Date: 02 July-2022
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی اورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ:۲؍ جولائی ۲۰۲۲ء
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ مہاراشٹر میں کسانوں کی خودکشیوں کے واقعات ختم کرنے کی ریاستی حکومت پابند: وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے۔
٭ اورنگ آباد اور عثمان آباد کے نام تبدیل کرنے سے متعلق کابینہ میں دوبارہ قرارداد پیش کرنا لازمی: نائب وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس۔
٭ ایکناتھ شندے شیوسینا کے وزیرِ اعلیٰ نہیں ہیں؛ پارٹی سربراہ اُدّھو ٹھاکرے کی وضاحت۔
٭ ریاستی اسمبلی کا خصوصی اجلاس اب 3 اور 4 جولائی کو ہوگا‘ 18 جولائی سے پارلیمنٹ کا مانسون اجلاس۔
٭ ریاست میں کووِڈ کے 3 ہزار 249 نئے مریض؛ مراٹھواڑہ میں بھی 77 افراد متاثر۔
اور۔۔ ٭ بھارت اور انگلینڈ کے مابین پانچویں کرکٹ ٹیسٹ میں رِشبھ پنت کی سنچری۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے کہا ہے کہ مہاراشٹر کو کسانوں کی خودکشیوں کے واقعات سے پاک کرنے کی حکومت پابند ہے اور کاشتکاروں کی بہبود کیلئے ہر ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے۔ وہ کل گوا میں شیوسیناکے منحرف ارکان اور دیگر آزاد ارکانِ اسمبلی سے ملاقات کے بعد ممبئی روانگی سے قبل اخباری نمائندوں سے گفتگو کررہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ ریاست میں آبپاشی کے تحت آنے والے رقبے میں اضافے اور زیرِ تکمیل ترقیاتی کاموں میں تیزی لانے کی کوشش کی جائیگی۔ ممبئی کے باشندوں کی سہولت کیلئے میٹرو کارشیڈ کو آرے جنگلات میں منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ کارشیڈ کو آرے میں منتقل کرتے وقت اس بات کا خاص خیال رکھا جائیگا کہ ماحولیات کو نقصان نہ پہنچے‘ اس کے علاوہ حکومت عوام کے مفادات کے تحفظ کو بھی یقینی بنائے گی۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ کی زیرِ صدارت ریاست میں آفات کے دوران انتظامات سے متعلق ایک جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شندے نے کہا کہ موسمِ باراں میں تمام متعلقہ شعبے باہمی رابطے کے ذریعے اس امر کو یقینی بنائے کہ آفاتِ سماوی کے دوران کسی بھی صورت میں انسانی جانوں کا زیاں نہ ہو۔ ایکناتھ شندے نے ہدایت کی کہ متعلقہ افسران خود میدان میں اُتر کر کام کریں‘اس سے مشنری میں شامل تمام افراد مستعد رہیں گے۔
***** ***** *****
نائب وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا ہے کہ اورنگ آباد اور عثمان آباد کا نام تبدیل کرنے سے متعلق قرارداد دوبارہ کابینی اجلاس میں پیش کرنا ضروری ہے۔ کل ممبئی میں ذرائع ابلاغ سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اکثریت ثابت کرنے کی تحریک کی موجودگی میں اس طرح کی قرارداد منظور نہیں کی جاسکتی‘ اس لیے اب تبدیلیٔ نام سے متعلق قرارداد دوبارہ کابینی اجلاس میں پیش کرنا ہوگا۔
دریں اثناء اورنگ آباد اور عثمان آباد تبدیلیِ نام مخالف ایکشن کمیٹی نے دونوں شہروں کا نام تبدیل کرنے کے خلاف سخت ردّ عمل پیش کیا ہے۔ تبدیلیِ نام مخالف ایکشن کمیٹی کے سربراہ مشتاق احمد نے کل ایک اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اس فیصلے کو ہتک ِ عدالت قرار دیا اور اس فیصلے کی شدید مخالفت کرتے ہوئے تحریک چلانے کا عندیہ بھی دیا۔
***** ***** *****
سابق وزیرِ اعلیٰ اور شیوسینا سربراہ اُدّھو ٹھاکرے نے کہا ہے کہ اب الیکشن کمیشن کی جانب سے عوامی نمائندوں کو واپس بلانے کیلئے رائٹ ٹو ریکال ایکٹ کا نفاذ ضروری ہوگیا ہے۔ کل ممبئی میں شیوسینا بھون میں اخباری نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اگر عوامی نمائندوں کو دیا گیا مینڈیٹ غیر اطمینان بخش محسوس ہو تو انھیں واپس بلانے کا اختیار بھی رائے دہندگان کے پاس ہونا چاہیے۔ نئی حکومت کا خیر مقدم کرتے ہوئے انھوں نے توقع ظاہر کی کہ یہ حکومت عوام کے مفاد میں بہتر ثابت ہوگی۔ انھوں نے کہا کہ میٹرو کارشیڈ کی آرے جنگلات میں تعمیر کیلئے نئی حکومت زبردستی نہ کرے۔ ادّھو ٹھاکرے نے وضاحت کی کہ ایکناتھ شندے شیوسینا کے وزیرِ اعلیٰ نہیں ہیں۔ انھوں نے اعلان کیا کہ پارٹی سے انحراف کے بعد ایکناتھ شندے کو پارٹی قائد کے عہدے سے ہٹادیا گیا ہے۔
***** ***** *****
دریں اثناء وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے اور دیگر منحرف ارکانِ اسمبلی کے خلاف شیوسینا کی جانب سے دوبارہ داخل کردہ درخواست پر فی الفور سماعت کرنے سے عدالت ِ عظمیٰ نے انکار کردیا ہے۔ اس عرضداشت میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر نے ان ارکانِ اسمبلی کے خلاف کاروائی کی نوٹس جاری کر رکھی ہے جب تک اس نوٹس کا فیصلہ نہیں ہوجاتا تب تک ان ارکانِ اسمبلی کو معطل کیا جائے۔ عدالت نے اسی نوعیت کی ایک درخواست پر سماعت کے دوران منحرف ارکانِ اسمبلی کو 11 جولائی تک نوٹس کا جواب دینے کا حکم جاری کیا تھا اور 12 جولائی تک ان کے خلاف کسی بھی کاروائی پر حکمِ امتناع جاری کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
ریاستی اسمبلی کے طلب کردہ اجلاس کی تواریخ میں تبدیلی کی گئی ہے۔ اب آج اور کل کی بجائے یہ دو روزہ خصوصی اجلاس کل اور پرسوں منعقد ہوگا۔ اس اجلاس میں خطیب ِ ایوان کا انتخاب ہوگا۔ انتخاب کیلئے ارکان اپنے کاغذاتِ نامزدگی آج دوپہر 12 بجے تک جمع کروا سکیں گے۔ اتوار کو اجلاس کے پہلے دِن اسپیکر کا انتخاب عمل میں آئیگا‘ اسی دوران اسمبلی اسپیکر کے عہدے کیلئے بی جے پی کی جانب سے راہل نارویکر کا پرچۂ نامزدگی داخل کیا گیا ہے۔ وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے کہا ہے کہ بی جے پی کے پاس 120 اور شیوسینا منحرف ارکان کے پاس 50 ارکانِ اسمبلی موجود ہیں۔ اس طرح 170 ارکانِ اسمبلی کی موجودگی کی بنیاد پر حکومت ایوان میں اپنی عددی اکثریت ثابت کردے گی۔
***** ***** *****
پارلیمنٹ کا مانسون اجلاس اس مہینے کی 18 تاریخ کو شروع ہوگا‘ جو 12 اگست تک جاری رہے گا۔ لوک سبھا سیکریٹریٹ نے بتایا ہے کہ اجلاس کے دوران کُل 18 سیشن ہوں گے۔ 18 جولائی کو صدرِ جمہوریہ کا اور 6 اگست کو نائب صدر کا انتخاب عمل میں آئے گا۔ نو منتخب صدرِ جمہوریہ 25 جولائی کو اور نو منتخب نائب صدر 11 اگست کو حلف لیں گے۔
***** ***** *****
ٹیکس نظام اور شیئر بازار کے ضوابط میں حکومت کی جانب سے کیے گئے ردّ و بدل پر کل سے عمل درآمد کا آغاز ہوا۔ اس برس کے مالیاتی بجٹ میں کرپٹو کرنسی پر ایک فیصد ٹی ڈی ایس عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ کرپٹو کرنسی پر 30 فیصد انکم ٹیکس بھی عائد کیا جائیگا۔ پین کارڈ کو آدھار کارڈ سے جوڑنے کی فیس کو دوگنا کرکے ایک ہزار روپئے کردیا گیا ہے۔ ڈاکٹروں اور سوشل میڈیا پر ہونے والی اشیاء کی تشہیر پر ایک برس میں 20 ہزار روپئے منافع پر 10 فیصد ٹی ڈی ایس عائد ہوگا۔ آج سے کسی بھی بغیر ٹیگ ڈی میٹ اکائونٹ میں حصص جمع نہیں ہوسکیں گے۔
***** ***** *****
GST کے ذریعے ہونے والی آمدن میں استحکام کے ساتھ اضافہ ہورہا ہے۔ اس برس جون میں جی ایس ٹی کے ذریعے ہونے والی آمدن میں 56 فیصد اضافہ ہوا اور یہ ایک اعشاریہ چوالیس لاکھ کروڑ روپئے ہوگئی ہے۔ یہ اطلاع مرکزی وزیرِ خزانہ نرملا سیتا رمن نے دی۔ وہ کل نئی دہلی میں جی ایس ٹی دِن کے پانچویں برس کے پروگرام سے مخاطب تھیں۔
***** ***** *****
ریاست میں کل کورونا سے متاثر 3 ہزار 249 نئے مریض پائے گئے‘ جس کے بعد ریاست بھر میں اب تک کورونا سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 79 لاکھ 79 ہزار 363 ہوگئی۔ کل اس وباء سے 4 افراد جانبر نہ ہوسکے۔ اس طرح ریاست میں اب کووِڈ سے ایک لاکھ 47 ہزار 929 افراد فوت ہوچکے ہیں۔ اب بھی ریاست کے مختلف سرکاری و خانگی اسپتالوں میں 23 ہزار 996 مریض زیرِ علاج ہیں۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ میں کل 77 مریضوں کی کورونا جانچ مثبت پائی گئی‘ جن میں اورنگ آباد اور عثمان آباد کے 21-21‘ جالنہ 12‘ ناندیڑ اور لاتور 10-10‘ اور بیڑ ضلع میں 3 نئے مریضوں کی موجودگی سامنے آئی۔
***** ***** *****
ریاست کے 14 سرکاری پالی ٹیکنک کالجوں میں اقلیتی فرقہ کے طلبہ کیلئے خصوصی بیچ شروع کی جارہی ہے۔ خواہش مند طلبہ کو اس بیچ کیلئے درخواست دہی کی ترغیب محکمۂ اقلیتی اُمور کی جانب سے دی گئی ہے۔ داخلے کیلئے درخواست دہی کی آخری تاریخ میں 7 جولائی تک توسیع کردی گئی ۔
***** ***** *****
بھارت اور انگلینڈ کے مابین فیصلہ کُن پانچویں کرکٹ ٹیسٹ میچ کے پہلے دِن کل بھارت نے کھیل کے اختتام تک 7 وِکٹ کے نقصان پر 338 رن بنالیے تھے۔ برمنگھم میں کھیلے جارہے اس میچ میں بھارت کی جانب سے رشبھ پنت نے سنچری اسکور کی‘ جب کھیل ختم ہوا تو رویندر جڈیجہ 83 رن بناکر کریز پر موجود تھے۔ گذشتہ برس اس سیریز کے چار میچوں کے بعد کورونا کے باعث سیریز ملتوی کردی گئی تھی‘ جو کل 10 ماہ بعد دوبارہ شروع ہوئی۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ مہاراشٹر میں کسانوں کی خودکشیوں کے واقعات ختم کرنے کی ریاستی حکومت پابند: وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے۔
٭ اورنگ آباد اور عثمان آباد کے نام تبدیل کرنے سے متعلق کابینہ میں دوبارہ قرارداد پیش کرنا لازمی: نائب وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس۔
٭ ایکناتھ شندے شیوسینا کے وزیرِ اعلیٰ نہیں ہیں؛ پارٹی سربراہ اُدّھو ٹھاکرے کی وضاحت۔
٭ ریاست میں کووِڈ کے 3 ہزار 249 نئے مریض؛ مراٹھواڑہ میں بھی 77 افراد متاثر۔
اور۔۔ ٭ بھارت اور انگلینڈ کے مابین پانچویں کرکٹ ٹیسٹ میں رِشبھ پنت کی سنچری۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment