Tuesday, 17 June 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 17 جون 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 17 June-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۷۱/ جون ۵۲۰۲ء؁
وقت: ۰۰:۹-۰۱:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ قومی مردم شماری کا نوٹیفکیشن جاری؛ ذات پر مبنی مردم شماری یکم مارچ 2027 سے ہوگی شروع۔
٭ وزیرِ اعظم نریندر مودی کو قبرص کے اعلیٰ ترین اعزاز سے نوازا گیا؛ یہ 140 کروڑ بھارتیوں کا اعزاز ہے‘ وزیرِ اعظم کا اظہار۔
٭ نئے تعلیمی سال کا آغاز‘ طلبہ کے داخلے کی تقاریب مختلف سرگرمیوں کے ساتھ منائی گئیں۔
اور۔۔۔٭ مانسون ریاست بھر میں سرگرم؛ اگلے دو دِنوں میں کوکن کے اکثر مقامات اورمراٹھواڑہ و ودربھ کے کچھ مقامات پر بارش کا امکان۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
16 ویں قومی مردم شماری اور ذات پر مبنی پہلی مردم شماری کا نوٹیفکیشن کل گیزٹ میں شائع کیا گیا۔ یہ مردم شماری بھارت کی آزادی کے بعد آٹھویں مردم شماری ہوگی۔ 34 لاکھ شمار کنندگان اور مبصرین ملک بھر میں ایک لاکھ تین ہزار سے زائد افسران‘ جدید موبائل ڈیجیٹل سسٹم کے ذریعے اس عمل میں حصہ لیں گے۔ مردم شماری کے پہلے مرحلے میں گھروں‘ جائیدادوں اور سہولیات کی معلومات جمع کی جائیں گی، جبکہ دوسرے مرحلے میں سماجی‘ معاشی اور ذات پات کی معلومات اکٹھا کی جائیں گی۔ اس عمل میں ایک ڈیجیٹل ایپ اور خود شماری کی سہولت بھی دستیاب کرائی گئی ہے۔
ملک کے برفانی علاقوں میں یکم اکتوبر 2026 سے مردم شماری ہوگی، جبکہ دیگر حصوں میں ایک مارچ 2027 سے ہوگی۔
***** ***** *****
وزیرِ اعظم نریندر مودی کو قبرص کے اعلیٰ ترین شہری اعزاز ”گرینڈ کراس آف دی آرڈر آف مکاریوس تھری“ سے نوازا گیا۔ مودی نے کہا کہ یہ ایوارڈ 140 کروڑ ہندوستانیوں کیلئے اعزاز ہے۔ وزیرِ اعظم کے دورے کے دوران پارلیمنٹ نے بھارت کے انسدادِ دہشت گردی کے مؤقف کی حمایت کا اظہار کیا۔ وزیرِ اعظم نے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل میں بھارت کی مستقل رُکنیت کی حمایت کیلئے پارلیمنٹ کا شکریہ ادا کیا۔ دونوں ممالک نے دفاع‘ صنعت‘ صحت اور غیر توانائی کے شعبوں میں تعاون پر اعلیٰ سطحی بات چیت کی۔
***** ***** *****
گجرات کے احمدآباد میں ہوئے ہوائی حادثے کے 92 مہلوکین کی DNA جانچ ہوچکی ہے اور اب تک 49 نعشیں ان کے اہلِ خانہ کے سپرد کی گئی ہیں۔ دریں اثناء‘ حادثے میں ہلاک شدہ گجرات کے سابق وزیرِ اعلیٰ وجئے روپانی کی آخری رسومات راجکوٹ میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی گئیں۔ وزیرِ اعلیٰ بھوپیندر پٹیل سمیت کئی معززین نے اس موقع پر حاضر رہ کر روپانی کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
***** ***** *****
آئندہ 21 جون کو منائے جانے والے عالمی یوگا دِن کی ملک بھر میں تیاری جاری ہے۔ اس مناسبت سے مرکزی پروگرام وِشاکھا پٹنم میں وزیرِ اعظم مودی کی موجودگی میں ہوگا۔
دریں اثناء‘ عالمی یوگا دِن کے ضمن میں آکاشوانی روزانہ اپنے سامعین کیلئے ایک آسن کی معلومات دے رہا ہے۔ چھترپتی سمبھاجی نگر کی یوگ ٹرینر ڈاکٹر منیشا چرجن نے شل بھاسن کی معلومات دیتے ہوئے کہا کہ اس سے پیٹ کے امراض میں افاقہ ہوتا ہے۔
***** ***** *****
آشاڑھی واری کیلئے پنڈھر کی جانب رواں دواں شیگاؤں کی سنت گجانن مہاراج کی پالکھی کل پربھنی شہر میں داخل ہوئی۔ رابطہ وزیر میگھنا بورڈیکر نے پالکھی کا درشن کیا۔ پربھنی کے عوامی طبّی محکمے کی جانب سے پالکھی کے وارکریوں کی صحت کی جانچ کی جارہی ہے۔ پالکھی کے راستے پر مختلف مقامات پر طبّی کیمپ کا انعقاد کیا گیا ہے۔
ہنگولی ضلعے کے نرسی نامدیو سے سنت نامدیو مہاراج کی پالکھی کل پنڈھرپور میں ٹھہری۔ اس پالکھی جلوس میں سینکڑوں وارکریوں نے شرکت کی۔ اس پالکھی کا پہلا حلقہ آج ہنگولی شہر میں ہوگا۔ مکتائی نگر کی سنت مکتابائی کی پالکھی کل جالنہ ضلعے کے عنبڑ کی جانب چلی۔
پیٹھن کے سنت ایکناتھ مہاراج کی نئی چاندی کی پالکھی رتھ کی آج صبح گیارہ بجے رکنِ پارلیمان سندیپان بھومرے کے ہاتھوں پوجا ہوگی۔ اس کے بعد ریلی نکالی جانے کی اطلاع ناتھ وارث رگھوناتھ بووا گوساوی پالکھی والے نے دی ہے۔
***** ***** *****
نئے تعلیمی سال کا کل سے آغاز ہوگیا۔ ریاستی حکومت کے اسکولی تعلیم محکمے کی مختلف اسکولوں میں اسکول کے آغاز کو منایا گیا‘ جس میں طلبہ کے پہلے دن ان کا استقبال کیا گیا۔
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے پال گھر ضلع کے دُرویس کے پی ایم شری ضلع پریشد اسکول آغاز تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر انھوں نے طلبہ اور سرپرستوں سے خطاب کیا۔ اسکولی تعلیم کے عمل اور تعلیم سے متعلق طلبہ کی دلچسپی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیرِ اعلیٰ کے ہاتھوں اس موقع پر شجرکاری کی گئی۔ پال گھر کے وزیرِ اعظم دھرتی آبا جن جاتی گرام اُتکرش مہم کے تحت دھرتی آبا لوک سہبھاگ مہم اور مختلف ترقیاتی کاموں کا آغاز بھی ان کے ہاتھوں ہوا۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
نائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے کی موجودگی میں ساتارا ضلع پریشد کے کوڈولی کے اسکول میں جبکہ نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار نے پونے ضلع پریشد کے دَونڈ تعلقے کے آلے گاؤں کے اسکول میں موجود رہ کر طلبہ کو پھول دیکر ان کا استقبال کیا۔
چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع کے مختلف اسکولوں میں نئے طلبہ کا پھول‘ تحائف اور مٹھائی دیکر استقبال کیا گیا۔ شہر سے قریب ساتارا کے مرکزی ثانوی اسکول میں رابطہ وزیر سنجے شرساٹ نے طلبہ کا استقبال کیا۔ میونسپل کارپوریشن کے اشوک نگر اور بریج واڑی کے اسکولوں میں دیگر پسماندہ طبقات کی بہبود کے وزیر اتل ساوے کی موجودگی میں اسکول کے آغاز کی تقاریب منائی گئی۔
***** ***** *****
پربھنی ضلع پریشد کے سِنگنا پور کے اسکول میں ضلع کلکٹر رگھوناتھ گاؤڑے نے طلباء کا خیرمقدم کیا اور انہیں یونیفارم اور کتابیں تحفے میں دیں۔ گنگا کھیڑ تعلقے میں اسکول کے پہلے دن طلباء میں بیاضیں‘ کتابیں اور اسکول بیگ بھی تقسیم کیے گئے۔ سجی ہوئی بیل گاڑیوں میں طلبہ کی ریلی نکالی گئی۔
دھاراشیو ضلعے میں کلمب تعلقے کے بھاڑشِر پورہ اور دھاراشیو تعلقے کے تڑوَڑا میں، ضلع کلکٹر کیرتی کرن پجار، ضلع پریشد سی ای او میناک گھوش، اور رکنِ اسمبلی کیلاس پاٹل کی موجودگی میں طلباء پر پھولوں کی پنکھڑیاں نچھاور کرکے استقبال کیا گیا۔
تلجا پور نگر پریشد پرائمری اسکول میں نئے طلباء کو پگڑیاں باندھ کر، پھول اور مٹھائیاں پیش کر کے اور طلبہ کے پیروں کے نشان لے کر استقبال کیا گیا۔ جبکہ پڑسَپ میں رکنِ کونسل وکرم کالے کی موجودگی میں اسکول میں داخلے کی تقریب منعقد ہوئی۔
سابق وزیر اعلیٰ اور رُکنِ پارلیمان اشوک چوہان نے ناندیڑ ضلعے کے بھوکر کے ضلع پریشد اسکول میں طلبہ کا استقبال کیا‘ جبکہ ناندیڑ میونسپل کمشنر ڈاکٹر مہیش کمار ڈوئی پھوڑے نے وَسَرنی میں واقع اسکول میں، ساتھ ہی قندھار کے رکنِ اسمبلی پرتاپ پاٹل چکھلیکر اور ضلع پریشد کی سی ای او میگھنا کاولی نے حدگاؤں تعلقہ کے تامسا میں اسکول پہنچنے والے طلبہ کا خیرمقدم کیا۔
بیڑ میں اسکولی طلباء کا استقبال گلاب کے پھول دیکر کیا گیا‘ ساتھ ہی اسکولوں کے داخلی حصے میں غبارے کی استقبالیہ کمانیں بنائی گئیں اور طلبہ کا خیر مقدم کیا گیا۔
لاتور ضلعے میں، امدادِ باہمی وزیر بابا صاحب پاٹل نے شِرور تاج بند ضلع پریشد مرکزی پرائمری اسکول میں طلباء کا گلاب کے پھولوں سے استقبال کیا۔
لاتور ضلع کے کھنڈا پور دیہات کے اسکول میں گزشتہ چھ ماہ سے ریاضی اور سائنس کے اساتذہ کی غیر حاضری کے خلاف گاؤں کے ساکنان نے ایجوکیشن آفیسر کے دفتر کے سامنے مختلف نعرے لگاتے ہوئے مظاہرہ کیا۔
***** ***** *****
ناندیڑ ضلعے کے کنوٹ تعلقے کے جاور میں وزیرِ اعظم دھرتی آبا قبائیلی دیہی مہم کا کل سے آغاز ہوا۔ قبائیلی ترقیات پروجیکٹ آفیسر اور معاون ضلع کلکٹر جینِت چندر دونتولا کے ہاتھوں اس مہم کا آغاز عمل میں آیا۔ اس موقع پر محکمہ زراعت کی جانب سے کاشتکاروں میں تخم اور سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے۔
***** ***** *****
مرکزی حکومت نے پردھان منتری آواس یوجنا کے سروے کیلئے 18 جون تک حتمی معیاد مقرر کی ہے۔ دھاراشیو ضلع پریشد کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر میناک گھوش نے بے گھر شہریوں سے اپیل کی ہے 2018 کی فہرست میں جن کے نام نہیں ہیں، وہ شہری گاؤں کے گرام سیوک کی معرفت اس نئے سروے میں اپنا نام درج کرائیں۔
***** ***** *****
ریاست میں مانسون پھر سے فعال ہوگیا ہے۔ کوکن، ممبئی، نوی ممبئی، کولہاپور، ستارا سمیت کل کئی اضلاع میں بارش ہوئی۔ رتناگیری ضلعے میں کل کی موسلادھار بارش سے نظامِ زندگی درہم برہم ہوگیا۔
دریں اثناء‘ محکمہ موسمیات نے آئندہ دو دنوں میں کوکن کے بیشتر مقامات پر اور وسطی مہاراشٹرا، مراٹھواڑہ اور ودربھ کے مختلف مقامات پر بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ قومی مردم شماری کا نوٹیفکیشن جاری؛ ذات پر مبنی مردم شماری یکم مارچ 2027 سے ہوگی شروع۔
٭ وزیرِ اعظم نریندر مودی کو قبرص کے اعلیٰ ترین اعزاز سے نوازا گیا؛ یہ 140 کروڑ بھارتیوں کا اعزاز ہے‘ وزیرِ اعظم کا اظہار۔
٭ نئے تعلیمی سال کا آغاز‘ طلبہ کے داخلے کی تقاریب مختلف سرگرمیوں کے ساتھ منائی گئیں۔
اور۔۔۔٭ مانسون ریاست بھر میں سرگرم؛ اگلے دو دِنوں میں کوکن کے اکثر مقامات اورمراٹھواڑہ و ودربھ کے کچھ مقامات پر بارش کا امکان۔
***** ***** *****

No comments: