Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 25 June-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۲۵؍ جون ۲۰۲۵ء
وقت: ۰۰:۹-۱۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ جمہوری بھارت کے سیاہ ترین دور یعنی ایمرجنسی کے اعلان کو پچاس سال مکمل۔
٭ شکتی پیٹھ شاہراہ کو ریاستی کابینہ نے دی منظوری - پروجیکٹ کی منصوبہ بندی اور حصولِ اراضی کیلئے 20ہزار کروڑ روپئے مختص۔
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر میں تقریباً ڈھائی کلو گرام ایم ڈی پاؤڈر کا ذخیرہ ضبط۔
٭ سنت ایکناتھ مہاراج کی پالکی گار ماتھاپہاڑ کا مشکل مرحلہ عبور کر کے پنڈھرپور کی طرف گامزن۔
اور۔۔۔٭ بھارتی نیزہ باز نیرج چوپڑا نے اوسٹراوا گولڈن اسپائک مقابلے میں طلائی تمغہ جیتا۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
جمہوری بھارت کے سیاہ دور کے طور پر مشہور ایمرجنسی کے اعلان کو آج پچاس سال مکمل ہورہے ہیں۔ 25 جون 1975 کو اُس وقت کی وزیر اعظم اندرا گاندھی نے ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان کیا تھا۔ پچھلے سال سے ایمرجنسی کے دوران غیر انسانی مظالم کا سامنا کرنے والوں کی یاد میں ’’سنویدھان ہتیا دِیوس‘‘ (یعنی قتلِ جمہوریت دِن)کے طور پر منایا جاتا ہے۔اس حوالے سے آج ایک مختصر جائزہ پیش کیا جارہا ہے۔
’’ایمرجنسی کے دوران شہری آزادیوں کو سلب کرلیا گیا اور ذرائع ابلاغ پر پابندیاں عائد کی گئیں۔ حکومت پر تنقیدکرنے والے اخبارات کے اشتہارات پر روک لگا کر ان کی آواز دبا دی گئی اور صحافیوں کو اپنے اخبارات بند کرنے اور قید کی سزا بھگتنے پر مجبور کردیا گیا۔
اس دورانیہ میں اقتدار کو مرکزی حیثیت دے دی گئی اور جئے پرکاش نارائن، لال کرشن اڈوانی، اٹل بہاری واجپائی، مرارجی دیسائی، مدھو ڈَنڈوَتے سمیت کئی قائدین کو گرفتار کرلیا گیا۔ حکومت کے اس اقدام کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ اس غیر جمہوری اقد ام کے خلاف احتجاج کو دبانے کیلئے لوگوں کو بغیر کسی الزام کے حراست میں لیا گیا اور غیر قانونی طور پر مختلف دفعات عائد کی گئیں۔ مینٹیننس آف انٹرنل سیکورٹی ایکٹ - MISA اس وقت موضوعِ بحث بنا ہوا تھا۔ ان تمام اقدامات کی وجہ سے ایمرجنسی کا دور آزاد بھارت کا سیاہ ترین دور بن گیا۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی آکاشوانی پر اپنے پروگرام ’’من کی بات‘‘ میں اپنے احساس کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایمرجنسی کا اعلان بھارتی جمہوریت پر سیاہ داغ ہے۔
Byte: Prime Minister Narendra Modi
ایمرجنسی کے دوران کئی سیاسی تحریکیں چلیں، خصوصاً گجرات میں نو نرمان تحریک، بہار میں جئے پرکاش نارائن تحریک، اور جارج فرنانڈیز کی قیادت میں ریلوے ہڑتال کا خصوصی طورپر ذکر کیا جاتا ہے۔
جارج فرنانڈیز کی ہتھکڑیاں پہنائی اور بیڑیوں میں جکڑکر اپنے ہاتھ اٹھائے ہوئی تصویر، ایمرجنسی کی سب سے مشہور تصویروں میں سے ایک ہے۔‘‘
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا ہے کہ ایمرجنسی ایک کثیر الجماعتی جمہوریت کو ایک فرد کی آمریت میں بدلنے کی سازش تھی۔ گزشتہ روز دہلی میں اس سلسلے میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نےان خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا...
Byte: Home Minister Amit Shah
***** ***** *****
ایمرجنسی کی خوفناک یادیں آج بھی بہت سے لوگوں کے ذہنوں میں تازہ ہیں۔ راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے بیڑ ضلعے کے اس وقت کے سربراہ پروفیسر شرد ہیباڑکر نے ان سیاہ یادوں کو تازہ کرتے ہوئے بتایا کہ ایمرجنسی ختم ہونے تک وہ ناسک جیل میں تھے‘ انھوں نے کہا کہ یہ جمہوری ملک کا سب سے سیاہ د ور تھا‘ تاہم اس وقت کے کارکنان نے اس کا دلیری سے سامنا کیا اور مکمل نظم و ضبط کے ساتھ کھڑے ہوکر حکومت کے اس اقدام کی پُرزور مخالفت کی۔
ایمرجنسی کے دوران مراٹھواڑہ کے مختلف قائدین کے تاثرات و تجربات آج صبح دس بجکر 45منٹ پر ہمارے مرکز سے نشر ہونے والے پروگرام ’’پراسنگک‘‘ میں پیش کیے جائیں گے۔
دریں اثنا، ایمرجنسی کے دو رمیں انسانی حقوق کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے تمام لوگوں کو آج خراجِ عقیدت پیش کیا جائے گا ۔ ساتھ ہی ایمرجنسی کے دوران قید و بند کی صعوبتیں جھیلنے والے کارکنان کا آج حکومت کی جانب سے اعزازی اسناد دیکر استقبال کیا جائے گا۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
ریاستی حکومت کےصحافتی ایوارڈز کا کل اعلان کیا گیا۔ یہ ایوارڈز ایک لاکھ روپے نقد ، ایک مومنٹو اور سپاس نامے پر مشتمل ہیں۔ گزشتہ تین سالوں کے مختلف صحافتی ایوارڈز کا بھی گزشتہ روز اعلان کیا گیا۔
***** ***** *****
ریاستی کابینہ کے کل منعقدہ اجلاس میں شکتی پیٹھ شاہراہ کو منظوری دی گئی۔ کابینہ نے اس منصوبے کے خاکے اور حصول اراضی کیلئے 20 ہزار کروڑ روپے مختص کرنے کو بھی منظوری دی۔ اس اجلاس میں دیگر کئی اہم فیصلے بھی کیے گئے۔ جن میں مہاراشٹرشہری بنیادی ترقیات اسکیم کے تحت HUDCO کے ذریعہ لیے جانے والےدو ہزار کروڑ روپے کے قرض کیلئے سرکاری ضمانت فراہم کرنے اور اس کیلئےضمانتی فیس معاف کرنے کے فیصلے سمیت چھترپتی سمبھاجی نگر میونسپل کارپوریشن کے آبرسانی منصوبے کیلئے 822 کروڑ 22 لاکھ روپے کا مطالبہ بھی شامل ہے۔
کابینہ نے گزشتہ روز قبائلی سرکاری ہاسٹلز میں طالب علموں کے گزارہ بھتے، تعلیمی سامان کی خریداری کے اخراجات اور طعام بھتے میں اضافہ کرنے کا بھی فیصلہ کیا۔
وزیر اعلی دیویندر پھڑنویس نے وزیرِ اعلیٰ شمسی توانائی منصوبے کے دوسرے مرحلے ' کے تحت ایک ہزار71 میگاواٹ کی صلاحیت والے شمسی توانائی کے منصوبے کے کام جلد ہی شروع کر نے اور اس منصوبے سے ریاست کے تین لاکھ کسانوں کو مستفید کرنے کا بھی اعلان کیا۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر میں پولیس کے منشیات رو ک تھام دستے نےتقریباً ڈھائی کلو گرام ایم ڈی پاؤڈر کا ذخیرہ ضبط کیا ہے۔ یہ کارروائی صنعتی علاقے والوج میں منصوبہ بناکر کی گئی، اس دو ر ان پولس نے دو مال بردار گاڑیوں سمیت مجموعی طور پر ایک کروڑ 43 لاکھ 65 ہزار روپے مالیت کا سامان ضبط کرکے تین ملزمان کو گرفتار کیا۔
***** ***** *****
سنت ایکناتھ مہاراج کی پالکی نے کل سب سے مشکل سمجھے جانے والے بیڑ ضلع کے گار ماتھاپہاڑ کو عبور کیا۔ ہٹکرواڑی کے ساکنان نے توپوں کی سلامی دیکر پالکی کا استقبال کیا۔ ہمارے نمائندے کی اطلاع کے مطابق ہٹکرواڑی کے نوجوان اس سنگِ میل کو عبور کرنے کیلئے ہر سال کی طرح ممبئی سے یہاں پہنچے تھے۔
دریں اثنا، آشاڑھی واری کیلئے لاتور ضلعے سے پنڈھرپور جانے اور آنے والے وارکریوں کی چھوٹی اور بڑی گاڑیوں کو 10 جولائی تک ٹول ٹیکس سے استثنیٰ دے دیا گیا ہے۔ اس کیلئے ٹول رعایت کا اجازت نامہ لاتور میں علاقائی ٹرانسپورٹ آفیسر کے دفتر سے دستیاب کروایا جارہا ہے۔
***** ***** *****
ضلع کلکٹر دلیپ سوامی نے ہدایت دی ہے کہ چھترپتی سمبھاجی نگر ضلعے میں کسانوں کو فصل قرضوں کی بروقت دستیابی کو یقینی بنانے کیلئےدیہی سطح پر فصل قرض سے متعلق کیمپ منعقد کیے جائیں۔ گزشتہ روز مختلف بینکوں کے حکام کے اجلاس میں انہوں نے یہ ہدایات دیں۔
***** ***** *****
بھارتی نیزہ باز کھلاڑی نیرج چوپڑا نے اوسٹراوا گولڈن اسپائک ٹورنامنٹ میں طلائی تمغہ جیتا ہے۔ نیرج نے 85 اعشاریہ دو نو میٹر کی دوری پر بھالا پھینک کر یہ اعزاز اپنے نام کیا، نیرج نے گزشتہ ہفتے پیرس میں منعقدہ ڈائمنڈ لیگ ٹورنامنٹ میں بھی طلائی تمغہ جیتا تھا۔
***** ***** *****
کرکٹ: انگلینڈ نے لیڈز ٹیسٹ کرکٹ میچ پانچ وکٹوں سے جیت لیا ہے۔ بھارت کی جانب سے مقررہ کردہ 371 رنز کا ہدف میزبان ٹیم نے پانچ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ انگلینڈ کی جانب سے 149 رنز بنانے والے سلامی بلّے باز بین ڈکیٹ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ اس سیریز کا دوسرا میچ آئندہ 2 جولائی سے کھیلا جائے گا۔
***** ***** *****
لاتور شہر میں گزشتہ دو سال سے غیر قانونی طور پر چلائے جا رہے نارائنا ای ٹیکنو اسکول کو محکمہ تعلیم نے بند کردیا ہے۔ یہ اسکول محکمہ تعلیم سے کوئی بھی منظوری حاصل کیے بغیر چلایا جا رہا تھا۔
***** ***** *****
ہنگولی ضلع اور سیشن عدالت میں کل طبی جانچ کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ اس طبّی کیمپ کو عوام کا زبردست رد عمل ملنے کی اطلاع ہمارےنمائندے نے دی ہے ۔
***** ***** *****
محکمہ موسمیات نے آئندہ دو دنوں میں کوکن سمیت نندوربار ضلعے کیلئے بارش کا آرینج الرٹ جاری کیا ہے۔ جبکہ ناسک اور پونے اضلاع کیلئے ریڈ الرٹ دیا گیا ہے۔ دریں اثنا، ناسک ضلعے کے گنگا پور آبی پشتے سے پانی کے اخراج میں کمی کر دی گئی ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ جمہوری بھارت کے سیاہ ترین دور یعنی ایمرجنسی کے اعلان کو پچاس سال مکمل۔
٭ شکتی پیٹھ شاہراہ کو ریاستی کابینہ نے دی منظوری - پروجیکٹ کی منصوبہ بندی اور حصولِ اراضی کیلئے 20ہزار کروڑ روپئے مختص۔
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر میں تقریباً ڈھائی کلو گرام ایم ڈی پاؤڈر کا ذخیرہ ضبط۔
٭ سنت ایکناتھ مہاراج کی پالکی گار ماتھاپہاڑ کا مشکل مرحلہ عبور کر کے پنڈھرپور کی طرف گامزن۔
اور۔۔۔٭ بھارتی نیزہ باز نیرج چوپڑا نے اوسٹراوا گولڈن اسپائک مقابلے میں طلائی تمغہ جیتا۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment