Wednesday, 18 June 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 18 جون 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chatrapati Sambhajinagar

Date: 18 June-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۱۸؍ جون ۲۰۲۵ء؁
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ مہاراشٹر زرعی - مصنوعی ذہانت،Mahaagri-AIپالیسی کو ریاستی کابینہ کی منظوری؛ مہاویدھ منصوبے کی معیاد میں توسیع کو بھی منظوری۔
٭ ریاست میںگذشتہ سا ل کے مقابلے اب تک صرف آٹھ فیصد بوائی؛تمام اقسام کے کھاد دستیاب کروانے کی وزیرِ اعلیٰ کی ہدایات۔
٭ مرکزی حکومت کے بھرپور اقدامات کے سبب گذشتہ گیارہ سالوں میں طبّی سہولیات میں متعدد تبدیلیاں۔
٭ سنت ایکناتھ مہاراج کی پالکھی کی آج پیٹھن سے پنڈھر پور کی طرف روانگی؛ہنگولی میں سنت نامدیو مہاراج کی پالکھی کی رائونڈ تقریب منعقد۔
اور۔۔۔٭ ر یاست بھر میں بارش کا توقف؛ آئندہ دو دنوں میں زوردار بارش کی پیشن گوئی۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
مہاراشٹر زرعی - مصنوعی ذہانت، یعنیMahaagri-AIپالیسی 2025 تا 2029 کو کل ریاستی کابینہ کے اجلاس میں منظوری دی گئی۔اس فیصلے سے مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے زراعت کے شعبے میں تبدیلیاں ممکن ہوسکیں گی۔
کابینہ نے مرکزی حکومت کے ویدر انفارمیشن نیٹ ورک ڈیٹا سسٹم یعنی WINDS پروجیکٹ کے تحت گرام پنچایت سطح پر خودکار موسمی مرکز کے قیام کیلئے مہاویدھ منصوبے کی معیاد میں توسیع کو بھی منظوری دی۔ کابینہ کے اجلاس میں ناسک ضلعے کے موضع جامبوٹکے میں مہاراشٹر صنعتی ترقیاتی کارپوریشن کو قبائلی صنعتی کلسٹر کیلئے 29 ہیکٹر 52 آر اراضی فراہم کرنے ، ایمرجنسی کے دوران قید و بند کا سامنا کرنے والے کارکنان کے مشاہرے کو دوگنا کرنے، ان کے زندہ رہنے والے جوڑی دار کو بھی مشاہرہ فراہم کرنے اور غیر امدادی خانگی پیشہ ورانہ تعلیمی اداروں میں داخلہ کیلئے غیر ملکی بھارتی کی اصطلاح کو تبدیل کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
***** ***** *****
ریاست کے مختلف حصوں میں مانسون کی بارشوں کا آغاز ہوچکا ہے، اور اب تک تقریباً 11 اعشاریہ سات صفر ملین ہیکٹر اراضی پر بوائی کی جا چکی ہے، کل منعقدہ کابینی اجلاس میں اس کی اطلاع دی گئی۔ گذشتہ سال کے مقابلے میں یہ اوسط صرف آٹھ فیصد ہے۔ بہتر بارشیں ہونے کے سبب کھاد کی مانگ میں اضافے کا امکان ہے۔ اس پسِ منظر میں وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے تمام قسم کی کھادیں دستیاب کرانے کی ہدایات دی ہیں۔
***** ***** *****
وزیرِ زراعت مانک راؤ کوکاٹے نے کہا ہے کہ محکمۂ زراعت ریاست کے مختلف حصوں میں خصوصی شاپنگ مالس قائم کرنے کا منصوبہ تیار کر رہا ہے۔ عو امی خانگی اشتر اک کی بنیاد پر قائم کیے جانے والے ان مالز کی پچاس فیصد دکانیں نجی تاجروں کو نزول پر دی جائیں گی جبکہ بقیہ دکانیں کسانوں کیلئے مختص رکھی جائیں گی۔
***** ***** *****
تعمیرات عامہ کے وزیر شیویندر سنگھ راجے بھوسلے نے ریاست میں محکمہ تعمیرات عامہ کے دائرہ اختیار میں آنے والے25 سال سے زیادہ پرانے تمام پلوں اور عمارتوں کا اسٹرکچرل آڈٹ کرنے اور فوری طور پر اس کی رپورٹ پیش کرنے کے احکامات دئیے ہیں۔ وہ گزشتہ روز منتر الیہ میں منعقدہ اجلاس سے مخاطب تھے۔ بھوسلے نے آشاڑھی-واری کے راستوں پر واقع پلوں کا بھی معائنہ کرنے ا ور واری کیلئے راستوں کو مکمل طور پر محفوظ بنانے، سڑکوں پر گڑھوں کیلئے محکمہ کے ایپ کا مؤثر استعمال کرنے کی بھی ہدایات دیں۔
***** ***** *****
گزشتہ 11 سالوں میں مرکزی حکومت کی طرف سے اٹھائے گئے اہم اقدامات نے صحت کی دیکھ بھال کے انتظامات میں بنیادی تبدیلیاں لائی ہیں۔ ہمارے نمائندے نے اس سلسلے میں مزید تفصیلات پیش کی ہیں:
خدمت‘ بہتر حکمرانی اور غریبوں کی فلاح و بہبود کے اصولوں سے متاثر ہو کر، ملک کے شہری پچھلی ایک دہائی میں غیر معمولی تبدیلیوں کے تجربے سے گذرے ہیں۔ ان تبدیلیوں میں سب سے پہلے اور سب سے اہم، نظامِ صحت میں تبدیلیاں شامل ہیں۔ آیوشمان بھارت جیسے بڑے اقدامات نے تقریباً 55 کروڑ شہریوں کو صحت سے متعلق مالی تحفظ فراہم کیا ہے۔ آیوشمان وَئے وندنا اسکیم کے تحت 70 سال یا اس سے زیادہ عمر کے بزرگ شہریوں کو ہیلتھ انشورنس کے فوائد فراہم کیے گئے ہیں۔ آیوشمان بھارت ڈیجیٹل مشن نے صحت کی دیکھ بھال کے نظام کو جدید ترین بنایا ہے اور 78 کروڑ سے زیادہ آیوشمان بھارت ہیلتھ اکاؤنٹس بنائے گئے ہیں۔ آیوشمان بھارت کے تحت صحت کی بنیادی سہولیات کو وسعت دی گئی ہے۔ شمال مشرقی ریاستوں میں ایمس اسپتالوں کا قیام صحت کی دیکھ بھال کیلئے حکومت کے عزائم کی علامت بن گیا ہے۔
ای سنجیونی اسکیم کی معرفت، مریضوں کو گھر بیٹھے ہی طبی ماہرین سے ورچول طریقے سے طبّی مشورے ملنے لگے ہیں۔
کووڈ کے عالمی بحران کے باوجود، بھارت نے کووڈ کی رو ک تھام کیلئے اقدامات کیے ہیں، طیران گاہوں پر مسافرین کی اسکریننگ، ماسک کے استعمال کی اپیلیں، لاک ڈاؤن کے نفاذ کا اعلان، ٹاسک فورسیز کا قیام سے لیکر ویکسین کی تیاری تک۔ کوون پلیٹ فارم کے ذریعے کووڈ ویکسین کی 220 کروڑ خوراکیں دینے کا سنگ میل کامیابی سے عبور کیا گیا۔
گزشتہ 11 سالوں میں حکومت نے طبّی خدمات کو وسعت دی ہے اور صحت سب کیلئے اُصول پر عمل درآمد کرکے صحت کی دیکھ بھال کے معیار کو بہتر بنایا ہے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
آئندہ آشاڑھی ایکادشی پر، شری وٹھل-رکمنی مندر کمیٹی کی جانب سے وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کو پنڈھر پور میں سرکاری مہاپوجا میں شرکت کیلئے مدعو کیاگیا ہے۔ آشاڑھی ایکادشی کے دِن، وزیر اعلیٰ اور معزز وارکری شخصیات علی الصبح دو بجکر بیس منٹ پر شری وٹھل-رکمنی ماتا کی مہاپوجا کریں گے۔
***** ***** *****
ہنگولی ضلع کے نرسی نامدیو میں سنت نام دیو مہاراج کی پالکی کے گھوڑے کا پہلا رائونڈ کل ہنگولی کے رام لیلا میدان میں مکمل ہوا۔ 12 گھوڑوں کے ساتھ منعقد ہونے والے اس رائونڈ کی تقریب کیلئے ہزاروں شہری جمع ہوئے تھے۔ آج پالکی اونڈھا ناگناتھ کی جانب گامزن ہوگی۔
دریں اثنا، آشاڑھی کے جلوس کیلئے پنڈھرپور کی طرف جانے والی دِنڈیوں میں نابینا وارکریوں کی دِنڈی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔ واشم ضلعے سے شروع ہونے والی یہ دِنڈی فی الحال پربھنی ضلعے سے گزر رہی ہے۔ اس دِنڈی میں پانچ خواتین سمیت کل پندرہ وارکری شامل ہیں۔
سنت ایکناتھ مہاراج کی پالکی آج شام پیٹھن سے پنڈھرپور کیلئے روانہ ہوگی۔ دریں اثنا، سنت ایکناتھ کی نئی بنی ہوئی چاندی کی پالکی کی رکن پارلیمان سندیپان بھومرے کی جانب سے پوجا کرنے کے بعد کل ریلی نکالی گئی۔ جس میں کثیر تعداد میں عقیدت مندوں شامل ہوئے۔
***** ***** *****
بین الاقوامی یوگا دن آئندہ سنیچر کو منایا جا رہا ہے۔ چھترپتی سمبھاجی نگر ضلعے میں اس دن کی مرکزی تقریب تاریخی بی بی کا مقبرہ کے احاطے میں منعقد ہوگی۔ صبح ساڑھے بجے منعقد ہونے والی اس تقریب میں یوگا کے مظاہرے اور اجتماعی طور پر یوگا آسن کیے جائیں گے ‘ جبکہ وزیر اعظم نریندر مودی کا پیغام بھی براہ راست نشر کیا جائے گا۔ ضلع کلکٹر دلیپ سوامی نے یوگا اداروں اور ورزش سے رغبت رکھنےوالے شہریوں سے اس تقریب میں شرکت کی اپیل کی ہے۔
یوگا دن کی مناسبت سے آکاشوانی اپنے سامعین کیلئے روزانہ ایک آسن کی معلومات فراہم کررہا ہے۔ آج چھترپتی سمبھاجی نگر کی یوگا تربیت کار وِدّیا تاکسانڈے نے گورکشاسن سے متعلق معلومات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ یہ آسن سے خواتین کی مختلف بیماریوں میں مفید ثابت ہوتا ہے۔ تاہم‘ گھٹنوں کے درد میں مبتلا مریضوں سے یہ آسن نہ کرنے کی اپیل انھوں نے کی۔
***** ***** *****
ریاستی خواتین کمیشن کی چیئرپرسن روپالی چاکنکر نے کہا کہ گنے توڑ خواتین مزدوروں کی طبّی ضر وریات کا خیال رکھنے کیلئے ’’آروگیہ متر‘‘ پہل شرو ع کی جائے گی۔ وہ کل چھترپتی سمبھاجی نگر کے ڈویژنل کمشنر دفتر میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کر رہی تھیں۔ چاکنکر نے کمسنی کی شادیوں کی رو ک تھام کیلئے چلائی جارہی مہم کو مؤثر طریقے سے نافذکرنے کی ہدایات بھی دیں۔
***** ***** *****
دھاراشیو ضلعے کے رابطہ وزیر پرتاپ سرنائیک نے کہا ہے کہ تلجا پور میں واقع تلجا بھوانی مندر کے ترقیاتی کاموں کو آئندہ ساڑھے تین سالوں میں مکمل کرنے کیلئے حکومت عہد بند ہے۔ وہ کل منترالیہ میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ سرنائیک نے ترقیاتی منصوبے کیلئے زمین کا حصول، تکنیکی منظوری اور مختلف ٹینڈرس کی اجرائی کے عمل کو متوازی سطح پر تیز کرنے کی ہدایات بھی دیں۔
***** ***** *****
دھاراشیو ضلعے میں سیٹلائٹ اسکل سینٹر قائم کرنے کی تجویز کو پونے کی سمبایوسس اسکلس یونیورسٹی نے منظوری دے دی ہے۔ رکن اسمبلی رانا جگجیت سنگھ پاٹل نے یہ اطلاع دی۔ انھوں نے بتایا کہ یہ سینٹر جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے صنعت کیلئے سازگار، عالمی معیار کی مہارت اور نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرے گا۔
***** ***** *****
کھیتوں کی تیاری اور بوائی کے ہنگام کے دوران بیڑ ضلعے میں پولس انتظامیہ کی جا نب سے’’ پولس آپ کے کھیت پر‘‘پہل شروع کی جارہی ہے۔ بوائی کے دوران ہونے والے ممکنہ جرائم کے پس منظر میں پولس سپرنٹنڈنٹ نونیت کانوت نے یہ فیصلہ لیا ہے۔
***** ***** *****
ریاست بھر میں کل بارش کا سلسلہ تھم گیا۔ جس کے باعث رتناگیری ضلعے میں تمام ندیوں کے پانی کی سطح میں بھی کمی واقع ہوئی۔ تاہم کئی مقامات پر بارش کی وجہ سے راستے خراب ہوجانے سے آمد و رفت متاثر ہوئی ہے۔
دریں اثنا، محکمہ موسمیات نے آئندہ دو دنوں میں کوکن اور وسطی مہاراشٹر میں بھاری بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ رتناگیری، پونے، ستارا، کولہاپور اور سندھو درگ اضلاع کیلئے آج اورنج الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ مہاراشٹر زرعی - مصنوعی ذہانت،Mahaagri-AIپالیسی کو ریاستی کابینہ کی منظوری؛ مہاویدھ منصوبے کی معیاد میں توسیع کو بھی منظوری۔
٭ ریاست میںگذشتہ سا ل کے مقابلے اب تک صرف آٹھ فیصد بوائی؛تمام اقسام کے کھاد دستیاب کروانے کی وزیرِ اعلیٰ کی ہدایات۔
٭ مرکزی حکومت کے بھرپور اقدامات کے سبب گذشتہ گیارہ سالوں میں طبّی سہولیات میں متعدد تبدیلیاں۔
٭ سنت ایکناتھ مہاراج کی پالکھی کی آج پیٹھن سے پنڈھر پور کی طرف روانگی؛ہنگولی میں سنت نامدیو مہاراج کی پالکھی کی رائونڈ تقریب منعقد۔
اور۔۔۔٭ ر یاست بھر میں بارش کا توقف؛ آئندہ دو دنوں میں زوردار بارش کی پیشن گوئی۔
***** ***** *****

No comments: