Thursday, 3 July 2025

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 03 جولائی 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 03 July-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۳/ جولائی ۵۲۰۲ء؁
وقت: ۰۰:۹-۰۱:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ شہریوں کی اچانک موت اور کووڈ ویکسینیشن کے درمیان کوئی تعلق نہیں ہے: مرکزی حکومت کی جانب سے وضاحت۔
٭ ریاستی حکومت کا منشیات کے اسمگلروں کے خلاف مکوکا کے تحت مقدمات درج کرنے کا فیصلہ۔
٭ پولس کی انوکمپا بھرتیوں سے متعلق تمام معاملات مشن موڈ پر حل کیے جائیں گے: وزیرِ اعلیٰ کا اسمبلی میں بیان۔
٭ نجی استعمال کی رجسٹرڈ دو پہیہ کو بائیک ٹیکسی کیلئے مرکز کی اجازت۔
٭ پیٹھن تعلقے کے غیر قانونی ریت نکاسی کی ڈرون کے ذریعے نگرانی کے وزیرِ محصول کے احکامات۔
اور۔۔۔٭ برمنگھم ٹسٹ کے پہلے دِن کے اختتام پر بھارت کے پانچ وکٹ پر 310 رن؛ شبھمن گل کی مسلسل دوسرے ٹسٹ میں سینچری۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
صحت اور خاندانی بہبود کی مرکزی وزارت نے واضح کیا ہے کہ شہریوں کی اچانک اموات اور کووڈ ویکسینیشن کے درمیان کوئی تعلق نہیں ہے۔ مرکزی وزارت ِصحت اور خاندانی بہبود نے کہا کہ یہ انڈین انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل ریسرچ اور نیشنل سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول کے ذریعے کیے گئے ایک تفصیلی مطالعے سے واضح کیا گیا ہے۔ یہ بتاتے ہوئے کہ بھارت میں بنائی گئی کووڈ ویکسین محفوظ ہے ان اداروں کے نتائج میں بتایا گیا ہے کہ بزرگوں کی موت کے پیچھے جینیات‘ طرزِ زندگی اور پہلے سے موجود بیماریاں ہیں۔
***** ***** *****
ریاستی حکومت نے منشیات کے اسمگلروں کے خلاف مکوکا کے تحت مقدمات درج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کل قانون ساز کونسل میں یہ کہا کہ اس سیشن میں اس سلسلے میں ایک بل لایا جائے گا اور اس کے مطابق کارروائی کی جائیگی۔ رکنِ اسمبلی پرینئے پھوکے کے ذریعے کیے گئے ایک سوال کا جواب وزیرِاعلیٰ دے رہے تھے۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ نے قانون ساز کونسل میں وقفہئ سوالات میں کہا کہ پولس افسران کی انوکمپا بھرتی سے متعلق تمام معاملات کو ریاستی حکومت کے 150 روزہ پلان پروگرام کے تحت مشن موڈ پر حل کیا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ ان کی حکومت پولس افسران کی صحت کا مناسب خیال رکھتی ہے اور میڈیکل چیک اَپ‘ کاؤنسلنگ اور آٹھ گھنٹے کام کے اوقات کے معیار پر توجہ دے رہی ہے۔
قانون ساز کونسل کے قائد ِ حزبِ اختلاف امباداس دانوے کے ذریعے اٹھائے گئے سوال پر پولس ملازمین کے مکانات کی حالت کے مسئلے پر جواب دیتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ دیویندرپھڑنویس نے کہا کہ پولس کیلئے بڑی تعداد میں اچھے معیار کے مکانات بنائے گئے ہیں اور اس کام کو مزید وسعت دینے کیلئے ممبئی میں ایک منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
کل قانون ساز اسمبلی کے اجلاس کی کارروائی میں مختلف اُمور پر بحث ہوئی‘ جبکہ کئی موضوعات سے متعلق فیصلے بھی لیے گئے۔
ریاستی وزیر برائے اسکولی تعلیم پنکج بھویر نے قانون ساز کونسل میں وضاحت کی کہ ریاست میں طلبہ کی کم تعداد والے اسکول بند نہیں کیے گئے ہیں اور نہ ہی مستقبل میں بند کیے جائیں گے۔ وہ رکنِ کونسل وکرم کالے کی توجہ دلاؤ تحریک کا جواب دے رہے تھے۔ بھوئیر نے ایوان کو بتایا کہ کم طلباء والے اسکولوں میں برسرِکار اضافی اساتذہ کے دوسرے اسکولوں میں تبادلے کیے جارہے ہیں۔
کانگریس قانون ساز اسمبلی کے قائد وجئے وڑیٹیوار نے وقفہئ سوالات کے دوران مطالبہ کیا کہ ریاست میں آسمانی بجلی گرنے سے ہلاک ہونے والے کسانوں یا کھیت مزدوروں کے خاندانوں کو دی جانے والی چار لاکھ روپے کی امداد کو بڑھا کر دس لاکھ روپے کر دیا جائے۔ اس کے جواب میں ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے وزیر گریش مہاجن نے وزیر اعلی کے ساتھ اس مطالبے پر بات کرنے کا یقین دلایا۔
اسی طرح مارکیٹنگ کے وزیر جئے کمار راول نے قانون ساز اسمبلی میں وقفہئ سوالات کے دوران بتایا کہ کھیتوں میں جا کر کسانوں سے زرعی پیداوار خریدنے والے تاجروں کیلئے متعلقہ زرعی پیداوار مارکیٹ کمیٹی کا لائسنس لازمی قرار دیا جائے گا۔ راول نے مزید کہا کہ کسانوں کے ساتھ دھوکہ دہی کے معاملات کو کم کرنے کیلئے ”زرعی کرائم برانچ“ اور ”زرعی عدالت“ کا قیام حکومت کے زیرِ غور ہے۔
پاتھری کے ایم ایل اے راجیش وِٹیکر نے کل قانون ساز اسمبلی میں پربھنی ضلعے میں بہبودیِ تعمیراتی مزدور شعبے میں گھوٹالے کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ وِٹیکر نے اہل لیکن محروم شہریوں کو کارپوریشن کے فوائد فراہم کرنے کیلئے دیہی سطح پر کیمپ لگانے کا بھی مطالبہ کیا۔
رکنِ اسمبلی ببن راؤ لونیکر نے کل قانون ساز اسمبلی میں ان کے کسانوں سے متعلق مبینہ بیان کو لے کر حزبِ اختلاف کی جماعتوں کے الزامات کا جواب دیا‘ جس پر حزبِ اختلاف اور حکمراں ارکان کی جانب سے زوردار نعرے بازی کی گئی۔ ہنگامہ آرائی کے باعث ایوان کی کارروائی دس منٹ کیلئے ملتوی کرنی پڑی۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
رکنِ اسمبلی منیشا کایندے نے قانون ساز کونسل میں دعویٰ کیا کہ کچھ ملحد اور شہری نکسل تنظیمیں پنڈھرپور کی آشاڑھی واری میں درآئی ہیں اور وارکریوں کو الجھانے کی کوشش کر رہی ہیں۔ جس پر نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے اس سلسلے میں متعلقہ محکمہ کو تحقیقات کا حکم دے دئیے جانے کی اطلاع دی۔
دریں اثنا، گڈچرولی معدنیات شعبے اور ناسک- ترمبکیشور کمبھ میلہ اتھارٹی سے متعلق بل‘ کل قانون ساز اسمبلی نے منظور کیے، جبکہ پرسوں اسمبلی میں منظورکیے گئے نگر پریشد، نگر پنچایت اور صنعتی علاقوں سے متعلق بل، کل قانون ساز کونسل میں منظورکیے گئے۔
***** ***** *****
مرکزی حکومت نے نجی استعمال کے رجسٹرڈ دوپہیہ گاڑیوں کیلئے رائیڈ ہیلنگ ایگری گیٹر ٹیکسی خدمات کی اجازت دی ہے۔ اس کیلئے سڑک ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں کی مرکزی وزارت نے موٹر وہیکل ایگری گیٹر گائیڈ لائنز 2025 کو مطلع کیا ہے۔ تاہم‘ اس خدمات کے حقیقی نفاذ کیلئے متعلقہ ریاستی حکومتوں کی منظوری درکار ہوگی۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر ضلعے کے گوداوری ندی طاس کے پیٹھن تعلقے کے ہیرڈ پوری کے ریت گھاٹ میں بڑے پیمانے پر ہورہی غیر قانونی ریت نکاسی سے متعلق ڈرون نگرانی کرنے کے احکامات وزیرِ محصول چندرشیکھر باون کولے نے دئیے ہیں، جبکہ اس کی رپورٹ دینے کے بھی احکامات دئیے۔ کل اسمبلی میں قانون ساز کونسل کے قائد ِ حزبِ اختلاف امباداس دانوے کے چیمبر میں وہ مخاطب تھے۔ ہیرڈپوری میں دس کشتیوں کی اجازت ہونے کے باوجود 22 کشتیوں کے ذریعے ریت نکاسی کیے جانے سے متعلق سوال دانوے نے کیا تھا۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر کے مرکزی اشیاء و خدمات ٹیکس کمشنریٹ میں ایک جولائی کو جی ایس ٹی کے نفاذ کی آٹھویں سالگرہ منائی گئی۔ چھترپتی سمبھاجی نگر کے دفتر نے مالی سال 2024-25میں چار ہزار 466 کروڑ روپئے کی آمدنی درج کی ہے، جبکہ ٹیکس دہندگان کی تعداد تقریباً 57 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔ اس تقریب میں اعلیٰ ٹیکس دہندگان کو CGST دفتر نے اعزاز سے نوازا۔
***** ***** *****
ناندیڑ ضلع میں محکمہ زراعت کی جانب سے شروع کیے گئے زرعی خدمات مراکز کے معائنے میں کُل 28 زرعی مراکز کے خلاف کارروائی کی گئی ہے کیونکہ کئی مراکز میں بڑے پیمانے پر بے ضابطگیاں پائی گئیں۔ اس کے علاوہ ان مراکز کا بھی خصوصی نوٹس لیا گیا ہے جو فروخت کی اجازت لینے کے باوجود اپنی دکانیں بند رکھتے ہیں۔ ضلع سپرنٹنڈنٹ ایگری کلچر دتّ کمار کلسائیت نے یہ اطلاع دی۔
***** ***** *****
راجرشی شاہو مہاراج سینئر ادبی فنکار اجرت سمان اسکیم کے تحت فنکاروں نے پربھنی میں اہل امیدواروں کی تصدیق کے بعد پرفارم کیا۔ ضلع کلکٹر رگھوناتھ گاؤڑے نے کہا کہ اس اسکیم کے تحت ہر سال ضلع سے 100 فنکاروں کو اعزاز کیلئے منتخب کیا جائے گا۔
***** ***** *****
ناندیڑ ضلع پریشد کے شعبہئ مالیات نے سال 2024-25 کیلئے ضلع پریشد کے پرائمری اساتذہ کے پراویڈنٹ فنڈ اسٹیٹمنٹ کو کمپیوٹرائزڈ کیا ہے۔ اس نئی سہولتی نظام کا افتتاح کل سی ای او اور ضلع پریشد کی ایڈمنسٹریٹر میگھنا کاؤلی نے کیا۔
***** ***** *****
برمنگھم ٹیسٹ کے پہلے دن کے کھیل کے اختتام پر بھارت نے پانچ وکٹ کے نقصان پر 311 رنز بنا لیے ہیں۔ کپتان شبھمن گل نے مسلسل دوسرے ٹیسٹ میں سنچری اسکور کی ہے۔ گِل 114 اور رویندر جڈیجہ 41 رنز پر کھیل رہے ہیں۔ بلّے باز یشسوی جیسوال نے 87 رنز بنائے۔ انگلینڈ کو پانچ میچوں کی سیریز میں صفر- ایک کی برتری حاصل ہے۔
***** ***** *****
ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی کی کچھ کمیٹیاں کالجیس کے معائنے کیلئے روانہ ہوگئی ہیں۔ یہ کمیٹیاں پوسٹ گریجویٹ نصاب کورسیز کے جالنہ، بیڑ، دھاراشیو اضلاع میں واقع یونیورسٹی سے ملحقہ کالجیس میں سہولیات کا معائنہ کریں گی۔کارگذار وائس چانسلر ڈاکٹر والمک سرودے نے بتایا کہ اس معائنہ کی رپورٹیں آئندہ چند دنوں میں موصول ہوں گی، جس کے بعد چھترپتی سمبھاجی نگر ضلعے میں پوسٹ گریجویٹ کالجیس کا معائنہ شروع کیا جائے گا۔
***** ***** *****
ریاست میں آج تھانے، رائے گڑھ اور رتناگیری اضلاع میں بارش کا آرینج الرٹ جاری کیا گیا ہے، جبکہ ممبئی اور پال گھر اضلاع کیلئے آج یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے مراٹھواڑہ میں الگ تھلگ مقامات پر ہلکی سے اوسط درجے کی بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ شہریوں کی اچانک موت اور کووڈ ویکسینیشن کے درمیان کوئی تعلق نہیں ہے: مرکزی حکومت کی جانب سے وضاحت۔
٭ ریاستی حکومت کا منشیات کے اسمگلروں کے خلاف مکوکا کے تحت مقدمات درج کرنے کا فیصلہ۔
٭ پولس کی انوکمپا بھرتیوں سے متعلق تمام معاملات مشن موڈ پر حل کیے جائیں گے: وزیرِ اعلیٰ کا اسمبلی میں بیان۔
٭ نجی استعمال کی رجسٹرڈ دو پہیہ کو بائیک ٹیکسی کیلئے مرکز کی اجازت۔
٭ پیٹھن تعلقے کے غیر قانونی ریت نکاسی کی ڈرون کے ذریعے نگرانی کے وزیرِ محصول کے احکامات۔
اور۔۔۔٭ برمنگھم ٹسٹ کے پہلے دِن کے اختتام پر بھارت کے پانچ وکٹ پر 310 رن؛ شبھمن گل کی مسلسل دوسرے ٹسٹ میں سینچری۔
***** ***** *****

No comments: