Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 30 July-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۰۳/ جولائی ۵۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ فوج نے آپریشن سندور کے ذریعے اپنی طاقت ثابت کردی ہے: وزیرِ اعظم کا لوک سبھا میں بیان۔
٭ جنگ بندی معاملے پر مخالف جماعتوں کی حکومت پر تنقید؛ جنگ بندی کے دوران تیسرے ملک کی ثالثی سے وزیرِ اعظم نے کیا انکار۔
٭ پہلگام حملے میں ملوث دہشت گرد آپریشن مہادیو کے دوران مارے گئے: وزیرِ داخلہ امت شاہ کا دعویٰ۔
٭ ریاستی کابینہ نے وزیرِ اعلیٰ سمردّھ پنچایت راج مہم کے دوران قابلِ ذکر کارکردگی انجام دینے والے بلدیاتی اداروں کوترغیبی انعامات دینے کا کیا فیصلہ۔
اور۔۔۔٭ بلدیاتی انتخابات بے خوف اور شفاف ماحول میں کرائے جائیں: ریاستی الیکشن کمشنر کی انتظامیہ کو ہدایت۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ فوج نے آپریشن سندور کے تحت ہدف کو درست طریقے سے نشانہ بناکر اپنی طاقت کا ثبوت دیا ہے۔ وزیرِ اعظم کل لوک سبھا میں آپریشن سندور پر بحث کا جواب دے رہے تھے۔ انھوں نے یہ بتاتے ہوئے کہ آپریشن سندور جاری ہے‘ انتباہ دیا کہ اگر پاکستان نے کچھ اور کرنے کی کوشش کی تو بھارت اُس کا منہ توڑ جواب دے گا۔ انھوں نے کہا کہ بھارت نے اس آپریشن میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو تباہ کیا‘ اس کے بعد بھی پاکستانی حکومت ہشت گردوں کے ساتھ کھڑی رہی۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ بھارتی فوج نے جو منہ توڑ جواب دیا ہے اُسے آنے والی کئی دہائیوں تک پاکستان فراموش نہیں کرسکے گا۔ انھوں نے کہا کہ فوج کے اس آپریشن کو دنیا بھر سے حمایت ملی ہے۔ وزیرِاعظم مودی نے وضاحت کی کہ بھارت کی جانب سے یہ آپریشن توسیع کیلئے نہیں تھا‘ یہ بات ہم پہلے دن سے کہہ رہے ہیں۔ اس لیے ہم نے جنگ روک دی اور اس میں کسی نے ثالثی نہیں کی۔ انھوں نے کہا:
Byte: Prime Minister Narendra Modi
مرکزی وزیرِ داخلہ امت شاہ نے کہا کہ ا ن کی حکومت کی دہشت کیخلاف Zero Tolerance کی پالیسی ہے۔ وزیرِ موصوف کل لوک سبھا میں آپریشن سندور پر بحث کے دوران بول رہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ تفتیشی ایجنسیوں کے پاس ٹھوس ثبوت موجود ہے کہ کشمیر میں آپریشن مہادیو کے تحت مارے گئے تینوں ص دہشت گرد پہلگام حملے میں ملوث تھے۔ شاہ نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف ملک کی کارروائی جاری رہے گی۔ انھوں نے کہا:
Byte: Home Minister Amit Shah
لوک سبھا میں کل آپریشن سندور پر بحث میں DMK پارٹی کی کنی موزی اور اے راجہ‘ سماج وادی پارٹی کے اکھیلیش یادو اور ڈمپل یادو‘ کانگریس کی پرینکا گاندھی واڈرا اور کے سی وینو گوپال راؤ سمیت شیوسینا کے ڈاکٹر شری کانت شندے‘ بی جے پی کے نشی کانت دوبے‘ ترنمول کانگریس کے سیانی گھوش‘ مسلم لیگ کے محمد بشیر اور شرومنی اکالی دَل کی ہرسمرت کور بادل نے حصہ لیا۔ حزبِ اختلاف کے رہنماء راہل گاندھی نے اس موقع پر جنگ روکنے کے حکومت کے فیصلے پر تنقید کی۔ انھوں نے کہا:
Byte: Opposition Leader Rahul Gandhi
وزیرِ دفاع راج ناتھ سنگھ نے کل راجیہ سبھا میں آپریشن سندور پر بحث کا آغاز کیا۔ اس بحث میں حصہ لیتے ہوئے کانگریس کے ملک ارجن کھرگے نے حکومت سے سوال کیا کہ پاکستان میں سنگین صورتحال کے باوجود جنگ بندی پر اتفاق کیوں کیا گیا۔
***** ***** *****
ریاستی کابینہ نے وزیرِ اعلیٰ سمردّھ پنچایت راج مہم کو نافذ کرنے میں بہترین کارکردگی انجام دینے والی گرام پنچایتوں‘ پنچایت سمیتیوں اور ضلع پریشدوں کو ترغیبی انعامات دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے تحت کُل 1902 ایوارڈس دئیے جائیں گے۔ کابینہ نے اُمید مہم کے تحت 10 اضلاع میں امید مالز کے قیام کو بھی منظوری دی ہے تاکہ دیہی علاقوں میں خواتین کے اپنی مدد آپ گروپوں کی طرف سے تیار کردہ مصنوعات کو بازار فراہم کیا جاسکے۔ ساتھ ہی E-Nam اسکیم کی موثر عمل آوری کی خاطر قومی سطح پر ایک تسلیم شدہ مارکیٹ قائم کرنے کیلئے ایگریکلچرل‘ پروڈکشن‘ مارکیٹنگ ڈیولپمنٹ اینڈ ریگولیشن لائن ایکٹ 1963 میں ترمیم کی جاسکے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
نائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے ریاست کے میونسپل اسپتالوں میں حفاظتی انتظامات کے طور پر کینسر اسکریننگ مہم چلانے کی ہدایت دی ہے۔ نائب وزیرِ اعلیٰ کل منترالیہ میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے خواتین میں چھاتی اور بچہ دانی کے کینسر کے بارے میں آگاہی بڑھانے اور علاج کے بجائے اس سے بچاؤ پر توجہ دینے کیلئے یہ تشخیصی مہم چلانے کی ہدایت دی۔
***** ***** *****
محصول محکمے نے مصنوعی ریت پالیسی پر عمل درآمد کا طریقہئ کار طئے کرلیا ہے اور اس حوالے سے حکومت فیصلہ جاری کیا ہے۔ اس فیصلے کے مطابق سرکاری اور نجی زمینوں پر M-Sand Units قائم کرنے کیلئے معلومات جمع کی جائیں گی اور ’مہا کھنیج‘ طریقہئ کار کے ذریعے نیلامی کی خاطر موزوں اراضی کے بارے میں معلوماتی فراہم کی جائے گی۔ نیلامی کا عمل پانچ ایکڑ تک کے رقبے کیلئے نافذ کیا جائے گا۔
***** ***** *****
شیروں کا عالمی دن کل منایا گیا۔ وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے ملک میں شیرو ں کے تحفظ کے معاملے میں مہاراشٹر کے شاندار کام پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ وزیرِ اعلیٰ کل ٹائیگر دن کے موقع پر Asiatic Society National Award 2025 کی تقسیم اور ویڈیو تاڑوبا نامی دستاویزی فلم کے ٹریلر کی ریلیز کے موقع پر ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے اپنے خیالات کا اظہار کررہے تھے۔
***** ***** *****
ریاست کے ثانوی و اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ نے کل دسویں اور بارہوں جماعتوں کے ضمنی امتحانات کے نتائج آن لائن طریقے سے ظاہر کیے۔ بورڈ نے کہا ہے کہ جو طلبہ اپنے جوابی پرچوں کا دوبارہ جائزہ لینا چاہتے ہیں وہ متعلقہ ڈویژنل بورڈ سے رابطہ کریں۔
***** ***** *****
ریاستی انتخابی کمشنر دِنیش واگھمارے نے انتظامیہ کو ہدایت دی ہے کہ ریاست میں بلدیاتی انتخابات آزادانہ اور شفاف ماحول میں کرائے جائیں۔ وہ کل چھترپتی سمبھاجی نگر کے ڈویژنل کمشنر دفتر میں ایک جائزاتی میٹنگ سے خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے بتایا کہ ان انتخابات میں یکم جولائی 2025 تک کی ووٹرس لسٹ کو قبول کیا جائے گا۔
***** ***** *****
پربھنی ضلع کے کانگریس کے سینئر قائد اور سابق ریاستی وزیر سریش ورپوڑکر نے کل اپنے حامیوں سمیت بھارتیہ جنتا پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ بی جے پی کے ریاستی صدر رویندر چوہان نے ورپوڑکر اور ان کے ساتھیوں کا اپنی پارٹی میں خیر مقدم کیا۔
اسی بیچ مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے نائب صدر اور جالنہ کے سابق رکنِ اسمبلی کیلاش گورنٹیال نے کانگریس کمیٹی کے ریاستی صدر ہرش وردھن سپکاڑ کو اپنا استعفیٰ سونپ دیا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ وہ ذاتی وجوہات کے سبب استعفے دے رہے ہیں۔
اسی بیچ جالنہ کے دورے پر پہنچے کانگریس کے ریاستی صدر ہرش وردھن سپکاڑ نے بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کے پاس قابل لیڈرس نہیں ہیں اس لیے وہ کانگریس کے قائدین اور کارکنان کو اپنی پارٹی میں شامل کررہی ہے۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع کے پیٹھن میں واقع جائیکواڑی ڈیم میں پانی کا ذخیرہ کم و بیش 89 فیصد ہوچکا ہے۔ کل شام تک اس آبی منصوبے میں 23ہزار 273 ملین مکعب فٹ فی سیکنڈ کی رفتار سے پانی کی آمد ہورہی ہے۔ اسی لیے گوداوری ندی کے کنارے آباد دیہاتوں کو کسی بھی وقت ڈیم سے پانی چھوڑے جانے کے امکان سے خبردار کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ فوج نے آپریشن سندور کے ذریعے اپنی طاقت ثابت کردی ہے: وزیرِ اعظم کا لوک سبھا میں بیان۔
٭ جنگ بندی معاملے پر مخالف جماعتوں کی حکومت پر تنقید؛ جنگ بندی کے دوران تیسرے ملک کی ثالثی سے وزیرِ اعظم نے کیا انکار۔
٭ پہلگام حملے میں ملوث دہشت گرد آپریشن مہادیو کے دوران مارے گئے: وزیرِ داخلہ امت شاہ کا دعویٰ۔
٭ ریاستی کابینہ نے وزیرِ اعلیٰ سمردّھ پنچایت راج مہم کے دوران قابلِ ذکر کارکردگی انجام دینے والے بلدیاتی اداروں کوترغیبی انعامات دینے کا کیا فیصلہ۔
اور۔۔۔٭ بلدیاتی انتخابات بے خوف اور شفاف ماحول میں کرائے جائیں: ریاستی الیکشن کمشنر کی انتظامیہ کو ہدایت۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment