Regional Urdu Text Bulletin, Chatrapati Sambhajinagar
Date: 05 September-2024
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۵/ ستمبر ۴۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ مہاراشٹر کی خواتین نے ملک کے سامنے استحکام کی نئی مثال رکھی ہے؛ اودگیر کے استحکامِ خواتین اجتماع سے صدرِ جمہوریہ کا خطاب۔ آج نئی دہلی میں قومی اساتذہ ایوارڈز کی تقسیم۔
٭ ایس ٹی ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ؛ ریاستی سرکاری ملازمین کو پنشن کے تین متبادل؛ ہڑتال منسوخ۔
٭ شدید بارش سے متاثرہ علاقوں میں پنچنامے کرنے کی بجائے ضوابط کے مطابق مالی امداد کا وزیرِ زراعت دھننجئے منڈے کا اعلان۔
اور۔۔۔٭ پیرس پیرالمپک کھیلوں میں بھارت کو دو طلائی تمغے؛ سانگلی کے سچن کھلاری نے شاٹ پُٹ میں حاصل کیا نقرئی تمغہ۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
صدرِ جمہوریہ دَروپدی مُرمو نے کہا ہے کہ مہاراشٹر کی خواتین نے استحکام کی نئی مثال ملک میں قائم کی ہے۔ کل لاتور ضلع کے اودگیر میں خواتین کے استحکام سے متعلق ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے صدرِ جمہوریہ نے”مکھیہ منتری ماجھی لاڈکی بہین یوجنا“ اور ریاست میں چلائی جارہی دیگر مالی ترقیاتی اسکیموں کی تعریف کی۔ انھوں نے کہا کہ ہر شعبے میں خواتین کی مؤثر شراکت میں اضافے کو یقینی بنانے کیلئے بچت گروپوں کا کردار نہایت اہم ہے۔ ریاستی حکومت خواتین کی صحت کو بہتر بنانے کیلئے کئی اقدامات کررہی ہے اور خواتین کو بھی اپنی صحت پر توجہ دینے کی ترغیب انھوں نے دی۔ انھوں نے کہا:
”ماتائیں اور بہنیں پریوار کے سواستھ کا دھیان تو دیتی ہیں‘ لیکن اپنے بھوجن اور سواستھ کا دھیان نہیں رکھتی ہیں۔ میں سبھی بہنوں سے کہنا چاہوں گی کہ آپ سب اپنے سواستھ پر بھی ضرور دھیان دیں۔ بچوں اور پریوارکی دیکھ بھال کرنے میں اپنے سواستھ کو اَن دیکھا نہیں کرنا ہے۔ آپ کو اپنے اور اپنے پریوار کے اچھے بھوشیے کیلئے بھی اپنے سواستھ کا دھیان رکھنا ہوگا۔“
صدرِ جمہوریہ نے مزید کہا کہ راج ماتا جیجا بائی‘ کرانتی جیوتی ساوِتری بائی اور سِندھو تائی سپکاڑ جیسی عظیم خواتین مہاراشٹر کا ورثہ ہیں۔ ان سے حوصلہ حاصل کرتے ہوئے خواتین مسلسل مصروفِ جدوجہد رہیں گی اور ملک کی ترقی کی تاریخ مرتب کریں گی۔ حکومت ِ مہاراشٹر نے 25 کروڑ خواتین کو لکھ پتی دیدی بنانے کا ہدف مقرر کیا تھا، جن میں سے 13 لاکھ خواتین کے لکھ پتی دیدی بن جانے پر صدرِ جمہوریہ نے اظہارِ اطمینان کیا۔ گورنر سی پی رادھا کرشنن‘ وزیرِا علیٰ ایکناتھ شندے‘ نائب وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس‘ لاتور کے رابطہ وزیر گریش مہاجن، وزیر سنجئے بنسوڑے اور وزیر برائے بہبودِ خواتین و اطفال آدیتی تٹکرے بھی اس موقع پر موجود تھیں۔
اودگیر میں تعمیر کردہ ”وِشوشانتی بودھ وِہار“ کا افتتاح بھی کل صدرِ جمہوریہ کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ اس بودھ وِہار میں قائم کیے گئے ”مراقبہ مرکز“ پر انھوں نے ریاستی حکومت کی ستائش کی اور کہا کہ اس تناؤ بھری زندگی میں دھیان لگانے کا عمل اہم ہے۔
درَوپدی مُرمو نے شام میں ناندیڑ میں تخت شری سچکھنڈ حضور صاحب گردوارے کا دورہ کیا۔ اس موقع پر منعقدہ خصوصی دعائیہ تقریب میں بھی انھوں نے شرکت کی۔ بعد ازاں اپنا سہ روزہ دورہئ مہاراشٹر مکمل کرکے صدرِ جمہوریہ ناندیڑ طیران گاہ سے دہلی روانہ ہوگئیں۔
***** ***** *****
سابق صدرِجمہوریہ آنجہانی ڈاکٹر سروپلّی رادھا کرشنن کی سالگرہ یعنی یومِ اساتذہ آج ملک بھر میں منایا جارہا ہے۔ اس ضمن میں صدرِ ہند دَرَوپدی مُرمو کے ہاتھوں آج نئی دہلی میں اساتذہ کے قومی ایوارڈز تقسیم کیے جائیں گے۔ ملک بھر کے 82 اساتذہ کو یہ اعزازات دئیے جائیں گے۔ اسی دوران یومِ اساتذہ کے سلسلے میں راشٹرپتی بھون کے احاطے میں واقع ”امرت اُدیان“ کو اساتذہ کیلئے کھول دیا گیا ہے۔
چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع پریشد کے شعبہئ تعلیم کی جانب سے ضلع کے سرگرمِ عمل اور مثالی 128 اسکولوں کو اعزاز دیا جائیگا۔ شہر کے تاپڑیہ ناٹیہ مندر میں ضلع پریشد کے چیف ایگزیکٹیو افسر وِکاس مینا اس پروگرام میں شرکت کریں گے۔
***** ***** *****
ملازمین کے پراویڈنٹ فنڈ کے ادارے ای پی ایف او کی معرفت دئیے جانے والے وظیفے ماہِ جنوری سے ملک بھر کی کسی بھی بینک کی کسی بھی شاخ سے حاصل کیے جاسکتے ہیں۔ مرکزی وزیر برائے روزگار و محنت من سُکھ مانڈویہ نے کل یہ اعلان کیا۔ ای پی ایف او کے تحت 78 لاکھ سے زائد وظیفہ خور اس سے مستفید ہوں گے۔
***** ***** *****
اسٹیٹ ٹرانسپورٹ کارپوریشن یعنی ایس ٹی ملازمین کی بنیادی تنخواہوں میں اپریل 2020 سے ساڑھے چھ ہزار روپئے اضافے کا فیصلہ وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے کیا ہے۔ کل ایس ٹی ملازمین کی ایکشن کمیٹی کے ساتھ ایک اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا۔ ریاست کے بس ڈپو میں ڈرائیور اور کنڈکٹروں کیلئے آرام گاہوں کی خستہ حالی دور کرنے کیلئے منصوبہ تیار کرنے کا حکم بھی اس موقع پر وزیرِ اعلیٰ نے دیا۔ وزیرِ صنعت اُدئے سامنت نے بتایا کہ اس فیصلے کے بعد ایس ٹی ملازمین ایکشن کمیٹی نے اپنی ہڑتال واپس لے لی ہے۔
دریں اثناء ریاست کے تمام افسران و ملازمین اب یونیفائیڈ پنشن اسکیم، قومی پنشن اسکیم اور ریاستی حکومت کی جانب سے دورانِ بجٹ معلّنہ ترمیم شدہ پنشن اسکیم میں سے کسی ایک کا انتخاب کرسکتے ہیں۔ کل ممبئی میں ریاستی سرکاری افسران و ملازمین کے مطالبات کے سلسلے میں منعقدہ ایک اجلاس میں وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے یہ اعلان کیا۔ اس فیصلے پر اظہارِ اطمینان کرتے ہوئے ملازمین کی مختلف تنظیموں نے ہڑتال واپس لینے کا اعلان کیا۔
***** ***** *****
ریاست کے وزیرِ زراعت دھننجئے منڈے نے اعلان کیا ہے کہ شدید بارش سے متاثرہ علاقوں میں فصلوں کو ہونے والے نقصانات کے پنچنامے کرنے کی بجائے سیلابی صورتحال کے ضوابط کے مطابق کسانوں کو امداد دی جائیگی۔ کل بیڑ ضلع کے گیورائی میں متاثرہ فصلوں کامعائنہ کرنے کے بعد انھوں نے یہ اعلان کیا۔ اسی دوران پربھنی کی وسنت راؤ نائیک مراٹھواڑہ زرعی یونیورسٹی میں منعقدہ ایک اجلاس میں متاثرہ فصلوں کے معائنے کیلئے ڈرون کے استعمال کی ہدایت بھی وزیرِ موصوف نے دی۔
***** ***** *****
سِندھو دُرگ ضلع کے مالون راجکوٹ قلعے پر چھترپتی شیواجی مہاراج کے مجسّمے کو پیش آئے حادثے کے سلسلے میں مجسمہ ساز جئے دیپ آپٹے کو کل کلیان پولس نے گرفتار کرلیا۔ جئے دیپ پر مجسّمے کی تیاری میں کاہلی برتنے کا الزام ہے۔ مجسّمے کے گرجانے کے بعد سے وہ مفرور تھا۔
***** ***** *****
لاتور ضلع کے اودگیر تعلقے کے ہیر اور لوہارا کے کھیتوں میں شدید بارش کے باعث ہونے والے نقصانات کا وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے اور نائب وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کل معائنہ کیا۔ اس موقع پر انھوں نے کسانوں سے بات چیت کی اور تیقن دیا کہ متاثرہ فصلوں کے فوری پنچنامے کیے جائیں گے اور حکومت کسانوں کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہے۔
***** ***** *****
دریں اثناء جو کسان فصلوں کے بیمے کی آن لائن شکایت درج نہیں کرواسکے وہ آف لائن شکایات یا اندراج کروائیں۔ یہ ہدایت پربھنی کے ضلع کلکٹر رگھوناتھ گاؤڑے نے کی ہے۔ فوج کی ٹیم کی جانب سے 30 دیہاتوں میں سیلاب سے متاثرہ کئی افراد کی جان بچانے پر گاؤڑے نے ان کا خیر مقدم کیا۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر ضلعے میں بارش سے متاثرہ فصلوں کے پنچنامے فی الفور کرنے کا حکم ضلع کے رابط وزیر عبدالستار نے انتظامیہ کو دیا ہے۔ کل اس ضمن میں انھوں نے بذریعہئ ٹیلی کانفرنسنگ ایک اجلاس طلب کیا تھا۔ متاثرہ کسانوں کو امداد کیلئے تجاویز ارسال کرنے کی ہدایت بھی وزیرِ موصوف نے کی۔
***** ***** *****
پیرس پیرالمپک کھیلوں میں کل ہندوستانی کھلاڑیوں نے دو طلائی سمیت کُل چار تمغے حاصل کیے۔ تیراندازی میں ہرویندر سنگھ نے طلائی تمغہ حاصل کیا۔ پیرالمپک میں تیراندازی میں طلائی تمغہ جیتنے والے وہ پہلے بھارتی کھلاڑی ہیں۔ مردوں کے کلب تھرو ایف- 51 زمرے میں دھرم ویر نے 34 اعشاریہ 2 میٹر فاصلے پر ہتھوڑا پھینک کر طلائی تمغہ جیتا۔ اسی زمرے میں پرنو سورما نے نقرئی تمغہ حاصل کیا۔شارٹ پُٹ ایف 46 زمرے میں سچن کھلاری نے چاندی کا تمغہ جیتا۔ سچن‘ سانگلی ضلع کے کرگنی کا رہائشی ہے۔ انھوں نے 16 اعشاریہ تین دو میٹر فاصلے پر تھرو کرکے نقرئی تمغہ حاصل کیا۔ ان کھیلوں میں بھارت اب تک پانچ طلائی‘ نو نقرئی اور 10کانے کے اس طرح مجموعی طور پر 24 تمغے حاصل کرچکا ہے اور تمغوں کی فہرست میں 13 ویں نمبر پر ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ مہاراشٹر کی خواتین نے ملک کے سامنے استحکام کی نئی مثال رکھی ہے؛ اودگیر کے استحکامِ خواتین اجتماع سے صدرِ جمہوریہ کا خطاب۔ آج نئی دہلی میں قومی اساتذہ ایوارڈز کی تقسیم۔
٭ ایس ٹی ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ؛ ریاستی سرکاری ملازمین کو پنشن کے تین متبادل؛ ہڑتال منسوخ۔
٭ شدید بارش سے متاثرہ علاقوں میں پنچنامے کرنے کی بجائے ضوابط کے مطابق مالی امداد کا وزیرِ زراعت دھننجئے منڈے کا اعلان۔
اور۔۔۔٭ پیرس پیرالمپک کھیلوں میں بھارت کو دو طلائی تمغے؛ سانگلی کے سچن کھلاری نے شاٹ پُٹ میں حاصل کیا نقرئی تمغہ۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment