Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 28 July-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۸۲/ جولائی ۵۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ ٹیکسٹائل کی صنعت بھارت کی ثقافتی تنوع کی ایک مثال ہے۔ پیٹھنی کی بُنکر کویتا ڈھولے کے کام کی ”من کی بات“ پروگرام میں وزیرِ اعظم نے کی تعریف۔
٭ لاڈلی بہن اسکیم کا غلط استعمال کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار کا انتباہ۔
٭ فِڈے خواتین شطرنج عالمی کپ ٹورنامنٹ کے فائنل میں کونیرو ہمپی اور دِیویا دیشمکھ کے درمیان دوسرا میچ ہوا برابری پر ختم؛ نتیجے کا فیصلہ آج ٹائی بریکر سے۔
٭ بھارتی بلّے باز مانچسٹر کرکٹ ٹیسٹ میچ برابری پر ختم کرنے میں کامیاب۔
اور۔۔۔٭ مراٹھواڑہ کے آبی منصوبوں میں پانی کا ذخیرہ اب اطمینان بخش مقدار میں؛ پربھنی ضلع میں شدید بارش سے ہونے والے نقصانات کے انتظامیہ کرے گی پنچ نامے۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ ٹیکسٹائل یعنی کپڑا سازی کی صنعت بھارت کے ثقافتی تنوع کی ایک مثال ہے۔ وزیرِ اعظم کل آکاشوانی کے پروگرام ”من کی بات“ کے ذریعے ہم وطنوں سے گفتگو کررہے تھے۔ آئندہ 7 اگست کو منائے جانے والے نیشنل ہینڈلوم ڈے کے تناظر میں وزیرِ اعظم نے کہا کہ ملک بھر میں تین ہزار سے زائد ٹیکسٹائل اسٹارٹ اَپ کام کررہے ہیں۔ مودی نے کہا کہ ان اسٹارٹ اَپس کے ذریعے بھارتی ہینڈلوم شعبے کو ایک نئی شناخت ملی ہے اور اس نے عالمی سطح پر بلندی حاصل کی ہے۔ اس پس منظر میں انھوں نے پیٹھن کی بُنکر کویتا ڈھولے کا ذکر کیا۔ انھوں نے کہا:
Byte: Prime Minister Narendra Modi
دوسری جانب کویتا ڈھولے نے اس سلسلے میں آکاشوانی سے بات کرتے ہوئے خوشی کااظہار کیا اور کہا کہ وزیرِ اعظم نے نہ صرف ان کی‘ بلکہ پیٹھن میں کام کرنے والے تمام ہینڈلوم بُنکروں کے کام کا بھی نوٹس لیا۔ پیٹھنی کی بُنکر کویتا ڈھولے نے کہا:
Byte: Kavita Arun Dhavale
وزیرِ اعظم مودی نے چھترپتی شیواجی مہاراج کے 12 قلعوں کو یونیسکو کی جانب سے تسلیم کیے جانے‘ شبھانشو شکلا کے خلائی سفر‘ 23 اگست کو منائے جانے والے قومی خلائی دن‘ یوم آزادی‘ لوک مانیہ تلک اورکھدی رام بوسی کی برسی‘ مخطوطات کا تحفظ اور ان کی تحریروں کی منتقلی سمیت مختلف موضوعات کا ”من کی بات“ پروگرام میں ذکر کیا۔ انھوں نے اس پروگرام میں پولس اور فائر فائٹنگ کے عالمی مقابلوں‘ طلبہ کے اولمپیاڈ اور کھیلوں کے مقابلوں پر بھی بات کی۔ انھوں نے آنے والے تہواروں کیلئے ہم وطنوں سے نیک خواہشات کا اظہاربھی کیا۔
اسی بیچ وزیرِ اعظم نے کہا ہے کہ راجہ چول اور راجندر چول کے نام بھارت کی تاریخ میں شان کی علامت ہے۔ وہ کل تمل ناڈو کے اریالُور ضلع میں آدی ترو تھرائی میلے کی اختتامی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ راجہ راجندر چول اوّل کے اعزاز میں وزیرِ اعظم نے اس موقع پر ایک سکہ جاری کیا۔
***** ***** *****
بھارت کے بین الاقوامی تجارتی سفر میں ایک تاریخی سنگ ِ میل کی حیثیت سے بھارت برطانیہ آزادانہ تجارتی معاہدوں پر دستخط کیے جانے پر کاروبار اور صنعت کے مرکزی وزیر پیوش گوئل کا کل ممبئی میں استقبال کیا گیا۔ بوریولی میں منعقدہ اس پُروقار جلسے میں ”برطانیہ کے بازار میں برآمدی مواقع“ کے عنوان پر ایک خصوصی سیشن کا انعقاد کیا گیا جس میں اس معاہدے کے سبب بھارتی تاجروں اور برآمدکنندگان کیلئے دستیاب نئے مواقع پر روشنی ڈالی گئی۔
***** ***** *****
نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار نے لاڈلی بہن اسکیم کا غلط استعمال کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کا انتباہ دیا ہے۔ نائب وزیرِ اعلیٰ کل اہلیا نگر میں صحیفہ نگاروں سے بات کررہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ وہ آج ممبئی میں وزیرِ اعلیٰ نے اس معاملے پر گفت وشنید کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ ملازمت کرنے والی جن خواتین نے اس اسکیم کا فائدہ اٹھایا ہے اور اس اسکیم سے فائدہ لینے والے مردوں سے بھی وصولی کی کارروائی کی جائیگی۔ پوار نے یہ بھی بتایا کہ ریاستی کابینہ میں کسے رکھنا ہے اور کسے ہٹانا ہے اس کا فیصلہ وزیرِ اعلیٰ اور نائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے کے ساتھ مل کر کیا جائے گا۔
اسی بیچ نائب وزیرِ اعلیٰ نے کل اہلیا نگر ضلع میں راہوری زرعی بازار کمیٹی کے شیتکری بھون اور طعام خانے کی عمارت عوام کے نام وقف کی۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
تھانے ضلع میں کل ونجاری برادری کا ایک ریاستی سطح کا اجتماع منعقد کیا گیا۔ اس کا افتتاح سابق وزیر اور رکنِ اسمبلی دھننجئے منڈے نے کیا۔ اس موقع پر انھوں نے ونجاری برادری کے صلاحیت مند افراد کا استقبال کیا۔ اپنے خطاب میں انھوں نے کہا کہ جدوجہد کسے کہتے ہیں یہ ہم سب نے آنجہانی گوپی ناتھ منڈے کے کارناموں میں دیکھا ہے۔
***** ***** *****
ڈویژنل کمشنر جتندر پاپڑکر نے کہا ہے کہ پانی کے تحفظ کے ساتھ ساتھ ذہنی تحفظ بھی ضرور ی ہے۔ موصوف کل چھترپتی سمبھاجی نگر میں پریرنا فاؤنڈیشن کی جانب سے کیچڑ سے پاک آبی پشتے اور کیچڑ سے زرخیز کھیتی اسکیم کے سلسلے میں منعقدہ ورکشاپ سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر معززین کے ذریعے ضلع میں اس اسکیم کو مؤثر انداز میں نافذ کرنے والوں کو اعزاز سے نوازا گیا۔ اس تقریب کے دوران ضلع کلکٹر دلیپ سوامی نے ہدایت دی کہ کسانوں کو کیچڑ کی مٹی کے فوائد کا احساس کرانے کی خاطر ایک نمائشی علاقہ بنایا جائے۔
***** ***** *****
بیج ماتا راہی بائی پوپرے نے اساتذہ سے اپیل کی ہے کہ وہ مقامی بیجوں کے تحفظ اور پائیدار زراعت کے فروغ کی خاطر طلبہ میں بیداری پیدا کریں۔ موصوفہ،چھترپتی سمبھاجی نگر تعلقے کے چیتے پمپل گاؤں میں ’بیجوں کی نمائش‘ کے افتتاح کے موقع پر بول رہی تھیں۔ انھوں نے کہا کہ وہ گذشتہ دس برسوں سے بیجوں کی راکھیاں بنارہی ہیں۔ انھوں نے اس موقع پر ہر بہن سے اپیل کی کہ وہ اپنے بھائیوں کے ہاتھوں پر بیجوں کی راکھی باندھیں۔
***** ***** *****
فِڈے خواتین شطرنج عالمی کپ کے فائنل میں بھارت کی کونیرو ہمپی اور دیویا دیشمکھ کے درمیان دوسرا میچ کل برابری پر ختم ہوا۔ جارجیا کے بٹومی میں کھیلے گئے اس فائنل مقابلے میں شطرنج کی ان دونوں بھارتی کھلاڑیوں کا پہلا میچ بھی برابری پر ختم ہوا۔ اس لیے فائنل ٹائی بریکر میچ آج کھیلا جائے گا۔
***** ***** *****
کرکٹ: بھارت اور انگلینڈ کے درمیان کھیلے جارہے اینڈرسن- ٹینڈولکر کپ سیریز کا چوتھا میچ برابری پر ختم ہوا ہے۔ کل میچ کے آخری دِن بھارت نے دوسری اننگ میں چار وکٹوں کے نقصان 425 رنز بنائے تھے۔ شبھمن گل‘ رویندر جڈیجہ‘ واشنگٹن سندر نے سینچریاں بنائیں۔ میچ میں پانچ وکٹیں لینے والے اور 141 رنز بنانے والے انگلینڈ کے کھلاڑی بین اسٹوکس کو مین آف دی میچ کے اعزاز سے نوازا گیا۔ انگلینڈ کو ان مقابلوں کی سیریز میں 2-1 کی برتری حاصل ہے۔ اس سیریز کا پانچواں میچ آئندہ جمعرات سے شروع ہوگا۔
***** ***** *****
ڈویژنل کمشنر جتندر پاپڑکر نے پربھنی کے ضلع کلکٹر رگھو ناتھ گاؤڑے کو ہدایت دی ہے کہ وہ پربھنی ضلع میں 17 تا 22 جولائی کے دوران ہونے والی شدید بارش کے نقصانات کا پنچ نامہ کریں اور مرکزی و ریاستی حکومت کے اُصولوں کے مطابق کسانوں اور شہریان کو مالی مدد فراہم کریں۔ ضلع کے پیڑ گاؤں‘ جامب‘ پاتھری‘ حد گاؤں‘ کاساپوری‘ جنتور‘ واگھی‘ دھانورا‘ سیلو‘ کیکرج واڑہ وغیرہ تحصیلوں میں شدید بارش سے کافی نقصان ہوا ہے۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر کے مختلف آبی منصوبوں میں پانی کا ذخیرہ اوسطاً 53 فیصد تک پہنچ گیا ہے۔ پیٹھن کے جائیکواڑی ڈیم میں آبی ذخیرہ 82 فیصد سے زیادہ ہوگیا ہے۔ وہیں ناندیڑ کے وِشنو پوری آبی منصوبے میں پانی کی سطح 90 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ ہنگولی کے یلدری ڈیم میں 73 فیصد جبکہ سدھیشور ڈیم میں 51 فیصد پانی موجود ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ ٹیکسٹائل کی صنعت بھارت کی ثقافتی تنوع کی ایک مثال ہے۔ پیٹھنی کی بُنکر کویتا ڈھولے کے کام کی ”من کی بات“ پروگرام میں وزیرِ اعظم نے کی تعریف۔
٭ لاڈلی بہن اسکیم کا غلط استعمال کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار کا انتباہ۔
٭ فِڈے خواتین شطرنج عالمی کپ ٹورنامنٹ کے فائنل میں کونیرو ہمپی اور دِیویا دیشمکھ کے درمیان دوسرا میچ ہوا برابری پر ختم؛ نتیجے کا فیصلہ آج ٹائی بریکر سے۔
٭ بھارتی بلّے باز مانچسٹر کرکٹ ٹیسٹ میچ برابری پر ختم کرنے میں کامیاب۔
اور۔۔۔٭ مراٹھواڑہ کے آبی منصوبوں میں پانی کا ذخیرہ اب اطمینان بخش مقدار میں؛ پربھنی ضلع میں شدید بارش سے ہونے والے نقصانات کے انتظامیہ کرے گی پنچ نامے۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment