Monday, 25 November 2024

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 25 نومبر 2024‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chatrapati Sambhajinagar

Date: 25 November-2024

Time: 09:00-09:10 am

آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر

علاقائی خبریں

تاریخ:  ۲۵؍ نومبر ۲۰۲۴ء؁

وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹

***** ***** *****

::::: سرخیاں::::::

پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:

٭ پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس آج سے آغاز ہوگا؛ کسی بھی موضوع پر بحث کیلئے تیار ہونے کی حکومت کی یقین دہانی۔

٭ ترقی یافتہ بھارت کی تعمیر میں نوجوانوں کا کردار اہم - ’’من کی بات‘‘ پر وگرام میں وزیر اعظم کا اظہا رِ خیال۔

٭    خواتین پر تشدد کے خلاف آج سے مرکزی حکومت کی ’’اب کوئی بہانہ نہیں‘‘ مہم کا آغاز۔

٭    اسمبلی کے انتخابات کے نتائج ریاستی گورنر کو پیش؛ حکومت سازی کی کوششیں تیز۔

اور۔۔۔٭ بارڈر - گاوسکر کپ کرکٹ ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ پر بھارت کی گرفت مضبوط ۔

***** ***** *****

اب خبریں تفصیل سے:

  پارلیمنٹ کا سرمائی اجلاس آج سے شروع ہو رہا ہے۔ یہ اجلاس آئندہ ماہ 20 دسمبر تک جاری رہے گا اور 26 نومبر کو یوم آئین کے موقع پر ایوان میں کام کاج نہیں ہو گا۔ 

دریں اثنا، اجلاس سے قبل کل حکومت کی جانب سے طلب کردہ کُل جماعتی اجلاس کے بعد پارلیمانی امور کے وزیر کرین رجیجو نے کہا کہ حکومت سرمائی اجلاس میں کسی بھی موضوع پر بحث کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے حزبِ مخالف جماعتوں سے دور انِ اجلاس لوک سبھا اور راجیہ سبھا کا کام بلاتعطل چلانے کیلئے تعاون کرنے کی اپیل کی۔ وزیرِ دفاع راج ناتھ سنگھ کی سربر اہی میں یہ کُل جماعتی اجلاس منعقد ہوا۔

***** ***** *****

ترقی یافتہ بھارت کی تعمیر میں نوجوانوں کا کردار اہم ہونے کا اظہا ر وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کیا ہے ۔ آکاشو انی کے پروگرام ’’من کی بات‘‘  میں وہ گذشتہ روز اظہارِ خیال کر رہے تھے۔ اس پروگرام کی 116ویں قسط گذشتہ رو ز نشرکی گئی۔

وزیرِ اعظم نے آئندہ 12 جنوری کو سوامی ویویکانند کے 162 ویں یوم پیدائش کے موقعے پر منائے جانے والے ’’یومِ نوجواں‘‘کی مناسبت سے 11 اور 12 جنوری کو بھارت منڈپم میں ’’ بھارت ینگ لیڈرس ڈائیلاگ‘‘ تصور کے تحت نوجوانوں کا میلہ منعقد کرنے کا اعلان بھی کیا۔

وزیر اعظم مودی نے کہا کہ ملک کی دیہی تاریخ کو محفوظ کرنے کیلئے ایک ڈائریکٹری تیار کرنے کی کوششیں جاری ہیں اور زمانۂ قدیم میں بھارت کی بحری سفر کرنے کی صلاحیت سے متعلق شواہد کو محفوظ کرنے کیلئے بھی ایک مہم شروع کی گئی ہے۔ انہوں نے شہریوں سے ان کے پاس تحریری یا تاریخی دستاویز ہونے پر اسے قومی محکمۂ آثارِ قد یمہ کی مدد سے محفوظ کر نے کی اپیل بھی کی۔

***** ***** *****

مرکزی حکومت ‘خواتین پرتشدد کے خلاف آج سے قومی سطح پر ’’ اب کوئی بہانہ نہیں‘‘ مہم شروع کر رہی ہے۔ اس مہم کے تحت شہریوں سمیت سرکاری اداروں اور دیگر شعبوں کو خواتین پر تشدد کی رو ک تھام کیلئے ضروری اقدامات کرنے کا پیغام دیا جائے گا۔ بہبودیِ خواتین و اطفال محکمہ اور دیہی ترقیات وزارت کی جانب سے چلائی جارہی اس مہم کے تحت آج دہلی میں منعقد ہونے والے ایک پروگرام میں ’’اب کوئی بہانہ نہیں‘‘ کے موضوع پر ایک فلم بھی دکھائی جائے گی۔

***** ***** *****

اسمبلی کے عام انتخابات کے معلّنہ نتائج کا نوٹیفکیشن، منتخبہ اراکین کی فہرست اور گزٹ کی ایک نقل کل ریاستی گورنر سی پی رادھا کرشنن کو پیش کی گئی۔ مرکزی انتخابی کمیشن کے نائب انتخابی کمشنر ہِردیش کمار اور ریاستی انتخابی افسر ایس۔ چوکّ لنگم نے یہ نوٹیفکیشن کل‘ گورنر کے سپرد کیا۔

***** ***** *****

اس دوران ریاست میں حکومت سازی کی ہلچل تیز ہوچکی ہے۔ نئے وزیر اعلیٰ کے نام کو قطعیت دینے سے پہلے گزشتہ روز مہایوتی کی تینوں حلیف جماعتوں نے قانون ساز کونسل کے اپنے اپنے ار اکین کا علیحدہ علیحدہ اجلاس منعقد کیا۔

راشٹروادی کانگریس پارٹی صدر اجیت پوار کی رہائش گاہ پر منعقدہ اجلاس میں اجیت پوار کو پارٹی کا رہنما منتخب کیا گیا۔

***** ***** *****

شیوسینا کے نومنتخبہ ارکانِ اسمبلی کا بھی کل ممبئی میں ایک اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں پارٹی کے تمام فیصلے لینے کا اختیار پارٹی رہنما‘ ایکناتھ شندے کو دینے کا فیصلہ لیا گیا۔ اس موقع پر ایکناتھ شندے نے بتایا کہ حکومت سازی سے متعلق مہایوتی میں شامل تمام پارٹیاں مل کر تبادلۂ خیال کریں گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ اسمبلی انتخابات کیلئے نشستوں کی تقسیم پر مہایوتی میں کوئی اختلاف نہیں تھا، اور حکومت سازی کے معاملے میں بھی محاذ میں کوئی اختلاف نہیں ہے۔

***** ***** *****

دریں اثنا، لاڈلی بہن اسکیم سے مستفید ہونے والی خو اتین نے کل ممبئی میں وزیر اعلیٰ کی سرکاری رہائش گاہ ورشا پرجاکر ایکناتھ شندے کو مبارکباد پیش کی اور ان کا استقبال کیا۔

***** ***** *****

یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں

***** ***** *****

بی جے پی رہنما‘ دیویندر پھڑنویس نے کہا ہے کہ انتخابات میں مہایوتی کی جیت نہ صرف بی جے پی او ر مہایوتی کی جیت ہے بلکہ مہاراشٹر کے ہر شہری کے اعتماد او ر بھروسے کی جیت ہے۔ اس حوالے سے گزشتہ روزجاری کردہ ایک بیان میں انہوں نے عوام کا شکریہ ادا کیا۔ اس خط میں پھڑنویس نے کہا ہے کہ اس کامیابی سے ترقی یافتہ مہاراشٹر کے خواب کو شرمندۂ تعبیر کرنے کی ترغیب ملتی رہے گی۔

***** ***** *****

راشٹروادی کانگریس شرد چندر پوار پارٹی کے صدر شرد پوار نے کہا ہے کہ ر یاستی اسمبلی انتخابات میں ہماری توقعات کے مطابق نتیجہ نہیں آیا ہے۔ وہ کل کراڑ میں انتخابی نتائج کے ضمن میں نامہ نگاروں سے مخاطب تھے۔ انھوں نے الزام عائد کیا کہ اُترپردیش کے وزیرِ اعلیٰ کے ذریعے دئیے گئے بیان کی وجہ سے ووٹوں کا پولرائزیشن ہوا۔ مہایوتی نے عوام کے سا منے مؤـثر طریقے سے اپنا مؤقف پیش کیا، جبکہ ان کے مقابلے ہماری جانب سے تشہیر میں کمی ہوئی۔ پوار نے مزید کہا کہ مہاراشٹر میں منڈل کمیشن ان کی حکومت میں نافذ ہوا تھا‘ لیکن اس کی وجہ سے او بی سی ووٹر ان کیخلاف گئے یہ درست نہیں ہے اور حقیقت میں ووٹر لاڈلی بہن اسکیم سے متاثر ہوئے۔ انھوں نے انتخابی نتائج کو عوام کا فیصلہ بتاتے ہوئے شکست کی وجوہا ت پر غور کرنے کی وضاحت بھی کی۔

***** ***** *****

گوا میں جاری 55ویں بین الاقوامی بھار تی فلم فیسٹیول - IFFI میں ’’کل کے تخلیقی ذہن‘‘ مقابلے کے نتائج کاکل اعلان کیا گیا۔ ٹیم گرین کی تیار کردہ گُلّو نامی فلم نے پانچ لاکھ روپے پر مشتمل بہترین فلم کا ایوارڈ جیتا۔ اسی فلم کے اداکار پشپیندر کمار کو بہترین اداکار کا ایوارڈ حاصل ہوا‘ جبکہ فلم ’’لو فکس سبسکرپشن‘‘ میں شاندار اداکاری کیلئے وشاکھا نائیک کو بہترین اداکارہ کا ایوارڈ دیا گیا۔ ابھرتے ہوئے ہدایت کاروں اور اداکاروں کی حوصلہ افزائی کیلئے شروع کیے گئے اس مقابلے کیلئے 100 نوجوان فنکاروں کا انتخاب کیا گیا تھا او ر ان فنکاروں کواندرونِ 48 گھنٹے دئیے گئے موضوع پر مختصر فلم بنانا تھی۔ 100 فنکاروں کو پانچ گر وپوںمیں تقسیم کیا گیا تھا۔

***** ***** *****

بارڈر - گاوسکر کپ کرکٹ ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ میں بھارت نے آسٹریلیا کو 534 رنز کا ہدف دیا ہے۔ میچ کے چوتھے دن آج آسٹریلیا نے اپنی دوسری اننگز میں 48 رنز پر اپنے چار وکٹ کھودئیے ہیں اور بھارت کو یہ میچ جیتنے کیلئے چھ وکٹوں کی ضرورت ہے، جبکہ آسٹریلیا کو اب بھی 486رنز کی ضرورت ہے۔ جسپریت بمراہ نے دو اور محمد سراج نے د و وکٹ حاصل کیے ہیں۔ اس سے قبل کل بھارت نے اپنی دوسری اننگ 487 رنز پر ڈکلیئر کر دی۔ بھارت کی جانب سےدو سری اننگ میں بلّے باز یشسوی جیسوال نے 161 رنز، ویراٹ کوہلی نے 100 رنز اور کے ایل راہل نے 77 رنز اسکور کیے ۔

***** ***** *****

جھارکھنڈ میں نئی حکومت کی تقریبِ حلف بردار ی آئندہ 28 تاریخ کو ہوگی۔ جھارکھنڈ مکتی مورچہ JMM کے کارگذار صدر ہیمنت سور ین نے ریاست میں حکومت سازی کا دعو یٰ کیا ہے‘ جس کے بعد گو رنر سنتوش کمار گنگوار نے سورین کو نئی حکومت تشکیل کرنے کیلئے مدعو کرنے کی اطلاع سورین نے دی ہے۔ جھارکھنڈ اسمبلی انتخابات میں 81 میں سے 34 نشستیں جھارکھنڈ مکتی مورچہ کو ملی ہیں، جبکہ بی جے پی کو 21 ‘ کانگریس کو 16‘ راشٹریہ جنتا دَل کوچار اور مارکسو ادی لینن وادی کمیونسٹ پارٹی کو دو نشستیں حاصل ہوئی ہیں۔ 

***** ***** *****

عالمی ہفتۂ وراثت کے موقع پر دھاراشیو ضلعے میں فر وغِ سیاحت کمیٹی او ر محکمۂ آثارِ قدیمہ کی جانب سے کل چامر غار میں ہیریٹیج و اک کا انعقاد کیا گیا۔ ضلع سیاحتی کمیٹی کے صدر یووراج نَڑے نے اس موقع پر محبانِ تاریخ کو غارو ں سے متعلق معلومات فراہم کیں۔

چھترپتی سمبھاجی نگر میں عالمی وراثتی ہفتہ کے موقع پر محکمۂ آثارِ قدیمہ ا ور اِنٹیک کی جانب سے کل شہر کے سنہری محل علاقے میں ہیریٹیج واک منعقد کیا گیا۔ محکمۂ آثارِ قدیمہ کی اسسٹنٹ ڈائریکٹر جیا واہانے‘ نے وراثتی ہفتے سے متعلق حاضرین کو معلومات فراہم کیں۔ تار یخ کے مطالعہ نگار سنکیت کلکرنی نے اس علاقے ا ور میوزیم سے متعلق جبکہ آثارِ قدیمہ کے کوآرڈینٹر ڈاکٹر کاماجی ڈَک نے علاقائی میوزیم میں موجود اشیا کی معلومات فراہم کی۔

***** ***** *****

::::: سرخیاں::::::

آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:

٭ پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس آج سے آغاز ہوگا؛ کسی بھی موضوع پر بحث کیلئے تیار ہونے کی حکومت کی یقین دہانی ۔

٭ ترقی یافتہ بھارت کی تعمیر میں نوجوانوں کا کردار اہم - ’’من کی بات‘‘ پر وگرام میں وزیر اعظم کا اظہا رِ خیال۔

٭    خواتین پر تشدد کے خلاف آج سے مرکزی حکومت کی ’’اب کوئی بہانہ نہیں‘‘ مہم کا آغاز۔

٭    اسمبلی کے انتخابات کے نتائج ریاستی گورنر کو پیش؛ حکومت سازی کی کوششیں تیز۔

اور۔۔۔٭ بارڈر - گاوسکر کپ کرکٹ ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ پر بھارت کی گرفت مضبوط ۔

***** ***** *****

No comments: