Sunday, 27 July 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 27 جولائی 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 27 July-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۷۲/ جولائی ۵۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ بنیادی ڈھانچہ اور توانائی ملک کی ریڑھ کی ہڈی ہے: وزیرِ اعظم نریندر مودی کا عندیہ۔
٭ کارگل وِجئے دِوَس پر کل ملک بھر میں مختلف پروگراموں کا انعقاد۔
٭ ریاست میں بارشوں میں شدت؛ مختلف آبی ذخائر میں پانی کی سطح میں اضافہ۔
اور۔۔۔٭ فِڑے خواتین شطرنج عالمی کپ فائنل کا پہلا میچ برابری پر ختم؛ دوسرا فائنل آج۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ بنیادی ڈھانچہ اور توانائی ملک کی ترقی کی ریڑھ کی ہڈی ہے۔ کل وزیرِ اعظم کے ہاتھوں تملناڈو کے تُوتیکورِن میں چار ہزار 800 کروڑ روپئے مالیت کے مختلف منصوبوں کا سنگ ِ بنیاد اور افتتاح عمل میں آیا۔ اس موقع پر وزیرِ اعظم نے کہا:
Byte: Prime Minister Narendra Modi
آج وزیرِ اعظم چول سلسلے کے شاہ راجندر چول کے یومِ پیدائش کی ایک تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔ راجندر چول کی یاد میں ایک سکہ بھی وزیرِ اعظم جاری کریں گے۔ راجندر چول کی جنوب ایشیائی سمندری مہم کا یہ ایک ہزارواں سال ہے۔
دریں اثناء‘ وزیرِ اعظم نریندر مودی نے اپنے دورہئ مالدیپ کو نہایت ہی کامیاب قرار دیا۔ کل وہ اپنا مالدیپ دورہ مکمل کرکے تملناڈو پہنچے۔ اس دورے میں قرض کی فراہمی‘ قرض کی ادائیگی‘ آزاد تجارتی معاہدہ، UPI اور پیداوارِ ماہی جیسے اُمور پر معاہدے ہوئے۔ علاوہ ازیں‘ مالدیپ کو چار ہزار 850 کروڑ روپئے کا قرض دینے کو بھی بھارت نے منظوری دی۔
***** ***** *****
آکاشوانی کے ”من کی بات“ پروگرام کے تحت آج صبح گیارہ بجے وزیرِ اعظم نریندر مودی عوام سے بات چیت کریں گے۔ یہ اس سلسلے کا 124 واں پروگرام ہے۔ آکاشوانی اور دوردرشن کے تمام چینل صبح گیارہ بجے سے اسے براہِ راست نشر کریں گے۔
***** ***** *****
مرکزی وزیرِ تجارت پیوش گوئل نے کہا ہے کہ بھارت اور برطانیہ کے مابین حال ہی میں ہوا آزاد تجارتی معاہدہ ایک انقلابی قدم ثابت ہوگا۔ وہ کل دہلی میں ایک اخباری کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے بتایا کہ یہ بھارت کا اب تک کا سب سے بڑا اور جامع معاہدہ ہے۔ انھوں نے کہا:
Byte: Industry & Supply Minister Piyush Goyal
***** ***** *****
کارگل وجئے دِوَس کل ملک بھر میں مختلف تقریبات کے ذریعے منایا گیا۔ صدرِ جمہوریہ درَوپدی مُرمو‘ وزیرِ اعظم نریندر مودی‘ وزیرِ دفاع راجناتھ سنگھ‘ تینوں دفاعی افواج کے سربراہان نے اس معرکے میں اپنی جانوں ں کا نذرانہ پیش کرنے والے سپاہیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ برّی فوج کے سربراہ جنرل اُپیندر دِیویدی نے کہا ہے کہ بھارت کی طرف بری نظر ڈالنے والوں کو سخت جواب دیاجائے گا۔ وہ کل دَراس میں آپریشن سندور کے سلسلے میں منعقدہ ایک پروگرام سے خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے کہا:
Byte: Army Chief General Upendra Diwedi
ممبئی میں گورنر سی پی رادھا کرشنن‘ وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس‘ نائب وزرائے اعلیٰ اجیت پوار اور ایکناتھ شندے نے بھی فوجیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
چھترپتی سمبھاجی نگر میں ”کارگل اسمرتی وَن سمیتی“ کی جانب سے ”ویرانچا شوریہ گورو“ پروگرام منعقد کیا گیا۔ جس میں ریاستی وزیر اتل ساوے نے بھی شرکت کی جانب سے دئیے گئے ٹینک T-55 یہاں رکھا گیا ہے۔ جس کا افتتاح وزیرِ موصوف نے کیا۔ کارگل اسمرتی وَن کا افتتاح میونسپل کارپوریشن کے کمشنر جی شریکانت کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ یوگ اینڈ اسپورٹس ویلفیئر اسوسی ایشن اور سائیکلسٹ فاؤنڈیشن کی جانب سے شہر میں اس سلسلے میں ایک سائیکل ریلی کا بھی اہتمام کیا گیا۔
اسی سلسلے میں ناندیڑ ضلع کے وَسرنی گاؤں میں منعقدہ ایک پروگرام میں دورانِ جنگ صوبیدار کی حیثیت سے فرائض انجام دینے والے کیپٹن سیتا رام جادھو نے اپنے جنگی تجربے بیان کیے۔ اس موقع پر پربھنی ضلع فوجی دفتر کی جانب سے منعقدہ پروگرام میں جنگ میں خدمات انجام دینے والے تین سابق فوجیوں کو اعزاز دئیے گئے۔ دھاراشیو ضلع کے عمرگہ میں مرکزی نشریاتی بیورو کی جانب سے کارگل وجئے دِوَس کا پروگرام منعقد کیا گیا۔ جس میں چھترپتی شیواجی کالج کے پرنسپل ڈاکٹر سنجئے اَسولے نے رہنمائی کی۔ انھوں نے کہا کہ آج ملک کو نوجوان قیادت کی ضرورت ہے۔ اور یہ دن نوجوانوں میں ایثار و قربانی کے جذبات پیدا کرتا ہے۔ اس موقع پر سابق فوجی‘ فوجیوں کی بیوائیں اور مائیں شریک تھیں۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
چیف جسٹس بھوشن گوائی نے کہا ہے کہ چیف جسٹس کے عہدے سے سبکدوش ہونے کے بعد وہ کوئی بھی سرکاری عہدہ نہیں لیں گے بلکہ وہ قانونی مشورے‘ رہنمائی اور ٹریبیونل جیسے نظامات میں تنازعات حل کرنے کیلئے کام کریں گے۔ امراوتی ضلع اور سیشن عدالت میں کل ٹی آر گِلڈا میموریل ای لائبریری کے افتتاح کے بعد منعقدہ تقریب سے وہ خطاب کررہے تھے۔ اس ای لائبریری کے ذریعے وکلاء کو قانون سے متعلق فیصلوں اور رہنماء مضامین سے فی الفور فائدہ اٹھانے میں مدد ملے گی۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے ہدایت کی ہے کہ پارچہ بافی صنعت میں شمسی توانائی کے استعمال کیلئے پارچہ بافی اور توانائی محکموں کی ایک کمیٹی قائم کی جائے۔ وہ کل ممبئی میں پارچہ بافی محکمے کے ایک جائزہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ سماجی انصاف‘ قبائلی ترقی اور دیگر پسماندہ طبقات کی ترقی کے محکمے کے تحت آنے والے نئے امدادِ باہمی سوت گرنیوں کی امداد کیلئے یکساں پالیسی اختیار کرنے کی بھی انھوں نے ہدایت کی۔
***** ***** *****
ریاست کے بیشتر علاقوں میں بارشوں کی شدت میں اضافہ ہوا ہے اور مختلف آبی ذخائر میں پانی کی سطح میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ چھترپتی سمبھاجی نگر شہر اور ضلع بھر میں کل موسلا دھار بارش ہوئی۔ کنڑ تعلقے کے پشور کی ندی میں سیلاب آگیا۔ ضلع کے جائیکواڑی آبی منصوبے کے کیچمنٹ ائیریا میں زوردار بارش کے باعث آبی ذخیرے میں اضافہ ہوا اور یہ 81 فیصد تک پہنچ چکا ہے۔ بہت جلد اس پشتے سے پانی چھوڑے جانے کا امکان ہے اور اس لیے گوداوری ندی کے کنارے رہائش پذیر افراد کو خبردار رہنے کا اشارہ دے دیا گیا ہے۔
ناندیڑ میں وشنوپوری آبی منصوبے کا ذخیرہ 90 فیصد سے زائد ہوچکا ہے اور ڈیم کے ایک دروازے سے پانی کی نکاسی شروع کردی گئی ہے۔
جالنہ شہر سمیت ضلع بھر میں موسلادھار بارش کے باعث کسانوں کے کاموں میں دشواری آرہی ہے اور نظامِ زندگی بھی متاثر ہوا۔ دھارا شیو ضلع میں جاری بارش کل دوپہر کے بعد کم ہوگئی۔
***** ***** *****
کانگریس کے ریاستی صدر ہرش وردھن سپکاڑ نے کہا ہے کہ ریاست میں بے روزگارروں کی فوج تیار ہورہی ہے۔ اس سلسلے میں تحریر کردہ ایک مکتوب میں انھوں نے یہ الزام لگایا۔ انھوں نے کہا کہ کانگریس کے دورِ اقتدار میں پونا کے ہنجے واڑی میں آئی ٹی صنعت تیزی سے ترقی کررہی تھی۔ تاہم‘ اب یہ صنعت بنگلورو اور حیدرآباد منتقل ہورہی ہے اور اس کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار کو مستعفی ہوجانا چاہیے۔
***** ***** *****
فِڑے خواتین شطرنج عالمی کپ فائنل کا پہلا میچ برابری پر ختم ہوا۔ جارجیا کے بٹومی میں جاری اس ٹورنامنٹ میں بھارت کی کونیرو ہمپی اور دِیویا دیشمکھ کے مابین فائنل جاری ہے۔ فائنل کا دوسرا میچ آج کھیلا جائے گا۔
***** ***** *****
ٹینڈولکر- اینڈرسن کرکٹ ٹسٹ سیریز کے چوتھے میچ کے پانچویں دِن آج بھارت کوانگلینڈ کی پہلی اننگ میں حاصل کردہ برتری ختم کرنے کیلئے اب بھی 137 رن درکار ہیں۔ اپنی دوسری اننگ میں بھارت آج دو وِکٹ کے نقصان پر 174 رنوں سے آگے اپنی اننگ شروع کرے گا۔ کل جب چوتھے دن کا کھیل ختم ہوا تو ہندوستانی ٹیم کے کپتان شبھمن گل 78اور کے ایل راہل 87 رن بناکر کریز پرموجود تھے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ بنیادی ڈھانچہ اور توانائی ملک کی ریڑھ کی ہڈی ہے: وزیرِ اعظم نریندر مودی کا عندیہ۔
٭ کارگل وِجئے دِوَس پر کل ملک بھر میں مختلف پروگراموں کا انعقاد۔
٭ ریاست میں بارشوں میں شدت؛ مختلف آبی ذخائر میں پانی کی سطح میں اضافہ۔
اور۔۔۔٭ فِڑے خواتین شطرنج عالمی کپ فائنل کا پہلا میچ برابری پر ختم؛ دوسرا فائنل آج۔
***** ***** *****

No comments:

Text-आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर – दिनांक 15.08.2025 रोजीचे सकाळी 11.00 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date 15 August 2025 Time 11.00 to 11.05 AM Language Marathi आकाशवाणी छत्...