Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 04 July-2025
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۴؍ جولائی ۲۰۲۵ء
وقت: ۰۰:۹-۱۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ وزیر اعظم نریندر مودی گھانا کے اعلیٰ ترین شہری ایوارڈ سے سرفراز۔
٭ بارٹی، سارتھی، مہاجیوتی اور آرٹی اداروں میں طلبہ کو ملے گا میرٹ کی بنیاد پر داخلہ - روزگار پر مبنی کورسیز کو حکومت کی ترجیح۔
٭ آئندہ 90 دنوں کے اندر ریاست کے تمام مالز میں فائر سیفٹی سروے کرنے کاوزیرِ صنعت اُدئے سامنت کا اعلان۔
٭ مراٹھواڑہ میں اب تک خریف ہنگام کی 77 فیصد بوائی ؛زرعی کاموںمیں تیزی۔
٭ آشاڑھی واری پر نکلی ہوئی سنتوں کی پالکھیاں پنڈھر پور تعلقےمیں داخل۔
اور۔۔۔٭ برمنگھم کرکٹ ٹیسٹ کے دوسرے دن بھارت کا مؤقف مستحکم، کپتان شبھمن گل نے لگایا دوہرا سینکڑہ۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
وزیر اعظم نریندر مودی کو گھانا کے اعلیٰ ترین شہری اعزاز ’’کمپینین آف دی آرڈر آف دی اسٹار آف گھانا‘‘ سے نوازا گیا ہے۔ گھانا کے صدر جان ڈرامانی مہاما‘ نے کل وزیراعظم کو یہ ایوارڈ پیش کیا۔ ایوارڈ قبول کرنے کے بعد وزیراعظم نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا:
Byte: Prime Minister Narendra Modi
وزیر اعظم نریندر مودی ترینیداد اور ٹوبیگو کے دورے پر ہیں۔
***** ***** *****
بارٹی، سارتھی، مہاجیوتی اور آرٹی جیسے اداروں میں اب طلبہ کو میرٹ کی بنیاد پر مختلف کورسیز میں داخلہ دیا جائے گا اور طلبہ کی تعداد، عام اسکالرشپس، غیر ملکی اسکالرشپس اور داخلے کے عمل کے حوالے سے ایک مشترکہ پالیسی نافذ کی جائے گی۔ کل قانون ساز کونسل میںنائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے یہ جانکاری دی۔ نائب وزیرِ اعلیٰ نے طلباء کو روزگار پر مبنی کورسیز میں داخلہ دئیے جانے کی وضاحت بھی کی۔
***** ***** *****
ریاستی وزیرِ صنعت اُدئے سامنت نے اعلان کیا ہے کہ آئندہ 90 دنوں کے اندر ریاست کے تمام مالز میں آتش فرو انتظامات سے متعلق سروے کرایا جائے گا۔ وہ قانون ساز کونسل میں رکنِ کونسل کُرپال تُمانے کی جانب سے ممبئی کے مختلف مالز میں آتشزدگی کے واقعات میں جانی اور مالی نقصان او ر اس کے پیش نظر کارروائی سے متعلق پوچھے گئے اس سوال کا جواب دے رہے تھے۔ سامنت نے قواعد اور ضوابط پر عمل درآمد نہ کرنے والے مالز کے پانی اور بجلی کے کنکشن منقطع کر دینے کا انتباہ بھی دیا۔
***** ***** *****
ریاستی اسمبلی کے مانسون اجلاس میں کل بھی مختلف اُمور پر بحث کی گئی او ر کئی فیصلے لیے گئے۔
وزیرِ تعلیم دادا بھوسے نے قانون ساز کونسل میں جانکاری دی کہ اسکول نہ جانے والے طلباء کو مرکزی تعلیمی دھارے میں لانے کیلئے ریاست میں 15 جولائی تک ایک خصوصی مہم چلائی جارہی ہے ۔ انھوں نے ایوان کو بتایا کہ ہر طالب علم کے تعلیمی سفر کو آدھار لنکنگ اور اپار آئی ڈی کے ذریعے ٹریک کیا جائے گا۔ بھوسے نے کہا کہ فی الحال ریاست میں 86فیصد طلباء کی معلومات اکٹھی کی جا چکی ہیں اور 95فیصد آدھار لنکنگ مکمل ہو چکی ہے۔ بھوسے نے کہا کہ اب تک ریاست بھر کے اسکولوں میں نو ہزار اعلیٰ تعلیم یافتہ اساتذہ کے تقررات کیے گئے ہیں اور مزید 10 ہزار اساتذہ کی بھرتی کا عمل جاری ہے۔
****
اسی طرح توانائی کی وزیرِ مملکت میگھنا ساکورے بورڈیکر نے ایو ان میں بتایا کہ ریاستی حکومت زرعی پمپس کو دن کے اوقات میں بجلی فراہم کرنے کے مقصد سے شمسی توانائی پر مبنی زرعی پمپ فراہم کرنے کو ترجیح دے رہی ہے۔ تاہم، اگر جغرافیائی حالات کی وجہ سے شمسی پمپس کی فراہمی ممکن نہ ہو تو حکومت اس جگہ پر روایتی زرعی پمپ فراہم کرنے پر غور کرے گی ۔ وہ کل‘ اسمبلی میں سدھیر منگنٹیوار کے ا یک سوال کا جواب دے رہی تھیں۔ بورڈیکر نے بتایا کہ کسانوں کے زرعی پمپوں کو بجلی کا کنکشن فراہم کرنے کیلئے جلد ہی ایک اجلاس لیا جائے گا اور اس سلسلے میں مثبت فیصلہ لیا جائے گا۔
**
وزیرِ محصول چندر شیکھر باونکولے نے قانون ساز کونسل کوجانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ ریت کی حمل و نقل کیلئے 24 گھنٹے اجازت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس کیلئے جی پی ایس نظام اور سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں گے۔ یہ لائسنس مہاکھنیج پورٹل کی معرفت جاری کرنے کی اطلاع بھی باونکولے نے دی۔ وزیرِ محصول نے کہا کہ گھرکل کیلئے پانچ براس ریت کی رائلٹی گھروں تک پہنچائی جاتی ہے، تاہم‘ اس ریت کی حمل و نقل کا خرچ مکان تعمیر کرنے والے کو برداشت کرنا پڑتا ہے، لہٰذا اس حمل و نقل کا خرچ کون برداشت کرے گا، اس سے متعلق اجلاس میں جلد ہی فیصلہ لینے کا تیقن بھی انھوں نے دیا۔
**
صحتِ عامہ کی وزیرِ مملکت میگھنا بورڈیکر نے ریاست میں شادی سے پہلے تھیلیسیمیا کے مرض کے ٹیسٹ کو لازمی کرنے کی جانکاری ایو ان کو دی۔
****
وزیرِ صنعت اُدئے سامنت نے قانون ساز کونسل کو مطلع کیا کہ ریاست میں کچرے کی نکاسی سے متعلق تمام سطحوں پر مسائل کو سامنے رکھتے ہوئے جلد ہی ایک جامع پالیسی نافذ کی جائے گی۔ رکن اسمبلی پرگیا ساتو نے اس سے متعلق سوال کیا تھا۔ سامنت نے بتایا کہ ریاستی حکومت ڈمپنگ گراؤنڈ کے بجائے کچرے سے بجلی پیدا کرنے کا پروجیکٹ قائم کرنے پر غور کر رہی ہے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
پاور گرڈ کارپوریشن آف انڈیا نے تقریباً 12 سال قبل چھترپتی سمبھاجی نگر ضلعے کے آڑگاؤں علاقے میں بجلی کی لائن بچھائی تھی، لیکن کمپنی کی جانب سے اب تک متاثرہ کسانوں کو اس کا معاوضہ ادا نہیں کیا گیا ہے۔ قانون ساز کونسل میں قائد ِ حزب اختلاف امباداس دانوے نے کل توجہ دلائو تحریک کے دوران یہ معاملہ اٹھایا۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ میں اس سال خریف ہنگام میں اب تک تقریباً 77 فیصد ہیکٹر رقبے پر فصلوں کی بوائی ہو چکی ہے۔ یہ اطلاع محکمہ زراعت کی رپورٹ میں دی گئی ہے۔ سب سے زیادہ 88 فیصد بوائی لاتور ضلعے میں اور سب سے کم 64 فیصد بوائی ہنگولی ضلعے میں ہوئی ہے۔ چھترپتی سمبھاجی نگر ضلعے میں 87اعشاریہ 35 فیصد، جالنہ میں تقریباً 70 فیصد، بیڑ ضلعے میں 68، پربھنی میں 71اعشاریہ 35 فیصد، ناندیڑ میں 81فیصد اور دھاراشیو ضلعے میں 83 اعشاریہ 55 فیصد رقبے پر خریف کی بوائی ہوئی ہے۔ جبکہ محکمہ موسمیات نے مراٹھواڑہ میں اب تک اوسط بارش 121 فیصد ریکارڈ کیے جانے کی رپورٹ د ی ہے۔
***** ***** *****
برمنگھم میں جاری اینڈرسن۔ ٹینڈولکر ٹیسٹ سیریز کے دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن کل کھیل روکے جانے تک انگلینڈ نے اپنی پہلی اننگ میں تین وکٹوں پر 77 رنز بنائے تھے۔ بھارت کی جانب سے آکاش دیپ نے دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ بھارتی ٹیم نے پہلی اننگز میں 587 رنزاسکور کیے ہے۔ جس میں کپتان شبھمن گل نے 269 رنز کی شاندار اننگ کھیلی جبکہ رویندر جڈیجہ نے 89 اور واشنگٹن سندر نے 42 رنز بناکر ان کا بہترین ساتھ دیا۔
***** ***** *****
آشاڑھی واری کیلئےنکلی ہوئی سنتوں کی پالکیاں کل پنڈھر پور تعلقے میں د اخل ہوئیں۔ تعلقہ انتظامیہ کی جانب سے تحصیلدار سچن لنگُوٹے نے تمام پالکیوں کا استقبال کیا۔ سنت گیانیشور مہاراج کی پالکی کل شولاپور ضلعے میں ٹھاکر بوا سمادھی میں گول دائرہ سے گزری۔ جس کے بعد سوپان کاکاکی پالکی اور ماؤلی کی پالکی کا ملاپ ہوا۔ دونوں پالکیوں کے ذمہ داران نے ایک دوسرے کو ناریل دیکر عزت افزائی کی۔
سنت تکارام مہاراج کی پالکی کل بورگاؤں سے اپنی منزل ٹونڈلے بونڈلے پہنچی۔ اس موقعے پر پالکی میں شامل تمام وارکریوں نے روایت کے مطابق پنڈھر پور کی جانب دوڑ لگائی ۔ آج یہ پالکی پیراچی کرولی سے اپنی منزل کی جانب گامزن ہوگی۔
جبکہ سنت ایکناتھ مہاراج کی پالکی آج کرکمب سے روانہ ہوگی او ر ہوڑے پر مقام کرنے کے بعد کل دوپہر شیراڈھون میں رنگن تقریب منعقد ہوگی، جس کے بعد یہ پالکی شام کے قریب پنڈھرپور پہنچے گی۔
**
چھترپتی سمبھاجی نگر کے قریب واقع پنڈھرپور میں آشاڑھی ایکادشی کے موقع پر عقیدت مندوں کی متوقع بھیڑ کے پیشِ نظر اس راستے پر ٹریفک کی آمد و رفت سنیچر کی رات سے عارضی طور پر بند کر دی جائے گی، محکمہ پولس کی ٹریفک برانچ نے گاڑی مالکان سے اس دوران متبادل راستے استعمال کرنے کی اپیل کی ہے۔
***** ***** *****
ناندیڑ میں بارٹی کے کانٹریکٹ پر برسرِکار خاتون ضلع پروجیکٹ آفیسر سجاتا مدھوکر پوہرے کو انسدادِ رشوت ستانی دستےنے کل پندرہ ہزار روپے رشوت لیتے ہوئے گرفتار کیا ۔ پوہرے نے شکایت کنندہ کیلئے ذات سرٹیفکیٹ کی تصدیق کرنے کے عوض 30 ہزار روپے کی رشوت طلب کی تھی۔ اس کارروائی کے بعد پوہرے کی تحویل سے ایک موبائل فون سمیت پچاس ہزار روپے نقد برآمد ہوئے۔ ہمارے نمائندے نے بتایا کہ محکمہ انسدادِ رشوت ستانی دستے نے ہڈکو میں واقع ان کے گھر کی تلاشی بھی لی ہے۔
***** ***** *****
ضلع کلکٹر ویویک جانسن نے کل بیڑ میں وزیر اعظم کے تپِ دِق سے پاک بھارت مہم کے تحت ایک اجلاس لیا۔ ضلعے میں تپ دق کے کُل ایک ہزار 239 مریض زیرِ علاج ہیں۔ ان میں سے 350 مریضوں میں نکشے متر کی معرفت تپِ دِق سے صحت یابی کیلئے صحت بخش اشیاء کی کٹس تقسیم کی گئیں۔
***** ***** *****
اہلیانگر ضلعے کے بھنڈاردرا آبی پشتے سے کل سے تقریباً 1800 کیوبک فٹ فی سیکنڈ کی رفتار سے پرورا ندی میں پانی چھوڑا جارہا ہے۔ پانی کے اخراج میں مزید اضافے کے امکان کے پیشِ نظر ندی کے کنارے واقع تمام د یہاتوں اور بستیوں کو خبرداری برتنے کی ہد ایت جاری کی گئی ہے۔
دریں اثنا، محکمۂ موسمیات نے ناسک اور جلگاؤں اضلاع اور مراٹھواڑہ کے چھترپتی سمبھاجی نگر سمیت چند دیگر اضلاع میں کل 5 جولائی سے بارش کا یلو الرٹ جاری کیا ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ وزیر اعظم نریندر مودی گھانا کے اعلیٰ ترین شہری اعزاز سے سرفراز۔
٭ بارٹی، سارتھی، مہاجیوتی اور آرٹی اداروں میں طلبہ کو ملے گا میرٹ کی بنیاد پر داخلہ - روزگار پر مبنی کورسیز حکومت کی ترجیح۔
٭ آئندہ 90 دنوں کے اندر ریاست کے تمام مالز کا فائر سیفٹی سروے کرنے کاوزیرِ صنعت اُدئے سامنت کا اعلان۔
٭ مراٹھواڑہ میں اب تک خریف ہنگام کی 77 فیصد بوائی ؛زرعی کاموںمیں تیزی۔
٭ آشاڑھی واری پر نکلی ہوئی سنتوں کی پالکھیاں پنڈھر پور تعلقےمیں داخل۔
اور۔۔۔٭ برمنگھم کرکٹ ٹیسٹ کے دوسرے دن بھارت کا مؤقف مستحکم، کپتان شبھمن گل نے لگایا دوہرا سینکڑہ۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment