کیلئے 253 رنز درکار ہیں۔
***** ***** *****
بھارت کی معروف شطرنج کلاڑی کونیروہمپی نے نیویارک میں منعقدہ ورلڈ ریپڈ اینڈ بلٹز چمپئن شپ میں خواتین ٹیم نے فتح حاصل کی۔ انڈونیشیاء کے کھلاڑی کو شکست دے کر ہمپی نے اس ٹورنامنٹ میں دوسری فتح حاصل کی۔ اس نے گیارہ راؤنڈ میں ساڑھے آٹھ پوائنٹس حاصل کیے۔ 37 سالہ ہمپی اس مقابلے میں دوبار جیت درج کرکے چین کی جو وینجون کے بعد دوسری شطرنج کھلاڑی ہے۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر ضلعے کے کنڑ میں آج جئے بھیم دن اور مکرن پور پریشد کا انعقاد کیا گیا ہے۔ ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر نے 30 دسمبر 1938 کو مراٹھواڑہ کی سرحد پر مکرن پور میں مہار پریشد کا انعقاد کیا تھا، اس مناسبت سے یہ پروگرام منعقد کیا جا رہا ہے۔ پولس سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹرونئے کمار راٹھوڑ کے ہاتھوں اس کانفرنس کا افتتاح عمل میں آئے گا۔
***** ***** *****
شیو سنگرام تنظیم کی جانب سے بیڑ میں کل 31 تاریخ کو انسدادِ نشہ عوامی بیداری ریلی نکالی جائے گی۔ چھترپتی شیواجی مہاراج اسٹیڈیم سے ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر سماجی انصاف بھون تک یہ ریلی نکالی جائے گی۔
***** ***** *****
نئے سال کی آمد کے پیشِ نظر پربھنی ضلعے میں ”ڈَرَنک اینڈ ڈرائیو“ روک تھام مہم چلائی جائے گی۔ پولس سپرنٹنڈنٹ رویندر سنگھ پردیشی نے ایک صحافتی بیان کے ذریعے یہ جانکاری دی‘ اور نئے سال میں ضلعے کو حادثات سے پاک رکھنے کا عزم کرنے کی اپیل کی ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ آئین ملک کی روشنی کا مینار ہے: ”من کی بات“ پروگرام میں وزیرِ اعظم کا اظہارِ خیال۔
٭ نئی ممبئی بین الاقوامی طیران گاہ پر پہلے تجارتی طیارے کی آمد۔
٭ ناندیڑ ضلع کی مالیگاؤں یاترا کا آغاز؛ آئندہ پانچ تاریخ تک مختلف پروگراموں کا انعقاد۔
٭ بارڈر- گاوسکر سیریز میں بھارت کو میلبورن ٹسٹ جیتنے کیلئے 253 رَنز درکار۔
اور۔۔۔٭ عالمی شطرنج ریپڈ مقابلوں میں بھارت کی کونیرو ہمپی رَنراَپ۔
***** ***** *****

No comments: