Wednesday, 1 January 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: یکم جنوری 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chatrapati Sambhajinagar

Date: 01 January-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: یکم جنوری ۵۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ گذشتہ سال کو الوداع کہتے ہوئے نئے سال کا استقبال جوش و خروش سے کیا گیا۔
٭ ڈرامائی واقعات کے بعد والمک کراڑ کو14 دِنوں کی سی آئی ڈی حراست۔
٭ دسمبر کے مہینے میں ریاست میں غیر قانونی طور پر مقیم 43 بنگلہ دیشی افراد گرفتار۔
٭ کسانوں کو سویا بین کی خریدی کیلئے چھ جنوری تک انداج کرنے کی سہولت۔
٭ شاکمبھری نوراتر تہوار سے قبل تلجا بھوانی کی منچکی نِدرا شروع۔
اور۔۔۔٭ چھترپتی سمبھاجی نگر میں گنٹھے واری ریگولرائزیشن اسکیم میں 31 مارچ تک توسیع۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
گذرے ہوئے سال کو الوداع کہتے ہوئے نئے سال کا استقبال گذشتہ روز ہر طرف جوش و خروش سے کیا گیا۔ نئے سال کیلئے ریاست کے مختلف سیاحتی مقامات پر بھیڑ لگی ہوئی ہے۔ اس کیلئے مقامی انتظامیہ نے تیاریاں کرلی ہیں۔ صدرِ جمہوریہ‘ نائب صدرِ جمہوریہ اور گورنر نے نئے سال کے موقع پر عوام کو مبارکباد دی۔
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے نئے سال کی مبارکباد دیتے ہوئے شہریوں سے یہ عہد لینے کی اپیل کی ہے کہ مہاراشٹر اب رُکے گا نہیں تاکہ ترقی پسند مہاراشٹر کو مزید متحرک بنایا جاسکے۔
اپنے مبارکبادی پیغام میں نائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے کہا کہ نئے سال میں ریاست کے عوام کی خوشحالی کیلئے دوبار نہیں بلکہ تیسری بار کام کرنے کا بھروسہ کیا۔
ممبئی کے گیٹ وے آف انڈیا اور مرین لائن چوپاٹی پر شہریوں نے نئے سال کا استقبال کیا۔ ملک کے مختلف حصوں سے شہری اس نظارے کو دیکھنے کیلئے آئے تھے۔ اس موقع پر پولس نے سخت انتظامات کیے تھے۔
ناسک شہر میں کل شام سوامی میلہ متر منڈل کی جانب سے پنچوٹی کے رام کُنڈ میں روشنائی کی گئی۔ اس کے علاوہ مختلف مندروں پر برقی روشنی کا انتظام کیا گیا۔ نئے سال کے استقبال کے موقع پر انسدادِ اندھی تقلید کمیٹی کی جانب سے شراب نوشی نہ کرنے کا پیغام دینے کیلئے دودھ تقسیم کیا گیا۔ اسی طرح نشہ بندی منچ کی جانب سے نشے کا علامتی پتلہ نذرِ آتش کیا گیا۔
چھترپتی سمبھاجی نگر میں بھی نئے سال کا جوش و خروش دیکھا گیا۔ رات بارہ بجے نوجوانوں نے نئے سال کو خوش آمدید کہا۔ اس موقع پر آتش بازی کی گئی۔
گذشتہ سال کو الوداع کہتے ہوئے گذشتہ روز بیڑ میں نشہ چھڑانے کے تعلق سے ایک ریلی نکالی گئی۔شیوسنگرام کی صدر جیوتی میٹے کی قیادت میں اس ریلی میں طلبہ اور شہریوں نے شرکت کی۔
جالنہ میں نئے سال کے استقبال کے ضمن میں شراب پی کر گاڑی چلانے والوں کی پولس کی جانب سے جانچ کی گئی۔
***** ***** *****
پونے ضلع کے کورے گاؤں بھیما میں آج دو سو ساتواں یومِ شجاعت منایا جارہا ہے۔ کل سے ریاست بھر سے اور بیرون ملک سے امبیڈکر کے پیروکاروں کی ایک بڑی تعداد کورے گاؤں بھیما پہنچی ہے۔ پولس نے سخت حفاظتی انتظامات کیے ہیں۔
***** ***** *****
وِنڈپاور کیس میں تاوان وصولی اور بیڑ کے مسّا جوگ کے سرپنچ سنتوش دیشمکھ کے قتل کے ملزم والمک کراڑ کو کیج عدالت نے 14 دنوں کی حراست کی سزا سنائی ہے۔ کراڑ نے ڈرامائی واقعات کے بعد کل پونے میں سی آئی ڈی کے دفتر میں خودسپردگی کی۔ سی آئی ڈی نے اُسے کل رات کیج عدالت میں پیش کیا۔ ہمارے نمائندے روی اُباڑے نے بتایا کہ والمک کراڑ جس نے کل پونے میں سی آئی ڈی کے روبرو خود سپردگی کی، اُسے سی آئی ڈی نے مکمل چھان بین کے بعد پونے سے کیج لایا۔ ضلع اسپتال میں طبّی معائنے کے بعد اسے کیج عدالت میں پیش کیا گیا، سماعت کے بعد عدالت نے 14 دنوں کی سی آئی ڈی حراست میں بھیج دیا۔
دریں اثناء‘ سی آئی ڈی کے روبرو پیش ہونے سے پہلے کراڑ نے اپنے اوپر لگے تمام الزامات سے انکار کرتے ہوئے خود کا ایک آڈیو جاری کیا، جس میں سنتوش دیشمکھ کے قتل کا معاملہ بھی شامل ہے۔ اس پیغام میں کراڑ نے کہا ہے کہ سیاسی رقابت کی وجہ سے ان کے خلاف الزامات لگائے جارہے ہیں اور اگر وہ پولس کی تفتیش میں قصور وار پائے جاتے ہیں تو وہ عدالت سے ملنے والی سزا بھگتنے کیلئے تیار ہیں۔
***** ***** *****
اس ڈرامائی پیش رفت کے بعد حزبِ اختلاف کی جماعتوں نے تفتیشی نظام کو تنقید کا نشانہ بنا یاہے۔این سی پی شرد چندر پوار پارٹی کے لیڈر رکنِ اسمبلی جتندر اوہاڑ نے کل ممبئی میں صحافتی کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ مسّا جوگ سمیت پربھنی معاملے میں بھی حکومت سے انصاف دلانے کا مطالبہ کیاگیا ہے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
رکنِ پارلیمان سپریہ سُلے نے بھی ممبئی میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پربھنی اور بیڑ دونوں اضلاع کے معاملے میں سیاست نہ کرتے ہوئے دونوں خاندانوں کو انصاف ملنا چاہیے۔ انھوں نے سنتوش دیشمکھ کے قتل معاملے میں وزیرِ اعلیٰ سے انصاف کا مطالبہ کیا۔
رکنِ اسمبلی سریش دھس نے اس معاملے میں کارروائی کرنے پر وزیرِ اعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔ انھوں نے مطالبہ کیا کہ کراڑ کی املاک پر جلد از جلد کارروائی کی جائے۔ ریاست کے وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کی جانب سے دکھائی جلد بازی کی وجہ سے سی آئی ڈی ان کی جائیدادوں کو ضبط کرنے میں بہت سرگرم رہی ہے اور انھیں خودسپردگی پر مجبور کیا ہے۔ ان کی جائیدادوں کو جلد از جلد ضبط کیا جانا چاہیے۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا کہ اس معاملے میں ثبوتوں کی بنیاد پر اگلی کارروائی کی جائیگی۔ وہ کل ممبئی میں صحافیوں سے خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ جس کے خلاف ثبوت ملیں گے ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائیگی۔چاہے کچھ بھی ہوجائے جب تک تمام مجرمین پھندے پر لٹک نہیں جاتے تب تک تمام کارروائی پولس کرے گی۔ جو بھی شواہد ہیں ان کی بنیاد پر کسی کو بھی بخشا نہیں جائے گا۔
دریں اثناء‘ سنتوش دیشمکھ قتل معاملے میں ریاست بھر کی تمام گرام پنچایتوں کا کام کاج کل تک بند رہے گا۔ اس معاملے کے مجرموں کے خلاف سخت کارروائی کیے جانے اور عوامی نمائندوں پر ہونے والے حملوں پر روک لگانے کیلئے سرپنچ تنظیم نے ریاست بھر میں کل سے کام بند احتجاج کا اعلان کیا ہے۔
***** ***** *****
دسمبر کے مہینے ریاست میں غیر قانونی طور پر مقیم 43 بنگلہ دیشی باشندوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ریاستی انسدادِ دہشت گردی اسکواڈ ATS نے چھترپتی سمبھاجی نگر اور ناندیڑ سمیت اکولہ، ناسک اور ممبئی کے وِکرولی علاقے میں کارروائی کی۔ اے ٹی ایس نے اپنے اعلامیہ میں کہا کہ ان میں سے نو لوگوں کو گذشتہ چار دِنوں میں پکڑا گیا ہے۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے سولار زرعی چینل منصوبے کو تیز کرنے کی ہدایت دی ہے۔ وہ گذشتہ روز ممبئی میں اس منصوبے کے ضمن میں منعقدہ جائزاتی اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر پھڑنویس نے ہدایت دی کہ اس معاملے میں رپورٹ 15 دنوں کے اندر وزیرِ اعلیٰ دفتر میں پیش کی جائے اور یہ کہ منصوبہ بروقت مکمل ہو اور کام شروع کردیا جائے۔
***** ***** *****
ریاست میں کسانوں سے سویابین کی خریداری کیلئے اندراج کرنے کی آخری تاریخ 6 جنوری تک بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ مارکیٹنگ وزیر جئے کمار راول نے وزارت کا چارج سنبھالنے کے بعد یہ اطلاع فراہم کی۔ اندراج کی مدت کل ختم ہونے والی تھی۔ راول نے یہ بھی کہا کہ نافیڑ اور NCCF کے ذریعے رجسٹرڈ کسانوں سے سویا بین کی خریداری 12 جنوری تک کی جائیگی۔ ریاست میں اب تک چھ لاکھ 69 ہزار کسانوں نے اندراج کرایا ہے اور تین لاکھ 34 ہزار 331 میٹرک ٹن سویا بین خریدی گئی ہے۔ ریاست میں فی الحال 561 خریدی مراکز ہیں۔
***** ***** *****
تلجا بھوانی ماتا کے شاکمبھری نوراترتہوار سے پہلے کی تقاریب کا کل سے آغاز ہو گیا۔ شام کی پوجا کے بعد، تلجا بھوانی ماتا کو چاندی کے پلنگ پر براجمان کیا گیا۔ آئندہ 7 جنوری کو تلجا بھوانی ماتا کو دوبارہ تخت نشین کیا جائے گا اور شاکمبھری نوراتر تہوارکی شروعات ہوگی،جبکہ 11 جنوری کو شاکمبھری نوراتر تہوار میں اہمیت کی حامل جل یاترا نکالی جائے گی۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر میونسپل کارپوریشن حدود میں گنٹھے واری ریگولرائز اسکیم کی مدت میں آئندہ 31 مارچ تک توسیع کی گئی ہے۔ گنٹھے واری مستقل کرنے کی معیاد کل ختم ہورہی تھی۔ میونسپل انتظامیہ نے گنٹھے واری بستیوں کے املاک مالکان سے مقررہ مدت میں املاک کو قانونی حیثیت دینے سے متعلق درخواست کرنے کی اپیل کی ہے۔ ساتھ ہی گنٹھے واری نہ کروانے والی جائیدادوں پر کارروائی کرنے کا انتباہ دیا گیا ہے۔
***** ***** *****
لاتور شہر میونسپل کارپوریشن کی جانب سے خواتین کیلئے فراہم کی جارہی مفت بس سفر اسکیم کے تحت خواتین کو اسمارٹ کارڈ دئیے جا رہے ہیں۔ اس کیلئے رجسٹریشن کی معیاد میں 10 جنوری تک توسیع کی گئی ہے۔ یہ مدت کل ختم ہورہی تھی۔
***** ***** *****
مہاوترن کے چھترپتی سمبھاجی نگر شہر اور دیہی انتظامیہ کے تحت بجلی صارفین کیلئے تمام سب ڈویژنل دفاتر میں 2 اور 3 جنوری کو برقی بل درستی میلے کا انعقاد کیا گیا ہے۔ یہ بل درستی میلہ صبح دس بجے سے سہ پہر تین بجے کے درمیان منعقد ہوگا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ گذشتہ سال کو الوداع کہتے ہوئے نئے سال کا استقبال جوش و خروش سے کیا گیا۔
٭ ڈرامائی واقعات کے بعد والمک کراڑ کو14 دِنوں کی سی آئی ڈی حراست۔
٭ دسمبر کے مہینے میں ریاست میں غیر قانونی طور پر مقیم 43 بنگلہ دیشی افراد گرفتار۔
٭ کسانوں کو سویا بین کی خریدی کیلئے چھ جنوری تک انداج کرنے کی سہولت۔
٭ شاکمبھری نوراتر تہوار سے قبل تلجا بھوانی کی منچکی نِدرا شروع۔
اور۔۔۔٭ چھترپتی سمبھاجی نگر میں گنٹھے واری ریگولرائزیشن اسکیم میں 31 مارچ تک توسیع۔
***** ***** *****

No comments:

Text-आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर – दिनांक 15.08.2025 रोजीचे सकाळी 11.00 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date 15 August 2025 Time 11.00 to 11.05 AM Language Marathi आकाशवाणी छत्...