Regional Urdu Text Bulletin, Chatrapati Sambhajinagar
Date: 16 June-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۱۶؍ جون ۲۰۲۵ء
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ ریاست بھر میں چار مختلف حادثات میں 11 افراد غرقا ب- اتراکھنڈ میں ہیلی کاپٹر حادثے میں ایوت محل ضلعے کے تین افراد کی موت۔
٭ آشاڑھی ایکادشی کیلئے پنڈھر پور جانے والی مختلف پالکیوں کا مراٹھواڑہ سے گذر۔
٭ نئے تعلیمی سال کا آج سے آغاز- محکمہ تعلیم کی جانب سے اسکول کے پہلے دن مختلف سرگرمیوں کا اہتمام۔
اور۔۔۔٭ ریاست کے بیشتر مقامات پر موسلا دھار بارش - کئی اضلاع کو خبرداری برتنے کی ہد ایات۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
ریاست میں کل مختلف مقامات پر گیارہ افراد غرقاب ہونے کے واقعات پیش آئے۔ پونے ضلع کے ماوڑ تعلقے میں کُنڈمڑا سیاحتی مقام پر اندراینی ندی پر واقع آہنی پل گرنے سے کچھ سیاح بہہ گئے۔ اس حادثے میں چار افراد ہلاک اور 32 افراد زخمی ہوگئے۔
وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے اس واقعے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ریاستی حکومت کی جانب سے مہلوکین کے اہلِ خانہ کو پانچ لاکھ روپے کی مالی امداد فراہم کرنے اور زخمیوں کے علاج و معالجے کےخرچ اٹھانے کا اعلان وزیرِ اعلیٰ نے کیا۔
گزشتہ چند دنوں سے جاری زوردار بارشوں کی وجہ سے ندی نالوں کی پانی کی سطح میں اضافہ ہوگیا ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق‘کل اتوار کی چھٹی کی مناسبت سے اس پُل پر گنجائش سے زیادہ بھیڑ ہوگئی تھی‘ اور پُل گرپڑنے کی وجہ سے یہ حادثہ رونما ہوا۔
***** ***** *****
نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے بھی اس واقعے پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور اس طرح کے واقعات کو ر وکنے کیلئے ریاست میں پرانے پلوں کا معائنہ کرنے کے احکامات دئیے ہیں۔ انھوں نے ضلع انتظامیہ کو سیاحتی مقامات پر چھٹی کےدنوں میں متوقع بھیڑ کے پیشِ نظر ہنگامی حالات کیلئے ر احتی دستوں کو تیار رکھنے کی ہد ایت بھی دی۔
نائب وزیر اعلیٰ اور پونے کے رابطہ وزیر اجیت پوار نے اس حادثے کی وجوہات کی تحقیقات کرنے اور قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا اعلان کیا۔
***** ***** *****
دریں اثنا، ریاست کے بلڈانہ، رائے گڑھ اور جالنہ اضلاع میں پیش آئے دیگر حادثات میں سات افراد غرقاب ہونے کی اطلاعات ہمارے نمائندوں نے دی ہیں۔
بلڈانہ ضلعے کے ملکاپور کے قریب وشو گنگا ندی میں ڈوبنے سے دو خواتین کی موت ہوگئی ‘ جبکہ چار دیگر کی حالت نازک بتا ئی گئی ہے۔ ہمارے نمائندے نے بتایا کہ یہ سبھی متاثرین کھام گاؤں کے رہائشی ہیں۔
اسی طرح دوسرا واقعہ رائے گڑھ ضلع کے ماتھیران میں پیش آیا، نئی ممبئی کے کوپرکھیرنے کے دس لوگوں کا ایک گروپ ماتھیران کی سیر کیلئے آیا تھا۔ ان میں سے تین افراد شارلوٹ جھیل میں تیراکی کیلئے اُترے تھے لیکن پانی کی گہرائی کا صحیح اندازہ نہ ہونے کی وجہ سے تینوں غرقاب گئے۔ پولس، میونسپل انتظامیہ کے عملے اور مقامی راحتی دستوں نے تلاش مہم شروع کی‘ تاہم دیر رات تک تینوں کا سراغ نہیں مل سکا۔
جالنہ ضلع میں بھی دو بچوں کی تالاب میں ڈوب جانے سے موت واقع ہوگئی ۔ یہ حادثہ گذشتہ سنیچر کی شام کو پیش آیا۔
***** ***** *****
اُتراکھنڈ کے رُودرپریاگ کے گوری کُنڈ علاقے میں کل ایک ہیلی کاپٹر حادثے میں سات افراد کی موت ہو گئی۔ مہلوکین میں ایوت محل ضلعے کے موضع وَنی کے جیسوال خاندان کے افراد شامل ہیں۔ حادثے کا شکار ہیلی کاپٹر کیدارناتھ سے گپت کاشی جا رہا تھا۔ پولس کی ابتدائی معلومات کے مطابق خراب موسم کے باعث یہ ہیلی کاپٹر حادثے کا شکا ر ہوا ہے۔ حادثے کی تحقیقات ‘فضائی حا دثات تحقیقاتی شعبہ کے دستے 'اے اے آئی بی کے سپرد کی گئی ہے۔
دریں اثنا، حفاظتی وجوہات کی بنا پر اس خطے میں تمام ہیلی کاپٹر خدمات آئندہ دو دنوں کیلئے منسوخ کردی گئی ہیں۔
***** ***** *****
احمد آباد فضائی حادثے میں مہلوکین کے رشتے داروں کے 250 ڈی این اے نمونے لیے گئے ہیں۔ ان میں سے 62 لاشوں کے ڈی این اے کے نمونوں کی تصدیق کرلی گئی ہے اور اب تک 35 لاشیں لواحقین کے حوالے کر دی گئی ہیں۔ دریں اثنا، حادثے میں جان گنوانے والے گجرات کے سابق وزیر اعلیٰ وجئے روپانی کے ڈی این اے کے نمونوں کی بھی تصدیق ہوچکی ہے، اور ان کے جسدِخاکی پر آج راجکوٹ میں آخری رسومات ادا کی جائیں گی۔
***** ***** *****
گڈچرولی ضلع کے دور دراز اور نکسلیوں سے متاثرہ علاقوں کے تین رہائشی اسکولوں کے 120 طلباء کل بھارتی خلائی تحقیقاتی مرکز(ISRO) کا تعلیمی دورہ کرنے کیلئے بنگلورو روانہ ہوئے۔ وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے ناگپور کی ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر بین الاقوامی طیر ان گاہ پر طلباء سے بات چیت کی اور ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
ایس ٹی کارپو ریشن کی مسافر بسوں سے سفر کرنے والے طلباء کیلئے آج سے، ایس ٹی کارپوریشن کی جا نب سے ’’ایس ٹی پاس راست آپ کے اسکول میں‘‘ مہم شرو ع کی جارہی ہے۔ اس مہم کے ذریعے طلبہ کو ان کے تعلیمی اداروں میں ہی ایس ٹی پاس تقسیم کیے جائیں گے۔ ایس ٹی ڈپو منیجرس نے تعلیمی اداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ نئے تعلیمی سال میں اپنے اداروں میں زیرِ تعلیم طلبہ کی فہرست تیار رکھیں۔
***** ***** *****
آشاڑھی ایکادشی کیلئے پنڈھرپور جانے والی مختلف پالکیاں مراٹھواڑہ سے گزر رہی ہیں۔ جلگاؤں ضلع کے مکتائی نگر کی سنت مکتا بائی کی پالکی کل جالنہ ضلع میں داخل ہوئی۔ واگھروڑ جہانگیر میں پالکی کا روایتی طریقے سے استقبال کیا گیا۔ شیگاؤں کے سنت گجانن مہاراج کی پالکی کی کل پربھنی ضلعے کے پورنا تعلقہ کے زیروپھاٹہ میں آمد ہوئی۔ اس موقعے پر ہزاروں عقیدت مندوں نے پالکی کے درشن کیے۔
ہنگولی ضلعے کے نرسی نامدیو کے سنت نامدیو مہاراج کی پالکی آج روانہ ہوگی۔ اس تقریب میں ایک ہزار سے زائد وارکریوں کی شرکت متوقع ہے۔ ناندیڑ ضلعے کے دیگلور میں گنڈا مہاراج سنستھان کی دِنڈی کل روانہ ہوئی۔ اس تقریب کی تقریباً 230 سال قدیم روایت ہے۔
***** ***** *****
آج سے نئے تعلیمی سال کا آغاز ہو رہا ہے۔ ریاستی حکومت کے اسکولی تعلیم محکمے کی جانب سے اسکول میں داخلے کا خصوصی اہتمام کیا جارہا ہے۔ کئی اسکولوں میں پہلے دن منفرد انداز میں طلباء کے خیر مقدم کیلئے مختلف سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا ہے۔
لاتور ضلعے میں، اسکول کے پہلے دن جماعت اوّل کے طلباء کو مفت نصابی کتابیں، یونیفارم، جوتے اور موزے تقسیم کیے جائیں گے۔ طلباء کے پیروں کے نشانات لینے کی خصوصی پہل پر بھی عمل درآمد کیا جائے گا۔
بیڑ کے ضلع کلکٹر ویویک جانسن بیڑ تعلقہ کے کارے گوہان ضلع پریشد اسکول میں طلبہ کی استقبالیہ تقریب میں موجود رہیں گے۔
جالنہ ضلعے میں، تعلیمی معیار کو بہتر بنانے اور طلبہ کی حاضری کا فیصد بڑھانے کیلئے، اسکولی تعلیم محکمے کی جانب سے ضلع بھر میں 'اسکول داخلہ سرگرمی کا اہتمام کیا گیا ہے۔
چھترپتی سمبھاجی نگر میں اسکولوں میں طلبہ کے استقبال کیلئے بڑے پیمانے پر تیاریاں کی گئی ہیں اور پہلی بار اسکول آنے والے بچوں پر پھولوں کی پنکھڑیاں نچھاور کرکے ان کا استقبال کیا جائے گا۔
ناندیڑ ضلع پریشد اسکولوں میں پہلی جماعت میں داخل ہونے والے ہر طالب علم کو ایک خصوصی ’’یادگاری فارم‘‘ دیا جائے گا۔ اس فارم میں مختلف معلومات اسکول کا نام، طالب علم کا نام اور والدین کا نام، طالب علم کا لکھا ہوا پہلا مراٹھی او ر انگریزی لفظ، پہلا عدد، پہلی جماعت میں طالب علم کے اپنے خیالات اور ایک تصویر منسلک کی جائے گی۔ اس خصوصی اقدام کا مقصد طالب ِ علم کے دسویں جماعت میں پہنچنے پر اسے اسکولی زندگی کے پہلے دن کی یاد کروانا ہے۔
***** ***** *****
عالمی یوگا دن کی مناسبت سے آکاشوانی اپنے سامعین کو ر وزانہ ایک آسن کے بارے میں معلومات فراہم کر رہا ہے۔ آج، چھترپتی سمبھاجی نگر کے ڈاکٹر ویویک چرجن نے پشچیموتتاناسن کے بارے میں جانکاری دیتے ہوئے بتا یا کہ اس آسن سے ہاضمے کا نظام درست ہوتا ہے اور ذیابطیس جیسی بیماریوں سے حفاظت ہوتی ہے‘ اسی طرح گردے مضبوط ہوتے ہیں۔ انھوں نے کمر کے منکوں کے درد اور سائٹیکا میں مبتلا مریضوں سے یہ آسن نہ کرنے کی اپیل بھی کی۔
***** ***** *****
سابق مرکزی وزیرِ مملکت راؤ صاحب دانوے نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے گیارہ سالہ کامیاب دورِ حکومت میں بھارت میں خدمت، بہتر حکمرانی اور غریبوں کی فلاح و بہبود کی ایک نئی مثال قائم ہوئی ہے۔ وہ کل جالنہ میں ایک صحافتی کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔
***** ***** *****
ریاست کے مختلف اضلاع میں موسلادھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ رائے گڑھ ضلع سمیت کوکن میں موسلا دھار بارش ہورہی ہے اور ندیوں میں طغیانی آئی ہوئی ہے۔ ممبئی ۔گوا شاہراہ پر بھی موسلادھار بارش سےآمد و رفت متاثر ہوئی۔ جبکہ ناسک شہر میں کل دوپہر زوردار بارش ہوئی‘ جس سے مرکزی علاقوں کی سڑکیں ندیوں میں تبدیل ہوگئیں۔
چھترپتی سمبھاجی نگر میں بھی کل تیز ہواؤں کے ساتھ زوردار بارش ہوئی۔
دریں اثنا’ آئندہ دو دنوں میں کوکن کے بیشتر مقامات اور وسطی مہاراشٹر، مراٹھواڑہ اور ودربھ کی کچھ مقامات پر بارش کا امکان ہے۔ آج رتناگیری اور رائے گڑھ اضلاع کیلئے بارش کا ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے، جبکہ پال گھر، تھانے، پونے، ستارا، کولہاپور اور سندھو درگ اضلاع کیلئے آرینج الرٹ دیا گیا ہے۔
***** ***** *****
بیڑ ضلعے کے، گیورائی تعلقہ میں، مقامی کرائم برانچ دستے نے کل چھاپہ مار کر ریت کی غیر قانونی نکاسی کے خلاف کارروائی کی۔ راکشس بھون میں کی گئی اس کارروائی میں 17 لاکھ چھ ہزار روپئے مالیت کا سامان ضبط کیا گیا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ ریاست بھر میں چار مختلف حادثات میں 11 افراد غرقا ب- اتراکھنڈ میں ہیلی کاپٹر حادثے میں ایوت محل ضلعے کے تین افراد کی موت۔
٭ آشاڑھی ایکادشی کیلئے پنڈھر پور جانے والی مختلف پالکیوں کا مراٹھواڑہ سے گذر۔
٭ نئے تعلیمی سال کا آج سے آغاز- محکمہ تعلیم کی جانب سے اسکول کے پہلے دن مختلف سرگرمیوں کا اہتمام۔
اور۔۔۔٭ ریاست کے بیشتر مقامات پر موسلا دھار بارش - کئی اضلاع کو خبرداری برتنے کی ہد ایات۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment