Thursday, 26 December 2024

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 26 دسمبر 2024‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chatrapati Sambhajinagar

Date: 26 December-2024
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۶۲/دسمبر ۴۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ وزیرِ اعظم قومی اعزاز برائے اطفال کی آج نئی دہلی میں صدرِ جمہوریہ کے ہاتھوں تقسیم۔
٭ بہتر طرزِ حکمرانی‘ بی جے پی حکومتوں کی شناخت ہے؛ ملک کے پہلے ندی جوڑنے کے منصوبے کے سنگ ِ بنیاد کی تقریب سے وزیرِ اعظم کا خطاب۔
٭ مرکزی وزیر برائے امدادِ باہمی امیت شاہ کے ذریعے 10 ہزار سے زائد کثیر المقاصد ابتدائی امدادِ باہمی ادارے قوم کو وقف۔
٭ ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی کے مرکزی یوتھ فیسٹیول کا آغاز۔
اور۔۔۔٭ کرسمس کا تہوار ملک بھر میں عقیدت اور جوش و خروش سے منایا گیا۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
وزیرِ اعظم قومی اعزاز برائے اطفال آج صدرِ جمہوریہ دروپدی مُرمو کے ہاتھوں نئی دہلی میں ایک پُروقار تقریب میں تقسیم کیے جائیں گے۔ ثقافت‘ فنون‘ شجاعت‘ اختراع‘ سائنس و ٹکنالوجی‘ سماجی خدمات‘ کھیل اور ماحولیات کے سات مختلف زمروں میں غیر معمولی کارکردگی پر 17 بچوں کیلئے ان ایوارڈز کا اعلان کیا گیا ہے۔ صدرِ جمہوریہ کے ہاتھوں ان ہونہار بچوں میں تمغہ جات اور سپاسنامے تقسیم کیے جائیں گے۔ اعزاز حاصل کرنے والے ان بچوں کے ساتھ وزیرِ اعظم نریندر مودی کی موجودگی میں نئی دہلی میں ملک گیر ویر بال دیوس کا بھی پروگرام منعقد ہوگا۔ اسی پروگرام میں وزیرِ اعظم کے ہاتھوں سُپوشِت گرام پنچایت مہم کا بھی افتتاح عمل میں آئے گا۔
***** ***** *****
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ گڈگورننس ڈے یعنی بہتر طرزِ حکمرانی دِن محض ایک دن کا پروگرام نہیں ہے بلکہ بہتر اُمورِ حکمرانی کی انجام دہی بی جے پی حکومتوں کی شناخت ہے۔ مدھیہ پردیش کے کھجوراہو میں ملک کے پہلے اہم کین-بیتوا ندیوں کو باہم جوڑنے کے منصوبے کا سنگ ِ بنیاد کل رکھا گیا۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں وزیرِ اعظم نے کہا:
”ساتھیو! ہمارے لیے سُشاسن دِیوس صرف ایک دن کا کاریہ کرم بھر نہیں ہے‘ گڈگورننس‘ سُشاسن بھاجپا سرکاروں کی پہچان ہے۔ دیش کی جنتا نے لگاتار تیسری بار کیندر میں بھاجپا کی سرکاری بنائی۔“
سابق وزیرِ اعظم بھارت رَتن آنجہانی اَٹل بہاری واجپائی کے صد سالہ یومِ پیدائش برس کا کل آغاز ہوا۔ اس حوالے سے وزیرِ اعظم نے ایک ڈاک ٹکٹ اور خصوصی سکہ جاری کیا۔
***** ***** *****
دریں اثناء‘ کل صبح دہلی میں واجپائی کی سمادھی پر صدرِ جمہوریہ دروپدی مُرمو‘ نائب صدر جگدیپ دھنکڑ اور وزیرِ اعظم نریندر مودی نے پھول چڑھائے اور اٹل جی کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ مختلف ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ‘ کابینی ارکان‘ واجپائی کی متبنیٰ لڑکی نمیتا بھٹاچاریہ، سمیت کئی اہم شخصیات نے بھی واجپائی کی سمادھی پر پہنچ کر انھیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔
ممبئی میں راج بھون میں گورنر سی پی رادھا کرشنن‘ منترالیہ میں ریاست کے چیف سیکریٹری سجاتا سونک، اور ناگپور میں وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے سرکاری رہائش گاہ رام گری میں اٹل بہاری واجپائی کی تصویر پر پھولوں کا ہار پہناکر انھیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔
چھترپتی سمبھاجی نگر میونسپل کارپوریشن میں بھی واجپائی کی شبیہ پر گلہائے عقیدت پیش کیے گئے۔
***** ***** *****
دھاراشیو میں لوک سیوا سمیتی کے مراٹھواڑہ سطح کے 15 ویں خدماتِ عامہ اعزاز کل ایک تقریب میں تقسیم کیے گئے۔ اعزاز حاصل کرنے والوں میں بیڑ ضلع کے ڈھیکن موہا کے گووردھن دراڑے‘ جالنہ ضلع کے لکھت پمپری کے رام کسن سوڑنکے اور دھاراشیو ضلع کے نلدرگ کے میرا موٹے شامل ہیں۔
***** ***** *****
امدادِ باہمی کے مرکزی وزیر امیت شاہ کے ہاتھوں کل نئی دہلی میں 10 ہزار سے زائد ابتدائی کثیر المقاصد امدادِ باہمی ادارے‘ ڈیری ڈیولپمنٹ اور افزائش ماہی امدادِ باہمی ادارے قوم کو وقف کیے گئے۔ ”سہکار سے سمردّھی تک“ مہم کے تحت نو قائم شدہ ادارے بھی اس میں شامل ہیں۔ نو قائم شدہ اداروں کو رجسٹریشن سرٹیفکیٹ‘ روپئے کسان کریڈٹ کارڈ اور مائیکرو اے ٹی ایم کارڈ بھی امیت شاہ کے ہاتھوں تقسیم کیے گئے۔
لاتور ضلع کلکٹر دفتر میں اسی مناسبت سے ایک خصوصی پروگرام منعقد کیا گیا۔ امدادِ باہمی کے وزیر بابا صاحب پاٹل اس موقع پر موجود تھے۔ اپنے خطاب میں وزیرِ موصوف نے امدادِ باہمی تحریک کے استحکام کیلئے خواتین کی شمولیت کو بڑھانے اور ڈیری کاروبار کو فروغ دینے کی غرض سے مختلف منصوبے چلانے کا اعلان بھی کیا۔
***** ***** *****
وزیرِ اعظم نریندر مودی کے ہاتھوں کل 27 دسمبرکو ”سوامِتو یوجنا“ کا افتتاح ہورہا ہے۔ ملک بھر کے تمام اضلاع میں ضلع کلکٹروں کی ورچول موجودگی میں یہ پروگرام ہوگا۔ بی جے پی کے ریاستی صدر چندر شیکھر باون کُڑے‘ نے ناگپور میں یہ اطلاع دی۔ 50لاکھ سے زائد املاک کارڈ اس پروگرام کے ذریعے تقسیم کیے جائیں گے۔
***** ***** *****
سینماء گھروں میں ملنے والے پاپ کارن پر عائد ہونے والے جی ایس ٹی میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا ہے۔ پیک شدہ غذائی اشیاء پر 12 فیصد اور کھلی فروخت ہونے والی اشیاء پر جی ایس ٹی پانچ فیصد ہے۔ جی ایس ٹی پریشد نے وضاحت کی ہے کہ سینماء گھرو ں میں پاپ کارن کھلے فروخت ہوتے ہیں، اس لیے اس پر پانچ فیصد کی شرح سے جی ایس ٹی عائد ہوتا ہے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا ہے کہ ریاستی حکومت نے آئندہ 100 دِنوں کیلئے اہداف مقرر کیے ہیں اور اِن اہداف کے حصول کا جائزہ لیکر رپورٹ بھی تیار کی جائے گی۔ کل ناگپور میں اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ یہ رپورٹ ذرائع ابلاغ کے سامنے بھی پیش کی جائیگی۔ انھوں نے کہا کہ ہر محکمہ اپنے مقررہ اہداف کے حصول کیلئے کیا کچھ کارکردگی پیش کرتا ہے اس کا جائزہ لیا جائے گا۔ اضلاع کے رابطہ وزراء سے متعلق فیصلہ اتحادی جماعتوں کے ساتھ گفت و شنید کے بعد کیا جائے گا۔ وزیرِ اعلیٰ نے مزید کہا کہ انھوں نے گڈچرولی ضلع کا رابطہ وزیر بننے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
سائبر کرائم‘ توانائی اورلاڑکی بہن اسکیم کا بھی پھڑنویس نے تذکرہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ بیڑ اور پربھنی اضلاع میں پیش آئے واقعات تشویش کُن ہیں‘ اسی لیے ریاستی حکومت کی جانب سے نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار کو ان مقامات کے دورے پر بھیجا گیا تھا۔ انھوں نے تلقین کی کہ ایسے واقعات کو سیاحت کا ذریعہ نہ بنائیں۔ ہر مقام پر وزیرِ اعلیٰ کا پہنچنا ضروری نہیں ہوتا۔
***** ***** *****
مراٹھا ریزرویشن کے رہنماء منوج جرانگے پاٹل نے کل پربھنی میں سومناتھ سوریہ ونشی اور وجئے واکوڑے کے اہلِ خانہ سے ملاقات کی۔ انھوں نے وزیرِ اعلیٰ سے مطالبہ کیا کہ ان واقعات کی باریک بینی سے تحقیقات کروائی جائیں۔
شیوسینا کے ترجمان اور ڈپٹی لیڈر راجو واگھمارے نے کل پربھنی میں سومناتھ سوریہ ونشی اور وجئے واکوڑے کے لواحقین سے ملاقات کرکے اظہارِ تعزیت کیا۔ انھوں نے ترغیب دی کہ بیڑ اورپربھنی کے واقعات کو یکجا نہ کیا جائے۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر کی ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مرٹھواڑہ یونیورسٹی کے مرکزی یوتھ فیسٹیول کا کل سے آغاز ہوا۔ شہر پولس کمشنر پروین پوار کے ہاتھوں اس یوتھ فیسٹیول کا افتتاح عمل میں آیا۔ اس موقع پر معروف فلمی ہدایت کار و اداکار منگیش دیسائی مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے موجود تھے۔ اس سے قبل کل صبح میونسپل کمشنر اور چیف ایڈمنسٹریٹر جی شریکانت اور یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر وجئے پھلاری کی موجودگی میں ریلی بھی نکالی گئی۔ 28 دسمبر تک چلنے والے اس یوتھ فیسٹیول میں چار اضلاع کے 300 کالجوں کے دو ہزار سے زائد فنکار حصہ لے رہے ہیں۔
***** ***** *****
پیغمبر عیسیٰ علیہ السلام کے یومِ پیدائش کے طور پر منایا جانے والا تہوار کرسمس کل ملک بھر میں عقیدت اور جوش و خروش سے منایا گیا۔ چھترپتی سمبھاجی نگر اور اہلیا نگر سمیت مختلف مقامات پر گرجاگھروں میں روشنیاں کی گئیں اور مختلف پروگرام و دعائیہ تقریبات منعقد کی گئیں‘ جن میں عیسائی برادری نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
***** ***** *****
بھارت اور آسٹریلیاء کے مابین رواں بارڈر- گاوسکر ٹیسٹ سیریز کے باکسنگ ڈے ٹسٹ میچ کا آج ملبورن میں آغاز ہوا۔ میزبان آسٹریلیاء نے ٹاس جیت کر پہلے بلّے بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ آخری خبریں موصول ہونے تک آسٹریلیاء نے اپنی پہلی اننگ میں ایک وکٹ کے نقصان پر 154 رن بنالیے تھے۔ عثمان خواجہ اور لابوشین کریز پر موجود ہیں۔
***** ***** *****
لاتور کے آئیکان اسپتال کے ڈاکٹر پرمود گھوگے کو عدالت نے 30 دسمبر تک پولس کی تحویل میں رکھنے کا حکم دیا ہے۔ اپنے ہی اسپتال کے ملازم باڑو ڈونگرے کو مبینہ طورپر قتل کرنے کے الزام میں پولس نے ڈاکٹر گھوگے کو اُتراکھنڈ سے گرفتار کرکے عدالت کے روبرو پیش کیا تھا۔
***** ***** *****
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ وزیرِ اعظم قومی اعزاز برائے اطفال کی آج نئی دہلی میں صدرِ جمہوریہ کے ہاتھوں تقسیم۔
٭ بہتر طرزِ حکمرانی‘ بی جے پی حکومتوں کی شناخت ہے؛ ملک کے پہلے ندی جوڑنے کے منصوبے کے سنگ ِ بنیاد کی تقریب سے وزیرِ اعظم کا خطاب۔
٭ مرکزی وزیر برائے امدادِ باہمی امیت شاہ کے ذریعے 10 ہزار سے زائد کثیر المقاصد ابتدائی امدادِ باہمی ادارے قوم کو وقف۔
٭ ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی کے مرکزی یوتھ فیسٹیول کا آغاز۔
اور۔۔۔٭ کرسمس کا تہوار ملک بھر میں عقیدت اور جوش و خروش سے منایا گیا۔
***** ***** *****

No comments: