Thursday, 19 June 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 19 جون 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 19 June-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۹۱/ جون ۵۲۰۲ء؁
وقت: ۰۰:۹-۰۱:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ آئندہ 15 اگست سے سالانہ فاسٹ ٹیگ پاس شروع کرنے کا مرکزی روڈ ٹرانسپورٹ و ہائی وے وزارت کا فیصلہ۔
٭ پہلی تا پانچویں جماعت کے طلبہ کیلئے ہندی کی سختی منسوخ؛ ریاستی حکومت کا فیصلہ جاری۔
٭ سنت تکارام مہاراج اور سنت ایکناتھ مہاراج کی پالکھیاں پنڈھر پور روانہ۔
٭ پدم شری ماروتی چِتَم پلّی کا انتقال۔
اور۔۔۔٭ ناندیڑ کے ڈاکٹر سریش ساونت ساہتیہ اکیڈمی کے ادبِ اطفال ایوارڈ کیلئے منتخب۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
آئندہ 15 اگست سے سالانہ فاسٹ ٹیگ پاس شروع کرنے کا فیصلہ روڈ ٹرانسپورٹ وہائی وے کی وزارت نے کیا ہے۔ مرکزی وزیر نتن گڈکری نے کل سوشل میڈیا کے ذریعے یہ اطلاع دی۔ انھوں نے کہا کہ تین ہزار روپئے کا یہ پاس ایک سال کیلئے یا 200 راؤنڈز کی مدت تک رہے گا۔ نیشنل ہائی وے کے علاوہ دیگر روڈ کیلئے یہ سہولت نہیں ہوگی۔
***** ***** *****
ریاستی تعلیمی بورڈ کے مراٹھی اور انگریزی میڈیم کے اسکولوں میں پہلی تا پانچویں جماعت کے طلبہ کیلئے ہندی زبان کو بطورِ تیسری زبان ضروری قرار دینے کے فیصلے کو ریاستی حکومت نے منسوخ کردیا ہے۔ اس ضمن میں حکومت نے فیصلہ جاری کیا ہے۔
***** ***** *****
آشاڑھی واری کیلئے دیہو سے سنت تکارام مہاراج پالکھی کل پنڈھر پور کی جانب روانہ ہوئی۔ دیہی میں تعمیر شدہ سنت سرشٹھی کا اور ٹال گاؤں میں تعمیر شدہ سنت تکارام مہاراج آرٹ گیلری کی نقاب کشائی بھی وزیرِ اعلیٰ کے ہاتھوں عمل میں آئی۔
***** ***** *****
پیٹھن کے سنت تکارام مہاراج کی پالکھی بھی کل آشاڑھی واری کیلئے پنڈھرپور کی جانب روانہ ہوئی۔ چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع سمیت علاقے کی کئی چھوٹی بڑی دِنڈیاں اور سینکڑوں وارکری نے اس پالکھی جلوس میں شرکت کی۔
***** ***** *****
آشاڑھی واری کے راستے میں سہولیات فراہم کرنے کی اطلاع عوامی طبّی و خاندانی بہبود کی مملکتی وزیر میگھنا ساکورے بورڈیکر نے دی ہے۔ وہ اس ضمن میں منعقدہ جائزاتی اجلاس سے خطاب کررہی تھیں۔ اس موقع پربورڈیکر نے ”صاف واری‘ محفوظ واری عقیدت مند واری“ کا پیغام دیا۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ میری لاڈلی بہن اسکیم کے مستفیدین کیلئے خواتین کوآپریٹیو سوسائٹی قائم کی جائیں گی۔ یہ اطلاع وزیرِ امدادِ باہمی بابا صاحب پاٹل نے دی ہے۔ انھوں نے کہا کہ حکومت کے آٹھ مارچ 2019 کے فیصلے کے مطابق ضروری کارروائیاں مکمل کرنے والے اداروں کو ہی کارروائی مکمل کرنے کی اجازت دی جائیگی۔
***** ***** *****
آرنیہ رُشی پدم شری ماروتی چتم پلی کا کل شولاپور میں انتقال ہوگیا۔ وہ 94 برس کے تھے۔ مہاراشٹر حکومت کے محکمہئ جنگلات میں 36 سے زائد سالوں تک خدمات انجام دینے والے چتم پلّی کا ناگ جھیرا اور میل گھاٹ میں جانوروں یتیم خانے کی تعمیر میں اہم تعاون ہے۔ انھوں نے جنگلوں میں اپنے تجربات کے بارے میں بہت سی کتابیں لکھی ہیں۔ جن میں ان کی سوانح عمری ”چکوا چاندن“ سمیت نیل وَنتی‘ جنگلاج دَنے‘ گھرٹیا پلی کڑے‘ پکشی جائے دِگنترا‘ راتوا‘ پاکھر مایا و دیگر کتب شامل ہیں۔ 2006 میں شولاپور میں منعقدہ مراٹھی ادبی کانفرنس کے وہ صدر تھے۔ چتم پلی کو حکومت کے مختلف ایوارڈ بشمول ریاستی حکومت کے وِندا کرندیکر لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ تفویض کیے گئے۔ پدم شری سے بھی انھیں حال ہی میں سرفراز کیا گیا تھا۔ ان کی آخری رسومات آج شولاپور میں ادا کی جائیں گی۔
ان کے انتقال پر وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس‘ نائب وزرائے اعلیٰ ایکناتھ شندے و اجیت پوار نے گہرے رنج کا اظہار کیا ہے۔
***** ***** *****
ساہتیہ اکاڈمی نے سالانہ بال ساہتیہ ایوارڈ اور یوا ایوارڈز کا کل اعلان کیا۔ مراٹھی زبان کیلئے ناندیڑ کے ڈاکٹر سریش ساونت کو ”آبھاڑ مایا“ اس کلام کیلئے بال ساہتیہ ایوارڈ‘ جبکہ پردیپ کوکرے کو ”کھول کھول دُشکاڑ ڈوڑے“ اس ناول کو یوا ایوارڈ ظاہر کیے گئے۔ یہ ایوارڈ مومنٹو اور پچاس ہزار روپئے نقد پر مشتمل ہے۔
***** ***** *****
مرکزی حکومت کے گذشتہ گیارہ سالوں میں بین الاقوامی یوگ دِن ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ پرسوں سنیچر کو ہم گیارہواں بین الاقوامی یوگ دن منائیں گے۔ بھارتی یوگا سے متعلق ہم معلومات حاصل کریں گے:
”یوگا کی تاریخ بھارت کی قدیم تہذیب سے جڑی ہوئی ہے۔ وادیئ سندھ-سرسوتی تہذیب کے ابتدائی دنوں میں ایک روحانی مشق کے طور پر شروع ہونے والا یوگا رفتہ رفتہ ایک نظم و ضبط والی طرزِ زندگی کے طور پر متعارف ہوا۔ گزرتے وقت کے ساتھ، یوگا مختلف شکلیں اختیار کرگیا۔
مہابھارت میں یوگا کے گہرے حوالہ جات سے لے کر اُنیسویں اور بیسویں صدی میں سوامی ویویکانند اور بی کے ایس اَیّنگارجیسے عظیم استادوں کے ذریعے اس کے احیاء تک پہنچا۔ یوگا کا یہ سفر ایک قدیم روایت سے ایک عالمی طرزِزندگی میں تبدیل ہوچکا ہے۔
2014 میں وزیر اعظم نریندر مودی نے اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے 21 جون کو عالمی یوگا دن کے طور پر منانے کی تجویز پیش کی۔ اس تجویز کو بھاری اکثریت سے منظور کیا گیا اور 21 جون دنیا بھر میں یوگا کے عالمی دن کے طور پر منایا جانے لگا۔
اس سال گیارہواں بین الاقوامی یوگا دن منایا جارہا ہے،”ایک زمین - ایک صحت کیلئے یوگا“ اس سال کے یوگا دن کا تصور ہے، جو اتحاد اور فلاح کا پیغام دیتا ہے۔ مذہب، نسل یا قومیت سے قطع نظر؛ یوگا کی مشق ہر ایک کو صحت مند، متوازن اور بامعنی زندگی کا راستہ دکھاتی ہے۔“
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
یوگ دن کے ضمن میں آکاشوانی اپنے سامعین کیلئے روزانہ ایک آسن کی معلومات فراہم کررہا ہے۔ چھترپتی سمبھاجی نگر کے یوگ ٹرینر ڈاکٹر ہیمنت جھڑے نے ہالاسن کے بارے میں کہا کہ اس سے تھائیرائیڈ اور تولیدی نظام میں بہتری آتی ہے۔
***** ***** *****
ڈویژنل کمشنر جتیندر پاپلکر نے سرکاری اسکیموں کے نفاذ کیلئے منظم منصوبہ بندی کرنے کی ہدایت دی ہے۔ انھوں نے اسکیموں کے فوائد اہل استفادہ کنندگان تک پہنچانے کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت دی۔ وہ کل چھترپتی سمبھاجی نگر میں منعقدہ جائزاتی اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے پنشن عدالت، آشواست پرگتی یوجنا، انوکمپا کی بنیاد پر تقررات جیسے کاموں میں تیزی لانے کی بھی ہدایات دیں۔
***** ***** *****
بین الاقوامی یوگا دن کے موقع پر تمام گرام پنچایتوں میں یوگا کی عملی مشق کے ساتھ شجرکاری، صفائی مہم جیسی سرگرمیاں کی جائیں گی۔ ڈویژن میں تمام ضلع پریشدوں کے چیف ایگزیکٹیو افسران نے شہریوں سے ان سرگرمیوں میں حصہ لینے کی اپیل کی ہے۔
***** ***** *****
مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان نے حال ہی میں ملک بھر کے 12 طلباء سے بات چیت کی۔ چھترپتی سمبھاجی نگر میونسپل کارپوریشن کے اِندرا نگر بائیجی پورہ اسکول میں دسویں جماعت میں زیرِ تعلیم طالبہ انجلی گائیکواڑ نے بھی وزیرِ تعلیم سے ملاقات کی۔ انجلی نے وزیر تعلیم کو اپنے روبوٹکس پروجیکٹ کا تفصیلات بتلائیں۔ انجلی نے بتایا کہ اس کے ذریعے پودوں میں نمی کا پتہ چلتا ہے اور پودوں میں آکسیجن کی سطح کی معلومات فراہم ہوتی ہے۔
***** ***** *****
درج فہرست ذاتوں اور قبائل کمیٹی کے رُکن گورکھ لوکھنڈے نے گنے کی کٹائی کیلئے باہر جانے سے پہلے اور کٹائی سے واپس آنے کے بعد گنا توڑ خواتین مزدوروں کی طبّی جانچ کرنے کی ہدایت دی ہے۔ وہ گزشتہ روز بیڑ میں اظہارِ خیال کررہے تھے۔ لوکھنڈے نے کہا کہ گناکٹائی کرنے والی خواتین مزدوروں کے غیر قانونی اسقاط حمل کروانے کی تصدیق ہونے پر متعلقین پر مقدمہ درج کیا جائے۔
***** ***** *****
ریاست میں مانسون کی بارشوں نے دوبارہ زور پکڑ لیا ہے۔ چھترپتی سمبھاجی نگر علاقے میں آج صبح سے ہی ہلکی بارش ہو رہی ہے۔ آئندہ دو دنوں میں وسطی مہاراشٹرا اور مراٹھواڑہ کے مختلف مقامات پر بارش کی پیشن گوئی کی گئی ہے۔
***** ***** *****
بیڑ کے پولس سپرنٹنڈنٹ نونیت کانوت نے امباجوگائی سب ڈویژن میں عوامی رابطہ اجلاس لیا۔ امبا جوگائی کے مکندراج ہال میں منعقدہ اس اجلاس میں ایڈیشنل پولس سپرنٹنڈنٹ چیتنا تڑکے سمیت پرلی ویجناتھ تعلقے کے پولس سب انسپکٹرز اور سیاسی قائدین، صحافی، پروفیسرز کے علاوہ امباجوگائی اور پرلی تعلقے کے تعلیمی اور سماجی شعبوں سے تعلق رکھنے والے شہری موجود تھے۔ اس موقع پر جرائم، چوری کی وارداتوں، شہر میں بڑھتے ہوئے ٹریفک کے ساتھ ساتھ جرائم پیشہ عناصر کی گرفتاری اور خواتین کیخلاف مظالم جیسے مسائل پر اپنی شکایات پولس سپرنٹنڈنٹ کے روبرو بیان کیں۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ آئندہ 15 اگست سے سالانہ فاسٹ ٹیگ پاس شروع کرنے کا مرکزی روڈ ٹرانسپورٹ و ہائی وے وزارت کا فیصلہ۔
٭ پہلی تا پانچویں جماعت کے طلبہ کیلئے ہندی کی سختی منسوخ؛ ریاستی حکومت کا فیصلہ جاری۔
٭ سنت تکارام مہاراج اور سنت ایکناتھ مہاراج کی پالکھیاں پنڈھر پور روانہ۔
٭ پدم شری ماروتی چِتَم پلّی کا انتقال۔
اور۔۔۔٭ ناندیڑ کے ڈاکٹر سریش ساونت ساہتیہ اکیڈمی کے ادبِ اطفال ایوارڈ کیلئے منتخب۔
***** ***** *****

No comments: