Saturday, 7 September 2024

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 7/ ستمبر 2024‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 07 September-2024
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ:  ۷/ ستمبر  ۴۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::

    سب سے پہلے خاص خبروں کی سرخیاں:
    ٭    گنیش اُتسو کا آج سے آغاز؛ گن رائے کے استقبال کی ہر طرف تیاریاں۔
    ٭    فلاحی اسکیمات عوام تک پہنچانے کا کام میڈیا کرے: وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے کی اپیل۔
    ٭    رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران مہاراشٹر میں سب سے زیادہ سرمایہ کاری۔
    ٭    دھاراشیو ضلع کے 10  ابتدائی صحت مراکز کو قومی معیار کے درجے کا اعزاز۔
اور۔۔    ٭    پیرس پیرالمپک ٹورنامنٹ کے ہائی جمپ مقابلے میں بھارت کو سونے کا تمغہ۔
***** ***** *****

    اب خبریں تفصیل سے:
    گنیش اُتسو کا آج سے آغاز ہورہا ہے۔ گنیش کی مورتیاں گذشتہ ایک ہفتے سے عوامی گنیش منڈلوں میں پہنچ رہی ہیں جو آج رسمی طور پر نصب کی جائیں گی۔ گن رائے کے استقبال کیلئے گھر گھر مجلسیں منعقد کیے جانے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ ہر طرف گنیش کی مورتیوں کی سجاوٹ‘ پوجا اور نذرانے کیلئے درکار سامان سے بازار سجے ہوئے ہیں اور عقیدت مند انھیں خریدنے کیلئے جوق در جوق آرہے ہیں۔ گنیش کی مورتیاں اور سجاوٹ کا سامان کئی اضلاع میں بچت گروپوں کی جانب سے فروخت کیا جارہا ہے۔ چھترپتی سمبھاجی نگر میں ”اُمید“ کے تحت 183 خواتین بچت گروپوں کی جانب سے تیار کردہ 90 ہزار گنیش مورتیاں فروخت کی گئی، جس سے کم و بیش ایک کروڑ روپؤں کا کاروبار کیا گیا۔
***** ***** *****
    گنیش اُتسو کے موقع پر وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے ریاست کی عوام کو مبارکباد پیش کی ہے۔ وزیرِ اعلیٰ نے اپنے پیغام میں کہا کہ شری گنیش ہمیں فطرت کی عبادت کرنے کا پیغام دیتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ آئیے ہم ماحول کا خیال رکھیں‘ فطرت کے تحفظ کی سرگرمیوں کی حمایت اور کوشش کریں۔
***** ***** *****
    نائب وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا ہے کہ ملک میں کُل غیر ملکی سرمایہ کاری کا 52.46 فیصد حصہ اکیلے مہاراشٹر کو ملا ہے۔ سوشل میڈیا پر ایک پیغام میں کل نائب وزیرِ اعلیٰ نے بتایا کہ رواں مالی سال 2024-25 کی پہلی سہ ماہی میں ریاست میں سب سے زیادہ سرکاری کاری ہوئی ہے۔ ماہِ اپریل تا جون کے دوران مجموعی طورپر 70ہزار 795 کروڑ روپؤں کی سرمایہ کاری کی گئی۔ پھڑنویس نے بتایا کہ اس معاملے میں کرناٹک دوسرے مقام پر ہے‘ جہاں 19ہزار 59 کروڑ‘ جبکہ دہلی میں 10 ہزار 778 کروڑ کی سرمایہ کاری کی گئی۔
***** ***** *****
    اسی بیچ نائب وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے وضاحت کی ہے کہ وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے مہایوتی حکومت کے سربراہ ہیں اور ان ہی کی قیادت میں اسمبلی چناؤ لڑا جائیگا۔ وہ کل ناگپور میں اخباری نمائندوں سے بات کررہے تھے۔ انھوں نے بتایا کہ وزیرِ اعلیٰ کا چہرہ طئے کرنے کا اختیار انھیں نہیں ہے‘ اس کا فیصلہ بی جے پی کا پارلیمانی بورڈ‘ وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے اور نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار اجتماعی طور پر کریں گے۔ پھڑنویس نے مزید بتایا کہ وزیرِ اعلیٰ عہدے کے امیدوار کا تعین انتخابات سے پہلے یا بعد میں طئے کرنے کا اختیار انھیں کو ہے۔ انھوں نے واضح کیا کہ مہایوتی میں وزیرِ اعلیٰ عہدے کے حوالے سے کوئی غیر یقینی صورتحال نہیں ہے۔
***** ***** *****
    نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار نے یقین دلایا ہے کہ ریاستی حکومت قبائلی بردری کے ساتھ کبھی ناانصافی نہیں ہونے دیگی۔ انھوں نے بتایا کہ حکومت نے اس سماج کیلئے 15 ہزار 360 کروڑ روپئے مختص کیے ہیں۔ نائب وزیرِ اعلیٰ کل گڈچرولی ضلع کے آلاپلّی میں راشٹروادی کانگریس پارٹی کی جانب سے منعقدہ جن سمّان یاترا میں بول رہے تھے۔ اس موقع پر انھوں نے حکومت کی جانب سے مختلف سماجوں اور خواتین و اطفال کی ترقی کیلئے نافذ کی گئی مختلف اسکیمات کی معلومات دیں۔ انھوں نے وضاحت کی کہ بھارت کے دستور کو کوئی بدل نہیں سکتا۔
***** ***** *****
    وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے کہا ہے کہ میڈیا کو عوام کی فلاح و بہبود کی اسکیمات لوگوں تک پہنچانے کا کام کرنا چاہیے۔ وزیرِ اعلیٰ کے ہاتھوں کل ممبئی میں ”سکاڑ“ میڈیا گروپ کے سیاسی ہفت روزہ کا اجراء عمل میں آیا، جس کے بعد انھوں نے یہ بات کہی۔ انھوں نے کہا کہ خبریں دیتے وقت میڈیا کو دونوں فریق کی حقیقی معلومات جاننی چاہیے اور وہی سچ عوام کے سامنے پیش کرنا چاہیے۔ اس موقع پر وزیرِ اعلیٰ شندے نے حکومت کی مختلف اسکیمات کی معلومات بھی دی۔
***** ***** *****
    محصول‘ حیوانات کی بقاء اور دودھ کے کاروبار کی ترقی کے ریاستی وزیر رادھا کرشن وِکھے پاٹل نے کہا ہے کہ پنچایت سمیتی کی عمارتیں دیہی ترقی کے مراکز ہیں اور ترقی کے ان مندروں کے تقدس کو برقرار رکھنا ہر ایک کی ذمہ داری ہے۔ وزیرِ موصوف کل احمدنگر ضلع کے راہتہ میں پنچایت سمیتی کی نئی انتظامی عمارت کے افتتاح کے موقع پر بول رہے تھے۔ پاٹل نے کہا کہ حکومت ریاست کی ترقی کیلئے کوشاں ہے اور اس کا مقصد مختلف فلاحی اسکیمات کے ذریعے خواتین کی زندگی میں ایک نئی صبح لانا ہے۔ اس موقع پر رکنِ کونسل پنکجا منڈے‘ آتوش کالے، ضلع پریشد کے سی ای او آشیش پریکر‘ احمد نگر ضلع وسطی امدادِ باہمی بینک کے چیئرمین شیواجی راؤ کرڈیلے اور دیگر معززین موجود تھے۔
***** ***** *****
    کانگریس پارٹی کے ریاستی انچارج رمیش چینی تھلا نے بتایا کہ پارٹی نے آئندہ اسمبلی انتخابات کیلئے ریاست میں اب تک 172 حلقوں کا جائزہ لیا ہے اور تمام حلقوں کا جائزہ آئندہ 25  ستمبر تک مکمل کرلیا جائیگا۔ وہ کل ممبئی میں ایک اخباری کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔
    اسی بیچ کانگریس کے ریاستی صدر نانا پٹولے نے ریاستی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مرکزی وزراء تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں سیلاب کا معائنہ کرنے جارہے ہیں اور ان ریاستوں کی مدد کیلئے زراعت اور خزانہ کے مرکزی وزراء کوشش کررہے ہیں‘لیکن مہاراشٹر کے سیلاب متاثرین پر کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے۔
***** ***** *****
    راشٹروادی کانگریس شردپوار گروپ کی رہنماء رکنِ پارلیمان سپریہ سولے نے حکومت کی اسکیم ”وزیرِ اعلیٰ میری لاڈلی بہن“ پر نکتہ چینی کی ہے۔ موصوفہ کل ممبئی میں صحافیوں سے بات کررہی تھیں۔ انھوں نے کہا کہ یہ اسکیم صرف سیاسی روٹیاں سینکنے کیلئے ہے۔
***** ***** *****
    ممبئی عدالت ِ عالیہ نے سابق کارپوریٹر ابھیشیک گھوسالکر کے قتل کی تفتیش مرکزی تحقیقاتی ادارے سی بی آئی کو سونپی ہے۔ گذشتہ ماہِ فروری میں فیس بک لائیو کے دوران گولی مار کر ان کا قتل کردیا گیا تھا۔
***** ***** *****
    وزیرِ اعلیٰ شمسی توانائی زرعی چینل اسکیم کے دوسرے مرحلے کے تحت کسانوں کو دِن کے وقت بغیر کسی خلل کے بجلی فراہمی کیلئے ریاست میں نو ہزار 200 میگا واٹ کے سولار پاور پلانٹس لگائے جارہے ہیں۔ اس منصوبے کی وجہ سے ایک ہزار 753 کسانوں کو دن کے وقت بجلی کی فراہمی ہوگی۔ مہاوِترن کے چیئرمین اور انتظامی ڈائریکٹر لوکیش چندرا نے کہا کہ پروجیکٹ کے تحت مکمل صلاحیت کو مرحلہ وار دسمبر 2025 تک نافذ کیا جائیگا۔
***** ***** *****
    چیف منسٹر یوتھ ورک ٹریننگ اسکیم کے تحت ناندیڑ ضلع میں اب تک ایک ہزار767 نوجوانوں کو مختلف اداروں میں تعینات کیا گیاہے۔ ضلع کے کلکٹر ابھیجیت راؤت نے ضلع کے دیگر اداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ ویب سائٹ پر مطلوبہ افرادی قوت کی مانگ درج کریں اور امیدواروں کو تقرری خطوط جاری کریں۔
***** ***** *****
    دھاراشیو ضلع کے دس ابتدائی صحت مراکز کو قومی معیار کی درجہ بندی میں جگہ ملی ہے۔ اس موقع پر ضلع صحت افسر ڈاکٹر ستیش ہری داس نے کہا کہ دھاراشیو ریاست کا واحد ضلع بن گیا ہے، جس کے دس صحت مراکز نے ایک ہی وقت میں قومی معیار کی درجہ بندی میں مقام حاصل کیا ہے۔
***** ***** *****
    گجرات میں منعقدہ یونکس سن رائز ویسٹ ریجنل بین ریاستی بیڈمنٹن مقابلے کے خواتین ڈبلز زمرے میں چھترپتی سمبھاجی نگر کی سونالی مرکھیلکر نے سونے کا تمغہ جیتا ہے‘ جبکہ وہ مکسڈ اوپن زمرے میں رنراپ رہی ہیں۔ یہ مقابلے چار تا چھ ستمبر کے دوران منعقد کیے گئے۔ سونالی‘ چھترپتی سمبھاجی نگر کے جواہر لال نہرو کالج کی طالبہ ہے۔
***** ***** *****
    بیڑ ضلع کے چھ اسمبلی حلقوں میں کُل 21 لاکھ 97 ہزار 830 رائے دہندگان ہیں۔ ضلع کی حتمی ووٹرس لسٹ جاری کردی گئی ہے۔ اس کے مطابق 11لاکھ 58 ہزا 998 مرد رائے دہندگان‘ 10 لاکھ 38ہزار 809 خواتین اور 23 خواجہ سرا ووٹرس ہیں۔
***** ***** *****
    ناندیڑ ضلع میں غیر قانونی کاروبار پر لگام کسنے کیلئے شروع کیے گئے فلش آؤٹ آپریشن کے تحت کنوٹ پولس نے کل 13 لاکھ 80 ہزار روپؤں کا گٹکا ضبط کیا ہے۔ اس کارروائی میں مجموعی طور پر اب تک 20 لاکھ 38ہزار روپئے مالیت کا سامان ضبط کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
    بھارت کے پروین کمار نے کل پیرس پیرالمپک کھیلوں کے ہائی جمپ مقابلے میں سونے کا تمغہ حاصل کیا ہے۔ ان کھیلوں میں بھارت کا یہ چھٹا طلائی تمغہ ہے۔ وہیں مردوں کے شارٹ پُٹ ایف-57 ایونٹ میں ناگالینڈ کے ہوکاٹو ہوتے جے سیما نے کل کانسے کا تمغہ جیتا۔ فی الحال بھارت ان کھیلوں میں سونے کے چھ، چاندی کے نو اور کانسے کے 12 تمغوں سمیت کُل 27 تمغے جیت کر میڈل ٹیلی میں 17 ویں مقام پر ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
    آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
    ٭    گنیش اُتسو کا آج سے آغاز؛ گن رائے کے استقبال کی ہر طرف تیاریاں۔
    ٭    فلاحی اسکیمات عوام تک پہنچانے کا کام میڈیا کرے: وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے کی اپیل۔
    ٭    رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران مہاراشٹر میں سب سے زیادہ سرمایہ کاری۔
    ٭    دھاراشیو ضلع کے 10  ابتدائی صحت مراکز کو قومی معیار کے درجے کا اعزاز۔
اور۔۔    ٭    پیرس پیرالمپک ٹورنامنٹ کے ہائی جمپ مقابلے میں بھارت کو سونے کا تمغہ۔
***** ***** *****

No comments:

Text - आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर - दिनांक 01.05.2026 रोजीचे दुपारी 01.00 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date - 01 May 2026 Time 01.00 to 01.05 PM Language Marathi आकाशवाणी छत्र...