Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 01 July-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: یکم جولائی ۵۲۰۲ء
وقت: ۰۰:۹-۰۱:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ اسمبلی کا مانسون اجلاس شروع؛ 57 ہزار پانچ سو نو کروڑ روپؤں کے ضمنی مطالبات پیش۔
٭ گڈس اینڈ سروس ٹیکس کے نظام کو آج آٹھ سال مکمل؛ ٹیکس سے جمع ہونے والی آمدنی گذشتہ پانچ سالوں میں ہوئی دُگنی۔
٭ مجاز صارفین کو آج سے تتکال ٹکٹ بک کرنے کی اجازت؛ لمبی دوری کی ٹرینوں کیلئے ریلوے کرائے میں اضافہ لاگو۔
٭ طویل اور درمیانی فاصلے کے ایس ٹی سفر کیلئے ریزرویشن کرنے والے مسافروں کو ٹکٹ کرایوں میں 15 فیصد رعایت فراہم کرنے کا فیصلہ۔
اور۔۔۔٭ مہاوِترن کی گو -گرین اسکیم چھترپتی سمبھاجی نگر ڈویژن میں پانچ لاکھ کا ہندسہ کیا عبور۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
ریاستی اسمبلی کا مانسون اجلاس کل ممبئی میں شروع ہوا۔ اسمبلی کی کارروائی شروع ہوتے ہی وزیرِ اعلیٰ نے نومنتخبہ وزیر چھگن بھجبل کا ایوان میں تعارف کروایا۔ اس کے بعد مختلف آرڈیننس ایوان کی میز پر رکھے گئے۔ اسمبلی اسپیکر راہل نارویکر نے اعلان کیا کہ دونوں ایوانوں سے منظور شدہ بلوں کو گورنر کی منظوری مل گئی ہے۔ مختلف محکموں کے وزراء نے مختلف سرکاری بل ایوان کے سامنے رکھے۔ نارویکر نے آنجہانی سائنسداں جینت نارڑیکر اور سابق رکنِ اسمبلی روہیداس دیشمکھ کے انتقال پر اسمبلی میں تعزیت کا اظہار کیا، جبکہ قانون ساز کونسل کے چیئرمین پروفیسر رام شندے نے ارون کاکا جگتاپ کا اور ڈاکٹر رام داس آمبٹکر کے انتقال پر تعزیتی تحریک پیش کی، جس کے بعد دونوں ایوانوں کی کارروائی دن بھر کیلئے ملتوی کردی گئی۔
***** ***** *****
نائب وزیرِ اعلیٰ و وزیرِ مالیات و منصوبہ بندی اجیت پوار نے 57 ہزار پانچ سو نو کروڑ 71 لاکھ روپؤں کے ضمنی مطالبات کل اسمبلی میں پیش کیے۔ یہ فنڈز بنیادی طور پر سڑکوں کی ترقی‘ میٹر و خدمات اور آبپاشی جیسے بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کے ساتھ ساتھ کمبھ میلے کی منصوبہ بندی اور نفاذ سمیت مختلف اسکیموں کیلئے استعمال کیے جائیں گے۔
دریں اثناء‘ راشٹروادی کانگریس شرد چندر پوار پارٹی کے جینت پاٹل نے ان ضمنی مطالبات پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس سے ریاست کا خسارہ بڑھے گا۔
***** ***** *****
شیوسینا اُدّھو بالا صاحب ٹھاکرے گروپ کے صدر اُدّھو ٹھاکرے نے زبان کے معاملے پر حکومت پر تنقید کی ہے۔ ٹھاکرے نے کہا کہ مادری زبان سے محبت پارٹی سے بالاترہونی چاہیے۔ وہ صحافیوں سے خطاب کررہے تھے۔ ریاستی حکومت نے زبان کے معاملے پر فیصلہ لینے کیلئے نریندر جادھو کی صدارت میں ایک کمیٹی مقرر کی ہے۔ ٹھاکرے نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت تعلیمی کمیٹی میں ماہرِ معاشیات کی تقرری کرکے مذاق اُڑا رہی ہے۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا ہے کہ ریاستی حکومت صرف مہاراشٹر کے لوگوں اور بھارتی آئین کو جوابدہ ہے۔ کل ممبئی میں صحافیوں سے وہ خطاب کررہے تھے۔
***** ***** *****
اشیاء اور خدمات ٹیکس نظام کو آج آٹھ سال مکمل ہوگئے۔ گذشتہ پانچ سالوں میں گڈس اینڈ سروس ٹیکس کے تحت جمع ہونے والی آمدنی دوگنی ہوگئی ہے۔ سال 2024-25 میں 22 لاکھ 80 ہزار کروڑ روپئے کی ریکارڈ ٹیکس وصولی کی گئی۔ اوسطاً ماہانہ آمدنی ایک لاکھ 84 ہزار کروڑ روپئے تھی۔ 2017 سے نافذ ہونے والے اس نظام نے ٹیکس کی ادائیگی کو آسان بنادیا ہے اور ملک بھر میں اشیاء اور خدمات کا تبادلہ آسان ہوگیا ہے اور ٹیکس دہندگان کی تعداد میں بھی مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور فی الحال ایک کروڑ 50 لاکھ ٹیکس دہندگان ہیں۔
***** ***** *****
پنڈھرپور کے آشاڑھی واری تقریب کیلئے پیٹھن سے نکلی سنت ایکناتھ مہاراج کی پالکھی آج شولاپور ضلعے کے بٹر گاؤں میں ٹھہرنے کے بعد آگے روانہ ہوگی۔ اس پالکھی کا چونتھ دائرہ کوہے دنڈ میں منایا جائے گا۔
***** ***** *****
ریلوے کے وزیر اشونی ویشنو نے ریلوے بورڈ کو ہدایت دی ہے کہ ٹرینوں کیلئے ریزرویشن چارٹ اب ٹرین کی روانگی سے آٹھ گھنٹے پہلے تیار کرلیا جائے۔ اس فیصلے سے ویٹنگ لسٹ میں شامل مسافروں کو سفر کے دیگر اختیارات پر غور کرنے کیلئے کافی وقت ملے گا۔ وزارتِ ریلوے نے کہا ہے کہ آج سے صرف مجاز صارفین کو IRCTC ویب سائٹ اور ایپ پر تتکال ٹکٹ بک کرنے کی اجازت ہوگی۔ اس کے علاوہ تتکال ریزرویشن کیلئے OTP پر مبنی توثیق اس ماہ کے آخر تک نافذ ہوجائے گی۔
دریں اثناء‘ نظرِ ثانی شدہ ریلوے کرایوں کی شرح آج سے نافذ ہورہی ہے۔ 500 کلومیٹر تک کے سفر کرایوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا ہے جبکہ اُس سے آگے کے سفر کرایوں میں کیٹیگری کے لحاظ سے آدھے پیسے سے دو پیسے فی کلو میٹر اضافہ کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
ایس ٹی سے سفر کرنے والے وہ مسافر جو طویل اور درمیانی فاصلے کے سفر کیلئے پیشگی ادائیگی یعنی ریزرویشن کرتے ہیں انھیں آج سے سفری کرایہ میں 15 فیصد رعایت ملے گی۔ مسافر ٹکٹ کاؤنٹر ایس ٹی کی آفیشیل سائٹ سمیت ایپ پر بھی پیشگی ریزرویشن کرسکتے ہیں۔ یہ اسکیم سال بھر جاری رہے گی‘ سوائے دیوالی اور گرمیوں کی چھٹیوں کے۔ تاہم وہ مسافر جنھوں نے مکمل ٹکٹ خریدا ہے اور کوئی رعایت حاصل نہیں کررہے ہیں وہی اس اسکیم سے فائدہ اٹھا سکیں گے اور یہ رعایت اضافی بسوں کیلئے نافذ نہیں رہے گی۔
***** ***** *****
رکنِ اسمبلی دھننجے منڈے نے بیڑ میں ایک دوشیزہ کے ساتھ جنسی زیادتی کے معاملے کی تجربہ کار خاتون پولس افسر کی سربراہی میں خصوصی تحقیقاتی ٹیم سے آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ منڈے نے کل اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس اور نائب وزیر اعلیٰ اور بیڑ کے سرپرست وزیر اجیت پوار سے ملاقات کی۔ بعد ازاں‘ وزیر اعلیٰ نے میڈیا کو بتایا کہ انھوں نے اس سلسلے میں پولس ڈائریکٹر جنرل کو غور و خوض کرنے اور مناسب فیصلہ لینے کی ہدایت دی ہے۔
***** ***** *****
مہاراشٹر ہاؤسنگ اینڈ ایریا ڈیولپمنٹ اتھارٹی-MHADA کے چھترپتی سمبھاجی نگر، بیڑ اور ناسک میں مختلف ہاؤسنگ اسکیموں کے تحت آن لائن کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی کے ذریعے ایک ہزار 418 رہائشی فلیٹوں اور پلاٹوں کی فروخت کیلئے رجسٹریشن اور درخواست دہی کے عمل کا کل سے آغاز ہوا۔ اس میں چھترپتی سمبھاجی نگر ڈویژن میں پردھان منتری آواس یوجنا اربن کے تحت ایک ہزار 148 فلیٹس، MHADA ہاؤسنگ اسکیم کے تحت 164 فلیٹ، اور 20 فیصد جامع اسکیم کے تحت 39 فلیٹ اور پلاٹ شامل ہیں۔
***** ***** *****
بیڑ میں جبری مشقت، انسانی اسمگلنگ اور NALSA اسکیم کے حوالے سے ایک ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ اس ورکشاپ کا افتتاح ضلع اور سیشن عدالت کے چیف جسٹس اور ضلع قانونی خدمات ادارہ کے چیئرمین آنند یاولکر کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ اس موقعے پر اپنے خطاب میں جسٹس یاولکر نے جبری مزدوری جیسے طریقوں کو ختم کرنے کی ضرورت کا اظہار کیا اور بتایا کہ ادارہ نے گزشتہ سال ایک خصوصی سیل کے ذریعے 28 جبری مزدوروں کو رہا کیا ہے اور ان کی بازآبادکاری کا کام جاری ہے۔
***** ***** *****
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر میں برسرِ خدمات اسسٹنٹ انجینئر ارون سنگھ ٹھاکر تقریباً 36 سال کی خدمات کی انجام دہی کے بعد گذشتہ روز سبکدوش ہو گئے۔ انھوں نے اس طویل عرصے کے دوران ممبئی، دمن اور چھترپتی سمبھاجی نگر میں خدمات انجام دیں۔ ٹھاکر کے ساتھ پرکاش ویڑنجکر اور وجئے سونونے بھی کل آکاشوانی کی ملازمت سے سبکدوش ہو گئے۔ چھترپتی سمبھاجی نگر کے آکاشوانی مرکز میں منعقدہ ایک سادہ سی تقریب میں تینوں کوحسنِ خدمات پر سبکدوشی کے ضمن میں وداعیہ دیا گیا۔
***** ***** *****
بجلی کے بلوں کیلئے پرنٹیڈ کاغذ کا استعمال بند کر کے صرف ’ای میل‘اور ’شارٹ میسج سروس‘ (SMS) کے متبادل کا انتخاب کرکے مہاوترن کی گو-گرین اسکیم سے استفادہ کرنے والے صارفین کی تعداد پانچ لاکھ تک جاپہنچی ہے۔ ان صارفین کو ان کے بجلی کے بلوں میں ماہانہ 10 روپے کی رعایت دی جارہی ہے۔ ان تمام پانچ لاکھ تین ہزار 795 بجلی صارفین کو مجموعی طور پر چھ کروڑ چار لاکھ 55 ہزار روپے سالانہ کا فائدہ ہو رہا ہے۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر میونسپل کارپوریشن نے جالنہ روڈ‘ پیٹھن روڈ اور بیڑ بائے پاس اور پڑے گاؤں‘ مٹمٹہ روڈ پر موجودہ غیر مجاز تعمیرات کو ہٹانے کیلئے 15 اگست 2025 تک مہلت دی ہے۔ جن شہریوں نے 31 دسمبر2020 سے پہلے غیر مجاز تعمیرات کررکھی ہیں ان کیلئے گنٹھے واری کو ریگولرائز کرنے کا ایک خصوصی موقع بھی فراہم کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ اسمبلی کا مانسون اجلاس شروع؛ ایس ٹی پانچ سو نو کروڑ روپؤں کے ضمنی مطالبات پیش۔
٭ گڈس اینڈ سروس ٹیکس کے نظام کو آج آٹھ سال مکمل؛ ٹیکس سے جمع ہونے والی آمدنی گذشتہ پانچ سالوں میں ہوئی دُگنی۔
٭ مجاز صارفین کو آج سے تتکال ٹکٹ بک کرنے کی اجازت؛ لمبی دوری کی ٹرینوں کیلئے ریلوے کرائے میں اضافہ لاگو۔
٭ طویل اور درمیانی فاصلے کے ایس ٹی سفر کیلئے ریزرویشن کرنے والے مسافروں کو ٹکٹ کرایوں میں 15 فیصد رعایت فراہم کرنے کا فیصلہ۔
اور۔۔۔٭ مہاوِترن کی گو گرین اسکیم چھترپتی سمبھاجی نگر ڈویژن میں پانچ لاکھ کا ہندسہ کیا عبور۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment