Sunday, 26 January 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 26 جنوری 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chatrapati Sambhajinagar

Date: 26 January-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۶۲/جنوری ۵۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
آکاشوانی کی جانب سے آپ تمام سامعین کو 76 ویں یومِ جمہوریہ کی بہت بہت مبارکباد
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ آج ملک بھر میں جوش و خروش کے ساتھ یومِ جمہوریہ کی تقریبات؛ نئی دہلی کی مرکزی تقریب میں صدرِ جمہوریہ درَوپدی مُرمو کے ہاتھوں پرچم کشائی۔
٭ معاشی اصلاحات کے جرأتمندانہ اور دُور اندیش فیصلوں سے ملک کی شرحِ نمو رہے گی برقرار: صدرِ جمہوریہ کا بیان۔
٭ شوریہ چکر سمیت ملک بھر کے 942 اہلکاروں کیلئے بہادری کے شوریہ پدکوں اور خدمات کے سیوا پدکوں کا اعلان۔
٭ پدم انعامات بھی کیے گئے ظاہر؛ سات پدم وِبھوشن‘ 26 پدم بھوشن اور 113 پدم شری ایوارڈس کی تقسیم۔
٭ پندرہواں قومی رائے دہندہ دن مختلف پروگرامس کے ساتھ کل منایا گیا جوش و خروش سے۔
اور۔۔۔٭ سینئر ادبی شخصیت اور سبکدوش جج نریندر چپلگاؤنکر کے جسد ِخاکی کی چھترپتی سمبھاجی نگر میں آخری رسومات کی گئی ادا۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
ملک کا 76 واں یومِ جمہوریہ آج منایا جارہا ہے۔ نئی دہلی میں منعقد ہونے والی مرکزی تقریب میں صدرِ جمہوریہ دروپدی مُرمو پرچم کشائی کریں گی۔ اس موقع پر انڈونیشیاء کے صدر پربوو سبریانتو اس تقریب میں مہمانِ خصوصی ہوں گے۔ اس برس کی یومِ جمہوریہ پریڈ میں انڈونیشیاء کے 160 فوجیوں پر مشتمل دستے اور 190 رُکنی فوجی بینڈ حصہ لے گا۔ بھارتی آئین کے 75 برس مکمل ہونے کی مناسبت سے ملک کی مختلف ریاستوں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں کے تصاویر سے سجے 31 رَتھ اس پروگرام میں شرکت کریں گے۔ اس تقریب میں ملک بھر سے 34 مختلف شعبوں سے 10ہزار معززین کو مدعو کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
صدرِ جمہوریہ دروپدی مُرمو نے اس اعتماد کا اظہار کیا ہے کہ اقتصادی اصلاحات کے جرأتمندانہ اور دور اندیش فیصلوں کے سبب ملک کی ترقی کی شرح برقرار رہے گی۔ صدرِ جمہوریہ کل قوم سے خطاب کررہی تھیں۔ انھوں نے مشاہدہ کیا کہ پچھلے چند برسوں میں بڑھتی ہوئی شرحِ نمو نے نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقعوں میں اضافہ کیا ہے۔ انھوں نے کہا:
صدرِ جمہوریہ نے کہا کہ گذشتہ 75برسوں میں ملک کا شاندار سفر دستور کی رہنمائی کے بغیر ممکن نہ تھا۔ انھوں نے کہا کہ آئین ہماری اجتماعی پہچان کی بنیاد ہے۔
***** ***** *****
صدرِ جمہوریہ دروپدی مُرمو نے کل مسلح افواج میں بے مثال بہادری کیلئے شوریہ چکر کا اعلان کیا۔ ان میں کارپوریل دابھی سنجے ہفا بائے‘ فلائٹ لیفٹیننٹ اَمن سنگھ شامل ہے۔ اس موقع پر ہوائی فوج کیلئے سات بہادری کے تمغوں کا بھی اعلان کیا گیا۔
***** ***** *****
گذشتہ روز ملک بھر کے 942 ملازمین کیلئے بہادری کے تمغے شوریہ پدکوں اور خدمات کے سیوا پدکوں کا اعلان کیا گیا۔ ان میں پولس‘ آتش فرو دستے‘ ہوم گارڈس کے علاوہ سول سیکوریٹی اور جیل انتظامیہ کے اہلکار شامل ہیں۔ ان میں مہاراشٹر کے کُل 43 پولس افسران اور ملازمین کو اعزاز سے نوازا جائے گا۔ روندر کمار سنگھل‘ دتاترے کارلے‘ سنیل پھلاری اور رام چندر کینڈے کیلئے صدرِ جمہوریہ کے وِششٹ سیوا تمغوں کا اعلان کیا گیا ہے۔ 39 پولس افسران و ملازمین اور جیل انتظامیہ کے پانچ ملازمین کیلئے اُتکرش سیوا تمغے ظاہر کیے گئے۔
جیون رکشا تمغوں کا بھی کل اعلان کیا گیا۔ مہاراشٹر سے تعلق رکھنے والے ششی کانت گجبے کو ”اُتم جیون رکشا تمغے، جبکہ دادا رؤ پوار اور گیانیشور بھیدوڑکر کو جیون رکشا تمغے سے نوازا جائے گا۔ وہیں چھترپتی سمبھاجی نگر دیہی پولس دستے کے سب انسپکٹر نظیر نصیر شیخ کو بہترین کارکردگی کیلئے ”راشٹرپتی پدک“ کا اعلان کیا گیا ہے۔ آج چھترپتی سمبھاجی نگر میں یومِ جمہوریہ کی تقریب کے دوران ضلعے کے رابطہ وزیر سنجے شرساٹ کے ہاتھوں شیخ کو اس تمغے سے نوازا جائے گا۔
***** ***** *****
پدم انعامات کا کل اعلان کیا گیا۔ ان میں مشہور گلوکارہ آنجہانی شاردا سنہا اور مشہور صنعت کار اوسامہ سوزوکی سمیت سات افرادکو پدم وبھوشن‘ 26 پدم بھوشن اور 113 پدم شری انعامات شامل ہیں۔ لوک سبھا کے سابق اسپیکر آنجہانی منوہر جوشی‘ آنجہانی گلوکار پنکج اُدھاس اور سینئر بی جے پی لیڈر آنجہانی سشیل کمار مودی کو بعد از مرگ پدم بھوشن انعام سے نوازا گیا۔ فلم ڈائریکٹر شیکھر کپور‘ سادھوی رتمبھرا اور ہاکی کھلاڑی پی آر شری جیش کیلئے پدم بھوشن کا اعلان کیا گیا۔ پدم شری ایوارڈس حاصل کرنے والوں میں خطاط اچیوت پالو‘ صنعتکارہ اروندھتی بھٹاچاریہ، فلم اداکار اشوک صراف‘ کلاسیکی گلوکارہ اشونی بھڑے-دیشپانڈے‘ سماجی کارکن چیترام پور‘ گلوکار اریجیت سنگھ، گلوکارہ جسپندر نرولا‘ ارنیہ رشی ماروتی چیتمپلّی‘ شہنائی نواز رونو مجمدار‘ زرعی ماہر سبھاش شرما‘ ڈاکٹر ولاس ڈانگرے‘ مصور واسودیو کامت اور کرکٹ کھلاری روی چندرن اشوی شامل ہیں۔
***** ***** *****
15واں قومی یومِ رائے دہندہ دن کل ملک بھر میں جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔ صدرِ جمہوریہ دروپدی مُرمو نے نئی دہلی میں منعقدہ مرکزی تقریب میں ریاستی اور ضلعی افسران کو بہترین انتخابی طریقہئ کار ایوارڈ سے نوازا۔ ریاست کے چیف الیکٹورل افسر کے دفتر کو بہترین انتخابی منصوبہ بندی انعام دیا گیا۔ چیف الیکٹورل افسر ایس چوکّ لنگم نے یہ ایوارڈ قبول کیا۔ ریاست میں قومی رائے دہندہ دن مختلف تقاریب کے ساتھ منایا گیا۔ مرکزی ریاستی پروگرام پونہ میں منعقد ہوا۔ اس موقع پر شہریان سے رائے دہی کا حلف لیا گیا۔
اس تقریب میں چھترپتی سمبھاجی نگر کے ڈویژنل کمشنر دلیپ گاؤڑے اور ضلع کلکٹر دلیپ سوامی کو پوسٹل بیلیٹ کی لین دین سے متعلق کارروائی کیلئے بہترین منصوبہ ساز کے انعام سے نوازا گیا‘ وہیں لاتور کی ضلع کلکٹر اور ضلع الیکشن افسر ورشا ٹھاکر گھوگے کو بیسٹ ریٹرننگ آفیسر 2025 کا ایوارڈ دیا گیا۔
***** ***** *****
بیڑ‘ پربھنی اور ہنگولی سمیت ہر جگہ رائے دہندہ بیداری مہم رنگولی مقابلے اور مختلف پروگرامس منعقد کیے گئے۔ ناندیڑ کی سوامی رامانند تیرتھ یونیورسٹی میں ایک خصوصی پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ وائس چانسلر ڈاکٹر منوہر چاسکر نے نوجوانوں سے جو یکم جنوری 2025 کو 18 برس کے ہوچکے ہیں‘ اپنے نام ووٹرس لسٹ میں درج کرانے کی اپیل کی۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
سینئر مصنف اور سبکدوش جج نریندر چپلگاؤنکر کے جسد ِ خاکی کو کل شام چھترپتی سمبھاجی نگر میں آخری رسومات ادا کردی گئیں۔ کل صبح ان کا انتقال ہوگیا تھا۔ وہ 88 برس کے تھے۔ ادب‘ فن‘ سیاست‘ سماجی اُمور‘ میڈیا‘ قانون و انصاف‘صنعت وطب اور انتظامیہ وغیرہ کے شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے کل انھیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔ وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے بھی چپلگاؤنکر کی موت پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
***** ***** *****
نائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے شیوسینکوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سرکاری اسکیمات کی معلومات عوام تک پہنچائیں۔ نائب وزیرِ اعلیٰ کل جالنہ میں شیوسینا کی شکریہ کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر شندے نے ”جہاں گاؤں وہاں شاکھا‘ جہاں گھر وہاں شیوسینک“ نامی مہم چلانے کی اپیل کی۔
***** ***** *****
گذشتہ روز ہر جگہ قومی سیاحت دن منایا گیا۔ چھترپتی سمبھاجی نگر میں سیاحت کے شعبے میں کام کرنے والی تنظیم مراٹھواڑہ ٹوریزم ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن کے صدر جینت گورنے کہا کہ مراٹھواڑہ میں ثقافتی‘ مذہبی اور تاریخی مقامات کی تشہیر کے ساتھ ساتھ ہماری تنظیم مقامی فنکاروں کو بھی ایک پلیٹ فارم فراہم کرنے کا کام کررہی ہے۔
***** ***** *****
بھارت نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میچ میں انگلینڈ کو دو وِکٹوں سے شکست دے دی۔ کل چنئی میں کھیلے گئے میچ میں بھارتی ٹیم نے انگلینڈ کی جانب سے دئیے گئے 166 رنوں کے ہدف کو 20 ویں اوور چار گیندوں اور دو وِکٹوں کو باقی رکھتے ہوئے حاصل کرلیا۔ تلک ورما نے 72 رنز بنائے، جنھیں مین آف دی میچ کے اعزاز سے نوازا گیا۔ اس جیت کے ساتھ بھارت پانچ میچوں کی سیریز میں دو- صفر سے سبقت بنائے ہوئے ہے۔ سیریز کا تیسرا میچ آئندہ 28 تاریخ کو راجکوٹ میں کھیلا جائے گا۔
***** ***** *****
ریاستی وزیرِ ٹرانسپورٹ اور دھاراشیو کے رابطہ وزیر پرتاپ سرنائیک نے کہا ہے کہ آئندہ پانچ برسوں میں دھاراشیو ضلع کے دیہاتوں میں ایس ٹی بسیں شروع کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ وزیرِ موصوف کل دھاراشیو میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے بتایا کہ دھاراشیو بس اسٹیشن کا کام اپریل کے آخر تک مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے اور دھارا شیو ضلع کو 50 نئی ایس ٹی بسیں فراہم کی جائیں گی۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ آج ملک بھر میں جوش و خروش کے ساتھ یومِ جمہوریہ کی تقریبات؛ نئی دہلی کی مرکزی تقریب میں صدرِ جمہوریہ درَوپدی مُرمو کے ہاتھوں پرچم کشائی۔
٭ معاشی اصلاحات کے جرأتمندانہ اور دُور اندیش فیصلوں سے ملک کی شرحِ نمو رہے گی برقرار: صدرِ جمہوریہ کا بیان۔
٭ شوریہ چکر سمیت ملک بھر کے 942 اہلکاروں کیلئے بہادری کے شوریہ پدکوں اور خدمات کے سیوا پدکوں کا اعلان۔
٭ پدم انعامات بھی کیے گئے ظاہر؛ سات پدم وِبھوشن‘ 26 پدم بھوشن اور 113 پدم شری ایوارڈس کی تقسیم۔
٭ پندرہواں قومی رائے دہندہ دن مختلف پروگرامس کے ساتھ کل منایا گیا جوش و خروش سے۔
اور۔۔۔٭ سینئر ادبی شخصیت اور سبکدوش جج نریندر چپلگاؤنکر کے جسد ِخاکی کی چھترپتی سمبھاجی نگر میں آخری رسومات کی گئی ادا۔
***** ***** *****

No comments: