Tuesday, 29 July 2025

Audio - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 29 جولائی 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 29 July-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۹۲/ جولائی ۵۲۰۲ء؁
وقت: ۰۰:۹-۰۱:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ آپریشن سندور ملک کی طاقت کی علامت ہے‘ حکومت دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے پُرعزم ہے: وزیرِ دفاع کا لوک سبھا میں بیان۔
٭ قومی تعلیمی پالیسی کو آج پانچ سال مکمل‘ نئی دلّی میں کُل ہند تعلیمی کانفرنس کا انعقاد۔
٭ لاڈلی بہن اسکیم کے 26 لاکھ مشکوک اکاؤنٹس بند کردئیے جائیں گے: وزیرِ اعلیٰ کا انتباہ۔
٭ فِڈے خواتین شطرنج عالمی کپ ٹورنامنٹ میں ناگپور کی دِیویا دیشمکھ ناقابلِ شکست۔
اور۔۔۔٭ جائیکواڑی آبی پشتے میں 87 فیصد سے زائد پانی کا ذخیرہ؛گوداوری ندی کے کنارے آباد گاؤں کو احتیاط برتنے کی اپیل۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
وزیرِ دفاع راجناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ آپریشن سندور بھارت کی طاقت کی علامت ہے اور حکومت دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے پُرعزم ہے۔ وہ کل لوک سبھا میں آپریشن سندور پر بحث کا آغاز کرتے ہوئے مخاطب تھے۔ انھوں نے ایوان کو پورے واقعے کی بریفنگ دی۔ انھوں نے سخت وارننگ دی کہ آپریشن سندور کو معطل کردیا گیا ہے لیکن اگر پاکستان نے مستقبل میں کوئی جارحیت کی تو آپریشن دوبارہ شروع کردیا جائے گا۔ اس آپریشن میں ہماری فوج نے عام لوگوں کو نقصان پہنچائے بغیر پاکستان میں دہشت گردوں کے نو کیمپوں کو تباہ کردیا جس میں سو سے زائد دہشت گرد اور ان کی تنظیموں کے کارندے مارے گئے۔ راجناتھ سنگھ نے کہا کہ بھارتی فوج نے بغیر کسی نقصان کے صرف 22 منٹ میں یہ آپریشن مکمل کیا۔ انھوں نے کہا:
Byte: Defence Minister Rajnath Singh
کانگریس کے گورو گوگوئی نے بحث میں حصہ لیتے ہوئے اس بارے میں معلومات طلب کی کہ دہشت گرد پہلگام میں کیسے داخل ہوئے۔ انھوں نے دہشت گردوں کو پکڑنے میں ناکام ہونے پر حکومت پر تنقید کی۔ حزبِ اختلاف کی جماعتوں نے حکمراں جماع کو پاکستان کی جانب سے بھارتی فضائیہ کے طیاروں کو مار گرانے کے دعوے‘ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے جنگ میں ثالثی کے دعوے وغیرہ پر بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔
پنچایت راج کے وزیر راجیو رنجن سنگھ نے اپوزیشن کے ان تمام الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پوری دنیا نے آپریشن سندور کے ذریعے بھارت کی طاقت کو دیکھا۔ وزیرِ خارجہ ایس جئے شنکر نے بحث میں حصہ لیتے ہوئے اس آپریشن کے بعد مختلف ممالک میں گئے وفود کے بارے میں اپوزیشن کے دعوؤں کو ثبوت کے ساتھ مسترد کردیا۔
دریں اثناء‘ آج راجیہ سبھا میں آپریشن سندور پر بحث متوقع ہے۔
***** ***** *****
قومی تعلیمی پالیسی 2020کو آج پانچ سال مکمل ہورہے ہیں۔ اس پس منظر میں مرکزی وزارتِ تعلیم نے آج ایک کُل ہند تعلیمی کانفرنس کا انعقاد کیا ہے۔ چھترپتی سمبھاجی نگر کے سبکدوش پرنسپل ڈاکٹر اُلہاس شیورکر نے کہا کہ اس پالیسی سے طلبہ اپنی پسند کے مضامین سیکھ سکیں گے۔
دریں اثناء‘ نئی تعلیمی پالیسی کے ضمن میں ایک خصوصی پروگرام آج ہمارے مرکز سے صبح دس بجکر 45 منٹ پر نشر کیا جائے گا۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا ہے کہ لاڈلی بہن اسکیم کے تحت 26 لاکھ مشکوک اکاؤنٹس فی الحال معطل ہیں۔ ان اکاؤنٹس کی جانچ کی جائے گی اور اگر وہ نااہل پائے گئے تو انھیں بند کردیا جائے گا۔ کل وردھا میں صحافیوں سے وہ مخاطب تھے۔ دریں اثناء‘ پھڑنویس نے کہا کہ آنے والے بلدیاتی انتخابات بطور مہایوتی ہی لڑے جائیں گے۔ انھوں نے یہ بھی واضح کیا کہ کچھ نشستوں پر دوستانہ مقابلے کا امکان ہے لیکن ایسی نشستیں غیر معمولی ہوں گی۔
***** ***** *****
ناگپور کی دیویا دیشمکھ نے فِڈے خواتین کے شطرنج عالمی کپ میں چمپئن شپ کا خطاب جیت لیا ہے۔ دیویا دیشمکھ اس طرح کا کارنامہ انجام دینے والی پہلی بھارتی شطرنج کھلاڑی ہے۔ جارجیا کے بٹومی میں منعقدہ ٹورنامنٹ کا فائنل راؤنڈ بھارت کی کونیرو ہمپی اور دیویا دیشمکھ کے مابین کھیلا گیا۔ اس راؤنڈ کے پہلے دو مقابلے اور کل صبح کھیلا گیا تیسرا مقابلہ ڈراء رہا، لیکن دوپہر کو کھیلے گئے ٹائی بریکر مقابلے میں دیویا نے ہمپی کو ہراکر چمپئن شپ کا خطاب جیت لیا، جبکہ ہمپی رَنراَپ رہی۔
بھارت نے اس سال کے ٹورنامنٹ کا چمپئن شپ خطاب اور رَنر اَپ خطاب جیت کر تاریخ رقم کی ہے۔ وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے دیویا کو اس کامیابی پر مبارکباد دی ہے۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ ریاستی حکومت دیویا کو خصوصی اعزاز سے نوازے گی۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
شراون کے پہلے پیر کے موقعے پر عقیدت مندوں نے صبح سے ہی ریاست کے بارہ جیوترلنگوں سمیت دیگر شیومندروں میں درشن کیلئے قطاریں لگا رکھی تھی۔ مرٹھواڑہ کے چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع کے ایلورہ میں واقع گھرشنیشور مندر‘ بیڑ ضلعے کے پرلی میں واقع ویدناتھ مندر‘ ہنگولی کے اونڈھا میں ناگناتھ مندر‘ ناسک کے ترمبکیشور اور پونے ضلع کے بھیما شنکر جیوترلنگ مندروں میں عقیدت مندوں کا ہجوم تھا۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر ضلعے میں 6 اگست تک محصول ہفتہ منایا جائے گا۔ اس میں مختلف عوامی سرگرمیاں عمل میں آئیں گی۔ ضلع کلکٹر دلیپ سوامی نے شہریوں سے اس سے فائدہ اٹھانے کی اپیل کی ہے۔
دریں اثناء‘ ضلع کلکٹر سوامی نے تمام متعلقہ افراد کو احکامات دئیے ہیں کہ وہ 15 اگست تک ضلع کے ہر تعلقے میں شادی سے پہلے کے مشاورتی مراکز کو فعال کریں۔ انھوں نے بتایا کہ ایک بار ان مراکز پر مواصلاتی عملے کے ناموں کو حتمی شکل دینے کے بعد انھیں قومی خواتین کمیشن کے ذریعے تربیت دی جائیگی۔
***** ***** *****
ناندیڑ میں سکھ مذہب سے تعلق رکھنے والے افراد کیلئے ”مہاراشٹر آنند وِواہ اندراج ایکٹ 2020“ پر عمل آوری کا فیصلہ میونسپل کارپوریشن نے کیا ہے۔ اس فیصلے سے سکھ شہریوں کو اپنی شادیوں کے رجسٹریشن کا آسان اور قانونی راستہ ملے گا۔ ناندیڑ میونسپل کارپوریشن مراٹھواڑہ کے چھترپتی سمبھاجی نگر کے بعد آنند شادی اندراج ایکٹ کو نافذ کرنے والی دوسری میونسپل کارپوریشن بن گئی ہے۔
***** ***** *****
پربھنی ضلع پریشد کے تحت تمام اسکولی عمارتوں کی جانچ کرکے غیر درست عمارتوں کے مرمتی کام جلد از جلد شروع کرنے اور اس کی رپورٹ ہیڈکوارٹر کو بھیجنے کی ہدایت ضلع رابطہ سیکریٹری دیپک کپور نے دی ہے۔ وہ ضلع سالانہ منصوی بندی سمیت مختلف اہم اسکیموں کے جائزاتی اجلاس سے مخاطب تھے۔ انھوں نے انتہائی ضروری اسکول کی عمارتوں کی تعمیر‘ اسکول کے کمروں کی تعمیر کیلئے ہنگامی فنڈز جمع کرنے کی بھی ہدایت دی۔
***** ***** *****
یرقان کے عالمی دن کے موقع پر کل جالنہ شہر میں مختلف سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ بیداری مہم بھی چلائی گئی۔ شہریوں سے اپیل کی گئی کہ وہ اپنی صحت کا خیال رکھیں اور یرقان سے بچاؤ کے ٹیکے لگانے میں پہل کریں۔
***** ***** *****
پربھنی کے سوراجیہ ٹریکرس کے 28 کوہ پیماؤں نے رائے گڑھ ضلع کے سرس گڑھ اور سدھاگڑھ کے دشوار گزار قلعوں کو کامیابی سے سر کرلیا۔ کوہِ پیما راجیشور گروڑ کی قیادت میں اس مہم جوئی میں خواتین مرد اور بچے شامل تھے۔
***** ***** *****
ہنگولی ضلعے کے آکھاڑا بالاپور زرعی پیداوار مارکیٹ کمیٹی کے انتخابی عمل کا کل سے آغاز ہوا۔ پہلے دن 34 امیدواروں نے امیدواری پرچے حاصل کیے‘ جبکہ سات امیدواروں نے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کیے۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر ضلعے کے پیٹھن کے جائیکواڑی آبی پشتے میں 87 اعشاریہ 37 فیصد سے پانی کا ذخیرہ ہوچکا ہے اور پشتے سے کسی بھی وقت پانی چھوڑے جانے کا امکان ہے، جس کے پیشِ نظر گوداوری ندی کے کنارے آباد دیہاتوں اور بستیوں کو خبردار رہنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔ ناسک اور اہلیانگر اضلاع میں شدید بارش کی وجہ سے جائیکواڑی پشتے میں 33 ہزار761 ملین مکعب فٹ فی سیکنڈ کی رفتار سے پانی کی آمد ہو رہی ہے۔
دریں اثناء، محکمہ موسمیات نے آج پونے، ستارا اور کولہاپور اضلاع کے پہاڑی علاقوں میں بھاری بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے۔
***** ***** *****
مراٹھی نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کیلئے ایک ایپ پر مبنی مسافر گاڑی کی خدمات شروع کرنے کی تجویز ریاستی حکومت کے زیرِ غور ہے۔ وزیر ٹرانسپورٹ پرتاپ سرنائیک نے یہ اطلاع دی۔ اس ایپ کو ”جئے مہاراشٹرا“ یا ”مہا رائیڈ“ یا، ”مہا یاتری“ یا پھر، ”مہا گو“ میں سے کوئی ایک نام دینے کی تجویز ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ آپریشن سندور ملک کی طاقت کی علامت ہے‘ حکومت دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے پُرعزم ہے: وزیرِ دفاع کا لوک سبھا میں بیان۔
٭ قومی تعلیمی پالیسی کو آج پانچ سال مکمل‘ نئی دلّی میں کُل ہند تعلیمی کانفرنس کا انعقاد۔
٭ لاڈلی بہن اسکیم میں 26 لاکھ مشکوک اکاؤنٹس بند کردئیے جائیں گے: وزیرِ اعلیٰ کا انتباہ۔
٭ فِڈے خواتین شطرنج عالمی کپ ٹورنامنٹ میں ناگپور کی دِیویا دیشمکھ ناقابلِ شکست۔
اور۔۔۔٭ جائیکواڑی آبی پشتے میں 87 فیصد سے زائد پانی کا ذخیرہ؛گوداوری ندی کے کنارے آباد گاؤں کو احتیاط برتنے کی اپیل۔
***** ***** *****

No comments:

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 15 اگست 2025‘ وقت: صبح 06:50 تا 07:00

  Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date: 15 August-2025 Time: 09:00-09:10 am آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر علاقائی خبری...