Wednesday, 4 June 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 04 جون 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chatrapati Sambhajinagar

Date: 04 June-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۰۴؍ جون ۲۰۲۵ء؁
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ درج فہرست ذات کمیشن کی طرز پر قبائلی کمیشن قائم کرنے کا ریاستی کابینہ کا فیصلہ۔
٭ مرکزی حکومت کی جانب سے پردھان منتری دیہی آواس یوجنا کے تحت ریاست میں 10 لاکھ 29 ہزار 957 اضافی مکانات کی منظوری۔
٭ ریاست میں پہلی جماعت سے ہی طلباء کو بنیادی فوجی تربیت د ینے کا اسکولی تعلیم کے وزیر دادا بھوسے کا اعلان۔
٭ فصلوں اور کیڑوں سے پاک پودوں کی تیاری کیلئے کلین پلانٹ پروگرام ملک بھر میں نافذ کیا جائے گا - مرکزی وزیرِ زراعت شیوراج سنگھ چوہان کی اطلاع۔
اور۔۔۔٭ 18 سال بعد رائل چیلنجرز بنگلورو نے جیتا انڈین پریمیر لیگ کا خطا ب۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
ریاستی قبائلی کمیشن کے قیام کا فیصلہ ریاستی کابینہ کے اجلاس میں لیا گیا ہے۔ وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کی صدارت میں کل کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں کمیشن کی تشکیل سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔
اس کمیشن کی تشکیل ریاستی درج فہرست ذات کمیشن کی طرز پر کی جائےگی جس میں ایک چیئرمین اور چار غیر سرکاری ارکان ہوں گے۔ کمیشن کے لیے 26 نئی آسامیاں پیدا کی جائیں گی۔ ان آسامیوں کے ساتھ ساتھ کمیشن کے اراکین کی تنخواہوں، بھتوں اور دیگر متوقع اخراجات کیلئے چار کروڑ20 لاکھ روپئے کی فراہمی کو بھی منظوری دی گئی۔ جبکہ اس کمیشن کے قیام کے بعد بھی درج فہرست ذات کمیشن پہلے کی طرح آزادانہ طور فعال رہے گا۔ کابینہ نے ان دونوں کمیشنوں کو آئینی درجہ دینے کا فیصلہ بھی کیا۔
کابینہ کے اجلاس میں چھترپتی سمبھاجی نگر میں ریاستی ملازمین بیمہ اسکیم اسپتال کیلئے 15 ایکڑ اراضی مختص کرنے کا بھی فیصلہ لیا گیا۔ چھترپتی سمبھاجی نگر شہر میں صنعتی توسیع اور ملازمین کی طبّی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ایمپلائز اسٹیٹ انشورنس کارپوریشن کا 200 پلنگوں کا اسپتال تعمیر کیا جائے گا۔ اس کیلئے کابینہ نے موضع کروڑی میں 15 ایکڑ غیر زرعی اراضی مختص کرنے کی منظوری دی۔
ریاست کے نو دیگر مقامات پر بھی ملازمین کے بیمہ اسکیم اسپتال قائم کرنے کی تجویز اجلاس میں پیش کی گئی ۔ اسی طرح، کابینہ نے مہاراشٹر اسٹیٹ روڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن کو ٹول رعایت کے بدلے معاوضہ دینے اور ممبئی کے داخلی راستے پر پانچ ٹول اسٹیشنوں پر رعایت دینے کیلئے کارپوریشن کو معاوضہ دینے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔
دریں اثنا، کابینہ کے اجلاس میں ریاست میں غیر موسمی بارشوں سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا کہ اس بارش کی وجہ سے تیار فصلوں کے نقصان کیلئے کسانوں کو معاوضہ دینے پر بھی غور کیا جائے گا۔ راحت اور بازآباد کاری محکمے کی پرنسپل سکریٹری سونیا سیٹھی نے ایک معلوماتی پریزنٹیشن کے ذریعے ریاست میں غیر موسمی بارش سے ہونے والے نقصانات سے متعلق جانکاری دی۔ ریاست میں پانی کی فر اہمی سے متعلق صورتحال میں بہتری آنے اور چھترپتی سمبھاجی نگر و جالنہ اضلاع میں ٹینکروں کے ذریعے پانی فراہم کیے جانے کی اطلاع بھی اجلاس میں دی گئی۔
***** ***** *****
مرکزی حکومت نے د یہی علاقوں میں پردھان منتری آواس یوجنا کے تحت ریاست میں 10 لاکھ 29 ہزار 957 اضافی مکانات کو منظوری دی ہے۔ وزیرِ اعلیٰ دیو یندر پھڑنویس نے سماجی رابطوں پر ایک پیغام میں یہ جانکاری دی۔ انہوں نے اس فیصلے کیلئے وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی دیہی ترقیات کے وزیر شیوراج سنگھ چوہان کا شکریہ ادا کیا۔ نئی منظوری کے ساتھ، 2016 میں اس اسکیم کے آغاز کے بعد سے ریاست میں کُل 44 لاکھ 70 ہزار 829 مکانات کو منظوری دی گئی ہے۔
دریں اثنا، کل پونے میں پردھان منتری آواس یوجنا کے تحت دیہی استفادہ کنندگان کے ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے، وزیر اعلیٰ نے آواس یوجنا کے تحت مہاراشٹر کو30 لاکھ بے گھر لوگوں کو مکانات فراہم کرنے والی پہلی ریاست قرار دیا۔
***** ***** *****
نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (ایس ٹی) کے ملازمین کو ان کی بنیادی تنخواہ کا تریپن فیصد مہنگائی بھتہ دینے کا اعلان کیا ہے۔ وہ گزشتہ روز ممبئی میں ایس ٹی کارپوریشن ملازمین کی مختلف تنظیموں کے نمائندوں کے اجلاس سےمخاطب تھے۔ انہوں نے کہا کہ اس فیصلے پر جاری ماہ سے ہی عمل درآمد ہو گا۔ اس کے علاوہ اجلاس میں ایس ٹی ملازمین کیلئے ایک کروڑ روپے کا حادثاتی انشورنس کور نافذ کرنے، مہاتما پھلے جن آروگیہ اسکیم یا دھرم ویر آنند دیگھے طبّی اسکیم میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنے کا اختیار دینے اور سبکدوش ملازمین کو نو کے بجائے 12 ماہ کا مفت سفری پاس فراہم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
***** ***** *****
ریاست میں طلبہ کو جماعت ِ اوّل سے ہی بنیادی فوجی تربیت فراہم کرنے کا اسکولی تعلیم کے وزیر دادا بھوسے نے کل اعلان کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اسکول میں اسپورٹس ٹیچرس، این سی سی ارکان، اسکاؤٹس گائیڈز کے ساتھ ساتھ سبکدوش فوجی بھی اس تربیت میں اہم کردار ادا کریں گے۔ بھوسے نے کہا کہ یہ فیصلہ طلباء میں حب الوطنی کے جذبے کو اُبھارنے اور ان میں ورزش اور نظم و ضبط کی مستقل عادت پیدا کرنے کے مقصد سے لیا گیا ہے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
مرکزی وزیرِ زراعت شیوراج سنگھ چوہان نے فصلوں اور کیڑوں سے پاک پودوں کی پیداوار کیلئے کلین پلانٹ پروگرام کو ملک بھر میں نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ وہ کل ترقی یافتہ زراعت سنکلپ ابھیان کے تحت پونے میں منعقدہ ایگریکلچر ہیکیتھان کی اختتامی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ کلین پلانٹ پروگرام کے تحت ملک میں نو تجربہ گاہیں قائم کی جائیں گی، جس کیلئے 300 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ چوہان نے بتایا کہ ان میں سے انگور کے لیے پونے، سنترےکے لیے ناگپور اور انار کیلئے شولاپور میں تجربہ گاہیں قائم کی جائیں گی۔
اس موقعے پر وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس اور نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار بھی موجود تھے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کا استعمال ہی زرعی شعبے میں کسانوں کو درپیش بہت سے مسائل کا واحد حل ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کسانوں تک پہنچانا ضروری ہے اور اس کیلئے محکمہ زراعت پہل کرکے زرعی کالجوں میں انکیوبیشن سینٹرز قائم کرے۔
***** ***** *****
دہشت گردی کے خلاف بھارت کے موقف کی وضاحت کیلئے مختلف ممالک کا دورہ کرنے والے کُل جما عتی وفود ملک واپس لوٹ رہے ہیں۔ الجزائر، سعودی عرب، کویت اور بحرین کے دورے سے واپس آنے والے بی جے پی رکنِ پارلیمان بیجینت پانڈا کی قیادت والے وفد نے کل نئی دہلی میں وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جئے شنکر سے ملاقات کی اور اپنے تاثرات و تجاویز پیش کیں۔ ڈی ایم کے کی رکنِ پارلیمان کنی موزی کروناندھی کی قیادت والا وفد روس، لاٹویا، سلووینیا، یونان اور اسپین کا دورہ کرنے کے بعد وطن واپس پہنچ گیا ہے۔
***** ***** *****
ترقی یافتہ زرعی سنکلپ مہم کے تحت، چھترپتی سمبھاجی نگر کے زرعی سائنسی مرکز کی جانب سے کل پیٹھن تعلقے میں کسانوں کی رہنمائی کیلئے پروگرام منعقد کیے گئے۔ زرعی ماہرین نے بڑکن، سیکٹا، تونڈولی، لوہ گاؤں اور مُلانی وڑ گاؤں میں جاکر کسانوں کی رہنمائی کی۔ ماہرِ زراعت ڈاکٹر راکیش آہیرے نے وسنت راؤ نائیک مراٹھواڑہ زرعی یونیورسٹی کی تیار کردہ ٹیکنالوجی کو زیادہ سے زیادہ کسانوں سےاپنانے کی اپیل کی۔ اس مہم میں ماہرین نے مختلف موضوعات پر رہنمائی کی ان میں خریف ہنگام کی پیشگی منصوبہ بندی، مویشیوں کیلئے انتظامات، حکومت کی مختلف اسکیموں،اور زراعت کیلئے ڈرون کا استعمال جیسے موضوعات شامل ہیں ۔
***** ***** *****
ترقی یافتہ بھارت سنکلپ مہم کے تحت محکمہ زراعت کی جانب سے کل جالنہ تعلقہ کے بھاٹے پوری میں کسانوں کو سویا بین فصل کے انتظامات، کھادوں کے متوازن استعمال، بی بی ایف تکنیک کے استعمال سمیت زرعی محکمے کی مختلف اسکیموں سے روشناس کرایا گیا ۔
***** ***** *****
رائل چیلنجرز بنگلورو نے 18 سال بعد انڈین پریمیر لیگ - آئی پی ایل کا خطاب جیت لیا ہے۔ کل احمد آباد میں ہوئے فائنل میچ میں بنگلورو کی ٹیم نے پنجاب کنگز کو چھ رنوں سے شکست دی۔ بنگلور کی ٹیم نے پہلے بلّے بازی کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں نو وکٹوں پر 190 رنز بنائے۔ جس کے جواب میں پنجاب کی پوری ٹیم 184 رنز ہی بنا سکی۔ گجرات ٹائٹنز کے سائی سدرشن کو سب سے زیادہ رنز بنانے پر آرینج کیپ سے نوازا گیا جبکہ سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے پرسدھ کرشنا پرپل کیپ کے حقدار قرار پائے۔
***** ***** *****
سابق مرکزی وزیر اور بی جے پی رہنما‘ گوپی ناتھ منڈے کو کل ان کی برسی پر ہر طرف خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ بیڑ ضلعے کے گوپی ناتھ گڑھ پر منعقدہ ایک تقریب میں ریاستی وزیر پنکجا منڈے، رکن اسمبلی دھننجے منڈے، سابق رکن پارلیمنٹ پریتم منڈے نے اپنے خاندان اور کارکنان کے ساتھ آنجہانی گوپی ناتھ منڈے کو خراج عقیدت پیش کیا۔
***** ***** *****
ناندیڑ ضلع کے کنوٹ تعلقے کی دو خواتین تلاٹھیوں کو16 ہزار روپے رشوت قبول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا۔ ایک کسان کی بیوی کے نام پر کھیت منتقل کرنے کیلئے بھاگیہ شری تیلنگے اور سجاتا گوڑے نے یہ رشوت طلب کی تھی۔ اس سلسلے میں کنوٹ پولس اسٹیشن میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ درج فہرست ذات کمیشن کی طرز پر قبائلی کمیشن قائم کرنے کا ریاستی کابینہ کا فیصلہ۔
٭ مرکزی حکومت کی جانب سے پردھان منتری دیہی آواس یوجنا کے تحت ریاست میں 10 لاکھ 29 ہزار 957 اضافی مکانات کی منظوری۔
٭ ریاست میں پہلی جماعت سے ہی طلباء کو بنیادی فوجی تربیت د ینے کا اسکولی تعلیم کے وزیر دادا بھوسے کا اعلان۔
٭ فصلوں اور کیڑوں سے پاک پودوں کی تیاری کیلئے کلین پلانٹ پروگرام ملک بھر میں نافذ کیا جائے گا - مرکزی وزیرِ زراعت شیوراج سنگھ چوہان کی اطلاع۔
اور۔۔۔٭ 18 سال بعد رائل چیلنجرز بنگلورو نے جیتا انڈین پریمیر لیگ کا خطا ب۔
***** ***** *****

No comments: