Tuesday, 24 June 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 25 جون 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 24 June-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۴۲/ جون ۵۲۰۲ء؁
وقت: ۰۰:۹-۰۱:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ جمہوری نظام میں پارلیمانی کمیٹیوں کی جگہ اہم ہے: وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کا بیان۔
٭ ٹکڑا بندی قانون میں ترمیم کا بل مانسون اجلاس میں پیش کریں گے: وزیرِ محصول کی اطلاع۔
٭ ایس ٹی کارپوریشن کا مالیاتی قرطاس ابیض شائع: ہم چار سال کے اندر کارپوریشن کو منافع بخش بنانے کی کوشش کریں گے: وزیرِ ٹرانسپورٹ کا یقین۔
٭ جالنہ میں دس لوگوں کے خلاف جعلی سات بارہ کی بنیاد پر حکومت کو دھوکہ دینے کا مقدمہ درج۔
اور۔۔۔٭ لیڈز ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کو 371 رنوں کا ہدف؛ رُشبھ پنت دونوں اننگ میں سنچریاں بنانے والے پہلے بھارتی وکٹ کیپربنے۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا ہے کہ جمہوری نظام میں پارلیمانی کمیٹیوں کی جگہ بہت اہم ہے۔ وہ کل ممبئی میں پارلیمنٹ کے تخمینہ کمیٹی کے امرت تہوار سال کے موقع پر منعقدہ نیشنل کانفرنس کے افتتاح کے موقع پر مخاطب تھے۔ انھوں نے کہا کہ حکومت کے کام کاج کو تخمینہ کمیٹی کے ذریعے کنٹرول کیا جاتا ہے۔ انھوں نے کہا:
Byte: CM Devendra Fadnavis
نائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے اس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اس خیال کا اظہار کیا کہ ترقی کیلئے خرچ ہونے والا ہر روپیہ عام آدمی تک پہنچنا چاہیے اور اس سلسلے میں پارلیمنٹ کی تخمینہ کمیٹی کا کام بہت مؤثر ہے۔
لوک سبھا اسپیکر اوم برلا کی صدارت میں منعقد ہونے والی یہ کانفرنس آج اختتام پذیر ہوگی۔
***** ***** *****
ملک نے پچھلی دہائی میں خدمت کے تین ستونوں‘ اچھی حکمرانی اور غریبوں کی فلاح و بہبود کے ذریعے غیر معمولی تبدیلی دیکھی ہے۔ آکاشوانی اپنے سامعین کو حکومت کی طرف سے گذشتہ گیارہ سالوں میں کلیدی شعبوں میں کیے گئے کاموں کو پیش کررہا ہے۔ آج کے اس ایپی سوڈ میں آئیے ہم مرکزی حکومت کی طرف سے اقلیتی برادری کو بااختیار بنانے‘ مواقع اور اصلاحات کیلئے کیے گئے کاموں کے بارے میں جانیں گے:
”گذشتہ دہائی میں، حکومت نے اقلیتی طبقات کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانے کیلئے کئی اہم فیصلے کیے ہیں، جن میں تعلیم، معاشی طور پر بااختیار بنانے اور بنیادی ڈھانچے کافروغ شامل ہے۔
پردھان منتری جن وکاس یوجنا کے ذریعے 18 ہزار 400 کروڑ روپے کے مختلف منصوبے چلائے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ، قومی اقلیتی ترقیاتی مالیاتی کارپوریشن کے ذریعے تقریباً ڈھائی کروڑ مستحقین میں 752 کروڑ روپے تقسیم کیے گئے۔
حکومت نے ثقافتی اور مختلف طبقات کیلئے خصوصی ترقیاتی منصوبوں پر زور دیا ہے۔ عازمینِ حج کو حج سہولت ایپ کے ذریعے آسانیاں فراہم کی گئیں۔ شفافیت اور بہتر حکمرانی کی خاطر تاریخی وقف ترمیمی قانون-2025 نافذ کیا گیا۔ ساتھ ہی امید پورٹل کے ذریعے وقف املاک کے ڈیجیٹل انتظامات کیلئے بھی اقدام کیا گیا۔
اس کے علاوہ حکومت نے بدھسٹ، جیو پارسی اور مختلف اقلیتی طبقات کی تہذیب کے تحفظ اور طبقے کی فلاح و بہبود کیلئے مختلف فیصلے کیے ہیں۔“
***** ***** *****
ریاست میں ٹکڑا بندی قانون میں ترمیم کا بل اسمبلی کے مانسون اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔ وزیرِ محصول چندرشیکھر باون کڑے نے کل دہلی میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے یہ اطلاع دی۔ انھوں نے کہا کہ یہ قانون ریاست کے رہائشی علاقوں میں ایک گنٹھا اراضی کو تقسیم کرنے کے قابل بنائے گا۔ اس میں ایک ریاست ایک رجسٹریشن‘ عمودی ملکیت وغیرہ کے حوالے سے کوششیں کی جائیں گی۔
***** ***** *****
وزیرِ ٹرانسپورٹ اور ایس ٹی کارپوریشن کے چیئرمن پرتاپ سرنائیک نے یقین دلایا کہ کئی سالوں سے خسارے میں چل رہے ایس ٹی کارپوریشن کو آئندہ چار سالوں میں منافع بخش کرنے کی کوششیں کی جائیں گی۔ وہ کل ایس ٹی کارپوریشن کے مالیاتی وائٹ پیپر کا اجراء کرتے ہوئے مخاطب تھے۔
قرطاسِ ابیض میں ہر سال پانچ ہزار بسوں کی خریداری‘ الیکٹرک کے ساتھ ساتھ سی این جی‘ ایل این جی‘ پر مبنی بسوں کی شمولیت پی پی پی کی بنیاد پر کارپوریشن کی نشستوں کی ترقی وغیرہ مسائل شامل ہیں۔
***** ***** *****
بزرگ ادیب ڈاکٹر سریش ساونت کو کل ناندیڑ- واگھالہ شہر میونسپل کارپوریشن نے ساہتیہ اکیڈمی کے ادیب اطفال ایوارڈ کے اعلان پر مبارکباد دی۔ ساونت کو ان کی رہائش گاہ پر کمشنر ڈاکٹر مہیش کمار ڈوئی پھوڑے نے شال اور گلدستے سے نوازا۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
جالنہ ضلعے میں فرضی سات بارہ کی بنیاد پر حکومت کو دھوکہ دینے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ بھوکردن تعلقے کے جانے پھڑ گائیکواڑ وِیر چھترپتی سوشکشت بیروزگار کوآپریٹیو سوسائٹی کے چیئرمن سمیت بورڈ آف ڈائریکٹرز کے 10 افراد نے پرائیویٹ تاجروں کے ساتھ مل کر جعلی سویابین کی کاشت ظاہر کرنے کی سازش کی اور ان جعلی دستاویزات کی بنیاد پر حکومت سے تقریباً ایک کروڑ 97 لاکھ روپئے کی دھوکہ دہی کی گئی کہ سرکاری گارنٹی اتنی قیمت پر خریدی گئی۔ اس معاملے میں دس افراد کے خلاف دھوکہ دہی اور دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
ناندیڑ ضلعے میں سوچھ بھارت دیہی مشن کے تحت صفائی سروے دیہی 2025 اس پہل کی شروعات کی گئی۔ ضلعے کے ایک ہزار 532 گاؤں کی صفائی کی جانچ ہونے کی اطلاع ضلع پریشد کی سی ای او میگھنا کاؤلی نے دی۔
***** ***** *****
تلجاپور تعلقے کے اوپ سنگا میں خواتین کے خود مدد گروپ کے ارکان نے مہاراشٹر لائف امپرومنٹ (UMED) کے تحت ایک ہیرکنی خواتین خرید و فروخت پروڈیوسر گروپ قائم کیا ہے۔ ایک سال قبل قائم ہونے والے اس کاروبار نے ساڑھے بارہ لاکھ روپئے کا لین دین کیا، جس میں بارہ ہزار روپئے کا خالص منافع حاصل کیا۔
***** ***** *****
جنابائی کی پالکھی پربھنی ضلعے کے گنگاکھیڑ سے آشاڑھی واری کیلئے پنڈھرپور روانہ ہوئی۔ عقیدت مندوں نے شہر کے چوراہے پر روایتی انداز میں پالکھی کو الوداع کہا۔ پیٹھن کی سنت ایکناتھ مہاراج کی پالکھی کا کل بیڑ ضلع کے شرورکاسار میں گاؤں والوں نے بڑے جوش و خروش سے استقبال کیا۔ شہریوں کے درشن کے بعد ناتھ کی پالکھی راکشس بھون کی طرف روانہ ہوئی۔
***** ***** *****
لاتور کے مرکزی ریزرو پولس دستے (سی آر پی ایف) کے تربیتی مرکز میں کل پولیس کانسٹیبلوں کے 31ویں بیچ کی تقسیمِ اسناد تقریب منعقد ہوئی۔ اس بیچ کے 89 تربیت کار اب ملک بھر میں مرکزی ریزرو پولیس دستے کے مختلف عہدوں پر خدمات انجام دیں گے۔ سی آر پی ایف کے پولس سب انسپکٹر پرنسپل امیر الحسن انصاری نے تربیت یافتہ کانسٹیبلوں کو مبارکباد پیش کی۔
***** ***** *****
رکنِ پارلیمان اوم پرکاش راجے نمبالکر نے مطالبہ کیا ہے کہ مجوزہ دھاراشیو-بیڑ-چھترپتی سمبھاجی نگر ریلوے لائن کا دوبارہ سروے کیا جائے اور متعلقہ کام فوری طور پر شروع کیے جائیں۔ وسطی ریلوے کی علاقائی کمیٹی کا ایک اجلاس کل پونے میں منعقد ہوا، جس میں راجے نمبالکر نے ریلوے کے مختلف مطالبات پر نمائندگی کی۔
***** ***** *****
ناسک ضلعے کے گنگا پور آبی پشتے کے کیچمنٹ علاقے میں اتوار کی نصف شب سے بارش کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔ اس کی وجہ سے گوداوری ندی میں ایک بار پھر سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ گنگا پور پشتہ 61 اعشاریہ 87 فیصد بھر جانے کے بعد کل سے پانی کا اخراج شروع کردیا گیا اور فی الحال چھ ہزار 160 ملین کیوبک میٹر فی سیکنڈ کی رفتار سے پانی گوداوری ندی میں چھوڑا جا رہا ہے۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع میں، ضلع کلکٹر دلیپ سوامی کی ایماء پر ”افسران‘ کاشتکاروں کے کھیتوں پر“ پہل شروع کی گئی ہے۔ اس دوران کسانوں کی مختلف شکایات کو دور کرنے کیلئے افسران براہِ راست کھیتوں میں پہنچے۔ ضلع کلکٹر سوامی نے ویجا پور تعلقے کے ناندگاؤں میں لکشمن کھنڈے راؤ رہانے سے ان کے کھیت میں ملاقات کی۔
دریں اثناء‘ کل ضلع کلکٹر دفتر میں کسانوں کے مختلف مسائل پر ایک اجلاس بھی منعقد ہوا‘ جس میں قانون ساز کونسل میں حزبِ اختلاف کے قائد امباداس دانوے نے مختلف سوالات اور مسائل اٹھائے اور انھیں حل کرنے کی ہدایات دیں۔
***** ***** *****
گجرات کے بھوج میں منعقد ہونے والی قومی سطح کی سینئر خواتین ہینڈ بال چمپئن شپ کیلئے چھترپتی سمبھاجی نگر کی سائلی ویبھو کِرگت کا مہاراشٹر کی ٹیم میں انتخاب کیا گیا ہے۔ 28 جون سے 3 جولائی کے درمیان یہ چمپئن شپ بھوج میں منعقد ہوگی۔
***** ***** *****
بھارت اور انگلینڈ کے درمیان جاری ٹیسٹ کرکٹ میچ میں بھارتی ٹیم نے انگلینڈ کے سامنے جیت کیلئے 371 رنز کا ہدف رکھا ہے۔ گزشتہ روز میچ کے چوتھے دن بھارتی ٹیم نے دوسری اننگز میں 364 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ جبکہ دوسری اننگز میں انگلینڈ نے دن کے اختتام پر بغیر کسی نقصان کے 21 رنز بنالیے تھے۔ آج انگلینڈ کی ٹیم 350 رنز کا ہدف لے کر میدان میں اترے گی۔ اس ٹیسٹ میچ میں رُشبھ پنت نے دونوں اننگز میں سنچریاں بنا کر تاریخ رقم کی۔ رُشبھ اس طرح کی اننگز کھیلنے والے دنیا کے تیسرے اور پہلے بھارتی وکٹ کیپر بن گئے ہیں۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ جمہوری نظام میں پارلیمانی کمیٹیوں کی جگہ اہم ہے: وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کا بیان۔
٭ ٹکڑا بندی قانون میں ترمیم کا بل مانسون اجلاس میں پیش کریں گے: وزیرِ محصول کی اطلاع۔
٭ ایس ٹی کارپوریشن کا مالیاتی قرطاس ابیض شائع: ہم چار سال کے اندر کارپوریشن کو منافع بخش بنانے کی کوشش کریں گے: وزیرِ ٹرانسپورٹ کا یقین۔
٭ جالنہ میں دس لوگوں کے خلاف جعلی سات بارہ کی بنیاد پر حکومت کو دھوکہ دینے کا مقدمہ درج۔
اور۔۔۔٭ لیڈز ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کو 371 رنوں کا ہدف؛ رُشبھ پنت دونوں اننگ میں سنچریاں بنانے والے پہلے بھارتی وکٹ کیپربنے۔
***** ***** *****

No comments: