Wednesday, 23 April 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 23 اپریل 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chatrapati Sambhajinagar

Date: 23 April-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۳۲/ مارچ ۵۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ جموں و کشمیر کے پہلگام میں سیاحوں پر انتہاء پسندوں کا حملہ؛ وزیرِ اعظم اور وزیرِ داخلہ کے اعلیٰ سطحی اجلاس۔
٭ مہاراشٹر اسمبلی انتخابات کے دوران رائے دہی سے متعلق کانگریس کا الزام بے بنیاد؛ انتخابی کمیشن کی رائے دہی کے عمل پر وضاحت۔
٭ مرکزی پبلک سروس کمیشن 2024 کے حتمی نتیجے کا اعلان؛ پونا کا اَرچیت ڈونگرے کا ریاست میں پہلا اور ملک میں تیسرا مقام۔
٭ ماہی گیری کو ریاست میں زراعت کا درجہ؛ کاشتکاروں کی طرح تمام ماہی گیر بھی مراعات کے اہل۔
اور۔۔۔٭ مراٹھواڑہ میں اوسطاً درجہئ حرارت 40 ڈگری سے تجاوز؛ ناندیڑ ضلع میں آئندہ تین دِنوں میں شدید گرمی کی لہر کیلئے یلو الرٹ۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
جموں و کشمیرکے اَننت ناگ ضلع کے پہلگام میں سیاحوں پر ہوئے انتہاء پسندوں کے حملے میں کچھ سیاحوں کی موت واقع ہوگئی ہے۔ کل دوپہر میں یہ حملہ ہوا۔ انتہاء پسندوں کوپکڑنے کیلئے حفاظتی دستوں نے علاقے کا مکمل طور پر محاصرہ کرلیا ہے اور ان کی تلاش جاری ہے۔
دریں اثناء مرکزی وزیرِ داخلہ امیت شاہ اس واقعے کے بعد سری نگر پہنچ گئے ہیں اور کل انھوں نے سری نگر میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی۔ امیت شاہ آج لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کے ساتھ جائے واردات کا معائنہ بھی کریں گے اور شہریوں اور عینی شاہدین سے بات چیت کریں گے۔
اس حملے کے پیشِ نظر وزیرِ اعظم نریندر مودی‘ اپنا دورہئ سعودی عرب درمیان میں ہی چھوڑ کر وطن واپس پہنچ گئے ہیں اور واپسی پر انھوں نے طیران گاہ پر ہی ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں شرکت کی۔ اس اجلاس میں قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈووال‘ وزیرِ خارجہ ایس جئے شنکر اور خارجہ سیکریٹری نے بھی شرکت کی۔
اس حملے کی مذمت میں آج کشمیر میں تاجر برادری نے بند کااعلان کیا ہے۔ چند مذہبی تنظیموں نے بھی بند منانے کا اعلان کیا۔
اسی دوران ہر طرف سے اس حملے کی مذمت کی جارہی ہے۔ ہلاک ہونے والے افراد کے اہلِ خانہ سے صدرِ جمہوریہ دروپدی مُرمو اور وزیرِ اعظم نریندر مودی نے اظہارِ ہمدردی کیا ہے۔ صدرِ جمہوریہ نے عسکریت پسندوں کے حملے کو چونکادینے والا اور تکلیف دِہ قرار دیا ہے۔ جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا اور وزیرِ اعلیٰ عمر عبداللہ سمیت ملک بھر کے سیاسی رہنماؤں نے اس حملے کی مذمت کی ہے۔
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے بھی پہلگام حملے کی مذمت کی۔ اپنے پیغام میں انھوں نے کہا کہ یہ جموں و کشمیر میں ترقی کے سفر کو روکنے ایک کوشش ہے۔ انھوں نے بتایا کہ انتہاء پسندوں کے ہاتھوں ہلاک ہونے والے سیاحوں میں ریاست کے دلیپ ڈِسلے اور اتل مونے شامل ہیں۔ اور دیگر دو زخمی ہوئے ہیں۔ جن میں پنویل کے مانک پٹیل اور ایس بھالچندر راؤ شامل ہیں۔
***** ***** *****
انتخابی کمیشن نے مہاراشٹر اسمبلی انتخابات میں غیر معمولی رائے دہی ہونے کے کانگریس کے الزام کو مسترد کردیا ہے۔ کمیشن نے کہا کہ ہر رائے دہی مرکز پر سیاسی جماعت اور امیدواروں کے نمائندوں کے روبرو انتخابی عمل مکمل ہوا۔ علاوہ ازیں‘ رائے دہی مکمل ہونے کے بعد کانگریس پارٹی اور امیدواروں کے کسی بھی نمائندے نے ریٹرننگ افسران یا انتخابی مبصرین سے نہیں کی‘ اس لیے غیر معمولی رائے دہی کا الزام بے بنیاد ہے۔
***** ***** *****
یونین پبلک سروس کمیشن کے تحت منعقدہ سول سروسیز امتحانات 2024 کے حتمی نتیجے کا کل اعلان کردیا گیا۔ پونا کے ارچیت ڈونگرے نے ملک بھر میں تیسرا اور ریاست میں پہلا مقام حاصل کیا۔ ملک بھر میں اُترپردیش کی شکتی دوبے سرِفہرست اور ہریانہ کے ہرشت گوئل نے دوسرا مقام حاصل کیا۔ ان امتحانات کے ذریعے ایک ہزار 9 امیدواروں کا مختلف سول سروسیز کیلئے انتخاب ہوا ہے۔
***** ***** *****
وزیرِ تعلیم دادا بھوسے نے وضاحت کی ہے کہ ریاست میں جماعت ِ اوّل تا پنجم مراٹھی اور انگلش میڈیم اسکولوں میں ہندی زبان کو لازمی نہیں بلکہ اختیاری مضمون کے طورپر رکھا جائے گا۔ کل ممبئی میں اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے بتایا کہ اس خصوص میں ماہرین سے تبادلہئ خیال کے بعد عنقریب سرکاری فیصلہ جاری کیا جائے گا۔
***** ***** *****
کاروبارِ ماہی کو ریاست میں زراعت کا درجہ دینے کا فیصلہ ریاستی کابینہ کے اجلاس میں کیا گیا ہے۔ وزیر برائے اُمورِ ماہی گیری نتیش رانے نے کل ممبئی میں منعقدہ ایک اخباری کانفرنس میں یہ اطلاع دی۔ ریاست کے چار لاکھ 83 ہزار ماہی گیروں کو اس فیصلے کا فائدہ ہوگا۔ وزیرِ موصوف نے بتایا کہ زراعت کی طرز پر ماہی گیروں کو بھی مالی اعانت‘ ماہی گیر بیمہ اسکیم اور آفاتِ سماوی کی صورت میں سرکاری امداد دی جائے گی۔
***** ***** *****
کرانتی جیوتی ساوتری بائی پھلے کے آبائی گاؤں ساتارا ضلعے کے نائیگاؤں میں عظیم الشان یادگار اور خواتین کا تربیتی مرکز تعمیر کرنے کا فیصلہ بھی کل کابینی اجلاس میں کیا گیا۔
کابینہ کے اجلاس میں مہاراشٹر اُجرت ضابطہ 2025 اور مہاراشٹر صنعتی تعلقات ضابطہ 2025 کو بھی منظوری دی گئی۔ عارضی طور پر قائم کیے گئے 16 اضافی اور 23 فاسٹ ٹریک عدالتوں کو مزید دو سال کی توسیع دی گئی۔ ڈویژنل کمشنر اور ضلع کلکٹر دفاتر میں کانٹریکٹ پر کام کرنے والے قانونی افسران کے مشاہرے میں اضافے کو بھی منظوری دی گئی۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
اقلیتی اُمور کے مرکزی وزیر کرن رِجیجو نے کہا ہے کہ وقف قانون کے ذریعے غریب اور ضرورت مند مسلمانوں کو انصاف ملے گا۔ وہ کل ممبئی میں ایک اطلاعی کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ وقف اصلاحاتی قانون 2025 کا بنیادی مقصد سابقہ قانون کی خامیوں کو دور کرنا اور وقف بورڈ کی کارکردگی میں بہتری لانا ہے۔ انھوں نے کہا:
BYTE: KIREN RIJIJU
***** ***** *****
نائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے خشک سالی سے متاثرہ علاقوں میں فوری اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انھوں نے گذشتہ روز تمام ڈویژنل کمشنرز‘ ضلع کلکٹروں‘ چیف ایکزیکٹیو افسران اور دیگر اعلیٰ حکام سے بذریعہئ ویڈیو کانفرنسنگ گفتگو کی اور ہدایت دی کہ وہ خود متاثرہ علاقوں کا دورہ کرکے پانی کی موجودہ صورتحال کاجائزہ لیں۔ اس کے علاوہ آئندہ 15 جولائی تک پانی کا ذخیرہ استعمال کیے جانے کیلئے منصوبہ بندی کریں۔ انھوں نے اپیل کی کہ موسمِ گرما کی شدت کے پیشِ نظر آئندہ دو ماہ پینے کا پانی کفایت شعاری کے ساتھ استعمال کیاجائے۔
***** ***** *****
وزیرِ ماحولیات پنکجا منڈے نے ماحولیاتی تحفظ میں فرائض اور حقوق دونوں کو متوازن رکھنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ وہ کل ممبئی میں پوائی جھیل صفائی اور تحفظ مہم کے افتتاحی پروگرام سے خطاب کررہی تھیں۔ انھوں نے کہا کہ فطرت کے تحفظ کیلئے حکومت کے ساتھ ساتھ عوام کی شراکت بھی ضروری ہے‘ تب ہی ریاست آلودگی سے پاک ہوسکے گی۔ نو دِنوں پر مشتمل ریاست گیر مہم ”ماحول بچاؤ‘ زمین سنوارو“ کا آغاز بھی کل عمل میں آیا۔
***** ***** *****
بیڑ میں کالج کی طالبات کی مدد کیلئے اب ہر کالج میں ”بڈی کاپ“ مقرر کیا جائے گا۔ قانون ساز کونسل کی نائب چیئرپرسن نیلم گورہے نے بیڑ میں پولس سپرنٹنڈنٹ اور ضلع کلکٹر کے ساتھ میٹنگ میں اس سلسلے میں ہدایات جاری کیں۔ انھوں نے کہا کہ اس تقرری سے طالبات جنسی ہراسانی جیسے معاملات میں تھانہ گئے بغیر شکایت درج کرواسکیں گی۔
دریں اثناء‘ بیڑ کے ضلع کلکٹر اویناش پاٹھک کا تبادلہ کردیا گیا ہے۔ انھیں ماہی پروری ترقیاتی کارپوریشن کا مینیجنگ ڈائریکٹر مقرر کیا گیا ہے۔ ان کی جگہ ویویک جانسن بیڑ کے نئے کلکٹر ہوں گے۔
***** ***** *****
ڈویژنل کمشنر دلیپ گاؤڑے نے کھیتوں اور راستوں سے متعلق عوامی مسائل کو حل کرنے کیلئے سستی عدالت مہم کے تحت تعلقہ سطح پر کمیٹی قائم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ضلع کلکٹرز کو ان عدالتوں کے کام کاج کی باقاعدہ نگرانی کے بھی احکامات دلیپ گاؤڑے نے دئیے۔
دریں اثناء‘ سنواد مراٹھواڑیاشی مہم کے تحت ڈویژنل کمشنر گاؤڑے آج سہ پہر چار بجے پانی کی قلّت اور آبرسانی کے موضوع پر ڈویژن کے شہریوں سے ویبنار کے ذریعے گفتگو کریں گے۔
***** ***** *****
ریاست میں کل سب سے زیادہ درجہئ حرارت چندر پور میں 45 اعشاریہ چھ ڈگری سیلسیئس درج کیا گیا۔ مراٹھواڑہ میں چھترپتی سمبھاجی نگر میں 41 ڈگری‘ پربھنی میں 42 اعشاریہ دو ڈگری اور بیڑ میں 41 اعشاریہ سات ڈگری سیلسیئس درجہئ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔
ممبئی کے علاقائی دفترِ موسمیات نے ناندیڑ ضلع کیلئے آج سے تین دِن کیلئے درجہئ حرارت میں اضافے کا یلو الرٹ جاری کیا ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ جموں و کشمیر کے پہلگام میں سیاحوں پر انتہاء پسندوں کا حملہ؛ وزیرِ اعظم اور وزیرِ داخلہ کے اعلیٰ سطحی اجلاس۔
٭ مہاراشٹر اسمبلی انتخابات کے دوران رائے دہی سے متعلق کانگریس کا الزام بے بنیاد؛ انتخابی کمیشن کی رائے دہی کے عمل پر وضاحت۔
٭ مرکزی پبلک سروس کمیشن 2024 کے حتمی نتیجے کا اعلان؛ پونا کا اَرچیت ڈونگرے کا ریاست میں پہلا اور ملک میں تیسرا مقام۔
٭ ماہی گیری کو ریاست میں زراعت کا درجہ؛ کاشتکاروں کی طرح تمام ماہی گیر بھی مراعات کے اہل۔
اور۔۔۔٭ مراٹھواڑہ میں اوسطاً درجہئ حرارت 40 ڈگری سے تجاوز؛ ناندیڑ ضلع میں آئندہ تین دِنوں میں شدید گرمی کی لہر کیلئے یلو الرٹ۔
***** ***** *****

No comments:

Text-आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर – दिनांक 25.08.2025 रोजीचे सकाळी 11.00 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date 25 August 2025 Time 11.00 to 11.05 AM Language Marathi आकाशवाणी छत्...