Wednesday, 27 November 2024

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 27 نومبر 2024‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chatrapati Sambhajinagar

Date: 27 November-2024

Time: 09:00-09:10 am

آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر

علاقائی خبریں

تاریخ:  ۲۷؍ نومبر ۲۰۲۴ء؁

وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹

***** ***** *****

::::: سرخیاں::::::

پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:

٭ آئین ِ ہند ملک میں جمہوری نظام کی بنیاد: صدرِ مملکت درَوپدی مُرمو کا عند یہ؛ملک میں سال بھر چلنے والے ’’آئینی تہوار‘‘ کا آغاز۔

٭   دستورِ ہند شہریوں کیلئے مشعل راہ ہے - وزیر اعظم مود ی کا اظہارِ خیال، ملک کی سلامتی کو چیلنج کرنے والی طاقتوں کو منہ توڑ جواب دینے کے عزم کا اظہار۔

٭ انتخابی کمیشن کی جانب سے رائے دہی او ر رائے شماری کے اعداد و شمار میں فرق ہونے کی خبر وں کی تردید۔

٭ مرکزی بہبو دیِ خواتین و اطفال محکمہ کی جانب سے’’کمسنی کی شادی سے پاک بھارت‘‘ مہم کا آج سے آغاز۔

اور۔۔۔٭ مرکزی حکومت کی جانب سے مہاراشٹر کوسماوی آفات سے نمٹنے کیلئے سو کر وڑ کا فنڈ منظور ۔

***** ***** *****

اب خبریں تفصیل سے:

صدرِ جمہوریہ درَوپدی مُرمو نے کہا ہےکہ ہمارے ملک کا آئین جمہوریت کا ستون ہے اور شہریوں کے انفرادی اور سماجی عزت نفس کو یقینی بنانے کا کام آئین کے ذریعے ہوتا ہے۔ گزشتہ روز یوم آئین کے موقع پر صدرِ مملکت نے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں سے خطاب کیا، اس وقت وہ اظہارِ خیال کر رہی تھیں۔ اس مناسبت سے دستورِ ہند کو تسلیم کرنے کے امرت مہوتسو سال کے موقع پر،’’ 'ہمارا آئین ہمارا فخر‘‘ کے نام سے ایک سال تک چلنے والے تاریخی مہم کا افتتاح کیا گیا۔ صدر مرمو نے کہا کہ ڈاکٹر باباصاحب امبیڈکر نے دستور میں ترقی پسندی اور مساوات کی بنیاد رکھی تھی۔

نائب صدرِ جمہور یہ جگدیپ دھنکھڑ، وزیرِ اعظم نریندر مودی اور لوک سبھا اسپیکر اوم برلا بھی اس تقریب میں موجود تھے۔ اس موقع پر صدر مُرمو کی رہنمائی میں آئین کی تمہید کا اجتماعی مطالعہ کیا گیا۔ دستورِ ہند کے امرت مہوتسو سال کی مناسبت سے 26 نومبر 2025 تک مختلف پروگراموں او ر سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے گا۔

***** ***** *****

دستورِ ہند نے ملک کی ہر توقع اور ضرورت کو پورا کیا ہے اور یہ شہریوں کیلئے مشعلِ راہ بن گیا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے ان خیالات کا اظہار کیا ہے ۔ یوم آئین کے موقع پر گزشتہ روزعدا لت ِ عظمیٰ میں منعقدہ پروگرام سے وزیرِ اعظم مخاطب تھے۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ آئینِ ہند ملک کے حال اور مستقبل کیلئے رہنما ہے، اور گزشتہ 75 سالوں میں آئین نےملک کو درپیش چیلنجز پر قابو پانے کا صحیح راستہ دکھایا ہے۔ انہوں نے ملک کی امن و سلامتی کو چیلنج کرنے والی کسی بھی دہشت گرد تنظیم کو منہ توڑ جواب دینے کے بھارت کے عزم پر زور دیا۔ اس موقع پر وزیر اعظم نےکہا کہ ہر بھارتی شہر ی کا مقصد ملک کو ترقی یافتہ بنانا ہے۔ انھوں نے کہا:

’’آج ہر دیش واسی کا ایک ہی دھئے ہے‘ وِکست بھارت کا نرمان‘ وِکست بھارت کا مطلب ہے‘ جہاں دیش کے ہر ناگرک کو ایک کوالٹی آف لائف مل سکے‘ دِگنٹی آف لائف مل سکے‘ یہ سماجک نیائے‘ سوشل جسٹس کا بھی بہت بڑا مادھیم ہے اور یہ سنو یدھان کی بھی بھائونا ہے۔‘‘

اس موقع پر چیف جسٹس ــ‘سنجیو کھنہ نے کہا کہ بھارت ایک متحرک جمہوریت اور سیاسی قیادت کے طور پر ابھر رہا ہے، اور ملک میں ترقی و تبدیلی میں آئین نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ اس تقریب میں بھار تی عدلیہ کی سالانہ رپورٹ بھی جاری کی گئی۔

***** ***** *****

ریاست بھر میں یومِ دستور مختلف سرگرمیوں کے ذریعے منایا گیا۔ ممبئی میں منترالیہ میں منعقدہ ایک پروگرام میں‘نگراں نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے آئین کی تمہید کا مطالعہ کیا۔ ریاست کے تمام اضلاع میں بھی اجتماعی طور پرآئین کی تمہید کامطالعہ کیا گیا۔

چھترپتی سمبھاجی نگر کے کرا نتی چوک سے بھارتی آئین اعزاز‘ تحفظ کمیٹی کی جانب سے ر یلی کا انعقاد کیا گیا۔ چھترپتی سمبھاجی نگر میونسپل کارپوریشن کے دفتر میں ایڈ یشنل کمشنر رنجیت پاٹل کی موجودگی میں آئین کی تمہید پڑھی گئی۔

دھاراشیو میں ووٹر بیداری کمیٹی کی جانب سے آئین بیداری ر یلی نکالی گئی۔ جیجائو چوک تا ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر چوک تک نکالی گئی اس ر یلی میں عو ام نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔لاتور میں ضلع کلکٹر ورشا ٹھاکر گھوگے کی موجودگی میں آئین کی تمہید پڑھی گئی اور آئین ریلی نکالی گئی۔

ناندیڑ میں گھر گھر آئین بیداری ریلی ا ور ضلع نہرو یوتھ مرکز کی جانب سے آئین اعزاز ریلی اورہنگولی ضلع کے ہیورا پھاٹہ تا کلمنوری موٹر سائیکل ریلی نکالی گئی۔

پربھنی‘ جالنہ اور بیڑ اضلاع کے کئی اسکولوں‘ کالجوں ‘ سرکاری و نیم سرکاری دفا تر اور سماجی تنظیموں کی جانب سے یومِ آئین منایا گیا۔

جالنہ شہر کے JES کالج میں طلبہ کو آئین کا حلف دلایا گیا۔ بیڑ میں ’’اپنے آئین کو پہچانو‘‘ موضوع پر انتخابی نائب ضلع کلکٹر مہندر کمار کامبڑے کا لیکچر ہوا۔

***** ***** *****

انتخابی کمیشن نے ریاست میں حالیہ اسمبلی انتخابات میں رائے دہی اور رائے شماری میں یکسانیت نہ ہونے کے الزام پر مبنی ایک آن لائن نیوز پورٹل کی رپورٹ کو مسترد کر دیا ہے ۔ اس سلسلے میں ریاست کے چیف انتخابی کمشنر ایس چوکّ لنگم نے متعلقہ پورٹل کے مدیران کو روانہ کردہ خط میں اس رپورٹ میں پانچ لاکھ سے زیادہ ووٹوں کی عدم مطابقت کے الزام کو گمراہ کن قرار دیا ہے۔

دریں اثنا، عدالت ِ عظمیٰ نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کی بجائے بیلٹ پیپر پر انتخابات کرانے کا مطالبے پر مبنی مفاد عامہ کی عرضی کو مسترد کر دیا ہے۔ جسٹس وکرم ناتھ اور جسٹس پی بی وراڑے کی بنچ نے مشاہدہ کیا کہ حزبِ اختلاف کی جانب سے ای وی ایم پرسوالا ت انتخابات میں ہار کے بعد ہی اُٹھائے جاتے ہیں۔

***** ***** *****

26-11 کے ممبئی پر دہشت گردانہ حملوں کوکل 16 سال مکمل ہو گئے۔ ممبئی پولس کمشنریٹ میں ریاستی گورنر سی پی رادھا کرشنن، وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے ‘ نائب وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس اور اجیت پوار نے پھول چڑھا کر حملے میں شہید ہونے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ گورنر نے شہداء کے اہل خانہ اور موجودہ و سابق پولس افسران سے ملاقات بھی کی۔

چھترپتی سمبھاجی نگر پولس کمشنر دفتر کی جانب سے اس حملے میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا، جبکہ دیہی پولس سپرنٹنڈنٹ دفتر میں اس واقعہ میں بہادری و شجاعت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک کیلئے جان د ینے والے پولس اہلکاروں کی یاد میں عطیۂ خون کیمپ منعقد کیا گیا۔

***** ***** *****

14ویں اسمبلی کی میعاد ختم ہونے پر وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے گورنر سی پی رادھا کرشنن کو کل اپنا استعفیٰ پیش کر دیا۔ گورنر نےنئی حکومت تشکیل ہونے تک نگراں وزیر اعلیٰ کے طور پر کام کرنے کی ہد ا یت ایکناتھ شندے کو دی ہے۔ دریں اثنا‘ اب نومنتخبہ ارکانِ اسمبلی پر مشتمل 15ویں اسمبلی کی تشکیل اور نئی حکومت کے قیام کا عمل شروع ہوگا۔ تاہم‘نئی حکومت کے قیام کے حوالے سے تاحال کوئی فیصلہ نہیں ہوسکا ہے۔

***** ***** *****

یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں

***** ***** *****

’’کمسنی کی شادی سے پاک بھارت‘‘ مہم آج سے ملک بھر میں شروع ہورہی ہے۔ نئی دہلی میں خواتین و اطفال ترقی محکمے کی وزیر اناپورنا دیوی اس مہم کا آغاز کریں گی، ملک سے کم عمری کی شادی کے رواج کو ختم کرنا اس مہم کا مقصدہے۔ اس مہم کےتحت’’بچوں کی شادی سے پاک بھارت‘‘ پورٹل بھی شروع کیا جائے گا ا ور اس کی معرفت بیداری پھیلانے اور بچوں کی شادی کے واقعات کے بارے میں فوری معلومات حاصل کرنے کا کام کیا جائے گا۔

***** ***** *****

مرکزی حکومت نے مہاراشٹر سمیت 15 ریاستوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات کو کم کرنے اور شہریوں کے تحفظ کا دائرہ وسیع کرنے کیلئے تقریباً ایک ہزار 115 کروڑ 67لاکھ روپئوں کا فنڈ منظو ر کیا ہے۔ مرکزی وزیرِ د اخلہ امت شاہ کی صدارت میں قائم اعلیٰ سطحی کمیٹی نے یہ فیصلہ لیا ہے اور اس کے تحت مہاراشٹر کیلئے سو کرو ڑ روپئوں کا فنڈ منظور کیا ہے۔ اسکے ساتھ ہی تمام ر یاستوں کے عوامی تحفظ کے رضاکاروں کی تربیت اور دائرۂ کار کو بڑھانے کیلئے ایک سو 15 کروڑ 67لاکھ روپئے منظور کیے گئے ہیں۔

***** ***** *****

مرکزی حکومت کی ’’سہکار سے سمردّھی‘‘ اسکیم کے تحت د یہی علاقوں کی مختلف سوسائٹیوں کے توسط سے 500 تا ایک ہزار میٹرک ٹن ذخیرہ کرنے کی گنجائش و الے اناج کے گودام تعمیر کیے جائیں گے۔مرکزی امدادِ باہمی محکمہ، نابارڈ ا ور ر یاستی امدادِ باہمی وزارت کے اشتر اک سے ریاست کے ہر ضلعے میں اس اسکیم پر عمل درآمد کیا جائےگا۔ 

***** ***** *****

پربھنی ضلعے کے مانوت تعلقے میں تجرباتی بنیادو ں پر کیچڑ کے انتظام کے منصوبے کے تحت ’’صاف ستھرا بھار ت مہم‘‘ کے ڈپٹی چیف ایگزیکٹیو آفیسر شیور اج کیندرے نے جائزہ لیا۔ مانوت پنچایت سمیتی کے تعلقوں کی منتخبہ گرام پنچایتوں کا کیندرے نے کل جائزہ لیا۔ کیچڑ کے انتظامات کس طرح ہوں گے اس کیلئے ایک جائزاتی اجلاس منعقد ہوا۔

***** ***** *****

::::: سرخیاں::::::

آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:

٭ آئین ِ ہند ملک میں جمہوری نظام کی بنیاد: صدرِ مملکت درَوپدی مُرمو کا عند یہ؛ملک میں سال بھر چلنے والے ’’آئینی تہوار‘‘ کا آغاز۔

٭   دستورِ ہند شہریوں کیلئے مشعل راہ ہے - وزیر اعظم مود ی کا اظہارِ خیال، ملک کی سلامتی کو چیلنج کرنے والی طاقتوں کو منہ توڑ جواب دینے کے عزم کا اظہار۔

٭ انتخابی کمیشن کی جانب سے رائے دہی او ر رائے شماری کے اعداد و شمار میں فرق ہونے کی خبر وں کی تردید۔

٭ مرکزی بہبو دیِ خواتین و اطفال محکمہ کی جانب سے’’کمسنی کی شادی سے پاک بھارت‘‘ مہم کا آج سے آغاز۔

اور۔۔۔٭ مرکزی حکومت کی جانب سے مہاراشٹر کوسماوی آفات سے نمٹنے کیلئے سو کر وڑ کا فنڈ منظور ۔

***** ***** *****

No comments: